Tag: نفیس زکریا

  • ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ مسترد، افغان مہاجرین کی بے مثال میزبانی کی، نفیس زکریا

    ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ مسترد، افغان مہاجرین کی بے مثال میزبانی کی، نفیس زکریا

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ عالمی برادری نے پاکستان کی بے مثال میزبانی کو سراہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے افغان مہاجرین سے متعلق ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کی سکونت اور مہمان نوازی سے لے کر افغانستان واپسی تک اپنی تمام تر ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی برداری نے بھی پاکستان کی بےمثال میزبانی کو سراہا ہے جب کہ اقوام متحدہ اور خود افغانستان بھی پاکستان کے جذبے کو سراہتا رہا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے 30 سے زائد عرصے تک افغان مہاجرین کی بہترین میزبانی کرتے ہوئے رہائش سمیت تمام تر ضروری اور بنیادی سہولیات فراہم کی ہے جب کہ اب مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی خود افغانستان میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے اور مہاجرین کی افغانستان واپسی تک آدابِ میزبانی کو بہترین انداز سے نبھائیں گے۔

    واضح رہے افغان مہاجرین کی حالت زار کے حوالے سے ہیومن رائٹس واچ نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں افغان مہاجرین کے لیے ناکافی انتظامات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کو ہدف تنقید بنایا ہے۔

  • تہمینہ جنجوعہ نئی سیکرٹری خارجہ تعینات

    تہمینہ جنجوعہ نئی سیکرٹری خارجہ تعینات

    لاہور : ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہاہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ کو نئی سیکریٹری خارجہ تعینات کر دیا گیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ کی بہ طور نئی سیکرٹری خارجہ کے تعیناتی کی منظوری دیدی ہے اس طرح تہمینہ جنجوعہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون بن جائیں گی۔

    زرائع کے مطابق یہ فیصلہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ کی بہترین کارکردگی اور دیگر ممالک کے ساتھ پائیدار سفارتی تعلقات بحال کرانے کی بناء پر کی گئی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ تہمینہ جنجوعہ مارچ کے پہلے ہفتے میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

    واضح رہے کہ تہمینہ جنجوعہ گزشتہ 32 سال سے سفارتی خدمات سر انجام دے رہی ہیں ، وہ2011میں ترجمان وزارت خارجہ کی ذمے داریاں بھی انجام دے چکی ہیں اور اس وقت وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ہیں۔

    تہمینہ جنجوعہ اپنی نرم مزاجی اور خوش گفتاری کے باعث سفارتی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں جب کہ دفتر خارجہ کا عملہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور تجربے سے استفادہ لے گا۔

  • ہندواڑہ قتل عام میں ملوث بھارتی فوج کو کٹہرے میں لایا جائے، دفتر خارجہ

    ہندواڑہ قتل عام میں ملوث بھارتی فوج کو کٹہرے میں لایا جائے، دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت نے 25 جنوری 1990 کو ہندواڑہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کا قتل عام کیا اور اب تک بھارت اسی روش پر قائم ہے، عالمی برادری اپنا کردار نبھائے۔

    یہ بات انہوں نے ہندواڑہ میں بھارتی افواج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کی برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کی. انہوں نے سانحہ پر اظہارِ مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھارتی جارحیت کے خلاف موثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ قابض بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کو مسلسل اپنے ظلم کا نشانہ بنا رہی ہے اسی طرح 26 سال قبل بھی ہندواڑہ کے مقام پر احتجاج کرنے والے 25 عام شہریوں کو موت کی نیند سلا دیا گیا تھا۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے سانحہ ہندواڑہ کے شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

    انہوں نے عالمی برادری اور بالخصوص اقوام متحدہ سے ہندواڑہ قتل عام میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے اور بھارتی ظلم کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

  • نہر سوئز میں پھنسے پاکستانی 5 جنوری کو واپس آئیں گے، دفتر خارجہ

    نہر سوئز میں پھنسے پاکستانی 5 جنوری کو واپس آئیں گے، دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ مصر میں پاکستانی سفارت خانہ نہر سوئز میں پھنسے بحری جہاز کے عملے کی با حفاظت وطن واپسی کے لیے ہرممکن اقدامات کررہا ہے, 18 میں سے چار افراد 5 جنوری کو وطن واپس پہنچ جائیں گے۔

    یہ بات ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی، انہوں نے بتایا کہ مصر میں پاکستانی سفارت خانہ بقیہ تمام عملے کی دیکھ بھال کررہا ہے، اور جلد ازجلد تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے ہرممکن انتظامات کررہا ہے۔


     یہ بھی پڑھیں : مصر،نہر سوئز میں 18 پاکستانیوں‌ کے پھنسے ہونے کا انکشاف


    انہوں نے کہا کہ مصر میں پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں سے جہاز کے عملے میں سے چار افراد پانچ جنوری تک وطن واپس لوٹ آئیں گے۔

    اس حوالے سے مصرمیں پاکستانی سفیرمشتاق علی شاہ کا کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان جہاز کے عملے کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے اور جلد 18 میں سے چار پاکستانیوں کو پہلے مرحلے میں پاکستان روانہ کردیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان سے مصر پہنچنے والے بحری جہاز ایم وی آکاز کو مصری حکام نے نا دھندہ ہونے کے باعث تحویل میں لے لیا اور سمندر کے بیچوں بیچ پھنسے بحری جہاز کے کپتان کی ویڈیو اپیل کے منظرعام پر آنے کے بعد حکومت حرکت میں آئی تھی۔

