Tag: نقصان

  • یہ وٹامن آپ کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے

    یہ وٹامن آپ کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے

    جسم میں تمام وٹامنز اور معدنیات کی متوازن مقدار ہونا ضروری ہے تاکہ جسم صحت مند رہ سکے، لیکن کچھ وٹامنز کی زیادتی آپ کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق وٹامن اے کی زیادتی آپ کو بے شمار بیماریوں میں مبتلا کر سکتی ہے۔ یہ وٹامن شکر قندی، سی فوڈ، پپیتا، مٹر، گوشت، دودھ اور انڈوں وغیرہ میں موجود ہوتا ہے۔

    وٹامن اے کے زیادہ استعمال سے ہائپروٹامنوسس نامی بیماری ہوتی ہے۔ اس بیماری میں آپ کو متلی، الٹی، اور پیٹ کا درد ہوسکتا ہے، علاوہ ازیں وٹامن اے کی زیادتی سے بالوں کا جھڑنا، جلد کی حساسیت، ناخنوں کا ٹوٹنا، نظر کی دھندلاہٹ یہاں تک کہ منہ کا السر بھی ہوسکتا ہے۔

    اس کی زیادتی ہڈیوں کے کیلشیئم جذب کرنے کے عمل میں بھی مداخلت کرتی ہے جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ہڈیاں پھول جاتی ہے اور ہڈیوں میں شدید درد محسوس ہوسکتا ہے۔

    وٹامن اے سے جگر بھی متاثر ہوسکتا ہے، وٹامن اے کی زیادہ مقدار دیگر اعضا کی کارکردگی میں بھی خلل پیدا کر سکتی ہے جس سے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

    بچوں میں وٹامن اے کی زیادتی سے وہ کوما میں بھی جاسکتے ہیں۔

    کہاوت ہے کہ ہر اچھی چیز کی زیادتی بری چیز ہے۔ چنانچہ اگر آپ بھی سمجھتے ہیں کہ وٹامن اے کی زیادہ مقدار فائدہ مند ہے تو اس خیال کو دل سے نکال دیں اور وٹامن اے کی مقدار کم کردیں۔m

  • کووڈ 19 سے صحت یابی کے بعد بھی ایک اور خطرہ

    کووڈ 19 سے صحت یابی کے بعد بھی ایک اور خطرہ

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کے مرض سے صحت یابی کے بعد بھی طویل عرصے تک پھیپھڑوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، پھیپھڑوں کو ہونے والا نقصان عام سی ٹی اسکینز اور کلینکل ٹیسٹوں میں نظر نہیں آتا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق حال ہی میں برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں کہا گیا کہ کرونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے مریضوں کے پھیپھڑوں کو اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے کم از کم 3 ماہ بعد بھی نقصان پہنچ رہا ہوتا ہے۔

    شیفیلڈ یونیورسٹی اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی اس مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ صحت یابی کے بعد بھی کووڈ کے مریضوں کے پھیپھڑوں کو ہونے والا نقصان عام سی ٹی اسکینز اور کلینکل ٹیسٹوں میں نظر نہیں آتا۔

    ان مریضوں کو بس یہ بتایا جاتا ہے کہ پھیپھڑے معمول کے مطابق کام کررہے ہیں۔

    مزید ابتدائی تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ کووڈ کے ایسے مریض جن کو اسپتال میں داخل ہونا نہیں پڑا مگر سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، ان کے پھیپھڑوں کو بھی ایسا نقصان پہنچنے کا امکان ہوتا ہے، اگر اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

    طبی جریدے ریڈیولوجی میں شائع تحقیق میں ماہرین نے ہائپر پولرائزڈ شینون ایم آر آئی اسکین سے کووڈ کے کچھ مریضوں میں 3 ماہ سے زائد عرصے بعد بھی پھیپھڑوں میں منفی تبدیلیوں کو دریافت کیا گیا، کچھ کیسز میں اسپتال سے نکلنے کے 8 ماہ بعد بھی مریضوں کے پھیپھڑوں کو نقصان پہنچ رہا تھا۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ شی ایم آر آئی سے پھیپھڑوں کے ان حصوں کی نشاندہی ہوئی جہاں آکسیجن کے استعمال کی صلاحیت کووڈ کے اثرات سے متاثر ہوچکی تھی، حالانکہ سی ٹی اسکین میں سب کچھ ٹھیک نظر آتا رہا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ ہماری تیار کردہ امیجنگ ٹیکنالوجی دیگر کلینکل مراکز میں بھی متعارف کروائی جائے گی۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ کووڈ کے متعدد مریضوں کو اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے کئی ماہ بعد بھی سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے حالانکہ سی ٹی اسکین میں پھیپھڑے معمول کے مطابق کام کرتے نظر آتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پھیپھڑوں کو ہونے والا یہ نقصان عام ٹیسٹوں سے دریافت نہیں ہوسکتا جبکہ اس سے دوران خون میں آکسیجن کے پہنچنے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔

    محققین کے مطابق اگرچہ یہ ابتدائی نتائج ہیں مگر لانگ کووڈ کے شکار 70 فیصد مریضوں کے پھیپھڑوں کو بھی ممکنہ طور پر اسی طرح کا نقصان پہنچا ہوگا، مگر اس کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ یہ کتنا عام مسئلہ ہے اور حالت کب تک بہتر ہوسکتی ہے۔

  • میٹھا کھانے کے شوقین افراد کے لیے بری خبر

    میٹھا کھانے کے شوقین افراد کے لیے بری خبر

    طبی ماہرین بہت زیادہ میٹھا کھانے سے گریز کی ہدایت کرتے ہیں اور اب حال ہی میں اس کے ایک اور خطرناک نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔

    سوئٹزر لینڈ میں کی جانے ایک تحقیق کے مطابق چینی کا زیادہ استعمال جگر پر چربی چڑھنے اور ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے امراض کا باعث بن سکتا ہے۔

    زیورخ یونیورسٹی اور زیورخ یونیورسٹی ہاسپٹل کی تحقیق میں جانچ پڑتال کی گئی کہ چینی کا زیادہ استعمال کس حد تک جسمانی وزن پر اثرات مرتب کرتا ہے اور اس کے نتیجے میں کن امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

    تقیق میں دیکھا گیا کہ روزانہ چینی کی معتدل مقدار کا استعمال بھی جگر میں چربی بڑھانے کا باعث بنتا ہے اور چربی بننے کا یہ عمل طویل المعیاد بنیادوں تک جاری رہتا ہے۔

    اس تحقیق میں 94 صحت مند نوجوانوں کو شامل کیا گیا تھا اور 7 ہفتے تک روزانہ انہیں مختلف اقسام کی چینی سے بننے والا ایک میٹھا مشروب استعمال کرایا گیا۔ ایک کنٹرول گروپ بھی تحقیق کا حصہ تھا جس کو یہ مشروب نہیں دیا گیا۔

    تحقیق کے دوران مجموعی طور پر رضا کاروں نے اضافی کیلوریز کا استعمال نہیں کیا تھا بلکہ وہ مشروب پیٹ بھرنے کا احساس بڑھانے کے ساتھ دیگر ذرائع سے کیلوریز کے حصول کی خواہش کم کرتا تھا۔

    تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ میٹھے کے استعمال سے جگر کے اندر چربی بنانے کا عمل دوگنا تیز ہوجاتا ہے اور یہ سلسلہ 12 گھنٹے تک برقرار رہتا ہے، ماہرین یہ جان کر حیران رہ گئے کہ یہ اس چینی سے ہوتا ہے جو عام استعمال ہوتی ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ جگر میں چربی بڑھنے سے جگر پر چربی چڑھنے اور ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

  • ریلوے کا 5 ارب روپے ماہانہ نقصان ہو رہا ہے: شیخ رشید

    ریلوے کا 5 ارب روپے ماہانہ نقصان ہو رہا ہے: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ریلوے کا 5 ارب روپے مہینے کا نقصان ہورہا ہے، ملک میں سفید پوش طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی جانب سے 3 ہزار بیگج دیے گئے ہیں، ہر قلی کو 12 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ این ڈی ایم اے نے 10 ہزار ماسک فراہم کیے ہیں، این ڈی ایم اے سے مزید ماسک بھی لیں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے نے کسی مزدور کی تنخواہ یا پنشن لیٹ نہیں ہونے دی، 30 کوچز پر مشتمل ٹرین کل چمن کے لیے روانہ کی جائے گی، چمن جانے والی ٹرین میں 2 میڈیکل وینز بھی لگائی جائیں گی، چمن اور تفتان میں ٹرینیں لگائیں اور زائرین کو آئسولیشن میں رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ 30 ٹرینوں کا بیڑہ لاہور سے کل چمن کے لیے روانہ ہوجائے گا، میڈیا کو قلیوں کی فکر ہے جس پر ان کا مشکور ہوں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قرض ادائیگی میں آسانی کے لیے کردار ادا کیا، 70 ملکوں کی لسٹ میں پاکستان کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔ ملک میں سفید پوش طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قومیں قدرتی آفات میں مل کر مسائل کو بانٹتی ہیں، پہلے گولہ باری سندھ کی طرف سے نہیں ہونی چاہیئے تھی۔ شہباز شریف کا خیال تھا کہ کرونا سے معیشت مکمل ختم ہوجائے گی۔ شہباز شریف آخری فلائٹ پکڑ کر ملک واپس آگئے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان اگر جہانگیر ترین سے فاصلہ کر سکتے ہیں تو دوسروں سے بھی کر سکتے ہیں، سیاست ایسی چیز ہے جو ایک الیکشن کے بعد دوسرے کی تیاری کرتی ہے۔ عمران خان مافیاز کو گھیرے میں لے کر آرہے ہیں۔ مافیاز کے ترجمان اسی وجہ سے چیخ رہے ہیں۔

