Tag: نماز جنازہ

  • موٹاپے کا شکار نورالحسن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    موٹاپے کا شکار نورالحسن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    صادق آباد: موٹاپے کا شکار نورالحسن کی نماز جنازہ مرکزی عیدگاہ میں اداکر دی گئی، اس موقع پر شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے اسپتال میں موٹاپے کے شکار صادق آباد کے رہایشی نور الحسن کا انتقال ہو گیا تھا، نورالحسن کی 2 ہفتے قبل سرجری کی گئی تھی۔

    انتقال کے بعد نورالحسن کو صادق آباد کے علاقے فتہ کٹہ کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے نمازجنازہ میں شرکت کی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر کا ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے موٹاپے کے شکار نور الحسن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

    آرمی چیف کا نور الحسن کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار

    نور الحسن کی موت کے سلسلے میں یہ تنازع کھڑا ہو گیا ہے کہ اس کی موت کس وجہ سے ہوئی، ڈاکٹر معاذ کے مطابق اسپتال میں ڈلیوری کے دوران ایک خاتون انتقال کر گئی تھیں، خاتون کے لواحقین نے اشتعال میں آ کر اسپتال میں توڑ پھوڑ کی جس کی وجہ سے نور الحسن سمیت دو افراد انتقال کر گئے۔

  • ڈاکٹر انور سجاد کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس

    ڈاکٹر انور سجاد کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس

    لاہور: اردو کے ممتاز فکشن نگار، ڈراما نویس، مصور اور دانش ور ڈاکٹر انور سجاد کی نمازِ جنازہ آج لاہور میں ادا کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف ادیب انور سجاد گزشتہ روز جمعرات کو لاہور میں 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، انھوں نے زندگی کی آخری سانسیں لاہور کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اپنی رہایش گاہ میں لیں۔

    ڈاکٹر انور سجاد کی نمازِ جنازہ میں اہل خانہ اور معروف شخصیات سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

    انور سجاد طویل عرصے سے علیل تھے، پیشے کے لحاظ سے میڈیکل ڈاکٹر تھے تاہم لوگوں میں ان کی شہرت ان کے لکھے گئے ڈراموں، اداکاری اور فکشن نگاری کی وجہ سے تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  “خوشیوں کا باغ” کا مصنف ایک یاد ہوا، ممتاز فکشن نگار انور سجاد انتقال کر گئے

    دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈاکٹر انور سجاد کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اردو ادب کا اثاثہ تھے، ادب و فن کے لیے ان کی گراں قدر خدمات بھلائی نہیں جا سکتیں۔

    خیال رہے کہ ڈاکٹر انور سجاد 1935 میں لاہور میں پیدا ہوئے، ان کے سوگواران میں ایک بیوہ اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

  • کرکٹر آصف علی کی بیٹی کی نماز جنازہ ادا

    کرکٹر آصف علی کی بیٹی کی نماز جنازہ ادا

    فیصل آباد: کرکٹر آصف علی کی بیٹی نور فاطمہ کی نماز جنازہ فیصل آباد میں ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آصف علی کی 2 سالہ بیٹی نور فاطمہ ادا کردی گئی، آصف علی کی بیٹی کوبہشتی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

    نور فاطمہ امریکا میں دوران علاج انتقال کرگئی تھیں، آصف علی گزشتہ رات بیٹی کی میت لے کر پاکستان پہنچے تھے۔ دو سالہ نور فاطمہ کا کینسر چوتھی اسٹیج پر تھا۔

    آصف علی کی بیٹی کے بارے میں خبریں رواں برس پی ایس ایل کے دوران سامنے آئی تھیں جب پی ایس ایل میں آصف علی کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز ایک پریس کانفرنس کے دوران اس حوالے سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے تھے۔

    قومی کرکٹرآصف علی کی کمسن بیٹی انتقال کرگئیں

    آصف علی کی بیٹی کے انتقال پر اے آر وائی کے صدراور سی ای او سلمان اقبال نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں آصف علی اورن کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

    دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کرکٹر آصف علی کی بیٹی کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے آصف علی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

  • قمرزمان کائرہ کے بیٹے کی نمازجنازہ آج ادا کی جائے گی

    قمرزمان کائرہ کے بیٹے کی نمازجنازہ آج ادا کی جائے گی

    گجرات : پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر کی نماز جنازہ آج دوپہر 3 بجے ادا کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قمرزمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمرکی نمازجنازہ لالہ موسیٰ مین جی ٹی ردڈ لنک اسکول گراؤنڈ میں آج 3 بجے ادا کی جائے گی۔

    پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر گزشتہ روز لالہ موسیٰ میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

