Tag: نشوہ

  • کراچی، نشوہ کے والد اور دارالصحت اسپتال انتظامیہ میں صلح ہوگئی

    کراچی، نشوہ کے والد اور دارالصحت اسپتال انتظامیہ میں صلح ہوگئی

    کراچی: دارالصحت اسپتال انتظامیہ اور نشوہ کے والد کے درمیان صلح نامہ ہوگیا جس کے مطابق اسپتال انتظامیہ ہر سال 50 لاکھ روپے نشوہ ٹرسٹ کو دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں غلط انجکشن سے جاں بحق بچی نشوہ کے والد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال انتظامیہ سے صلح ہوگئی ہے، نجی اسپتال کی انتظامیہ سے تین نکاتی معاہدہ کیا ہے۔

    نشوہ کے والد قیصر علی نے کہا کہ گرفتار ملازمین، مالکان سمیت سب کو اللہ کی رضا کے لیے معاف کرتے ہیں۔

    معاہدہ کے تحت اسپتال انتظامیہ 50 لاکھ روپے سالانہ نشوہ ٹرسٹ میں دے گی، نشوہ ٹرسٹ کی سفارش پر سالانہ دو بچوں کو اسکالر شپ دی جائے گی، نشوہ کے نام سے اسپتال میں بچوں کا وارڈ قائم کیا جائے گا۔

    معاہدے کے مطابق دارالحصت انتظامیہ میڈیا کے سامنے اپنی غفلت کا اعتراف کرے گی۔

    مزید پڑھیں: غلط انجکشن سے متاثر ہونے والی 9 ماہ کی بچی نشوہ زندگی کی بازی ہار گئی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نشوہ نامی بچی دارالصحت اسپتال کی غفلت کی وجہ سے معذور ہوگئی تھی جس کے بعد اُسے علاج کے لیے لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا البتہ وہ جانبر نہ ہوسکی اور دم توڑ گئی۔

    نشوہ کے والد قیصر علی نے اپنی یٹی کی موت کا قصور وار اسپتال انتظامیہ اور مالکان کو ٹہھراتے ہوئے تین مطالبات پیش کیے تھے۔ انہوں نے جوہر چورنگی پر دھرنا بھی دیا تھا البتہ مشیراطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب کی یقین دہانی کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا تھا۔

  • دارالصحت اسپتال انتظامیہ کی عدم گرفتاری پر جوہر موڑ پر دھرنا، مطالبات کی منظوری کا مطالبہ

    دارالصحت اسپتال انتظامیہ کی عدم گرفتاری پر جوہر موڑ پر دھرنا، مطالبات کی منظوری کا مطالبہ

    کراچی: دارالصحت اسپتال کی غفلت کے سبب 9 ماہ کی بچی کی موت اور اسپتال انتظامیہ کی عدم گرفتاری کے خلاف جوہر موڑ پر دھرنا جاری ہے، نشوا کے والد نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق نشوا کے والد نے جوہر موڑ پر دارالصحت اسپتال انتظامیہ کی عدم گرفتاری پر احتجاج میں ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ غفلت پر بااثر افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور انتظامیہ کو گرفتار کیا جائے۔

    قیصر علی نے کہا کہ حکومتی شخصیت نے رابطہ کرکے مثبت پیش رفت کا اشارہ دیا ہے، چاہتے ہیں حکومت کی طرف سے اقدامات کیے جائیں، غیررجسٹرڈ تمام اسپتالوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔

    نشوہ کے والد کا کہنا تھا کہ پورے کراچی میں صرف پانچ اسپتال لائسنس ہولڈر ہیں، چاہتے ہیں کمیشن بنے جو غیررجسٹرڈ اسپتالوں سے باز پرس کرے تاکہ کسی اور کی بچی اس طرح دنیا سے رخصت نہ ہو۔

    مزید پڑھیں: کراچی: ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے ایک اور بچی جاں بحق، ڈاکٹر گرفتار

    واضح رہے کہ آج بھی کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں 8 سال کی بچی نجی کلینک میں ڈاکٹر عدنان کی جانب سے لگائے جانے والے غلط انجیکشن کے سبب انتقال کرگئی۔