  • بین الاقوامی فلائٹ آپریشن معطل: سول ایوی ایشن کو روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان

    بین الاقوامی فلائٹ آپریشن معطل: سول ایوی ایشن کو روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان

    کراچی: کرونا وائرس کے باعث بین الاقوامی فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کو روزانہ کروڑوں روپے کا خسارہ ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کی بندش کے باعث سول ایوی ایشن کو انٹرنیشنل فلائٹس کے ایرو ناٹیکل چارجز کی مد میں روزانہ کروڑوں کا خسارہ ہورہا ہے۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر بلنگ کی جانب سے جوائنٹ سیکریٹری اور ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ کو ای میل کی گئی ہے جس میں اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یکم تا 15 مارچ کا خسارہ 69 کروڑ 89 لاکھ 50 ہزار روپے رہا، 16 سے 31 مارچ تک 3 ارب 1 کروڑ 90 لاکھ 40 ہزار روپے خسارہ ہوا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ یکم سے 11 اپریل تک 2 ارب 76 کروڑ 67 لاکھ روپے خسارہ ہوا۔

    سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ایرو ناٹیکل چارجز کی مد میں یکم مارچ سے روزانہ 47 کروڑ 95 لاکھ 90 ہزار روپے نقصان ہو رہا ہے، انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی تک مزید 25 کروڑ 97 لاکھ روپے روزانہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔

    اس سے قبل اے آر وائی نیوز کو موصول سول ایوی ایشن کے نقصان کی سرکاری دستاویز کے مطابق مارچ کے پہلے 15 دنوں میں 212 فلائٹس منسوخ ہوئیں جبکہ ایک ماہ کے دوران کل 1681 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

  • افغانستان میں خانہ جنگی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا، منیر اکرم

    افغانستان میں خانہ جنگی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا، منیر اکرم

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیراکرم نے کہا کہ افغانستان میں خانہ جنگی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا، پاکستان افغان امن کوششوں میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیراکرم نے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط ہیں۔

    منیر اکرم نے کہا کہ افغانستان میں خانہ جنگی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا، پاکستان افغان امن کوششوں میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل مذاکراتی عمل میں ہے، امید ہے طالبان امریکا مذاکراتی عمل بھی جلد شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مصالحتی کوششوں کی امریکا سمیت دنیا نے تعریف کی۔

    منیر اکرم نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے تمام علاقائی طاقتوں کو کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستان افغانستان میں قیام امن کی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ 19 اکتوبر کو ایک ایسے وقت میں طالبان کے ساتھ مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کیا تھا جب دونوں فریقین طویل عرصے تک مذاکرات کے بعد کئی نکات پر متفق ہوچکے تھے اور حتمی معاہدے کا عندیہ دیا جا چکا تھا۔

  • امریکا، شمالی کوریا کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے، شمالی کوریا

    امریکا، شمالی کوریا کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے، شمالی کوریا

    پیانگ یانگ : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کے درمیان ملاقات کے چند روز بعد ہی شمالی کوریا نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا ہمارے خلاف جارحانہ اقدامات پر تلا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ میں شمالی کوریا کے مشن نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کے درمیان حالیہ ملاقات اور مذاکرات کے بحالی کے باوجود امریکا جارحانہ اقدامات پر تلا ہوا ہے اور امریکا کو پابندیاں لگانے کا جنون ہے جب کہ واشنگٹن جزیرہ نما کوریا کے پرامن ماحول کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔

    خیال رہے امریکا، فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے تمام ممبران کو خط بھیجا گیا ہے جس میں شمالی کوریا پر مزید پابندیوں اور شمالی کوریا کے ورکرز کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    شمالی کورین وفد نے اقوام متحدہ کے تمام ممبران کو خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے جان بوجھ کر شمالی کوریا کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش سے محتاط رہنا ہوگا۔

