Tag: نماز جمعہ

  • گزشتہ روز مسجد الحرام میں کتنے افراد نے نماز جمعہ ادا کی؟

    گزشتہ روز مسجد الحرام میں کتنے افراد نے نماز جمعہ ادا کی؟

    رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ مسجد حرام میں نمازیوں کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا جہاں تقریباً 15 لاکھ افراد نے نماز  جمعہ ادا کی جس کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے۔

    رحمت و برکت والے مہینے میں پوری دنیا سے لاکھوں زائرین عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچتے ہیں جہاں لوگ پُرسکون ماحول میں اپنی عبادت کی ادائیگی کرتے ہیں۔

    العربیہ نیوز کے مطابق مسجد حرام میں گزشتہ روز رمضان المبارک کے دوسرے جمعے کو لگ بھگ ڈیڑھ ملین زائرین نے خانہ کعبہ کے سامنے نماز ادا کی۔

    سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ المسجد الحرام کی راہداری اور فرش، اس کے تہہ خانے، چھتیں اور صحن نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔ نمازیوں کی صفیں مسجد کے اطراف کی سڑکوں، چوکوں اور محلوں تک پھیلی ہوئی تھیں۔

    رپورٹ کے مطابق صدارت عامہ برائے امور مسجد حرام و مسجد نبوی کی جانب ست حرم کی راہداریوں، ہالز اور صحنوں میں انتظامیہ نے بہترین خدمات کانظام قائم کر رکھا تھا جس کے  بدولت لاکھوں نمازیوں کے ہجوم کو کہیں بھی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔

    صدارت عامہ کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ماہ مبارک کے دوسرے جمعہ کے لیے آپریشنل منصوبے کی کامیابی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ جمعہ کو فجر سے ہی بڑی تعداد میں لوگ مسجد حرام میں پہنچ گئے تھے۔

    انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ بیت اللہ شریف کی مسجد میں بہترین صفائی اور ستھرائی کا بھی انتظام کیا گیا ہے، ماحول کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

  • افغان صوبے بادغیس میں نماز جمعہ کے بعد مسجد میں بم دھماکا

    افغان صوبے بادغیس میں نماز جمعہ کے بعد مسجد میں بم دھماکا

    بادغیس: افغانستان کے صوبے بادغیس میں ایک مسجد میں بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق، 15 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان صوبے بادغیس کے مرکزی شہر قلعہ نو کے ایک جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد ہونے والے بم دھماکے میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا، جب کہ پندرہ زخمی ہو گئے ہیں۔

    افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں کئی افراد کی حالت نازک ہے، جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زخمی افراد میں 3 بچے بھی شامل ہیں، تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    افغان میڈیا کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے بعد ہوا، نمازی مسجد سے باہر نکل رہے تھے کہ اسی اثنا میں گیٹ پر زور دار دھماکا ہوا۔

    بادغیس میں اطلاعات و ثقافت کے ڈائریکٹر باز محمد سروری نے تصدیق کی کہ قلعہ نو میں واقع جامع مسجد کے داخلی دروازے پر ایک گھنٹہ قبل دھماکا ہوا ہے، زخمیوں کو صوبائی اسپتال لے جایا گیا ہے۔

    فی الوقت کسی گروپ یا فرد نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

  • بھارت کا ایک علاقہ جہاں مسلمان جمعے کی نماز نہیں پڑھ سکتے

    بھارت کا ایک علاقہ جہاں مسلمان جمعے کی نماز نہیں پڑھ سکتے

    ہریانہ: بھارتی شہر گڑگاؤں میں مقامی مسلمانوں کا جینا حرام ہو چکا ہے، اور جنونی ہندوؤں کی مسلسل کارروائیوں کے باعث مسلمان نماز جمعہ کی ادائیگی سے محروم ہو چکے ہیں۔

    گزشتہ چند ماہ سے دہلی کے علاقے گڑگاؤں میں جنونی ہندو گروہ نماز جمعہ کے دوران نعرے بازی اور جملے کسنے کے ساتھ ساتھ ہر وہ ہتھکنڈا استعمال کرتے آ رہے ہیں جس سے نماز میں خلل پیدا ہو۔

