Tag: نماز جنازہ ادا

  • پنجگور  میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 7 مزدروں کی نماز جنازہ ادا، ہر آنکھ اشک بار

    پنجگور میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 7 مزدروں کی نماز جنازہ ادا، ہر آنکھ اشک بار

    پنجگور : دہشت گردی کا نشانہ بننے والے مزدروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، اس موقع پر ہرآنکھ اشک بار تھی اور لواحقین غم سے نڈھال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے پنجگور میں خداآبادان کے مقام پر میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے سات مزدوروں کی میتیں شجاع آباد پہنچائی گئیں تو علاقے میں کہرام مچا ہوا تھا، ہر آنکھ میں آنسو تھے، لواحقین غم سے نڈھال تھے

    دہشت گردوں کی سفاکیت کا نشانہ بننے والے مزدروں کی نماز جنازہ ادا کی گئی، چار مزدوروں فیاض حسین ، محمد سلمان، محمد ساجد اور محمد خالد کی نماز جنازہ بستی ملوک چڈھر موڑ عید گاہ، شجاع آباد میں ادا کی گئی جب کہ شہید محمد شفیق، محمد رمضان اور افتخار احمد کی نماز جنازہ الکوثر جنازہ گاہ شجاع آباد میں ادا کی گئی۔

    نماز جنازہ میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی ، شہداء کے لواحقین نے اس دہشت گردی کے واقعے پر گہرے دکھ اور غم و غصے کا اظہار کیا۔

    لواحقین نے حکومت سے دہشت گردوں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا اور معصوم مزدوروں کے سفاکانہ قتل کی بھرپور مذمت کی اور کہا بلوچستان میں آئے روز مزدوروں کا قتل عام اور دہشت گردی کی جارہی ہے، جسے روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

    یاد رہے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں نے ایک بار پھر معصوم لوگوں کو ٹارگٹ کیا، اور سات مزدوروں کو قتل کردیا، تمام افراد رشتے دار تھے اور اپنا گھر بار چلانے کیلئے پنجگور جاکرمزدوری کرتے تھے۔

  • پاک فوج کے تین شہداء کی نماز جنازہ ادا

    پاک فوج کے تین شہداء کی نماز جنازہ ادا

    راولپنڈی : مادر وطن پر اپنی جان قربان کرنے والے پاک فوج کے 3 جوان نائیک عنایت، لانس نائیک عمرحیات اور سپاہی وقار کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی مطابق شہداء کی نماز جنازہ میں اہل علاقہ اور پاک فوج کے سینئرافسران و جوانوں نے شرکت کی، شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج گروہ نے گزشتہ رات افغان بارڈر سے باجوڑ میں دراندازی کی کوشش کی سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔

    کارروائی میں5خارجی موقع پر ہلاک اور 4زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان حکومت خارجیوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے، توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک افغان سرحد باجوڑ میں خارجی دہشت گردوں نے دراندازی کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا تھا۔

    سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ کارروائی کے دوران 4 خوارجی زخمی بھی ہوئے۔ خوارجیوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 بہادر جوان بھی شہید ہوئے۔

  • گوادر میں شرپسندوں کے حملے میں شہید سپاہی شبیر بلوچ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    گوادر میں شرپسندوں کے حملے میں شہید سپاہی شبیر بلوچ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    گوادر : شرپسندوں کے حملے میں شہید سپاہی شبیر بلوچ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی اور جسدِ خاکی آبائی علاقے روانہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نام نہاد بلوچ راجی مچی کی آڑ میں پر تشدد ہجوم کے حملے میں شہید سپاہی شبیربلوچ کی نمازجنازہ گوادر میں اداکردی گئی۔

    ضلع نصیرآباد بلوچستان کے تیس سالہ سپاہی کی نماز جنازہ میں وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو، پاک فوج کے افسران، جوان، سول اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

    نماز جنازہ کے بعد شہید کے جسدِ خاکی کو آبائی علاقے روانہ کردیا گیا، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

    انتیس جولائی کونام نہاد بلوچ راجی مچی کی آڑ میں ایک پر تشدد ہجوم نے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملہ کیا تھا، شرپسندوں کے حملے میں ضلع نصیرآباد بلوچستان کے تیس سالہ سپاہی نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔

  • شہید کیپٹن اسامہ کی نماز جنازہ  ادا ، وزیر اعظم اور آرمی چیف  کا خراجِ عقیدت پیش