    یاد رہے 30 جون کو ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کی سرزمین پر قدم رکھنے والے پہلے امریکی صدر کا اعزاز حاصل کیا تھا جہاں انہوں نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن سے جزیرہ نما کوریا کے غیر فوجی علاقے میں ملاقات کی تھی جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے مذاکرات کے لیے ٹیم بنانے پر اتفاق ہوا تھا تاہم ملاقات کے چند روز بعد ہی دونوں ممالک کے درمیان ایک بار پھر سے کشیدگی دیکھنے میں آرہی ہے۔

  • پاکستان اسٹیل بند ہونے سے ماہانہ 40 کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے: سیکریٹری نجکاری

    پاکستان اسٹیل بند ہونے سے ماہانہ 40 کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے: سیکریٹری نجکاری

    اسلام آباد: سیکریٹری نجکاری رضوان ملک کا کہنا ہے کہ سنہ 1991 سے 2018 تک 172 اداروں کی 649 ارب روپے میں نجکاری کی گئی، پاکستان اسٹیل بند ہونے سے ماہانہ 40 کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری نجکاری رضوان ملک نے کمیٹی کو نجکاری پروگرام پر بریفنگ دی۔

    سیکریٹری نجکاری نے بریفنگ میں بتایا کہ سنہ 1991 سے 2018 تک 172 اداروں کی نجکاری کی گئی، یہ ادارے 649 ارب روپے میں فروخت کیے گئے، لیگی حکومت کے 5 سال میں 5 اداروں کی نجکاری کی گئی۔

    رضوان ملک نے بتایا کہ یہ 5 ادارے 173 ارب روپے میں فروخت کیے گئے، پیپلز پارٹی کے دور سنہ 2008 سے 2013 تک ایک ادارے کی نجکاری ہوئی۔

    بریفنگ کے مطابق ق لیگ کے دور میں 38 اداروں کی نجکاری کی گئی، 38 اداروں کی نجکاری 377 ارب روپے میں کی گئی۔

    رضوان ملک کے مطابق سنہ 1999 سے 2002 کے غیر سیاسی دور میں 27 اداروں کی نجکاری کی گئی۔ 27 اداروں کی 38 ارب 70 کروڑ روپے میں نجکاری کی گئی۔

    سیکریٹری نجکاری نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان اسٹیل کی خریداری پر 5 سے 6 پارٹیز سے بات چل رہی ہے، کمپنیز کا تعلق چین اور روس سے ہے۔ نئے سرمایہ کار پاکستان اسٹیل کو 35 لاکھ تک لانا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر فروخت کیا جائے گا، پاکستان اسٹیل بند ہونے سے ماہانہ 40 کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے۔

  • دوبارہ ریفرنڈم برطانوی عوام کے ’ایمان‘ کو نقصان کو پہنچائے گا، تھریسامے

    دوبارہ ریفرنڈم برطانوی عوام کے ’ایمان‘ کو نقصان کو پہنچائے گا، تھریسامے

    لندن : برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے اراکین پارلیمنٹ کو خبردار کیا کہ یورپی یونین سے علیحدگی کےلیے دوبارہ ریفرنڈم ’برطانوی عوام کے ایمان کو نقصان پہنچائے گا‘۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی عوام نے سنہ 2016 میں ریفرنڈم کے ذریعے 2019 مارچ میں یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا، لیکن یورپی یونین کی جانب سے معاہدے پر منظوری کے باوجود تھریسامے کا بریگزٹ معاہدے کا مسودہ تاحال برطانوی پارلیمنٹ سے منظور نہیں ہوسکا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سابق برطانوی وزرائے اعظم جان میجر اور ٹوبی بلیئر کی جانب زور دیا جارہا ہے کہ اگر ایم پیز معاہدے کو آگے بڑھانے کےلیے راضی نہیں ہوتے تو دوبارہ ریفرنڈم کروایا جائے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق تھریسامے نے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ دوبارہ ریفرنڈم ’ہماری سیاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گا‘ اور ’آگے بڑھنے کا کوئی دوسرا راستہ نہیں بچے گا‘۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بریگزٹ معاہدے پر 11 دسمبر کو پارلیمنٹ میں بریگزٹ معاہدے پر ووٹنگ کی جانے تھی جسے برطانوی وزیراعطم تھریسامے نے ملتوی کردیا تھا، برطانوی وزیر اعظم نے اعتراف کیا کہ معاہدے بڑے پیمانے پر مسترد کردیا جاتا۔

    مزید پڑھیں : ٹونی بلیئر دوبارہ ریفرنڈم کے ذریعے بریگزٹ کو نقصان پہچانا چاہتے ہیں، تھریسامے کا الزام