    انتہا پسند ہندو اس بات کے لیے زور لگا رہے ہیں کہ مسلمانوں پر اُن تمام خالی پلاٹس، پارکنگ لاٹس اور رہائشی مقامات کے نزدیک کھلی جگہوں پر نماز پڑھنے پر پابندی عائد کی جائے جہاں وہ برسوں سے اپنی عبادات ادا کرتے آئے ہیں۔

    نئی دہلی سے کوئی 15 میل جنوب میں واقع گڑگاؤں کا علاقہ کبھی متعدد چھوٹے چھوٹے دیہات پر مشتمل ہوتا تھا، لیکن گزشتہ تین دہائیوں میں یہ ایک تیزی سے ترقی کرتا ہوا کاروباری علاقہ بن چکا ہے، تاہم اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق اب اس علاقے میں خوف اور اجنبیت کے سائے ہیں۔

    انتہا پسند ہندوؤں نے کھلی جگہ پر نماز جمعہ رکوا دی

    ویسٹن ہوٹل کے سامنے میدان میں ہر جمعے کو نماز ہوتی ہے، لیکن گزشتہ جمعے کے دن وہاں خاموشی تھی، عبدل نامی ایک شخص نے میڈیا کو بتایا کہ یہاں پر کہاں سنو گے اذان بھائی، نماز جان جوکھوں میں ڈال دیتی ہے۔

    حکومت کی طرف سے نماز جمعہ کے لیے مختص جگہ ’کنگڈم آف ڈریمز‘ پارک میں اب نماز ادا نہیں کی جا سکتی، وہاں پولیس کانسٹیبل تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ آبادی میں اضافے کے بعد گڑگاؤں ایک پوش علاقہ اور انڈیا کا 56 واں بڑا شہر بن چکا ہے، جس کی 2020 میں فی کس آمدن تقریباً ساڑھے چار لاکھ انڈین روپے تھی، یہ فی کس آمدن انڈیا کی فی کس آمدن ایک لاکھ 30 ہزار سے تین گنا زیادہ ہے۔

    گڑگاؤں میں طویل عرصے سے کھلی جگہوں پر نماز جمعہ کی ادائیگی پر انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں، جس کی وجہ سے مقامی مسلمانوں میں خوف بیٹھ گیا ہے، اور وہ اپنے ہندو دوستوں سے بھی کنارہ کرنے لگے ہیں۔

    بعض مقامی مسلمان سمجھنے لگے ہیں کہ وہ دفاتر میں بھی نماز کی ادائیگی پر اب خوف کا شکار ہیں، اور وہ سمجھتے ہیں کہ شاید یہ وقت اب ملک چھوڑ دینے کا ہے۔

    کئی لوگوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آج کل یہ کہتے ہوئے خوف محسوس ہوتا ہے کہ ہم نماز ادا کرنے جا رہے ہیں۔

  • حرمین شریف میں طویل عرصے بعد سماجی فاصلے کے بغیر نماز جمعہ ادا کی جائے گی

    حرمین شریف میں طویل عرصے بعد سماجی فاصلے کے بغیر نماز جمعہ ادا کی جائے گی

    ریاض: مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں ڈیڑھ سال کے وقفے کے بعد آج سماجی فاصلے کے بغیر معمول کے مطابق نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے حرمین شریفین کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت جاری کردی۔

    انہوں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے حوالے سے عائد سماجی فاصلے اور تعداد کی پابندی کے خاتمے کے بعد جمعہ المبارک کی پہلی نماز کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں۔

    شیخ السدیس نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے نمازیوں کی سہولت کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم رب کریم کے شکر گزار ہیں کہ وبا آخری مراحل میں ہے اور اب حرمین شریفین میں نماز باجماعت معمول کے مطابق بغیر سماجی فاصلے کے ادا کی جارہی ہے۔

    ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلیٰ نے حرمین کے انتظامی امور سے تعلق رکھنے والے تمام شعبوں کے سربراہوں کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ وہ نمازیوں اور عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • امارت اسلامی افغانستان کی جانب سے کل نماز جمعہ کے بعد اہم اعلان ہوگا

    امارت اسلامی افغانستان کی جانب سے کل نماز جمعہ کے بعد اہم اعلان ہوگا

    کابل: امارت اسلامی افغانستان کی جانب سے کل نماز جمعہ کے بعد نئی حکومت کا اعلان ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق امارت اسلامیہ کے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ انشاء اللہ کل نماز جمعہ کے بعد نئی حکومت کا اعلان کیا جائے گا۔

    چند دن قبل دوحہ میں طالبان عہدے داروں نے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جلد ہی حکومت کا اعلان کیا جائے گا، جس میں نئے چہرے شامل ہوں گے، جو لوگ سابقہ ​​حکومتوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں، انھیں نئی حکومت میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

    امارت اسلامیہ افغانستان کے وفد نے دوحہ میں فرانسیسی وفد سے ملاقات کی تھی، ترجمان سہیل شاہین نے بتایا تھا کہ ملاقات میں افغانستان کی حالیہ صورت حال اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    امارات اسلامیہ وفد نے بتایا کہ ملک میں امن بحال کر دیا گیا ہے، اور بچے بچیاں اسکول جانے لگے ہیں، ملک میں امن ہے، میڈیا کام کر رہا ہے۔

    خیال رہے کہ کابل ایئر پورٹ پر فی الوقت بحالی کا کام جاری ہے، جس کے لیے قطر سے ایک ٹیم نے ہوائی اڈے پر کام شروع کر دیا ہے، دوحہ میں وفود کے درمیان کابل ایئر پورٹ کی صورت حال کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

    وفد کا کہنا تھا کہ مکمل دستاویزات رکھنے والے افغان شہریوں کو بیرون ملک جانے دیا جائے گا، تمام ایئر پورٹس کھلنے کے بعد افغان شہریوں کو سفر کی مکمل سہولیات ہوں گی۔

  • کراچی میں آج 12 سے ساڑھے 3 بجے تک سخت ترین لاک ڈاؤن، تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی

    کراچی : شہر قائد سمیت سندھ بھر میں نماز جمعہ کے موقع پر سخت لاک ڈاون ہوگا، دوپہر 12 سے ساڑھے 3 بجےتک شہرمیں تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی ،سندھ میں نمازجمعہ کے اجتماعات محدود ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کا 47 واں روز بھی جاری ہے ، حکومت سندھ کی جانب سے آج نماز جمعہ کے موقع پر سخت سخت ترین لاک ڈاؤن ہوگا، دوپہر 12 سے ساڑھے 3 بجےتک شہرمیں تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

    لاک ڈاؤن کے دوران نہ کوئی دکان کھلی گی نہ ٹرانسپورٹ چلے گی، شہریوں کو نقل و حرکت کی بھی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

    احکامات میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں نمازجمعہ کے اجتماعات محدود ہو ں گے، مساجد میں پیش امام،موذن اورانتظامیہ کے 3سے 5افراد کو اجازت ہوگی، اور خلاف ورزی پر ایکشن ہوگا جبکہ شہری باجماعت نماز گھروں میں ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔

    انتظامیہ کے مطابق اس دوران پولیس اوررینجرزکی بھاری نفری سڑکوں پرتعینات ہوگی جبکہ صحافی،ڈاکٹر،طبی عملہ اوررضا کار پابندی سےمستشنٰی ہوں گے۔

    گذشتہ روز وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا تھا کہ جمعے کو لاک ڈاؤن سےمتعلق حکمت عملی برقراررہےگی ، عوام سےاپیل ہے دوپہر 12 سے ساڑھے 3بجے تک گھروں میں رہیں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ آج ایک اہم پریس کانفرنس کریں گے، جس میں وہ لاک ڈاؤن پرعوام کواعتمادمیں لیں گے،وزیراعلیٰ اورکابینہ متفق ہےکہ پہلےعوام کی زندگی پھرکاروبار۔

