Tag: نصرت بھٹو کالونی

  • کراچی: نالے میں گرنے والے 3 بچے دم توڑ گئے، ایک بچے کی تلاش جاری

    کراچی: نالے میں گرنے والے 3 بچے دم توڑ گئے، ایک بچے کی تلاش جاری

    کراچی: شہرِ قائد کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں افسوس ناک حادثہ پیش آیا، نالے میں گرنے والے تین بچے اسپتال میں دم توڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نصرت بھٹو کالونی میں ایک نالے میں چار بچے گر گئے تھے، جن میں سے تین بچوں کو ریسکیو عملے نے نکال کر تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا تھا۔

    تاہم تینوں بچوں کو کوشش کے با وجود بچایا نہیں جا سکا اور وہ اسپتال میں دم توڑ گئے۔

    دوسری طرف ریسکیو عملہ چوتھے بچے کو تلاش کر رہی ہے، تاہم عملے کے پاس ایمرجنسی لائٹس ہی موجود نہیں ہیں، روشنی نہ ہونے کی وجہ سے تلاش میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    نالے میں گرنے والے چوتھے بچے کی تلاش میڈیا کیمروں کی لائٹس کی مدد سے کی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: جلاد صفت مالکن کا کم سن ملازمہ پر وحشیانہ تشدد

    خیال رہے کہ کراچی میں سیوریج کے نالوں میں آئے دن بچے گرنے کے واقعات رو نما ہو رہے ہیں، جن کے تدارک کے لیے شہری انتظامیہ نے تاحال کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے۔

    ماضی میں ایسے کئی افسوس ناک واقعات رو نما ہوئے جن میں معصوم بچے نالوں میں گرنے کے بعد جاں بحق ہوئے اور اس کی خبریں میڈیا میں بریکنگ نیوز کے طور پر چلائی گئیں لیکن اس کے باوجود ان نالوں کو محفوظ نہیں بنایا گیا۔

  • ڈاکوؤں کی گھر میں گھسنے کی کوشش اہلخانہ نے ناکام بنادی، شہریوں نے اغوا کار پکڑلیا

    ڈاکوؤں کی گھر میں گھسنے کی کوشش اہلخانہ نے ناکام بنادی، شہریوں نے اغوا کار پکڑلیا

    کراچی : نصرت بھٹو کالونی میں ڈاکوؤں نے گھر میں گھسنے کی کوشش کی، اہلخانہ کی مزاحمت پر ڈاکو فرار ہوگئے، لیاقت آباد میں شہریوں نے مبینہ اغوا کار کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں لٹیرے آزاد اور محافظ غائب ہوگئے، شہری اپنا دفاع خود کرنے لگے، لٹیرے اسٹریٹ کرائم کے بعد گھروں میں بھی نقب لگانے لگے۔

    نصرت بھٹو کالونی کی ایک گلی میں خاتون سمیت تین ڈاکوؤں نے پولیو ٹیم کے بہانے سے گھر کا دروازہ کھلوایا اور اندر گھسنے کی کوشش کی، گھر کے اندر سے مزاحمت کی گئی اور ڈاکوؤں کو گھسنےنہیں دیا گیا جس پر وہ فرار ہوگئے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکوؤں کے چہرے واضح طور پر نظر آنے کے باوجود ملزمان پولیس کی پہنچ سے دور ہیں، ذرائع کے مطابق ڈکیت گینگ میں دو خواتین اور چار مرد شامل ہیں، ملزمان واردات کیلئے سفید ہائی روف کا استعمال کرتے ہیں۔

    دوسری جانب گزشتہ رات لیاقت آباد میں شہریوں نے دس سال کے بچے کے اغواء کی کوشش ناکام بنادی۔ بچے کے شور مچانے پر شہریوں نے ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس کے حوالے کردیا۔