    پولیس نے ملزم ڈاکٹر عدنان کو گرفتار کرلیا، جہاں ملزم نے غلط انجیکشن لگانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بچی کے والد گزشتہ رات اس کو میرے کلینک لائے تھے انجیکشن لگانے کے بعد اس کی حالت مزید بگڑی تو میں نے کہا بڑے اسپتال لے جائیں۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ دارالصحت انتظامیہ کی جانب سے غلط انجیکشن لگنے کے سبب 9 ماہ کی بچی نشوہ مفلوج ہوگئی تھی جس کے بعد اسے لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ انتقال کرگئی۔

  • مطالبات نہ مانے توکل سےشہریوں کے ساتھ دھرنا دوں گا، والد نشوہ

    مطالبات نہ مانے توکل سےشہریوں کے ساتھ دھرنا دوں گا، والد نشوہ

    کراچی : نشوہ کے والد قیصر علی نے مطالبہ کیا ہے کہ دارالصحت اسپتال کی انتظامیہ کوگرفتار کرکےنشوہ کیس کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، مطالبات منظورنہ ہوئےتوکل شہریوں کولےکردھرنے پربیٹھ جاؤں گا۔

    تفصیلات کے مطابق نشوہ کے والد قیصر علی اے آر وائی کے پروگرام باخبرسویرامیں گفتگوکرتے ہوئے کہا ہمارامطالبہ ہےدوران تفتیش دارلصحت اسپتال بندکر دیا جائے، تفتیش کے بعد طے کیا جائے کہ اسپتال کوکتنی مدت کا لائسنس دیا جائے۔

    والدنشوہ کا کہنا تھا اسپتال بند کریں تاکہ انتظامیہ کوایک پیغام کی جائے، بغیر لائسنس کے کوئی اسپتال کیسے چلایاجاسکتاہے، لائسنس کے بغیر اسلحہ نہیں رکھا جاسکتا تو اسپتال کیسے چلایا جاسکتاہے۔

    قیصر علی نے کہا ہم پر ہر روز کا ایک دباؤ ہے، 16دن نشوہ کے زیر علاج رہنے سے زیادہ تکلیف اس بیمار نظام سے ہے، مجھے بڑے بڑے ایوانوں میں بیٹھنے والے افراد سے کوئی امید نہیں ہے۔

    معاملےکی عدالتی تحقیقات کی جائے، انتظامیہ کوگرفتارکیاجائےاورتفتیش تک اسپتال بندکیاجائے

    ان کا کہنا تھا دارالصحت اسپتال میں کام کرنے والے ملازمین میرے لیے محترم ہیں، اتنا بیمار نظام ہے کہ مجھے پتہ ہے کہ 3سال سے پہلے کیس کا فیصلہ نہیں آئےگا۔

    نشوہ کے والد نے مطالبہ کیا معاملےکی عدالتی تحقیقات کی جائے، انتظامیہ کوگرفتارکیاجائے اور تفتیش تک اسپتال بندکیا جائے، اپنے مطالبات کےلیےکل سے میں شہریوں سمیت بیٹھ جاؤں گا۔

    قیصرعلی کا کہنا تھا مجھےاطلاع ہے کہ دارالصحت اسپتال کے عامر چشتی کل بلاول ہاؤس میں تھے، میں اپنےمطالبات کے لیے بیٹھ جاؤں گا کسی کونہیں دیکھوں گا، مطالبات کے آگے نہ سندھ اور نہ وفاقی حکومت کودیکھوں گا۔

    مزید پڑھیں :  نشوہ کی موت: وزیر اعلیٰ سندھ نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا حکم دے دیا

    یاد رہے گذشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا حکم دیا تھا ۔

    واضح رہے نوماہ کی نشوہ کودارالصحت اسپتال میں غلط انجکشن لگایا گیا تھا، طبیعت بگڑنےپرنشوہ کولیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا اور کئی روز زندگی اورموت کی جنگ لڑنے والی نشوہ آج خالق حقیقی سے جاملی ، وہ لیاقت نیشنل اسپتال کے آئی سی یو میں ایک ہفتےتک زیرعلاج رہی۔