  • عدالت نے مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی کے خلاف درخواست مسترد کر دی

    عدالت نے مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی کے خلاف درخواست مسترد کر دی

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے شہر قائد میں لاک ڈاؤن کے دوران مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی کے خلاف درخواست مسترد کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی، عدالت کا کہنا تھا کہ انسانی زندگی محفوظ رکھنے کے لیے ایگزیکٹو اختیارات استعمال کیے جا رہے ہیں، اور عدالت اس پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

    سندھ ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ مساجد میں عبادات کے سلسلے میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے علما کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے، علما کرام کے فتوؤں کی روشنی میں وبا کی وجہ سے عبادات محدود کی جا سکتی ہیں۔

    کوشش ہےکہ رمضان میں مساجدکی رونقیں بحال ہوں، نور الحق قادری

    ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ 18 اپریل کو صدر مملکت کی زیر صدارت مختلف مکاتب فکر کے علما کا اجلاس ہے، جس میں مساجد میں نماز اور رمضان سے متعلق پالیسی وضع کی جائے گی۔

    ایڈیشنل اے جی سندھ جواد ڈیرو نے عدالت کے روبرو پیش ہوتے ہوئے کہا کہ مساجد کو بند نہیں کیا گیا صرف محدود کیا گیا ہے، دنیا بھر میں 20 ملین افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، پاکستان میں بھی وائرس پھیل رہا ہے، یہ اقدام عوام کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

  • کرونا وائرس: ایران میں نماز جمعہ کے اجتماعات منسوخ

    کرونا وائرس: ایران میں نماز جمعہ کے اجتماعات منسوخ

    تہران: جان لیوا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ایران نے بڑے شہروں میں آج نماز جمعہ کے اجتماعات کو منسوخ کردیا، ایران میں اب تک کرونا وائرس سے 19 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے محکمہ صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ بڑے شہروں میں آج ہونے والے نماز جمعہ کے اجتماعات کو منسوخ کردیا جائے۔

    محکمہ صحت نے یہ ہدایت کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کی ہے، محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مزید ہدایات موصول ہونے تک دیگر تمام نوعیت کے عوامی اجتماعات کو بھی منسوخ کردیا جائے۔

    ترجمان محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں نئی 15 میڈیکل لیبارٹریز ایک ہفتے کے اندر فعال کردی جائیں گی جہاں سے کرونا وائرس کی تشخیص ہوسکے گی۔

    ایران میں اب تک 245 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں 7 حکومتی افراد بھی شامل ہیں، جبکہ 1 ہزار کے قریب مشتبہ کیسز موجود ہیں۔

    کرونا وائرس کا شکار ہونے والے حکام میں ایران کی نائب صدر برائے امور خواتین، نائب وزیر صحت اور تہران کے ضلعی میئر بھی شامل ہیں۔ یہ کرونا وائرس سے متاثر کسی ملک کے حکام کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    کرونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض قم شہر میں موجود ہیں، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ قم میں کرونا کے 49 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈ روس کا کہنا ہے کہ یہ ڈرنے کا نہیں عالمی اقدامات کا وقت ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس عالمی وبا بن سکتی ہے، ہم اس وقت نازک صورتحال سے دو چار ہیں، متاثرہ ممالک کی حکومتیں ہنگامی اقدامات کر رہی ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں نماز جمعہ کے بعد بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کیا جائے گا

    مقبوضہ کشمیر میں نماز جمعہ کے بعد بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کیا جائے گا

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں نماز جمعہ کے بعد بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کیا جائے گا ، قابض انتظامیہ کی جانب سے لوگوں  کو مظاہرے سے روکنے کیلئے وادی میں سخت پابندیاں نافذ کرنے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنت نظیروادی کشمیر کو بھارتی فورسز نے قیدخانے میں تبدیل کردیا ہے، مسلسل بیاسی روز سے اسی لاکھ افراد کرفیو تلے زندگی گزارنے پر مجبورہیں، قابض بھارتی فورسزکی کشمیریوں پر ہر گزرتے دن کیساتھ سختیاں اور مظالم بڑھتے جارہے ہیں، نہ بچے اسکول جاسکتے ہیں اور نہ ہی مریض اسپتال۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ علاقے میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کے خوف اور غیر یقینیت کا ماحول اور رات گئے چھاپوں، ظلم و تشدد اور گرفتاریوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، دفعہ 144کے تحت سخت پابندیوں کا نفاذ اورانٹرنیٹ اور پری پیڈ موبائیل فون سروسز بھی بدستور معطل ہیں۔