    اسامہ قمر کی گاڑی موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئی، حادثے میں اسامہ قمر کے دوست بھی زخمی ہوئے۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    وزیراعظم عمران خان نے قمر زمان کائرہ کے جواں سال بیٹے کی وفات پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ والدین اور خاندان کے لیے صبر کی دعا کی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جواں سال اسامہ قمر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار والدین کے لیے نا قابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمان کی اہلیہ اور بیٹا بھی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • ننھی نشوا کا پوسٹ مارٹم، نماز جنازہ کا وقت تبدیل

    ننھی نشوا کا پوسٹ مارٹم، نماز جنازہ کا وقت تبدیل

    کراچی: ہنستی کھیلتی چہچہاتی نشوا والدین کو روتا چھوڑ گئی، نشوا کی میت اسپتال سے گھر منتقل کر دی گئی، تاہم پوسٹ مارٹم کے باعث نماز جنازے کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہنستی کھیلتی چہچہاتی نشوا والدین کو روتا چھوڑ گئی، دو ہفتے بعد ننھی نشوا زندگی کی جنگ ہار گئی، نشوا کی میت گھر منتقل کر دی گئی ہے تاہم پوسٹ مارٹم کے باعث نماز جنازے کا وقت تبدیل کر دیا گیا۔

    نشوا کی نماز جنازہ اب بعد نماز عشاء جامعہ مسجد ابن عباس کے ڈی اے میں ادا کی جائے گی، جب کہ تدفین پہلوان گوٹھ قبرستان میں ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  غلط انجکشن سے متاثر ہونے والی 9 ماہ کی بچی نشوہ زندگی کی بازی ہار گئی

    خیال رہے کہ ننھی نشوا کی حالت دارالصحت اسپتال میں غلط انجکشن لگنے سے بگڑی تھی، جس کے بعد نشوا کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کر گئی۔

    نشوا کے والد نے سوشل میڈیا پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ نشوا ہار گئی، ظلم جیت گیا۔ نشوا کے والد نے ہنستی مسکراتی بیٹیوں کی فوٹیج بھی شئیر کر دی۔

    یہ بھی پڑھیں:  میری بیٹی نے بہت ہمت کی لیکن وہ ہار گئی ، نشوہ کے والد

    دوسری طرف نشوا کیس میں ملزمہ ثوبیہ کو 4 مئی تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے، دیگر ملزمان تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیے گئے ہیں، ملزمان میں منیجر عاطف، احمد شہزاد اور آغا معیز شامل ہیں۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کے والد فتح محمد بزدار انتقال کرگئے

    وزیراعلیٰ پنجاب کے والد فتح محمد بزدار انتقال کرگئے

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے والد سردار فتح محمد بزدار انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے والد فتح محمد بزدار انتقال کرگئے، وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے۔

    سردارعثمان بزدار کے والد علاج کے لیے دو روز قبل لاہور بھی آئے لیکن چیک اپ کے بعد تونسہ شریف روانہ ہوگئے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب اب سے کچھ دیر بعد تونسہ شریف کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ اپنے والد کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔

    سردارعثمان بزدار کے والد کی نمازجنازہ شام 4 بجے ادا کی جائے گی اور آبائی علاقے بارتھی میں تدفین کی جائے گی۔

    سردارفتح محمد بزدار مرحوم 3 بار رکن پنجاب اسمبلی بھی رہ چکے ہیں، مرحوم بلوچ قبیلے بزدار کے سربراہ بھی تھے۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ سردار فتح محمد اچھے انسان تھے۔

    چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ بطور رکن پنجاب اسمبلی فتح محمد بزدار کے ساتھ کام کیا، انہوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ ہیں۔

    گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

  • سانحہ کرائسٹ چرچ: شام سے تعلق رکھنے والے شہید باپ بیٹے کو سپردخاک کردیا گیا

    سانحہ کرائسٹ چرچ: شام سے تعلق رکھنے والے شہید باپ بیٹے کو سپردخاک کردیا گیا

    کرائسٹ چرچ: سانحہ نیوزی لینڈ میں شام سے تعلق رکھنے والے شہید باپ بیٹے کو سپرد خاک کردیا گیا، اس موقع پر شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں مساجد پر فائرنگ کے نتیجے میں شہید خالد مصطفیٰ اور بیٹے حمہز کی تدفین کردی گئی، شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    نیوزی لینڈ کے میموریل پارک میں نماز جنازہ کے دوران ہر شخص افسردہ تھا، شہریوں نے آہوں اور سسکیوں میں شہیدوں کی تدفین کی۔