    اسپتال کے مالک عامر چشتی اور علی فرحان بھی نامزد ملزمان میں شامل ہیں، ان کے علاوہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر شہزاد عالم، چیف میڈیکل آفیسر شرجیل، نرسنگ ہیڈ رضوان اعظمی اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ احمر عباس، ہیڈ آف ایچ آر عرفان اسلم، ہیڈ آفس اسٹاف، ٹرانسپورٹ ولید کے نام بھی شامل ہیں، جب کہ ثوبیہ اور معیز پہلے سے ہی گرفتار ہیں

  • نشوہ کیس پر آواز بلند کرنے کی سزا، اسپتال ملازمین نے اے آر وائی نیوز کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا

    نشوہ کیس پر آواز بلند کرنے کی سزا، اسپتال ملازمین نے اے آر وائی نیوز کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا

    کراچی: انجکشن کے اوور ڈوز سے زندگی سے محروم ہونے والی بچی نشوہ کے کیس پر آواز بلند کرنے پر اسپتال ملازمین نے اے آر وائی نیوز کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نشوہ کیس پر انصاف پر مبنی کارروائی کے لیے آواز بلند کرنے پر دارالصحت اسپتال کی انتظامیہ کے ایما پر ملازمین نے اے آر وائی نیوز کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا۔

    غصے سے بھری ہوئی اسپتال انتظامیہ کی جانب سے نشوہ کیس اٹھانے پر میڈیا نمائندگان کو زد و کوب بھی کیا گیا۔

    غیر تربیت یافتہ عملے کے باعث اسپتال کو سیل کرنے کے فیصلے پر غصے میں آنے والی اسپتال انتظامیہ نے پولیس تفتیش میں بھی مداخلت شروع کر دی ہے، پولیس کی تفتیشی ٹیم نشوہ کیس میں 3 ملازمین کو تھانے بھی لائی۔

    دوسری طرف دارالصحت اسپتال سیل کرنے کے لیے ٹیم پہنچ گئی ہے، ٹیم میں اسسٹنٹ کمشنر، ہیلتھ کیئر کمیشن کے نمائندے اور پولیس شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشوہ کی موت: وزیر اعلیٰ سندھ نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا حکم دے دیا

    نشوہ دارالصحت اسپتال میں انجکشن کے اوورڈوز سے جاں بحق ہوئی تھی، جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا حکم دیا ہے۔

    دریں اثنا، پولیس نے نشوہ کیس کے تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کا فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کے حکم کے بعد کیا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ آئی جی سندھ و دیگر افسران کے ساتھ آج نشوہ کے گھر پہنچے تھے، انھوں نے نشوہ کے والد کو تمام ملزمان کی گرفتاری کا یقین دلایا تھا، وزیر اعلیٰ نے آئی جی کو موقع پر تمام ملزمان کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ننھی نشوہ کی موت : اسپتال پر صرف پانچ لاکھ روپے جرمانہ، دو ملازمین ذمہ دار قرار

    آئی جی سندھ نے کہا کہ قیصر علی نے جن ملزمان کو نامزد کیا ہے انھیں جلد از جلد گرفتار کریں گے۔

    واضح رہے کہ اسپتال کے مالک عامر چشتی اور علی فرحان بھی نامزد ملزمان میں شامل ہیں، ان کے علاوہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر شہزاد عالم، چیف میڈیکل آفیسر شرجیل، نرسنگ ہیڈ رضوان اعظمی اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ احمر عباس، ہیڈ آف ایچ آر عرفان اسلم، ہیڈ آفس اسٹاف، ٹرانسپورٹ ولید کے نام بھی شامل ہیں، جب کہ ثوبیہ اور معیز پہلے سے ہی گرفتار ہیں۔

  • نشوہ کی موت: وزیر اعلیٰ سندھ نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا حکم دے دیا

    نشوہ کی موت: وزیر اعلیٰ سندھ نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا حکم دے دیا

    کراچی: ننھی بچی نشوہ کی موت پر سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے دارالصحت اسپتال کے عملے کی غفلت کے باعث جاں بحق ہونے والی ننھی بچی نشوہ کی موت نے سندھ حکومت کو بڑا اقدام کرنے پر مجبور کر دیا۔

    سندھ حکومت نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو کو ہدایت کر دی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کے حکم پر اسپتال سیل کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، کمشنر کراچی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے حکم پر دارالصحت اسپتال کو سیل کر رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ننھی نشوہ کی موت : اسپتال پر صرف پانچ لاکھ روپے جرمانہ، دو ملازمین ذمہ دار قرار

    کمشنرکراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال سیل کرنے سے متعلق قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، دارالصحت اسپتال کا 80 سے زائد عملہ غیر تربیت یافتہ نکلا ہے، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو اسپتال سیل کرنے کا کہہ دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف دارالصحت اسپتال کا عملہ گرفتاری دینے شارع فیصل تھانے پہنچ گیا، پولیس نے اسپتال کے سینئر پروفیسر رضوان اعظمی سمیت 3 ڈاکٹرز کو حراست میں لے لیا۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج یا کل اسپتال سیل ہو جائے گا، اسپتال میں مسائل موجود ہیں، مجھے رپورٹ بھی مل گئی ہے، اسپتال کو 2 لوگ نہیں چلا سکتے، باقی عملہ غیر تربیت یافتہ ہے۔

  • نوماہ کی کمسن نشوہ کی نمازجنازہ و تدفین، سیاسی رہنما بھی شریک، ہر آنکھ اشکبار

    نوماہ کی کمسن نشوہ کی نمازجنازہ و تدفین، سیاسی رہنما بھی شریک، ہر آنکھ اشکبار

    کراچی : غلط انجکشن لگنے سے جاں بحق ہونے والی نو ماہ کی کمسن نشوہ کو پہلوان گوٹھ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا،نماز جنازہ میں سیاسی رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے دارالصحت اسپتال میں غلط انجکشن لگنے کے باعث مفلوج ہوجانے اور کئی دن زندگی اور موت کی کشمکش میں گزارنے والی نو ماہ کی بچی نشوہ  آج دوران علاج انتقال کرگئی تھی، غلط انجکشن لگنے سے نو ماہ کی نشوا کا 71 فیصد دماغ مفلوج ہوچکا تھا۔

    کمسن نشوہ کو آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کردیا گیا، اس سے قبل متوفیہ نشوہ کی نماز جنازہ گلستان جوہر کی جامعہ مسجد میں ادا کی گئی اس موقع پر مختلف سیاسی رہنماؤں، رشتےداروں سمیت علاقے کی عوام بھی بڑی تعداد میں موجود تھی۔

    نماز جنازہ کے بعد والد ہاتھوں میں اٹھائے ننھی پری کو آخری آرام گاہ تک لےکر گئے، اس موقع پر والد قیصر موت سے لڑتی بیٹی کا حال سناتے ہوئے زارو قطار رو پڑے۔

    نماز جنازہ میں تحریک انصاف کے خرم شیرزمان، پیپلز پارٹی کے سعیدغنی، عاجز دھامرہ، راشدربانی، ایم کیو ایم پاکستان کے عامرخان، خواجہ اظہار الحسن ،آصف حسنین ،یونس بارانی اور شریک ہوئے۔

    اس کے علاوہ اداکار فیصل قریشی، سماجی رہنما جبران ناصر و دیگراہم شخصیات بھی موجود تھیں، ننھی نشوہ کو پہلوان گوٹھ کے مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

    یاد رہے کہ چھ اپریل کو قیصرعلی اپنی نو ماہ کی جڑواں بیٹیوں نشوہ اور عمائشہ کو پیٹ درد کی شکایت پر اسپتال لائے۔ اگلے روزڈسچارج کے وقت نشوہ کو غلط انجکشن لگادیا گیا جس سے اس کا دماغ مفلوج ہوگیا۔

    تیرہ اپریل کو نشوہ کو لیاقت نیشل اسپتال لایا گیا۔ دماغ کا سترفیصد حصہ مفلوج ہوچکا تھا، نو ماہ کی نشوہ نے دو ہفتے زندگی اور موت کی کشمکش میں رہی اور آخر کار ننھی پری یہ جنگ ہار کر سب کو روتا چھوڑ گئی۔

  • نشوہ سے متعلق رپورٹ کل پیش کریں گے: سی ای او سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن

    نشوہ سے متعلق رپورٹ کل پیش کریں گے: سی ای او سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن

    کراچی: سی ای او سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن، منہاج قدوائی کہتے ہیں کہ نشوہ سے متعلق رپورٹ کل پیش کی جائے گی، دارالصحت اسپتال کے سی ای او نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں‌ گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے  کہا کہ اسپتال کو  معیار بہتر کرنے کے لئے وقت دیں گے.

    ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کا قیام 2018 فروری میں ہوا، ہیلتھ کیئر کمیشن کو سندھ بھر سے 50 شکایتیں آئیں، 29 شکایتوں کا ازالہ کیا، 16 پر کام چل رہا ہے، اسپتالوں سے متعلق چار ریگولیٹری اتھارٹی ہیں، جو کام کر رہی ہیں.

    مزید پڑھیں: کراچی: کورنگی میں غلط انجکشن لگنے سے 4 سالہ بچی جاں بحق

    انھوں نے کہا کہ نشوہ سے متعلق رپورٹ حتمی مراحل میں ہے، کل پیش کریں گے، نشوا کو متعلقہ ڈاکٹر کی ہدایت پرنرسنگ اسسٹنٹ نے انجکشن لگایا، غیرتربیت یافتہ اسپتال کے عملے کو فارغ کرنے کی سفارش کریں گے، اسپتال کے معیار کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے.

    انھوں نے کہا کہ 19 سالہ عصمت کیس کاعلم ہے، مگر براہ راست ہمارے پاس نہیں آیا.

    یاد رہے کہ آج شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ایک اور افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جب غلط انجکشن لگنے سے 4 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔

    پولیس حکام نے واقعے میں ملوث نجی کلینک کے ڈاکٹرکوحراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شام کے وقت بچی کوکلینک لایا گیا تھا، ڈاکٹرنے بچی کو سیپوٹیکس کا انجکشن لگایا تھا۔

  • 7 سال پہلے میری والدہ کے ساتھ بھی نشوا جیسا واقعہ پیش آیا تھا: مرتضیٰ وہاب کا انکشاف

    7 سال پہلے میری والدہ کے ساتھ بھی نشوا جیسا واقعہ پیش آیا تھا: مرتضیٰ وہاب کا انکشاف

    کراچی: مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے ننھی بچی نشوا کے معاملے پر کارروائی کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر آج ایکشن نہیں لیا تو کل سب کو بھگتنا پڑے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نشوا معاملے پر کارروائی اس لیے ضروری ہے کہ آئندہ کسی اور کے ساتھ ایسا نہ ہو۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تفتیش اور ہیلتھ کیئر کمیشن رپورٹ کے بعد اسپتال کے خلاف کارروائی کی جائے گی، نشوا کے معاملے پر ایکشن نہ لیا تو کل ہم سب کو بھی بھگتنا پڑے گا۔

    مشیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ نشوا کیس کی مکمل انکوائری کے بعد کارروائی بہت ضروری ہے، 7 سال پہلے میری والدہ کے ساتھ بھی ایسا واقعہ پیش آیا تھا۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ان کی والدہ کے کیس میں بھی ڈاکٹروں اور اسپتال انتظامیہ نے ان کے ساتھ تعاون نہیں کیا تھا، آج موقع ملا ہے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے، تاکہ اقدامات کیے جائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسے واقعات رونما ہونے پر مذمت کرتے ہیں اور بڑی بڑی باتیں کرنے لگ جاتے ہیں، لیکن ان کے روک تھام کے لیے اقدامات نہیں کرتے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشوا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ 2 ہفتوں میں جاری ہوگی: پولیس سرجن

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ نشوا کے والد سے ملے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی خود جا کر ملے تھے، والدین کے مطالبے پر نشوا کو انصاف دلانا چاہتے ہیں، ایک ٹیم وزیر اعلیٰ سندھ نے ہیلتھ کیئر کمیشن کی بنائی تھی، دوسری ٹیم کی یقین دہانی میں کراتا ہوں جو کرمنل تفتیش میں ایف آئی آر کاٹے گی۔

    دریں اثنا، پروگرام بیرسٹر احمد پنسوٹا نے بھی تکنیکی پہلو پر بات کی، انھوں نے کہا کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو قوانین کا پتا ہی نہیں، غفلت کے مرتکب اسپتالوں کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے، قتل بلا سبب کی بہ جائے قتل عمد کی شق عائد ہونی چاہیے۔

