Tag: نظر کا دھوکا

  • ویڈیو: کیا آپ دوڑتے لوگوں کو دیکھ پائیں گے یا نظر کے دھوکا میں آجائیں گے!

    ویڈیو: کیا آپ دوڑتے لوگوں کو دیکھ پائیں گے یا نظر کے دھوکا میں آجائیں گے!

    بعض دفعہ ہم جیسا دیکھ رہے ہوتے ہیں وہ منظر ویسا نہیں ہوتا بلکہ قدے مختلف ہوتا ہے جسے عرف عام میں نظر کا دھوکا بھی کہتے ہیں۔

    افریقہ میں واقع ملک کینیا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں کچھ افراد کے سائے میدانی ٹریک پر دوڑتے ہوئے نظر آرہے ہیں، نظروں کو دھوکا دینے والی ویڈیو میں حقیقی افراد کو بڑی مشکل سے دیکھا جاسکتا ہے کیوں کہ ان کے سائے ہی حقیقی لگ رہے ہیں۔

    اس سے قبل نیشنل جیوگرافک فوٹو گرافر کرس جونز کی ایک تصویر کافی مشہور ہوئی تھی جس میں انھوں نے بہت اونچائی سے افریقی ملک ڈیجی بوٹی میں صحرا سے گزرتے ہوئے اونٹوں کے سائے کی تصویر کشی کی تھی۔

    اس تصویر میں نظر کے دھوکے کی وجہ سے سائے پر اونٹوں کا گمان ہوتا ہے جب کہ حقیقی اونٹ بہت غور سے دیکھنے پر نظر آتے ہیں۔

    اب کینیا کے ٹمباخ ٹریک کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں کچھ ایتھلیٹ کے سائے دوڑتے ہوئے نظر آرہے ہیں جو کے اصل لگ رہے ہیں جب کہ بغور دیکھنے پر پتا چلتا ہے کہ دوڑنے والے حقیقی افراد کو دیکھنا بڑا مشکل ہے۔

    ایسا تب ہوتا ہے جب سورج افق پر نیچے کی جانب ہوتا ہے تو زمین پر جو بننے والے سائے لمبے نظر آتے ہیں۔ دوسرے لفظوں میں کسی بھی چیز کا سایہ بننے کا دارو مدار اس بات پر ہے کہ سورج کی روشنی اس پر کس زاویے سے پڑ رہی ہے۔

  • زمین میں دھنسی لڑکی نظر کا دھوکا یا حقیقت؟

    زمین میں دھنسی لڑکی نظر کا دھوکا یا حقیقت؟

    زمین میں دھنسی لڑکی کی یہ تصویر محض نظر کا دھوکا ہے یا اس میں کوئی حقیقت بھی ہے؟

    یہ دماغ کو حیران کرنے والا ایک آپٹیکل الیوژن ہے، جس میں دکھائی دیتا ہے کہ کنکریٹ میں لڑکی کمر تک دھنس گئی ہے، جب یہ تصویر انٹرنیٹ پر آئی تھی تو لوگ اسے دیکھ کر حیران رہ گئے تھے۔

    بصری واہموں سے متعلق یقیناً آپ بھی جانتے ہیں، اس تصویر کا تعلق بھی انھی بصری واہموں سے ہے، یعنی تصویر ہوتی کچھ ہے لیکن اس طرح سے کھینچی گئی ہوتی ہے کہ اس میں کچھ اور ہی نظر آتا ہے۔

    ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ اس تصویر میں جو لڑکی نظر آ رہی ہے، اس کی ماں نے یہ کلک کیا ہے، جب انھوں نے اسے ریڈٹ پر پوسٹ کیا تو لوگ دنگ رہ گئے تھے۔

    تصویر میں گلابی لباس میں ملبوس ایک لڑکی نظر آ رہی ہے جو اپنے موبائل میں کچھ دیکھ رہی ہے، اور بہ ظاہر اس کا آدھا جسم کنکریٹ میں دھنسا ہوا ہے۔

    پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے جیسے لڑکی کو فرش میں دفن کر دیا گیا ہو، جس سے اس کا دھڑ اور بازو باہر رہ گئے ہوں، لیکن اس حیران کن تصویر کے لیے ایک معقول وضاحت موجود ہے۔

    ٹھیک ہے، ہم اس میں آپ کی مدد کریں گے۔ لڑکی کو دفن نہیں کیا گیا بلکہ بغور دیکھیں تو پکی منڈیر پر آپ کو یہ لڑکی کہنی رکھے نظر آئے گی، وہ منڈیر پر کہنی رکھ کر موبائل دیکھ رہی ہے، جب کہ باقی جسم نیچے چھپا ہوا ہے۔

