Tag: نظر بندی

  • خدیجہ شاہ کی نظر بندی  لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

    خدیجہ شاہ کی نظر بندی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

    لاہور : پی ٹی آئی ایکٹویسٹ خدیجہ شاہ کی نظر بندی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج‌‌‌‌‌‌‌ کردی گئی ، جس میں استدعا کی ہے کہ خدیجہ شاہ کی نظر بندی کے احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی ایکٹویسٹ خدیجہ شاہ کی نظر بندی کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، خدیجہ شاہ کے شوہر نے نظربندی کیخلاف سمیر کھوسہ کےتوسط سےدرخواست دائر کی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خدیجہ شاہ کو ایم پی او تھری کے تحت نظر بند کر دیا گیا، ان کو ایک سے زیادہ مقدمات میں ملوث کیا گیا، ایک مقدمے میں ضمانت ہوتی ہے تو دوسرے میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اب ضمانت ہونے پر نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، خدیجہ شاہ کی نظر بندی کے احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

    یاد رہے ڈپٹی کمشنر لاہور نے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے خدشات کے تحت تحریک انصاف کی کارکن خدیجہ شاہ کو 30 دن کے لیے نظر بند کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے خدیجہ شاہ کو 30 دن کے لیے نظر بند کیا جاتا ہے، خدیجہ شاہ کو ایس پی کینٹ اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس برانچ کی سفارش پر نظر بند کیا گیا۔

  • پرویز الہٰی نے اپنی نظر بندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا

    پرویز الہٰی نے اپنی نظر بندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا

    لاہور : سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی نے اپنی نظر بندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ، جس میں کہا کہ غیرقانونی اقدام کو قانونی ظاہر کرنے کے لئے نظر بندی کاحکم جاری کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی نے تھری ایم پی او کےتحت نظر بندی کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے لاہور ہائیکورٹ نےدرخواست گزارکی دہشتگردی مقدمےمیں حفاظتی ضمانت منظورکی اور کسی بھی نامعلوم،خفیہ مقدمے یا زیر التوا انکوائری میں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دیا لیکن جیل حکام نے روبکار ملنے کے باوجود رہائی کی بجائے غیر قانونی طور پر حبس بیجا میں رکھا ہوا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ غیرقانونی اقدام کو قانونی ظاہر کرنے کےلئے ڈی سی لاہور نے نظر بندی کاحکم جاری کیا جو عدالتی فیصلے پر اثر انداز ہونے کے مترادف ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ڈی سی لاہور کا پرویزالہٰی کو نظر بند کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔

    پرویزالہٰی کی جانب سے درخواست میں ایف آئی اے، نیب، اینٹی کرپشن، آئی جی پنجاب،آئی جی جیل اور ڈی سی لاہور کوفریق بنایا گیا ہے۔

    یاد رہے چوہدری پرویز الہٰی کو تھری ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لیے نظربند کر دیا گیا ہے،اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پرویز الہٰی آئندہ ایک ماہ کیمپ جیل میں رہیں گے، پرویز الہٰی کے خلاف تین مقدمات درج ہیں، وہ پی ٹی آئی کے سرکردہ رہنما ہیں، اس لیے ان سے امن و امان کو نقصان ہو سکتا ہے۔