Tag: نماز جنازہ

  • پرویز مشرف کی نماز جنازہ ملیر کینٹ میں ادا کر دی گئی

    پرویز مشرف کی نماز جنازہ ملیر کینٹ میں ادا کر دی گئی

     کراچی: سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی نماز جنازہ ملیر کینٹ کراچی میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا گیا۔

    جنرل (ر) پرویز مشرف کی نماز جنازہ پولوگراؤنڈ ملیر کینٹ کراچی میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی افسران اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

    جس میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد اور جنرل ریٹائر اشفاق پرویز کیانی نے شرکت کی۔

    سابق صدر پرویز مشرف انتقال کرگئے

    خیال رہے کہ 5 فروری کو سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف دبئی میں انتقال کرگئے تھے وہ طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرعلاج تھے۔

    گزشتہ شب سابق صدر پرویز مشرف کی میت کو لے کرخصوصی طیارہ دبئی سے کراچی پہنچا تھا، خصوصی طیارے سے پرویز مشرف کی اہلیہ، بیٹی اور صاحبزادے بھی کراچی پہنچے تھے۔

  • ڈاکٹرعامر لیاقت کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ ادا کی جائے گی

    ڈاکٹرعامر لیاقت کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ ادا کی جائے گی

    کراچی : رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کی نمازجنازہ آج بعد نمازجمعہ ادا کی جائے گی اور ان کی تدفین حضرت عبداللّٰہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائے گی ۔

    تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کی نمازجنازہ آج بعد نمازجمعہ ادا کی جائے گی اور ان کی تدفین حضرت عبداللّٰہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائے گی ۔

    اس حوالے سے ڈاکٹر عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ بشری اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کی تھی کہ عامر لیاقت کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق کی جائے گی۔ ان کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد عبداللہ شاہ غازی کلفٹن میں 2 بجے ادا کی جائے گی۔

    انہوں نے مزید واضح کیا تھا کہ ان کے بچوں احمد عامر اور دعا عامر نے اپنے والد کے پوسٹ مارٹم کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ کہ عامر لیاقت نے اپنے وزارت کے دوران اپنی قبر کی جگہ رقم کے عوض مختص کروادی تھی جس احاطے میں تدفین ہوگی وہ شیخ لیاقت حسین کمپاؤنڈ کے نام سے ہے۔

    ذرائع کے مطابق کمپاؤنڈ میں چار تدفین ہوچکی ہیں جبکہ 2007 میں عامر لیاقت نے 5 قبریں الاٹ کرائی تھیں، احاطے میں عامر لیاقت حسین کے والدین، نعت خواں خورشید احمد اور پہلی اہلیہ کے والد مدفن ہیں۔

    واضح رہے گذشتہ روز ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اچانک انتقال کرگئے ، ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی ایم این اے کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، عامر لیاقت کو ڈرائیور نے ساتھی ملازم کے ساتھ دوپہر ایک بجے اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کی۔

    خیال رہے جولائی 1971 میں پیدا ہونے والے عامر لیاقت حسین پہلی بار 2002 کے عام انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر حلقہ این اے 249 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور انہیں وزیر مملکت برائے مذہبی امور مقرر کیا گیا۔

    حسین جولائی 2007 تک مذہبی امور کے وزیر مملکت رہے، جب ان کی پارٹی نے انہیں اپنے عہدے سے، اور قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے اپنی نشست سے مستعفی ہونے کو کہا۔ بعد ازاں 2008 میں انہیں ایم کیو ایم سے نکال دیا گیا۔

  • مولانا عادل خان جامعہ فاروقیہ کے احاطے میں سپرد خاک

    مولانا عادل خان جامعہ فاروقیہ کے احاطے میں سپرد خاک

    کراچی: گزشتہ روز ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والے اسکالر مولانا عادل خان اور ان کے ڈرائیور مقصود کی نماز جنازہ حب ریور روڈ جامعہ فاروقیہ فیز 2 میں ادا کر دی گئی۔بعد ازاں انھیں جامعہ فاروقیہ کے احاطے میں ان کے والد سلیم اللہ خان کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نماز جنازہ مولانا عادل خان کے بھائی عبیداللہ خالد نے پڑھائی، جس میں بڑی تعداد میں علما، طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی، نماز جنازہ میں شرکت کے لیے افراد پہاڑی راستے سےگزر کر آئے۔