  • اس تصویر کو دیکھنے سے آپ چند سیکنڈ کے لیے کلر بلائنڈ ہو جائیں‌ گے

    اس تصویر کو دیکھنے سے آپ چند سیکنڈ کے لیے کلر بلائنڈ ہو جائیں‌ گے

    یہ ایک عجیب و غریب تصویر ہے، جسے کچھ دیر بغور دیکھنے سے آپ چند سیکنڈ کے لیے کلر بلائنڈ ہو جائیں‌ گے۔

    نہیں، پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے، یہ آنکھوں‌ کو کلر بلائنڈ بنانے کا بس نظر کا ایک دھوکا ہے، جو چند لمحوں تک ہی رہتا ہے۔

    اس بصری دھوکے نے دنیا بھر کے لاکھوں ناظرین کو حیرانی میں اپنی آنکھیں مسلنے پر مجبور کیا ہے، انھیں چند لمحوں تک یقین نہیں آیا کہ کیا وہ واقعی ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر میں رنگ دیکھ رہے ہیں۔

    دراصل ٹک ٹاک کے ایک صارف پروفیسر اے ایم ایکس نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انھوں نے ناظرین کی آنکھوں کی صلاحیت کو چیلنج کیا ہے، ٹک ٹاک پر پروفیسر کے 12 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔

    ویڈیو میں پروفیسر نے سب سے پہلے ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر دکھائی، ان کا کہنا تھا کہ یہ انھوں نے ایتھوپیا کے سفر کے دوران لی تھی۔

    اس تصویر کو انھوں نے چند جعلی رنگوں میں دکھایا، اور ہدایت کی میں نے اس تصویر کے درمیان ایک سفید نقطہ لگا دیا ہے، اور آپ نے 20 سیکنڈوں تک اسے گھورنا ہے۔

    اس کا مقصد پروفیسر نے یہ بتایا کہ اس سے آپ کی آنکھوں میں روشنی کے رسیپٹرز کی حساسیت تصویر کے مختلف رنگوں کے ساتھ مانوس ہو جائے گی۔

    اس کے بعد انھوں نے تصویر اصل حالت میں دکھائی، یعنی سیاہ اور سفید رنگوں میں، لیکن یہ کیا ….. چند لمحوں تک آپ کی آنکھوں نے وہی جعلی رنگ دیکھے۔

    پروفیسر نے کہا دراصل آنکھوں میں روشنی کے رسیپٹرز کی حساسیت جب رنگوں کے ساتھ مانوس ہو جاتی ہے، تو دماغ کچھ دیر تک وہی سمجھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ تصویر بدلنے کے بعد بھی رنگ دکھائی دیتے ہیں۔

    یہ کلپ اتنی وائرل ہوئی ہے کہ اسے ٹک ٹاک پر 20 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے لائک کیا ہے۔

  • نظر کا دھوکا یا سچ میں یہ بلیک ہول پھیل رہا ہے؟

    نظر کا دھوکا یا سچ میں یہ بلیک ہول پھیل رہا ہے؟

    بصری وہم میں مبتلا کرنے والی یہ ایک حیرت انگیز تصویر ہے، اسے جیسے ہی آپ دیکھنا شروع کرتے ہیں، یہ پھیلتا ہوا محسوس ہونا شروع ہو جاتا ہے۔

    لیکن یہ اہم سوال ہے کہ کیا یہ نظر کا دھوکا ہے یا سچ میں یہ بلیک ہول پھیل رہا ہے؟ یہ سوال آپ کو، جب آپ اس تصویر کو بہ غور دیکھنا شروع کریں گے، ضرور پریشان کرے گا۔

    یہ ایک نہایت دل چسپ وائرل آپٹیکل الیوژن ہے کیوں کہ اس میں آپ جتنا زیادہ بلیک ہول کو گھوریں گے، یہ اتنا ہی زیادہ آپ کے ذہن کو دھوکا دے گا۔

    ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ اس کینوس پر موجود یہ بلیک ہول بالکل بھی حرکت نہیں کرتا، ظاہر ہے کہ یہ محض ایک غیر متحرک تصویر ہے، اس لیے حرکت کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، لیکن آپ اسے گھورنے لگتے ہیں اور پھر یہ بڑا ہو جاتا ہے۔

