Tag: نقل و حمل

  • پاکستان کے نقل و حمل کے شعبے میں اماراتی کمپنی کے ساتھ باہمی تعاون کا اہم معاہدہ

    پاکستان کے نقل و حمل کے شعبے میں اماراتی کمپنی کے ساتھ باہمی تعاون کا اہم معاہدہ

    اسلام آباد: پاکستان کے نقل و حمل کے شعبے میں باہمی تعاون کے لیے این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرجنرل این ایل سی (نیشنل لاجسٹک سیل) اور اماراتی لاجسٹک کمپنی ڈی پی ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ سلطان احمد نے ایم او یو پر دستخط کیے، این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے سینئر حکام، چیمبرز آف کامرس کے نمائندگان اور معروف کمپنیوں کے عہدے داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی پاکستان کے نقل و حمل کے شعبے میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیں گے، جن میں کنٹینر اور بلک ٹرمینلز، رول آن، رول آف خدمات، ڈرائی پورٹس، اندرون ملک کنٹینر ڈپو، ریل اور ٹریکنگ شامل ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل این ایل سی نے کہا کہ اداروں میں مفاہمت سے پاکستان کی لاجسٹکس صنعت میں نئے دور کا آغاز ہوگا، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہونے سمیت کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

    اس موقع پر سربراہ ڈی پی ورلڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے وسطی ایشیا کے لیے اہم ترین راہداری ہے۔

  • سامان کی ترسیل کی بین الاقوامی کمپنی کے مالک کو جوئے خانے کیوں جانا پڑا؟

    سامان کی ترسیل کی بین الاقوامی کمپنی کے مالک کو جوئے خانے کیوں جانا پڑا؟

    دنیا میں سامان کی نقل و حرکت کا نقشہ بدل دینے والی امریکی کمپنی فیڈیکس (FedEx) کے مالک کو ابتدا میں اپنی کمپنی کو بچانے کے لیے جوا بھی کھیلنا پڑ گیا تھا۔

    دنیا میں ایسے افراد آج بھی ہمارے جذبوں کو مہمیز دیتے ہیں، جن کی زندگی کی جدوجہد کے بارے میں جان کر ہمیں حیرانی ہوتی ہے، ایسی کامیاب شخصیات میں سامان کی نقل و حمل کی بین الاقوامی کمپنی فیڈیکس کے مالک بھی شامل ہیں جن کی کہانی بہت متاثر کن ہے۔

    1965 میں فریڈ اسمتھ ییل یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے، جب انھوں نے اپنے معاشیات کے فائنل پروجیکٹ کے لیے ایک ایسا ریسرچ پیپر تیار کیا، جو دراصل ایک کمپنی کا خاکہ تھا جو امریکا میں سامان کی نقل وحمل کرتی تھی۔

    فریڈ نے پہلے تفصیلاً بہت سے ایسے سسٹم پڑھے جو سامان کو ڈبوں میں ڈال کر ٹرک یا جہازوں کے ذریعے ان کی ترسیل کرتے تھے، انھوں نے ان کی تمام خرابیاں نکال کر ایک ایسا سسٹم ترتیب دیا جو سب سے مؤثر تھا، جب ان کا فائنل پیپر گریڈ ہو کر واپس آیا تو اس کو ’سی‘ملا تھا، مگر انھوں نے اپنا خواب ضائع نہیں کیا، اور 1971 میں اس خواب کو عملی جامہ پہنایا۔

    فریڈ اسمتھ نے اپنی ایک کمپنی کھولی جس کا نام فیڈرل ایکسپریس تھا، انھوں نے سامان کو چھوٹے چھوٹے ڈبوں میں ڈال کر جہازوں کے ذریعے ان کی ترسیل کا سلسلہ شروع کر دیا، لیکن ایک اہم مسئلے کی وجہ سے صرف تین سال کے دورانیے میں ان کی یہ کمپنی بری طرح ناکامی کے کگار پر آ گئی۔

    کمپنی جتنا منافع کماتی تھی اس سے کہیں زیادہ پیسے جہازوں کے فیول پر خرچ ہو جاتے تھے، اور ایک ایسا وقت آیا کہ ان کی کمپنی کے اکاؤنٹ میں صرف پانچ ہزار ڈالر باقی بچے تھے، انھوں نے جنرل ڈائینیمکس کو کال ملائی اور ان سے فنڈنگ کی درخواست کی، لیکن انھوں نے اسے کسی قسم کی امداد یا قرضہ دینے سے انکار کر دیا۔

    اسمتھ کو ایک ترکیب سوجھی اور کمپنی کے اہل کاروں کو بتائے بغیر ایک عجیب رسک لینے نکل کھڑے ہوئے، وہ اپنے پانچ ہزار ڈالر لے کر ویگس گئے اور اپنے سارے پیسے جوئے پر لگا دیے، ان کی قسمت اچھی تھی کہ وہ بلیک جیک میں ان پانچ ہزار ڈالر پر 32 ہزار ڈالر جیت گئے۔

    اگلے دن جب وہ واپس لوٹے اور ان کی کمپنی نے اکاؤنٹ میں اتنی فنڈنگ دیکھی تو وہ ایک بار پھر محنت اور لگن سے کام میں جت گئے، اور اس کے بعد کمپنی نے ترقی کا سفر شروع کر دیا۔

    آج فیڈیکس نے دنیا میں سامان کی نقل و حرکت کا نقشہ بدل دیا ہے اور لوکل کمپنیاں جیسے ٹی سی ایس وغیرہ بھی گھر گھر اسی طرح سامان اور تحائف پہنچانے میں مصروف ہیں، جب کہ فیڈیکس دنیا کے 220 ممالک میں بخوبی کام کر رہی ہے اور اس کا سالانہ منافع لگ بھگ 45 بلین ڈالر کے قریب ہوتا ہے۔

  • پنجاب کےکسی ضلع میں گندم کی نقل و حمل پر پابندی نہیں،علیم خان

    پنجاب کےکسی ضلع میں گندم کی نقل و حمل پر پابندی نہیں،علیم خان

    لاہور: وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ پنجاب کےکسی ضلع میں گندم کی نقل و حمل پر پابندی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب گندم ترسیل کی شکایات پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں محکمہ خوراک کے سینئر افسران کو 24گھنٹے میں جنوبی پنجاب پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔

    عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتےجنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ کروں گا،پنجاب کےکسی ضلع میں گندم کی نقل و حمل پر پابندی نہیں ہے۔

    وزیر خوراک پنجاب نے جنوبی پنجاب میں گندم خریداری پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پرگندم خریداری کی تفصیلات بھجوائے۔

    انہوں نے سیڈ کمپنیوں سے متعلق امور کے حل کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان میں گندم، آٹے کی قلت نہیں ہونی چاہیے،ہدف پورا کرنے کے بعدگندم صوبے سے باہر بھیجیں گے۔

    گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے،عبدالعلیم خان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سینئر وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے گندم کی ترسیل روکنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری خوراک سے جنوبی پنجاب سےگندم باہر نہ آنے کی تفصیلات طلب کی تھیں۔

    عبد العلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