  • بھارت جانیوالی افغانی مصنوعات کیلئے سرحدوں کو بند نہیں کیا، پاکستان

    بھارت جانیوالی افغانی مصنوعات کیلئے سرحدوں کو بند نہیں کیا، پاکستان

    اسلام آباد : پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے واہگہ باڈر کے ذریعے انڈیا برآمد کی جانے والی افغانستان کی مصنوعات کے لیے اپنی بندرگاہوں اور سرحدوں کو بند نہیں کیا ہے۔

    ترجمان نفیس زکریا نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ہم افغان عوام کے ساتھ اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے تجارتی راہداری میں سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ معاہدے کے تحت انڈیا کی مصنوعات پاکستان کے راستے افغانستان برآمد نہیں کی جا سکتی ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان کی وزارتِ تجارت کے ترجمان محمد اشرف کا کہنا ہے کہ افغان مصنوعات کے لیے واہگہ باڈر بند نہیں ہوا ہے۔

    محمد اشرف نے بتایا کہ افغان پاکستان تجارتی راہداری کے منصوبے کے تحت افغانستان کی برآمدی مصنوعات پاکستان کے واہگہ باڈر کے ذریعے انڈیا جاتی ہیں۔

    واضح رہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا تھا کہ پاکستان نے واہگہ بارڈر سے افغان اشیاء لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ انہوں نے پاکستان کو متنبہ کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے پابندی کے بعد افغانستان بھی پاکستانی مال بردار گاڑیوں کے افغانستان کے راستے وسطی ایشیائی ممالک جانے پر پابندی عائد کر دے گا۔

    افغان صدارتی محل کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وسطی ایشیائی ریاستوں میں جانے والی پاکستانی مال گاڑیوں کو ملک سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے یہ اعلان پاکستان کی جانب سے افغانستان کی مصنوعات خاص طور پر میوہ جات واہگہ بارڈر سے انڈیا برآمد پر پابندی کے ردِ عمل میں کیا ہے۔

    افغانستان کے صدارتی محل کے ایک ترجمان شاہ حسین مرتضوی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے چمن بارڈر کو اس وقت بند کیا جب میوہ جات برآمد کرنے کا وقت تھا۔ انہوں نے کہا کہ چمن باڈر بند ہونے کے سبب افغانستان کے تاجروں کو بہت نقصان ہوا تھا۔

     

  • مسئلہ کشمیر پرتمام حکومتی ادارے ایک پیج پرہیں، ترجمان دفترخارجہ

    مسئلہ کشمیر پرتمام حکومتی ادارے ایک پیج پرہیں، ترجمان دفترخارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر تمام حکومتی ادارے ایک پیج پرہیں۔ آثاربتا رہے ہیں کشمیر کی تحریک کو شکست نہیں دی جا سکتی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں کشمیرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان میں ہرایک کی زبان پر کشمیر کی صورت حال کا تذکرہ ہے۔

    کشمیر پر کبھی مؤقف تبدیل نہیں ہوا۔ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بھارت کشمیر پر قبضہ کرنا کیوں چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے عالمی برادری کو مؤثر طریقے سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مختلف ممالک کے ساتھ ساتھ عالمی فورمز پر بھی وفود بھجوائے جائیں گے۔

    ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ برہان وانی سمیت ایک لاکھ سے زائد شہید کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کشمیرکی تحریک اپنی ہے۔ اتنی بڑی تحریک باہر سے بیٹھ کر نہیں چلائی جا سکتی۔

    دوسری جانب بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنرعبدالباسط نے نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کومسئلہ کشمیر پر بات چیت کی دعوت دی تھی تاہم اس پرپیشرفت نہ ہوسکی۔

    انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ پاکستان نے مذاکرات کے لئے ایک قدم آگے بڑھایا لیکن وہ کارگرنہ ہوسکا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیرکا مسئلہ حل کرنے کے لئے مذاکرات کی ضرورت ہے اور یہی اس کا واحد حل ہے۔

     

  • شمالی کوریا کے میزائل تجربات پر تشویش ہے،پاکستان دفتر خارجہ

    شمالی کوریا کے میزائل تجربات پر تشویش ہے،پاکستان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان نے شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میزائل تجربہ اقوام متحدہ کی قرار داروں کی خلاف ورزی ہے، خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کیا جائے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے تین اگست کوہونے والے میزائل تجربے پر تشویش ہے، اقدام سے خطے کا امن و استحکام متاثر ہوگا ایسے اقدامات سے اجتناب برتا جائے تو بہتر ہوگا۔

    دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ شمالی کوریا کا میزائل تجربہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے،چھ فریقی مذاکرات کے تحت خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کیا جائے جس کے لیے تمام ممالک اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

    واضح رہے دو روز قبل شمالی کوریا کی جانب سے دو بلاسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا جس میں ایک میزائل جاپان کے سمندر میں فائر کیا گیا جب کہ دوسرا شمالی کوریا کے میدانی علاقے میں کیا گیا۔

    شمالی کوریا کی جانب سے بلاسٹک میزائل کے کامیاب تجربے کو عالمی سطح پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،امریکہ،جاپان اور جنوبی کوریا سمیت کئی دیگر ممالک پہلے ہی میزائل تجربات کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی اور خطے میں طاقت کے توازن میں بگاڑ قرار دیا ہے۔