    آپ یقین نہیں کریں گے کہ جب ناروے کی یونیورسٹی آف اوسلو اور جاپان کی رِتسومیکان یونیورسٹی کے ماہرین نفسیات نے اس حوالے سے کچھ لوگوں پر یہ ٹیسٹ کیا تو، 86 فی صد افراد نے جواب دیا کہ ہاں بلیک ہول بڑا ہو جاتا ہے۔

    ماہرین نفسیات نے دعویٰ کیا کہ دیکھنے والوں کا خیال ہے کہ پھیلتا ہوا بلیک ہول انسان کو یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ وہ مستقبل دیکھ رہا ہے، ماہرین نے مزید کہا کہ یہ ان کے ‘مستقبل’ کے صرف 100 ملی سیکنڈز کو ظاہر کرتا ہے، یہ انسانی آنکھ سے دماغ کے اونچے حصوں تک معلومات کی پروسیسنگ میں ایک نہایت معمولی پل کی وجہ سے ہوتا ہے۔

  • یہ تصاویر آپ کی شخصیت کا راز بتائیں گی

    یہ تصاویر آپ کی شخصیت کا راز بتائیں گی

    بعض چیزوں کو دیکھنے اور پرکھنے کا رخ ہماری شخصیت کی نشاندہی کرتا ہے، ہم کس چیز کو کس طرح سے دیکھتے ہیں، یہ اس بات کا ثبوت ہوتا ہے کہ ہماری سوچ کیسی ہے۔

    ٹک ٹاک پر ایسی ہی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو آپ کی شخصیت کا راز کھول دے گی۔

    اس ویڈیو میں 3 تصاویر ہیں، پہلی تصویر میں ایک جنگل کا منظر ہے۔

    اگر آپ کو اس تصویر میں سب سے پہلے درخت نظر آتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ اپنی زندگی سے بے حد خوش ہیں، لیکن اگر آپ کو یہاں درخت اور شیر دونوں دکھائی دیے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ ایک محتاط زندگی گزارنے کے عادی ہیں۔

    دوسری تصویر ایک آبشار کی ہے۔

    اگر آپ کو اس تصویر میں موجود پانی میں ایک خاتون نظر آرہی ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ ان دنوں کافی پرجوش ہیں۔

    لیکن اگر آپ کو یہاں جانوروں کے چہرے دکھائی دیے تو اس کا مطلب ہے آپ کچھ غائب دماغ سے ہیں۔

    تیسری تصویر ایک جزیرے کی ہے جس میں درخت، سورج اور پانی میں درختوں کا عکس دکھائی دے رہا ہے۔

    اگر آپ کو اس تصویر میں یہی منظر دکھائی دیا تو اس کا مطلب ہے کہ آپ مثبت خیالات کے حامل ہیں، لیکن اگر آپ کو اس میں گٹار دکھائی دیا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ نئے لوگوں سے آسانی سے گھل مل نہیں سکتے۔

  • مڑی لکیر تلاش کرنے کا چیلنج

    مڑی لکیر تلاش کرنے کا چیلنج

    آج ہم آپ کے لیے ایک اور چیلنج لے کر آئے ہیں، لیکن ہمارا دعویٰ ہے کہ آپ نظر کے دھوکے سے اس بار بچ نہیں پائیں گے، تو بتائیں کہ کیا آپ اس وائرل تصویر میں خمیدہ یعنی مڑی ہوئی لکیر کو دیکھ سکتے ہیں؟

    دراصل سوشل میڈیا پر یہ تصویر وائرل ہو رہی ہے جس نے صارفین کو سر کھجانے کے ساتھ ساتھ تھوڑا چکرا بھی دیا ہے، اس تصویر کو ٹوئٹر پر ‘لارل کونز’ نامی ایک صارف نے پوسٹ کیا ہے اور اس پر کیپشن لکھا: مڑی لکیر تلاش کریں۔

    یہ ٹویٹ 4,500 سے زیادہ لائکس اور 1,100 سے زائد ری ٹویٹس کے ساتھ وائرل ہو چکی ہے، بہت سے صارفین نے اپنے جوابات اور وضاحت کے ساتھ ٹویٹ کا جواب بھی دیا، سابق امریکی باسکٹ بال کھلاڑی ریکس چیپ مین نے بھی اس ٹویٹ کے جواب میں دماغ کو چکرا دینے والی ایموجیز پوسٹ کیں۔