    مولانا عادل کی تدفین ان کے والد مولانا سلیم اللہ خان کے پہلو میں کی جائے گی۔نماز جنازہ میں سینیٹر عبدالغفور حیدری، راشد محمود سومرو، اورنگ زیب فاروقی، مفتی تقی عثمانی، مفتی رفیع عثمانی، اور جامع بنوریہ سے مفتی نعمان نعیم نے شرکت کی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں واقع شمع شاپنگ سینٹر کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ڈبل کیبن گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل اور ڈرائیور مقصود احمد زخمی ہوئے۔

    بھارت علما کو قتل کرواکر شیعہ سنی فسادات کرانا چاہتا ہے، وزیراعظم

    مولانا عادل کو نجی اسپتال جب کہ ڈرائیور کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، ڈاکٹر سیمی جمالی نے ڈرائیور جب کہ نجی اسپتال کے ترجمان نے مولانا عادل کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔

    مولانا ڈاکٹر عادل خان مولانا سلیم اللہ خان مرحوم کے صاحب زادے تھے، مولانا سلیم اللہ وفاق المدارس پاکستان کے سربراہ تھے جب کہ مولانا ڈاکٹر عادل خان جامعہ فاروقیہ کراچی کے مہتمم اور وفاق المدارس العربیہ کی مجلس عاملہ کے رکن تھے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اس قتل کو بھارتی سازش قرار دیا، ایک ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران پیشگی اقدامات کے ذریعے ہم ایسی کئی کوششیں خاک میں ملا چکے ہیں، ہمارے سراغ رساں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس قتل کے ذمہ داروں کو بھی دبوچ لیں گے۔

    انھوں نے کہا تمام مکاتب فکر کے علما یقینی بنائیں کہ عوام پاکستان کو عدم استحکام میں جھونکنے کی ناپاک بھارتی سازش کے شکار نہ ہوں۔

  • لیجنڈ کامیڈین امان اللہ کی نماز جنازہ، ویڈیو بنانے پر اداکار واسع چوہدری برہم

    لیجنڈ کامیڈین امان اللہ کی نماز جنازہ، ویڈیو بنانے پر اداکار واسع چوہدری برہم

    لاہور: معروف کامیڈین امان اللہ کی آخری رسومات کے موقع پر معروف اداکار واسع چوہدری لوگوں کو اسمارٹ فون سے میت کی تصاویر بناتے دیکھ کر پریشان ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف کامیڈین امان اللہ، جو گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے، کے جنازے پر فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کئی افراد نے شرکت کی۔

    معروف اداکار واسع چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا کہ امان اللہ صاحب کے جنازے میں، میں یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ لوگ میت کی ویڈیوز بنانے میں مصروف تھے، بجائے اس کے کہ وہ میت کے ایصال ثواب کے لیے کچھ پڑھتے۔

    واسع چوہدری نے مزید لکھا کہ بھاڑ میں جائیں یہ موبائل فونز!

    معروف کامیڈین امان اللہ گزشتہ روز 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، وہ طویل عرصے سے گردوں اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ 15 روز سے اسپتال میں داخل تھے۔

    مرحوم مزاحیہ اداکار امان اللہ نے اسٹیج ڈراموں کے علاوہ ٹی وی ڈراموں، فلموں اور نیوز چینلز پر چلنے والے مزاحیہ پروگرامز میں شاندار کارکردگی کا لوہا منوایا۔ وہ دوران علالت بھی پھلجھڑیاں چھوڑ کر اپنی شگفتہ مزاجی کا ثبوت دیتے رہے۔

    امان اللہ کے انتقال پر وزیر اعظم عمران خان اور دیگر سیاسی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔

    ان کے انتقال پر نہ صرف پاکستانی فنکاروں نے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا بلکہ بھارتی کامیڈین کپل شرما نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

  • مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری سپرد خاک کر دی گئیں

    مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری سپرد خاک کر دی گئیں

    نوشہرو فیروز: زمین کے تنازعے پر قتل کی جانے والی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں اسماعیل شاہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ضیا لنجار، عاجز دھامرا، ممتاز چانڈیو اور سرفرازشاہ، پارٹی کارکنوں اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

