Tag: نمائش چورنگی

  • کراچی میں نمائش چورنگی پر پولیس موبائل پر مشتعل افراد کا حملہ

    کراچی میں نمائش چورنگی پر پولیس موبائل پر مشتعل افراد کا حملہ

    کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر مشتعل افراد نے پولیس موبائل پر حملہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر مشتعل افراد نے پولیس موبائل پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں موبائل کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی شبیر جب نمائش پہنچے تو مقامی پولیس موجود نہیں تھی، پولیس افسر جیسے ہی موبائل آگے لے کر بڑھے تو پتھراؤ شروع ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق مقامی پولیس ہوتی تو بتاتی کہ اس جگہ سے آگے جانے پر حملہ ہوسکتا ہے، ڈی ایس پی کو موقع سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نمائش چورنگی پر پولیس کے مختلف افسران کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں نمائش چورنگی احتجاج سے گرفتار 19 افراد کو عدالت میں پیش کردیا گیا، عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔

    عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    تفتیشی افسر نے دوران سماعت مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کی فائرنگ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے، ملزمان کے پتھراؤ سے تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے، ملزمان کا 14 دن کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کا جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جاسکتا۔

    عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر مقدمے کا چالان پیش کیا جائے، ملزمان کو پتھر کس نے دیے، کیا بوری بھر کررکھی تھی، ریاست کے خلاف بلوے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    عدالت نے کہا کہ اپنے حق کے لیے احتجاج کریں لیکن قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، پولیس کی عزت کریں، پولیس کی وجہ سے ہم سب محفوظ ہیں۔

  • کراچی میں دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کو منانے کی ایک اور کوشش

    کراچی میں دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کو منانے کی ایک اور کوشش

    کراچی : پیپلز پارٹی اور سندھ کی مقامی انتظامیہ کا وفد کراچی میں نمائش چورنگی پر دھرنے میں بیٹھے منظاہرین کو منانے کیلیے پہنچ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفد میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وزیر بلدیات سعید غنی، سینیٹر وقار مہدی شامل تھے پی پی اور انتظامیہ کے وفد نے نمائش چورنگی پر دھرنے پر بیٹھے ایم ڈبلیو ایم کے قائدین سے ملاقات کی۔

    سندھ حکومت اور مجلس وحدت المسلین کے علمائے کرام کے درمیان مذاکرات میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی ایسٹ، ایس ایس پی ایسٹ، ایس پی اور دیگر بھی موجود تھے۔

    پی پی رہنما سینیٹر  وقار مہدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارہ چنار میں ہونے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم سے درخواست کرتے ہیں کہ دھرنے ختم کردیں۔

    قبل ازیں پی پی رہنما سعید غنی نے کہا کہ پارہ چنار میں جو کچھ ہوا اس پر ہرپاکستانی افسردہ ہے، ہم ان واقعات کی شدید مذمت اور شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کرتے ہیں۔

    معصوم بچے اور خواتین شدید سردی میں کئی دنوں سے سڑکوں پر موجود ہیں،چاہتے ہیں تمام معاملات خیر و عافیت سے حل ہوں، کراچی کے شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر کچھ گزارشات سامنے رکھی ہیں۔

    علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ دھرنے سے متعلق حکومت سے ابھی کوئی بات طے نہیں ہوئی، حکومتی وفد سے جو بات ہوئی ہے اس سے مرکزی قیادت کو آگاہ کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ دھرنوں سے شہریوں کو کوئی تکلیف نہ ہو، چاہتے ہیں جلد از جلد مسئلہ حل ہو اور ہم اپنے گھروں کو جائیں۔