    زیادہ تر صارفین نے اندازہ لگایا کہ اس تصویر میں کوئی مڑی ہوئی لکیر نہیں ہے، ایک صارف نے جواب دیا کہ ٹائلز کو اس طرح سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس سے خمیدہ لکیروں کا وہم ہونے لگتا ہے۔ اگر ہم ٹائلز کو غور سے دیکھیں تو وہ سب ایک جیسی ہیں، لیکن بے ترتیب طریقے سے رکھی گئی ہیں۔

    ایک اور صارف نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈیزائن سے نظر کا دھوکا ہوتا ہے، ایک بار جب آپ ٹائلز پر مڑی لکیر کی نشان دہی کر لیں گے، اگلے ہی لمحے آپ کو صرف ایک ہی چیز یعنی سیدھی سبز لکیر ہی نظر آئے گی۔

    ایک اور صارف نے لکھا کہ اس میں تو مجھے ہر طرف مڑی لکیریں ہی دکھائی دے رہی ہیں، ہر لکیر مڑی ہے۔ تاہم اکثر صارفین نے اس نظر کے دھوکے کو دل چسپ قرار دیا۔

  • اس شخص نے اونچے پہاڑ سے بادلوں پر چھلانگ کیسے لگائی؟ حقیقت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    اس شخص نے اونچے پہاڑ سے بادلوں پر چھلانگ کیسے لگائی؟ حقیقت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    بعض اوقات نظر کا دھوکا انسان کے دماغ کو بھک سے اڑا دیتا ہے، نظر آنے والی چیز حقیقت میں ایسی ہوتی ہے جسے جان کر آدمی ششدر رہ جاتا ہے۔

    اس وائرل ویڈیو میں ایک شخص آسمان جیسی اونچائی سے بادلوں پر الٹی قلا بازی سے چھلانگ لگا رہا ہے، جب انٹرنیٹ پر یہ ویڈیو اپ لوڈ ہوئی تو لوگ اس شخص کی ہمت کو دیکھ کر حیران رہ گئے تھے۔

    لیکن جلد ہی پتا چل گیا کہ اس ویڈیو میں جو کچھ نظر آ رہا ہے وہ نظر کا دھوکا ہے، معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو جرمنی کی مشہور جھیل الپسی پر بنائی گئی ہے، ویڈیو میں نظر آنے والا شخص واقعی قلابازی کھا کر چھلانگ لگا رہا ہے لیکن پھر بھی یہ منظر اس طرح ویڈیو میں قید ہوا ہے کہ انسانی دماغ بھی حقیقت تک نہیں پہنچ پاتا۔

    بلاشبہ اس طرح کی ویڈیوز اور تصاویر کے حوالے سے انٹرنیٹ ایک پنڈورا باکس ہے، جہاں ایسے مواد کی بالکل کمی نہیں، اور دل چسپ بات یہ ہے کہ اس پر ایسی ہی چیزیں تیزی سے وائرل بھی ہوتی رہتی ہیں، اور صرف یہی نہیں بلکہ ان پر مباحث بھی شروع ہو جاتی ہیں۔

    یہ ویڈیو ریڈٹ پر شیئر کی گئی تھی، اس میں دیکھا گیا کہ ایک شخص پہاڑ کی چوٹی سے ایک بڑی چھلانگ لگا رہا ہے، چوٹی سے نیچے بادلوں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ مذکورہ شخص آسمان میں چھلانگ لگا رہا ہے۔

    سیاہ لباس میں ملبوس شخص کی چھلانگ کی یہ ویڈیو جب شیئر ہوئی تو لوگوں نے سمجھا شاید یہ ریورس (معکوس) ویڈیو ہو، اس لیے ایسا لگ رہا ہو، لیکن آخر میں غور کرنے پر ثابت ہوا کہ ویڈیو معکوس نہیں، بلکہ مذکورہ شخص پانی میں چھلانگ لگا رہا ہے۔

    انٹرنیٹ صارفین کو اس ویڈیو نے بہت کنفیوژ کیا، کچھ لوگوں نے تو اسے ویڈیو گیم سمجھا، تاہم اب یہ معلوم ہو چکا ہے کہ یہ جرمنی کے علاقے آسٹلگاؤ میں واقع جھیل الپسی پر بنائی گئی ہے، جس کا پانی بالکل ٹھہرا ہوا اور نہایت شفاف ہے، جس کی وجہ سے اس میں بادلوں کا عکس نظر آ رہا ہے، جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ مذکورہ شخص بنے ادلوں میں چھلانگ لگائی، حالاں کہ وہ جھیل میں چھلانگ لگا رہا ہے۔