    نماز جنازہ کے بعد کارکنان اور ورثا نے ملزمان کی گرفتاری کے نعرے لگائے، بعد ازاں اسماعیل شاہ قبرستان میں شہناز انصاری کی تدفین کردی گئی۔

    اس موقع پر پیپلز پارٹی رہنما عاجز دھامرا کا کہنا تھا کہ ایم پی اے شہناز انصاری کو دن دہاڑے قتل کیا گیا، ایم پی اے قتل ہوگئی لیکن آئی جی سندھ آرام سے سوئے ہوئے ہیں۔ آئی جی کے ٹرانسفر سے روکیں گے تو جرائم پیشہ افراد متحرک ہوجائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس پر گرفت نہیں رکھے گی تو ایسے حالات پیدا ہوں گے۔

    خیال رہے کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کو گزشتہ روز نوشہرو فیروز میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، شہناز انصاری کو 3 گولیاں لگیں اور انہیں تشویشناک حالت میں نوابشاہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

    مقتولہ کو کافی عرصے سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہورہی تھیں، واقعے کے وقت وہ بغیر کسی سیکیورٹی کے ایک مجلس میں شریک تھیں۔

  • شہید ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز کوئٹہ میں ادا

    شہید ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز کوئٹہ میں ادا

    کوئٹہ: دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ڈی ایس پی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں وزیر داخلہ، آئی جی ایف سی، پولیس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

    گزشتہ روز سیٹلائٹ ٹاؤن میں مسجد میں دھماکے میں 15 افراد شہید ہوئے تھے، گزشتہ کچھ عرصے سے پرامن ماحول میں دہشت گردی کا یہ ایک بڑا واقعہ تھا، جس کے شہر کی فضا سوگوار ہو گئی ہے۔

    سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں نماز مغرب کے دوران دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ اور امام مسجد بھی شہید ہوئے تھے، جب کہ 19 افراد زخمی ہو گئے تھے، جو سول اسپتال میں زیر علاج ہیں، شہید افراد میں سے 6 کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے.

    کوئٹہ میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق

    وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا تھا کہ خدشہ ہے دھماکا خود کش تھا، دھماکے میں بھارت ملوث ہو سکتا ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، اور دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال کر رہا ہے، بھارت سی پیک کی صورت میں پاکستان کے اقتصادی مستقبل سے بھی خوف زدہ ہے۔

    واقعے پر وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف نے بھی مذمت کی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا مسجد میں دھماکا کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے، انھوں نے امدادی کاموں میں پولیس اور سول انتظامیہ کو تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

  • لائن آف کنٹرول پر شہید فوجی جوان آبائی علاقوں میں سپرد خاک

    لائن آف کنٹرول پر شہید فوجی جوان آبائی علاقوں میں سپرد خاک

    پنو عاقل: لائن آف کنٹرول پر گزشتہ روز بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایل او سی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے باعث جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے دو اہل کاروں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔

    نائب صوبیدار کندیرو کی تدفین صوبہ سندھ کے ضلع سکھر کی تحصیل پنو عاقل میں عمل میں آئی، جب کہ سپاہی محمد احسان کو پنجاب کے ضلع جہلم کے شہر پنڈدادن خان میں سپرد خاک کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایل او سی پر فائرنگ سے 2 جوان شہید، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، 3 بھارتی فوجی ہلاک

    شہید فوجیوں کی نماز جنازہ میں فوجی اور سول حکام، عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    یاد رہے کہ دونوں جوان بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے گزشتہ روز شہید ہوئے تھے، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں تین بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے، اور دشمن کی ایک چوکی تباہ ہو گئی تھی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز نے حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی چیک پوسٹ تباہ ہو گئی، اور 3 بھارتی فوجی مارے گئے، جن میں ایک صوبیدار بھی شامل تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوان دیوا سیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزی سے شہید ہوئے تھے۔

  • خواجہ سعد رفیق پرول پر رہا، ساس کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے

    خواجہ سعد رفیق پرول پر رہا، ساس کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے

    لاہور: آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار خواجہ سعد رفیق کو ساس کے انتقال پر پرول پر رہا کر دیا گیا ہے، سعد رفیق ساس کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کی پرول پر رہائی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انھیں 48 گھنٹے کے لیے رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

    خواجہ سعد رفیق نے ساس کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے درخواست دی تھی، نماز جنازہ شام 7 بجے لیہ میں ادا کی جائے گی، خواجہ سعد رفیق جیل سے لیہ جائیں گے۔

    خواجہ سعد رفیق کی پرول پر رہائی کے آرڈر کیمپ جیل میں ایم پی اے یاسین سہول نے پہنچائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی ضمانت منظور کر لی

    یاد رہے گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ کیس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی بھی طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت منظور کی ہے، عدالت کا کہنا تھا کہ انسانی بنیادوں پر منگل تک سزا معطلی اور درخواست ضمانت منظور کی گئی ہے۔

    عدالت نے فیصلے سے قبل کہا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ جامع رپورٹ دے، حکومت نے آئینی اختیارات استعمال نہیں کیے، حکومتیں ذمہ داری ادا کر رہی ہیں نہ ذمہ داری لے رہی ہیں، ماضی کے فیصلوں میں سزا یافتہ قیدیوں پر اصول وضع کر چکے ہیں، آج حکومتوں سے پوچھا گیا کہ عدالتی فیصلے پر کس حد تک عمل کیا گیا، تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتیں واضح جواب نہیں دے سکیں۔

  • چمن دھماکے میں شہید مولانا محمد حنیف کی نماز جنازہ، آبائی قبرستان میں سپردخاک

    چمن دھماکے میں شہید مولانا محمد حنیف کی نماز جنازہ، آبائی قبرستان میں سپردخاک

    چمن : دھماکہ میں شہید ہونے والے جے یو آئی ایف کے رہنما مولانا محمد حنیف کو آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، دھماکے کا مقدمہ قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے شہر چمن میں دھماکہ میں شہید ہونے والے جے یو آئی ف کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مولانا محمد حنیف کی جنازہ ملت آباد میں شہید کے مدرسے میں ادا کردی گئی۔

    نماز جنازہ میں مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے اراکین قومی صوبائی اسمبلی سینیٹرز رہنماؤں قبائلی عمائدین سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ واقعے کے خلاف جے یو آئی ف کے اپیل پر چمن سمیت بلوچستان بھر میں شٹرڈاؤن رہا۔

    مزید پڑھیں: چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    جن کی قوم پرست جماعتوں نے بھی حمایت کی تھی، مولانا کی نماز جنازہ ان کے بیٹے قاری محمد قاسم نے پڑھائی۔ گزشتہ روز تاج روڈ بم دھماکے میں مولانا محمد حنیف سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ سترہ زخمی ہوئے تھے۔

  • کیپٹن عاقب اور نادر حسین شہید کی نماز جنازہ ادا، فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    کیپٹن عاقب اور نادر حسین شہید کی نماز جنازہ ادا، فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    سرگودھا / صوابی/ کراچی : دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے دو شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، کیپٹن عاقب اور نادرحسین شہید کو ان کے آبائی گاؤں میں سپردخاک کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردوں کی فائرن سے شہید ہونے والے کیپٹن عاقب اور نادر حسین شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا، ،پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی،قبر پر قومی پرچم لہرا دیا گیا۔

    نماز جنازہ اور تدفین میں شہیدوں کے عزیز اقارب سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی، کیپٹن عاقب شہید کو ان کے آبائی گاؤں نوتھیں میں سپردخاک کردیا گیا، صدر پاکستان اور آرمی چیف کی جانب سے شہید کی قبر پر پھول چڑھائے گئے۔

    دوسری جانب شہید نادر حسین کی نمازجنازہ صوابی میں آبائی گاؤں یعقوبی میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ اور تدفین میں وزیراطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی نے شرکت کی۔ بعد ازاں شہید نادرحسین کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

    علاوہ ازیں نیول چیف ،ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے شہادت پانے والے افسر و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ شہداء کے ورثا کے غم میں برابرکے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کا رتبہ بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