    انھوں نے بتایا کہ پاکستان میں ڈاکٹرز پر عملی چیک کا فقدان ہے، یہاں پریکٹشنرز کے خلاف ایکشن کی روایت نہیں، میرے ایک کیس میں عدالت نے فیصلہ دیا تھا، ہیلتھ کیئر کمیشن رپورٹ پر جج نے کیس پولیس کو بھجوایا تھا۔

    بیرسٹر نے کہا کہ ڈاکٹر جو قدم اٹھاتا ہے اسے معلوم ہوتا ہے کہ کیا رد عمل آئے گا، ڈاکٹرز کی غفلت پر سزا تجویز کی جانی چاہیے۔

  • نشوا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ 2 ہفتوں میں جاری ہوگی: پولیس سرجن

    نشوا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ 2 ہفتوں میں جاری ہوگی: پولیس سرجن

    کراچی: پولیس سرجن ڈاکٹر قرار عباسی نے کہا ہے کہ انجکشن لگنے سے جاں بحق ہونے والی بچی نشوا کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے، رپورٹ دو ہفتوں میں جاری ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس سرجن ڈاکٹر قرار عباسی نے نشوا کے پوسٹ مارٹم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پوسٹ مارٹم کی تجویز دی تھی، جس کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ اور سیکریٹری ہیلتھ کے کہنے پر میڈیکل بورڈ بنایا گیا۔

    پولیس سرجن نے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ محفوظ کر لی گئی ہے جسے 2 ہفتوں میں جاری کیا جائے گا۔

    قرار عباسی نے بتایا کہ تمام اجزا کا کیمیکل ایگزامن ڈاؤ میڈیکل یونی ورسٹی سے کرایا جائے گا، ضرورت ہوئی تو چائلڈ اسپیشلسٹ کو بہ طور میڈیکل بورڈ ممبر شامل کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشوا کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء جامعہ مسجد ابن عباس کے ڈی اے میں ادا کی جائے گی

    پولیس سرجن نے کہا کہ بچی کے علاج پر مشتمل تمام ریکارڈ مانگا گیا ہے، تفتیشی افسر سے دارالصحت اور لیاقت نیشنل اسپتال سے علاج کے ریکارڈ کی فراہمی کے لیے کہہ دیا ہے، مکمل رپورٹ دینے سے قبل اسپتالوں کی رپورٹس کا جائزہ لیں گے۔

    خیال رہے کہ ننھی بچی نشوا کی نماز جنازہ اب سے کچھ دیر بعد جامعہ مسجد ابن عباس کے ڈی اے میں ادا کی جائے گی، جب کہ تدفین پہلوان گوٹھ قبرستان میں ہوگی، نشوا کی نماز جنازہ کا وقت پوسٹ مارٹم کی وجہ سے تبدیل کر دیا گیا تھا۔

  • کراچی: نشوہ کے انتقال پر سندھ اسمبلی میں قرارداد اتفاق رائے سے منظور

    کراچی: نشوہ کے انتقال پر سندھ اسمبلی میں قرارداد اتفاق رائے سے منظور

    کراچی: نشوہ کے انتقال پر سندھ اسمبلی میں قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی.

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں پیش کر دہ اس قرارداد کو منظور کر لیا گیا. قرار داد میں ننھی   نشوہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی گئی.

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، اسپتالوں میں غیر ذمہ داری کے باعث لوگ جان سے چلے جاتے ہیں.

    قرارداد کے متن کے مطابق اسپتالوں اور ڈاکٹرزکی مانیٹرنگ بہت ضروری ہے، سندھ حکومت کے متعلقہ محکمے، اسپتالوں کی حالت کب بہتر ہوگی، اب سندھ حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہوجانا چاہیے، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے اقدامات نظر آنے چاہییں.

    نشوہ کے والدین کو احتجاج سے نہیں روک سکتے: وزیر بلدیات سندھ


    وزیر بلدیات سعیدغنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نشوہ کے والدین کو احتجاج سے نہیں روک سکتے، ہم سب کو یقینی بنانا چاہیے کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں.

    سعید غنی نے کہا کہ پولیس افسر بچی کے والد کو ہراساں کررہا تھا، ایسے واقعات پر سیاست نہیں کرنی چاہیے.