  • کراچی : نمائش چورنگی سے  لاپتہ ہونے والی ننھی عائشہ اہل خانہ کے سپرد

    کراچی : نمائش چورنگی سے لاپتہ ہونے والی ننھی عائشہ اہل خانہ کے سپرد

    کراچی : گزشتہ سال چودہ اگست کو نمائش چورنگی لاپتہ ہونے والی عائشہ کو اہل خانہ کے سپرد کردیا گیا ، بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ دس ماہ جس کرب میں گزرے ناقابل بیان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال چودہ اگست کو نمائش چورنگی لاپتہ ہونے والی عائشہ دس ماہ بعد والدین مل گئی، دس ماہ بعد جب بیٹی ماں کو ملی تو پہچان نہ سکی۔

    پولیس نے عائشہ کو اہل خانہ کے سپرد کیا، والدہ کا کہنا ہے کہ دس ماہ جس کرب میں گزرے ناقابل بیان ہے، بیٹی کو ڈھونڈنے کیلئے ہر ممکن کی کوشش کی، بیٹی کےغم میں میرے شوہربیمار ہوگئے، اےآروائی کا شکریہ جو ہمارا ساتھ دیا۔

    مزید پڑھیں :14 اگست کو نمائش چورنگی سے لاپتہ 4 سالہ عائشہ مل گئی

    ننھی عائشہ کی دیکھ بھال کرنے والے خاندان کا کہنا تھا کہ یہ بچی سرجانی لیاری کی ایک فیملی کے پاس تھی جسے برے حال میں رکھا جارہا تھا، ہم نے اسے رکھ لیا اور اپنے بچوں کی طرح دیکھ بھال کی، سوشل میڈیا سےوالدین کا پتا چلا تو رابطہ کیا۔

    ننھی عائشہ کی دیکھ بھال کرنے والے خاندان نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ عائشہ3 ،4ماہ سےہمارےپاس تھی، بچی کو سرجانی کے علاقے لیاری میں فیملی نےقیدکررکھاتھا، وہ لوگ بچی کونہ کھاناکھلاتےنہ پہننےکوکپڑےدیتےتھے، جن لوگوں کےپاس پہلے بچی تھی وہ اسےفروخت کرنا چاہتے تھے۔

    پولیس کے مطابق عبدالمعیزنامی شخص بچی اور اس کی والدہ کو لے عزیز آباد تھانے پہنچے اور حالت سے پولیس کو آگاہ کیا۔

    عبدالمعیز نے بتایا کہ بچی جس وقت فیملی کو ملی اس کی حالت غیر تھی، بچی 3ماہ تک دوسری فیملی کے پاس رہی، اس سے قبل سمیر اورسیما نے بچی کو اپنے پاس رکھا ہواتھا۔

    ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ سرجانی میں مبینہ اغوا کاروں کی گرفتاری کیلئے ٹیم بھیجی ہے، مبینہ اغوا کاروں کی شناخت سیمااورسمیرکےنام سے ہوئی، بعد ازاں بچی کو اغوا کرنے والے ملزمان سیما اور سمیرکو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے نمائش چورنگی سےاغوا بچی کی بازیابی پرپولیس کوشاباش دیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا ٹیم نے 10ماہ قبل اغوا بچی کوبازیاب کرکےوالدین کو خوشی دی۔

    نمائش چورنگی سے 14 اگست کولاپتہ بچی کی بازیابی پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایس ایس پی ذیشان صدیقی سے رابطہ کرکے انھیں اور ان کی ٹیم کو شاباشی دی۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ میں پولیس سےبچی کےمعاملے پروقتافوقتاًرابطےمیں تھا، خوشی ہےننھی عائشہ کواس کےوالدین مل گئے۔

  • نمائش چورنگی پر فلاحی ادارے کے دسترخوان سے چور رنگے ہاتھوں گرفتار

    نمائش چورنگی پر فلاحی ادارے کے دسترخوان سے چور رنگے ہاتھوں گرفتار

    کراچی : پولیس نے نمائش چورنگی کے قریب فلاحی ادارے کے دسترخوان سے چور کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا، ملزم دستر خوان پر سحری کرتے شہریوں کی جیب کاٹ رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سولجر بازار پولیس نے نمائش چورنگی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے فلاحی ادارے کے دسترخوان سے چور کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر نے بتایا کہ ملزم دستر خوان پر سحری کرتے شہریوں کی جیب کاٹ رہا تھا ، گرفتار ملزم کامران سحری کے وقت نمائش پہنچ جاتا تھا۔