    شہید کیپٹن اسامہ کی نماز جنازہ ادا ، وزیر اعظم اور آرمی چیف کا خراجِ عقیدت پیش

    راولپنڈی : شہید کیپٹن اسامہ کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن پنڈی میں ادا کردی گئی ، وزیر اعظم اور آرمی چیف نے شرکت کرکے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہید کیپٹن محمد اسامہ کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی، وزیراعظم شہبازشریف،آرمی چیف جنرل سیدعا صم منیر،وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر اطلاعات بھی نمازجنازہ میں شریک ہوئے۔

    وزیراعظم اور آرمی چیف نے شہید کے جسد خاکی کو کاندھا دیا ساتھ ہی لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، جوانوں اور شہید کے رشتے داروں نے بھی نمازجنازہ میں شرکت کی۔

    چوبیس سالہ شہید کیپٹن کوآبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کےساتھ سپرخاک کیا جائے گا۔

    اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا یہ قربانیاں پرامن اور خوشحال پاکستان کیلئے ہیں، قربانیاں دہشت گردی کو شکست دینے کے ہمارے عزم کی عکاس ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ قوم غیرملکی دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کیخلاف پرعزم ہے،دشمنوں کومتحدسوچ اوربہترین حکمت عملی سےشکست دی جائے گی۔

    یاد رہے پاک فوج کےجوان کیپٹن اسامہ نےشمالی وزیرستان میں بہادری سےلڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جبکہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسزسےفائرنگ کےتبادلےمیں دو دہشت گرد مارے گئے تھے ، شہیدکیپٹن آپریشن کی قیادت کررہے تھے۔

  • گوادر: دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے  14 فوجی جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا

    گوادر: دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے 14 فوجی جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا

    گوادر : گوادر کے علاقے پسنی میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 14 فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ گوادر کے علاقے پسنی میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 14 سیکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    شہداء کی نماز جنازہ پسنی میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں سول اور حاضر سروس عسکری حکام نے شرکت کی

    جس کے بعد شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیئے گئے ہیں ، جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ہر قیمت ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

    یاد رہے کہ گذتہ روز ضلع گوادر کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر گھات لگائے دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا ، اس افسوسناک واقعے میں 14 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔

    حملے کے فوری بعدعلاقےمیں دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن شروع کردیا گیا، گھناؤنےفعل میں ملوث ملزمان کوہرصورت انصاف کےکٹہرےمیں لایاجائے گا۔

  • اسلام آباد دھماکہ: شہید کانسٹیبل عدیل حسین کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    اسلام آباد دھماکہ: شہید کانسٹیبل عدیل حسین کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    اسلام آباد: اسلام آباد کے علاقے آئی 10دھماکے میں شہید پولیس کانسٹیبل عدیل حسین کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کردی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نماز جنازہ میں ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی سی اسلام آباد، رینجرز حکام، پولیس جوانوں اور افسران کی بڑی تعداد میں شرکت کی جب کہ قائم مقام آئی جی اسلام آباد حسن رضا خان بھی نمازجنازہ میں شرکت تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خود کش دھماکا، پولیس اہلکار شہید

    واضح رہے کہ آج صبح اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں خودکش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔

  • معروف فنکار اسماعیل تارا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    معروف فنکار اسماعیل تارا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

     کراچی: اسٹیج اور ٹی وی کے معروف فنکار اسماعیل تارا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

    پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے نامور مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا گزشتہ روز دار فانی سے کوچ کرگئے، وہ گردے کے عارضے میں مبتلا تھے۔

    ان کا نماز جنازہ شہید ملت روڈ سے متصل پہاڑی مسجد میں ادا کی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: معروف کامیڈین اداکار اسماعیل تارا انتقال کرگئے

    مرحوم اداکار نے پی ٹی وی کے مزاحیہ ڈرامے ’ففٹی ففٹی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے وہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے متعدد ڈراموں بھی مزاحیہ کردار نبھا چکے ہیں۔

    انہوں نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈراموں ’انگنا‘ اور ’وہ پاگل سی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، ’لیاری کنگ لائیو‘ ٹاک شو بھی کیا۔

  • کراچی میں قتل  ہونے والے سندھ بارکونسل کے سیکریٹری کی نمازِ جنازہ ادا، مقدمہ درج

    کراچی میں قتل ہونے والے سندھ بارکونسل کے سیکریٹری کی نمازِ جنازہ ادا، مقدمہ درج

    شکارپور: کراچی میں ٹارکٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے سندھ بار کونسل کےسیکریٹری کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جبکہ وکیل کےقتل کامقدمہ درج بھی کرلیا گیا ہے، جس میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں قتل ہونے والے سندھ بارکونسل کےسیکریٹری کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، عرفان مہر کی نماز تحصیل گڑھی یاسین  میں ادا کی گئی ، نماز جنازہ میں ورثا،وکلااور علاقہ مکینوں نے  کثیر تعداد میں شرکت کی۔