    مقبوضہ علاقے میں صورتحال کو معمول پر لانے کی قابض انتظامیہ کی کوششوں کے باوجود کشمیری بھارتی تسلط اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے مودی حکومت کے 5اگست کے غیر قانونی اقدام کیخلاف سول نافرمانی کی پر امن تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    دکانیں اور کاروباری مراکز دن بھر بیشتر وقت بند رہتی ہیں جبکہ سڑکوں پرکوئی پبلک ٹرانسپورٹ مشکل ہی نظر آتی ہے، آبادیوں میں جعلی آپریشن ہورہے ہیں، رہنماؤں سمیت گیارہ ہزار کشمیری جیلوں میں قید ہیں، ڈھائی ماہ سے کشمیریوں کو نماز جمعہ ادا کرنے نہیں دی جارہی ہے، بھارتی مظالم کیخلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاج کیا جائے گا۔

    قابض انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو آج نماز جمعہ کے بعد بھارت مخالف مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے وادی کشمیر سخت پابندیاں نافذ کرنے کا خدشہ ہے، قابض انتظامیہ نے 05 اگست کے بعد سے مقبوضہ علاقے کی تمام بڑی مساجد اور درگاہوں میں نمازجمعہ کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی ہے۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں کرفیوکا 68 واں روز، نظام زندگی مفلوج

    مقبوضہ کشمیرمیں کرفیوکا 68 واں روز، نظام زندگی مفلوج

    سری نگر: آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 68 واں روز ہے، وادی میں اسکول کالج تجارتی مراکز بند ہیں، مقبوضہ وادی میں نظام زندگی مفلوج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فاشسٹ مودی حکومت نے جنت نظیر وادی کشمیر کو جیل میں بدل دیا ہے، کشمیریوں کی زندگی بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے، بزدل قابض فوج نے کشمیریوں کو 68 روز سے گھروں میں بند کررکھا ہے۔

    مقبوضہ وادی میں اسکول، کالج، تجارتی مراکز بند، ٹرانسپورٹ سروس معطل ہے، نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، لاکھوں کشمیری گھروں میں محصور ہیں۔

    غدا کی قلت، بھوک سے بلکتے بچوں اور مریضوں کی اکھڑتی سانسوں سے مجبور کشمیری باہر نکلیں تو ان پر پیلٹ گنز کا استعمال کیا جاتا ہے جس سے کشمیری نوجوان بینائی سے محروم ہو رہے ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری رہنماؤں، نوجوانوں سمیت بچے بھی جیلوں میں قید ہیں، 2 ماہ سے کشمیریوں کو نمازجمعہ مساجد میں ادا کرنے نہیں د ی جا رہی۔

    مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت کی جانب سے بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاج کی کال دی گئی ہے۔

    حیران ہوں عالمی میڈیا ہانگ کانگ احتجاج کی کوریج کر رہا ہے کشمیرکی نہیں، عمران خان

    دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ حیران ہوں عالمی میڈیا ہانگ کانگ احتجاج کی کوریج کر رہا ہے کشمیرکی نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 2 ماہ سے کشمیرمیں مواصلاتی نظام کا مکمل بلیک آؤٹ ہے، کشمیری رہنماؤں ، بچوں سمیت ہزاروں کشمیری جیلوں میں ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کے اجلاس میں ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں رات میں چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں بچوں کو اٹھایا جا رہا ہے.

    ملیحہ لودھی نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بند کیے گئے مواصلاتی نظام کی قیمت بیماروں کو کس طرح ادا کرنا پڑ رہی ہے۔