    ملزم سحری کرنے والے غریب لوگوں کی جیب سے موبائل فون نکال لیتا ،ملزم جیب سے موبائل فون چوری کے دوران موقع پر گرفتار کیا گیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیرنے کہا کہ گرفتاری کے وقت ملزم سے چوری شدہ دو موبائل فون برآمد ہوئے ،ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • کراچی: چہلم امام حسینؓ کے موقع پرٹریفک روٹ کو حتمی شکل دے دی گئی

    کراچی: چہلم امام حسینؓ کے موقع پرٹریفک روٹ کو حتمی شکل دے دی گئی

    کراچی: سندھ پولیس کی جانب سے چہلم امام حسین ؓ کے موقع پر کراچی میں برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کے سلسلے میں ٹریفک کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کی جانب سے جلوسِ چہلم امام حسین ؓ کے سلسلے میں ٹریفک کے متبادل روٹ کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، بغیر اسٹیکر کوئی بھی گاڑی کسی بھی صورت نمائش چورنگی اور جلوس کے روٹ پر نہیں جاسکے گی۔

    پولیس کے مطابق کل بروز منگل مورخہ 30 اکتوبر 2018 کو چہلم امام حسین کا مرکزی جلوس کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہوگااور ایم اے جنا ح روڈ سے براستہ صدر ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر میں حسبِ معمول اختتام پذیر ہوگا۔

    جلوس دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا اس سے قبل ایک جلوس مارٹن روڈ سے ہوتا ہوا نشتر پارک کی جانب بھی آئے گا جس کے سبب بنوری ٹاون مسجد والا روڈ اور گرومندر ٹریفک کےلیے بند رہے گا۔


    ٹریفک پلان کے مطابق ناظم آباد اور لیاقت آبادسے آنے والے ٹریفک کو نشتر روڈ سولجر بازار کی جانب موڑ دیا جائے گا، یونی ورسٹی روڈ اور کشمیر روڈ سے آنے والی گاڑیاں نیو ایم اے جناح روڈ پر صدر پارکنگ پلازہ تک جاسکیں گی ، اس کے آگے راستہ پولیس کی جانب سے کنٹینر لگا کر بند کردیا جائے گا۔

    شاہراہ فیصل نرسری سے نمائش کی جانب آنے والے ٹریفک کو سوسائٹی سگنل سے آگے آنےکی اجازت نہیں ہوگی ، یہاں سے صرف جلوس کے لیے پولیس کی جانب سے جاری کردہ خصوصی اسٹیکر کی حامل گاڑیاں ہی آگے جاسکیں گی۔

    چہلم کے موقع پر عام تعطیل نہ ہونے کے سبب شام کو دفتری اوقات میں متبادل راستوں پر انتہائی دباؤ آجائے گا لہذا اہلیان کراچی پریشانی سے بچنے کے لیے کل صرف ضرورت کے تحت ہی شہر بالخصوص ایم اے جناح روڈ کے اطراف میں سفر کریں۔

  • متحدہ قومی موومنٹ ‌آج شاہراہ قائدین پراجتماع کرے گی

    متحدہ قومی موومنٹ ‌آج شاہراہ قائدین پراجتماع کرے گی

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے بارہ مئی کو شاہراہ قائدین پر لاپتہ اور اسیر ساتھیوں کی رہائی اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی کے لئے اجتماع کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کل مورخہ 12 مئی کو مزار قائد سے متصل نمائش چورنگی پر ایم کیو ایم کے لاپتہ، اسیر اور شہید کارکنان کے اہل خانہ مزار قائد پر حاضری دیں گے اور شمعیں روشن کریں گے۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نےاجتماع گاہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ کل نمائش چورنگی کے قریب لاپتہ، اسیر اور شہید کارکنان کے اہل خانہ جمع ہوکر اپنے پیاروں کی یاد میں شمعیں روشن کریں گے اور ارباب اختیار سے ان کی باحفاظت واپسی کی فریاد کریں گے۔