    شکارپور:ضلع بار کونسل اور تحصیل بار کونسلز کی جانب سے 3روزہ سوگ  کا اعلان کردیا ہے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے گلستان جوہربلاک13 میں وکیل کے قتل کامقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمہ مقتول کےبھائی کی مدعیت میں شارع فیصل تھانےمیں درج کیا گیا۔

    کراچی: مقدمےمیں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں ، متن میں کہا گیا ہے کہ بھائی کوموٹرسائیکل سوار2ملزمان نے فائرنگ کرکےقتل کیا، بھائی بچوں کواسکول چھوڑنے گیا تھا، بچے چھوڑنے کے بعد گھرکی طرف آتے ہوئے بھائی کو نشانہ بنایا گیا۔

  • میانوالی طیارہ حادثہ،  شہید پاک فضائیہ کے پائلٹ کی نماز جنازہ ادا

    میانوالی طیارہ حادثہ، شہید پاک فضائیہ کے پائلٹ کی نماز جنازہ ادا

    لاہور : پاک فضائیہ کے شہید پائلٹ فلائنگ آفیسر عبادالرحمان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، عبادالرحمان میانوالی میں طیارہ حادثے شہید ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق میانوالی طیارہ حادثے میں شہید پاک فضائیہ کے پائلٹ فلائنگ آفیسر عبادالرحمان کی نماز جنازہ پاکستان ایئر فورس لاہور میں ادا کردی گئی، پاک فضائیہ کے دستے نے شہید کو سلامی دی۔

    شہید کی تدفین واپڈا ٹاؤن لاہور میں فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : میانوالی میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ شہید

    گذشتہ روز میانوالی کے قریب چاہ میانہ کے مقام پر پاک فضائیہ کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں طیارے ایف ٹی سیون میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے تھے، شہید پائلٹ میں اسکواڈرن لیڈر حارث بن خالد اور فلائنگ آفیسر عبادالرحمان شامل تھے۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئرہیڈ کوارٹرز نےاعلیٰ سطح بورڈ تشکیل دیا گیا۔

  • شہید ’ملک متورکئی‘ کی نماز جنازہ ادا، کوئی پی ٹی ایم رہنما شریک نہیں ہوا

    شہید ’ملک متورکئی‘ کی نماز جنازہ ادا، کوئی پی ٹی ایم رہنما شریک نہیں ہوا

    شمالی وزیرستان : ملک دشمن تنظیم ’پی ٹی ایم‘ کی سازش کو بےنقاب کرنے والے شہید ’ملک متورکئی‘ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ و تدفین میں پی ٹی ایم کی کسی شخصیت یا رہنما نے شرکت نہیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے گابیچی میں شہید’’ملک ماتوڑکے‘‘کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، اس موقع پر علاقہ معززین کی بڑی تعداد موجود تھی لیکن نمازجنازہ میں پی ٹی ایم کی کسی شخصیت یا رہنما نے شرکت نہیں کی۔

    واضح رہے کہ پی ٹی ایم کی جانب سے پاک فوج کے افسران پر خواتین سے بدسلوکی کے الزامات پر جرگے کے سامنے حلفیہ طور پر ان الزامات کا دفاع کرنے والے ملک متورکئی کو گزشتہ رات قتل کردیا گیا تھا.

    ماتوڑکے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چھاپے کے وقت وہ فوج کے ہمراہ تھا فوجی جوانوں نے خواتین سے کسی قسم کی کوئی بد تمیزی نہیں کی اور نہ ہی وہ زبردستی گھروں میں داخل ہوئے، ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا جیسا کہ پی ٹی ایم کی جانب سے بیان کیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : ملک دشمن ’پی ٹی ایم‘ کو بے نقاب کرنے والا ’ملک متورکئی‘ قتل

    یاد رہے کہ پی ٹی ایم کو بےنقاب کرنے والے ملک ماتوڑکے کو ان کے گھر میں ہی قتل کیا گیا تھا، اس حوالے سے ان سوالات نے جنم لیا کہ افغانستان میں مقتول کی غائبانہ نمازجنازہ کیوں ادا نہیں کی گئی؟

    نمازجنازہ افغانستان میں ادا نہ ہونے سے قتل کا پردہ چاک ہوگیا ہے جبکہ مقتول کے لواحقین نے بھی منظور پشتین، محسن داوڑ اور علی وزیر کو قتل کاذمہ دارقرار دیا ہے۔