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق تمام افراد کا پوسٹ مارٹم مکمل کیا جاچکا ہے، جاں بحق افراد میں سے 12کی باضابطہ شناخت کی جاچکی ہے، جبکہ 6افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ جمعے نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 50 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کرکھی ہے۔

    حملے کے بعد دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز رویوں کی بھرپور مذمت کی جارہی ہے، سوشل میڈٰیا پر بھی شہری مسلمان مخالف سرگرمیوں کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

    نیوزی لینڈ میں دہشت گردی، حملہ آور کے پاس اسلحہ کہاں سے آیا؟

    دوسری جانب پولیس گرفتار حملہ آور سے بھی تحقیقات کررہی ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گرد نے حملے کے لیے جو اسلحہ استعمال کیا وہ آن لائن خریدا گیا تھا۔

  • فاسٹ باؤلر محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ ادا

    فاسٹ باؤلر محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ ادا

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ گجرخان جنگہ بھنگیال میں ادا کردی گئی۔

    محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ اے آروائی نیٹ ورک محمدعامراور خاندان کے دکھ میں شریک ہے۔

    محمد عامر کی والدہ انتقال کرگئیں

    فاسٹ باؤلر محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پریہ خبر دی کہ ان کی والدہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں اور خالق حقیقی سے جا ملیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور دیگرشخصیات نے محمد عامر سے دکھ کا اظہار کیا اور ان کے لیے صبرکی دعا کی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صبرعطا فرمائے اور آپ کی امی کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز محمد عامر نے اپنے مداحوں سے والدہ کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی تھی۔

  • ڈسکہ: شہید شاکراللہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    ڈسکہ: شہید شاکراللہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    سیالکوٹ: صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں شہید شاکراللہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں شاکراللہ کی نمازجنازہ ادا کردی گئی، شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

    شہریوں نے شاکراللہ کی میت پرپھولوں کی پتیاں نچھاورکیں، شاکراللہ کی تدفین جیسروالا گاؤں کے قبرستان میں ہوگی۔

    بھارت نے جے پور کی جیل میں قید کے دوران تشدد کے بعد قتل کیے جانے والے شہری شاکراللہ کی میت پاکستانی حکام کے حوالے کی تھی۔

    جے پور جیل میں قتل کیے گئے پاکستانی شاکر اللہ کی میت پاکستان پہنچ گئی

    پاکستانی شہری شاکراللہ کی میت گزشتہ روز علی الصبح واہگہ بارڈر پرپہنچائی گئی تھی، شاکراللہ کی میت واہگہ بارڈر پرپاکستانی حکام کے حوالے کی گئی تھی، میت وصول کرنے کے لیے شاکراللہ کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔

    شاکراللہ کے بھائی شہزاد گلفام نے بتایا تھا کہ 47 سالہ شاکراللہ ذہنی مریض تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاکراللہ شکرگڑھ کے نزدیک میلہ دیکھنے گیا تھا اور 2003 میں غلطی سے سرحد عبورکرگیا تھا۔

    بھارت میں سفارتی ذمہ داریاں انجام دینے والے سابق سفیر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ عوام کو کچھ نہیں کہہ سکتے کیوں بھارتی حکومت کا مؤقف ہی دہشت گردی اور انتہاپسندی پر مبنی ہے۔

    سابق سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کو جے پور کی جیل میں قید شکور اللہ کے قتل میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرنا چاہیے اور اسلام آباد میں موجود بھارتی سفیر کو طلب کرکے واقعے پر شدید احتجاج کرنا چاہیے۔

  • ڈی جی خان: پاک فوج کے شہید حوالدارعبدالرب کی نمازجنازہ ادا

    ڈی جی خان: پاک فوج کے شہید حوالدارعبدالرب کی نمازجنازہ ادا

    ڈیرہ غازی خان: صوبہ پنجاب کے شہر ڈی جی خان میں پاک فوج کے شہید حوالدارعبدالرب کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی کان کےعلاقے ننکائی تونسی میں پاک فوج کے شہید حوالدارعبدالرب کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

    پاک فوج کے افسران، ضلعی انتظامیہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

    دوسری جانب نائیک خرم کی نماز جنازہ شام چار بجے ڈیرہ غازی خان میں ادا کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے امن کے پیغام کے بعد بھی بھارت نے جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایل اوسی پرفائرنگ وگولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان سمیت دو پاکستانی شہری شہید ہوگئے تھے۔

    بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کے 2 جوان شہید

    آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے دونوں جوان شہری آبادی پرفائرنگ کے جواب میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔

    واضح رہے 27 فروری کو پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے تھے اور ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرلیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے، ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا تھا۔