    قبل ازیں ایم کیو ایم کی جانب سے کئی مرتبہ قومی، صوبائی اسمبلیز میں لاپتہ کارکنان کے حوالے سے آواز بلند کی ہے جبکہ گذشتہ دنوں لاپتہ کارکنان کے اہل خانہ کی جانب سے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔

     

  • کراچی :نمائش چورنگی پردھرنادینے والوں کیخلاف مقدمہ درج

    کراچی :نمائش چورنگی پردھرنادینے والوں کیخلاف مقدمہ درج

    کراچی : چار روز تک نمائش چورنگی پر دیئے جانے والے دھرنے کا مقدمہ سولجر بازار تھانے میں درج کیا گیا،مقدمے میں چودہ علماء کو نامزد کیا گیا ہے۔

    سولجر بازار پولیس نے اٹھائیس مارچ سے چار روز تک نمائش چورنگی پر مختلف مزہبی جماعتوں کے تحت دیئے جانے والے دھرنے اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے حوالے سے دو علیحدہ علیعدہ مقدمات درج کر لیئے۔

    پولیس کے مطابق مقدمات میں مختلف مزہبی جماعتوں کے چودہ علماء کو نامزد کیا گیا ہے جن میں رضا محمود،مولانا عبدالکریم۔مولانا الطاف قادری، حافظ طا ہر، سلیم عطاری ، سلیما ن قادری اور راشد قادری سمیت دیگر شامل ہیں۔

  • کراچی میں بھی پولیس اہلکاردھرنے کے شرکاء کو منتشر کرنے کیلئے الرٹ

    کراچی میں بھی پولیس اہلکاردھرنے کے شرکاء کو منتشر کرنے کیلئے الرٹ

    کراچی : نمائش چورنگی پردھرنا ختم کرانے کیلئے پولیس نے اپنی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر جاری دھرنے کے شرکاء کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کے چاق وچوبند دستوں نے نمائش کے چاروں اطراف پوزیشن سنبھال لی ہیں.

    جیسے ہی اعلیٰ حکام کی جانب سے حکم ملا تو پولیس اہلکار کارروائی کا آغاز کردیں گے، مظاہرین کو رضا کارانہ طور پر نمائش چورنگی خالی کرنے کا کہا جائے گا،بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق شرکاء کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے یل اور واٹر کینن کا استعمال کیا جائے گا، اوراس دوران بڑی تعداد میں شرکا ء کی گرفتاریوں کا بھی امکان ہے.

     

  • کراچی:نمائش چورنگی کےقریب دکان میں لگی آگ بجھادی گئی

    کراچی:نمائش چورنگی کےقریب دکان میں لگی آگ بجھادی گئی

    کراچی: نمائش چورنگی کے قریب دکان میں لگنے والی آگ بجھادی گئی ہے۔

    کراچی کےعلاقے نمائش چورنگی کے قریب واقع آٹو اسپیئر پارٹس کی دکان میں صبح سویرے آگ لگ گئی، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، اہلِ علاقہ نے دکان سے نکلنے والا دھواں دیکھا تو فائر بریگیڈ کو بلایا۔

    آگ کو بجھانے کیلئے دو فائربریگیڈ کی گاڑیوں نے حصہ لیا، ریسکیو رضاکاروں نے آگ پر قابو تو پالیا لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔

    آگ بجھنے کے بعد دکان اپنی تباہی کا منظر پیش کرنے لگی، خاکستر دکان میں ہر طرف راکھ اور موجود سامان کا ملبہ جلا ہوا نظر آیا۔ ریسکیورضاکاروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی تھی۔