نارووال کے علاقے ظفر وال کے مقام پر نالہ ڈیک میں دوبارہ طغیانی کا خطرہ ہے 4 روز قبل نالہ ڈیک میں تاریخ کا بلند ترین 80 ہزار کیوسک کا ریلہ گزرا تھا۔
لہڑی ،سکروڑ گاؤں کو فوری خالی کرنے کےاعلانات کیے جارہے ہیں، انتظامیہ مساجد اور مختلف مقامات پر اعلانات کررہی ہے۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کی طرف سے شدید بارشوں کا بھی الرٹ ہے، نالہ ڈیک کے نزدیکی گاؤں لہڑی، سکروڑ کو مکمل طور پر خالی کرایا جارہا ہے۔
دوسری جانب جلالپوربھٹیاں میں متعدد دیہات میں سیلاب کا پانی جمع ہوگیا جسکے باعث علاقہ مکین اپنے گھر بار چھوڑ کر جانے لگے، راشن ختم ہونے اور بیماریوں کی وجہ سے دیہات کے مکینوں کی بڑی تعداد پریشانی کا شکار ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں سیلابی صورتحال کے باعث پولیس کو مکمل الرٹ کردیا گیا ہے، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران رات گئے راوی پل شاہدرہ پہنچ گئے۔
فیصل کامران نے امدادی و حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے بتایا کہ دریائے راوی سے متعلقہ تھانے ہائی الرٹ پر ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور پولیس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے، راوی پل پر ٹریفک کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، کسی شہری کو بھی فلائی اوور پر بلاوجہ ٹھہرنے کی اجازت نہیں ہے۔
اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز نے راوی ناکہ پر سیکیورٹی کی صورتحال بھی چیک کی، انہوں نے شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی چیکنگ کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