    یاد رہے کہ گذشتہ روز برطانوی وزیر اعظم ھریسامے نے سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر پر الزام عائد کیا تھا کہ ٹونی بلیئر دوبارہ ریفرنڈم کا مطالبہ کرکے معاہدے کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے کہا کہ ٹونی بلیئر کے ردعمل نے اس آفس کی توہین کی ہے جس میں وہ بحیثیت وزیر اعظم کام کرتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ بھی بریگزٹ معاہدے پر دوبارہ ریفرنڈم کروا کر اپنی ذمہ داروں سے بری از ذمہ نہیں ہوسکتے۔

    دوسری جانب سابق برطانوی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ کے پاس دوبارہ ووٹنگ کے علاوہ کوئی دوسرا اختیار نہیں۔

    مزید پڑھیں : برطانوی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور

    خیال رہے کہ گذشتہ شب برطانوی وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے تحت ہونے والی ووٹنگ میں تھریسامے نے 200 ووٹ حاصل کیے جبکہ مخالفت میں 117 ووٹ پڑے تھے جس کے باعث تحریک ناکام ہوگئی تھی۔

  • ٹونی بلیئر دوبارہ ریفرنڈم کے ذریعے بریگزٹ کو نقصان پہچانا چاہتے ہیں، تھریسامے کا الزام

    ٹونی بلیئر دوبارہ ریفرنڈم کے ذریعے بریگزٹ کو نقصان پہچانا چاہتے ہیں، تھریسامے کا الزام

    لندن : تھریسامے نے برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ٹونی بلیئر پر الزام عائد کیا کہ ٹونی بلیئر دوبارہ ریفرنڈم کا مطالبہ کرکے معاہدے کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ آئندہ برس مارچ میں بریگزٹ معاہدے تحت یورپی یونین سے علیحدہ ہوجائے گا، برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کا بریگزٹ پلان یورپی یونین کے رکن ممالک منظور کرچکے ہیں تاہم مذکورہ معاہدے کے مسودے کو برطانوی اراکین پارلیمنٹ کی جانب مزاحمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے کہا کہ ٹونی بلیئر کے ردعمل نے اس آفس کی توہین کی ہے جس میں وہ بحیثیت وزیر اعظم کام کرتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ بھی بریگزٹ معاہدے پر دوبارہ ریفرنڈم کروا کر اپنی ذمہ داروں سے بری از ذمہ نہیں ہوسکتے۔

    سابق برطانوی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ کے پاس دوبارہ ووٹنگ کے علاوہ کوئی دوسرا اختیار نہیں۔

    اس سے قبل لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والی اراکین پارلیمنٹ نے وزیر برائے کیبنٹ آفس ڈیوڈ لڈنگٹن سے ملاقات کرکے مذکورہ تجویز کی حمایت کی تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ لیبر پارٹی کے 10 اراکین پارلیمنٹ نے ڈیوڈ لڈنگٹن سے جمعرات کے روز ہونے والی ملاقات میں دوسری عوامی ووٹنگ پر زور دیا تھا۔

    ایم پیز نے واضح کیا کہ حکومت کے پاس کوئی دوسرا منصوبہ نہیں جس کی حمایت کی جائے لیکن لیبر پارٹی کے کئی سینئر ایم پیز کا خیال دوبارہ ریفرنڈم کرنا اتنا آسان نہیں ہوگا۔

    حکومت دوبارہ ریفرنڈم کے خلاف ہے، برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ عوام نے سنہ 2016 میں واضح طور پر یورپی یونین سے علیحدگی کے لیے ووٹ دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : برطانوی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور

    خیال رہے کہ گذشتہ شب برطانوی وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے تحت ہونے والی ووٹنگ میں تھریسامے نے 200 ووٹ حاصل کیے جبکہ مخالفت میں 117 ووٹ پڑے تھے جس کے باعث تحریک ناکام ہوگئی تھی۔

    مزید پڑھیں : صبر آزما دن کے اختتام پر خوش ہوں کہ ساتھیوں نے حق میں ووٹ دیا: برطانوی وزیر اعظم

    برطانوی وزیراعظم نے جب ووٹنگ ملتوی کرائی تو یہ معاملہ ان کے لیے تباہ کن ثابت ہوا، خود ان کی قدامت پسند جماعت کے ممبران ہی ان کے خلاف ہوگئے تھے۔

    تھریسامے کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کے لیے مطلوبہ 48 ارکان کی درخواستیں موصول ہوئی جس کے بعد ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا مطالبہ منظورکرلیا گیا ہے۔