Tag: نشے میں دھت مسافر

  • نوجوانوں کی ایئرہوسٹس سے بدتمیزی، کپتان سے الجھ پڑے

    نئی دہلی: بھارت میں دوران پرواز ایئرہوسٹس سے بدتمیزی کرنے والے نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی سے پٹنہ جانے والی پرواز میں تین مسافروں نے ہنگامہ برپا کردیا اور ایئرہوسٹس سے بدتمیزی کرنے لگے جب کپتان نے سمجھانے کی کوشش کی تو اس سے بھی الجھ پڑے۔

    تینوں مسافر نشے میں دھت ہوکر کپتان کو مارنے لگے پرواز کے پٹنہ ایئرپورٹ پر لینڈ کرتے ہی دو مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک مسافر فرار ہوگیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار مسافروں میں نتن اور روہت کمار شامل ہیں جبکہ ان کے ساتھ موجود تیسرا نوجوان پنٹو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، مسافر ایئرپورٹ پر خود کو صحافی ظاہر کرتے رہے تاہم آئی ایس ایف نے انہیں گرفتار کرکے قریبی تھانے منتقل کردیا۔

    آئی ایس ایف کا بتانا ہے کہ دونوں مسافر حاجی پور علاقے کے رہائشی ہیں جبکہ پولیس پنٹو کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی انڈیگو کی پرواز میں نشے میں دھت مسافروں کی جانب سے طیارے کے عملے اور مسافروں کے ساتھ جھگڑے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

  • دورانِ پرواز نشے میں دھت مسافر کی ہلڑ بازی، غیرملکی طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑگئی

    دورانِ پرواز نشے میں دھت مسافر کی ہلڑ بازی، غیرملکی طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑگئی

    کراچی : ترکش ایئرلائن کی تھائی لینڈ جانیوالی پرواز کو نشے میں دھت مسافر کی ہلڑ بازی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق استنبول سے تھائی لینڈ جانیوالی ترکش ایئرلائن کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑگئی۔

    ترکش ایئرلائن استنبول سے تھائی لینڈ کیلئے روانہ ہوئی تھی کہ دوران پرواز نشے میں دھت مسافر نے غل غپاڑہ کیا ، مسافروں کی شکایت پر فضائی میزبان نے کپتان کوصورتحال سے آگاہ کیا۔

    جس کے بعد کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتارا اور کپتان کی شکایت پر سیکیورٹی ادارے نے مسافرکو حراست میں لیکرآف لوڈ کردیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیم مسافر کے الکحل کا ٹیسٹ کرے گی۔

    دوسری جانب ترجمان سی اے اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ترکیہ مسافر طیارہ کراچی ایئرپورٹ اترا مگر یہ ہنگامی لینڈنگ نہیں تھی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پائلٹ نےنشہ میں دھت مسافر کےغل غپاڑہ کرنےپر کراچی لینڈکیا، جہاز مسافرکو آف لوڈ کرنے کے بعد تھائی لینڈ اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگیا۔

    ترجمان سی اے اے نے بتایا کہ مسافر کو ترکیہ ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