Tag: نماز جنازہ

  • زبیدہ آپا اب ہم میں نہیں رہیں

    زبیدہ آپا اب ہم میں نہیں رہیں

    کراچی : معروف شیف، میزبان اور ماہر امور خانہ داری زبیدہ آپا مختصرعلالت کے بعد انتقال کر گئیں.

    تفصیلات کے مطابق مزیدار کھانوں کی ترکیبیں اور باورچی خانے و امور خانہ داری سے جڑے مسائل کا سادہ ٹوٹکوں سے حل بتانے میں مہارت رکھنے والی، نہایت نفیس طبعیت کی مالک اور مشرقی روایات کی امین، شفیق میزبان زبیدہ طارق المعروف زبیدہ آپا رضائے الہی سے انتقال کر گئی ہیں.

    معروف مصنف اور ادیب انور مقصود جو کہ زبیدہ طارق کے بھائی بھی ہیں نے میڈیا سے گفتگو میں زبید آپا کی انتقال کی خبر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ چند دنوں سے بیمار تھیں اور مقامی اسپتال میں زیرعلاج بھی تھیں تاہم آج مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملیں.

    اُن کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ زبیدہ آپا کی نمازجنازہ آج بعد نماز جمعہ سلطان مسجد ڈیفنس میں ادا کی جائے گی، زبیدہ آپا نے ایک بیٹے حسین طارق اور بیٹی صبا طارق کو سوگوار چھوڑا ہے.

    زبیدہ طارق 4 اپریل 1945 کو بھارت کی ریاست حیدرآباد میں پیدا ہوئیں وہ دس بہن بھائی تھے جن میں معروف مصنفہ ثریا بجیا، انور مقصود اور شاعرہ زہرہ نگاہ نے بھی شہرت کے آسمان کو چھوا، ان کے بالوں کے انداز، جیولری اور خوبصورت لباس میں مشرقی رنگ نمایاں تھا۔

    زبیدہ طارق نے فنون لطفیہ کے ایک الگ ہی شعبے کو چنا اور وہ امور خانہ داری کی ماہر کی صورت میں سامنے آئیں جہاں وہ مزیدار کھانوں سے دستر خوان سجاتیں اور گھریلو مسائل کا عام ٹوٹکوں سے حل بھی بتاتیں جس نے انہیں خواتین میں کافی مقبول بنادیا تھا۔

    زبیدہ طارق نے کھانے بنانے کے مختلف پروگراموں میں میزبانی کے فرائض بھی انجام دیئے جس کے دوران وہ خواتین کو امور خانہ داری سے متعلق مخلتف مسائل کے حل بھی بتاتیں اور دھیرے دھیرے وہ باورچی خانے اور گھر کے ہر مسائل کے حل رکھنے والی زبیدہ آپا کے نام سے مشہور ہو گئیں۔
     

     

  • پاک سرزمین کے سپوت میجراسحاق شہید کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کردی گئی

    پاک سرزمین کے سپوت میجراسحاق شہید کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کردی گئی

    لاہور : ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ کلاچی میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک سرزمین کے سپوت میجراسحاق شہید فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کردی گئی، شہید کا خاندان پہلے بھی پاکستان پر جانیں نچھاور کرچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین کے سپوت شہید میجراسحاق شہید کی نماز جنازہ ایوب اسٹیڈیم میں ادا کی گئی، جس کے بعد کیولری گراؤنڈ شہدا میں فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کردی گئی۔

    نمازِ جنازہ میں وزیراعلیٰ پنجاب ،کورکمانڈرلاہور نے شرکت کی۔

    اس سے قبل جسدخاکی واپڈاٹاؤن ان کی رہائش گاہ پہنچا تو پورا علاقہ امڈ آیا اور اہل خانہ رشتہ داروں اوراہل محلہ نے نم آنکھوں سے شہید کا دیدار کیا۔

    ڈیرہ اسماعیل میں شہید ہونے والے میجر اسحاق شہید کی شہادت پر ان کے بھائیوں نے فخر کا اظہار کیا ہے، شہیدکے بڑے بھائی نے بتایا کہ میجر اسحاق کوشہادت کی بہت خواہش تھی جبکہ ایک بھائی کا کہنا ہے ہم نے ہیرا وطن پر قربان کردیا۔

    میجر اسحاق کا تعلق پنجاب کے علاقےخوشاب سے تھا، انکی لاہور رہائش گاہ واپڈ ٹاؤن پرعزیز رشتے دار پہنچ چکے ہیں، جن کا کہنا ہے کہ دہشت گرد انکے حوصلے پست نہیں کر سکتے قربانیاں دیتے رہیں گے۔

    میجر اسحاق شہید کا فوجی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں شہادتوں کی داستانیں پہلے سے بھی موجود ہیں۔

    اٹھائیس سالہ میجراسحاق شہید نے ڈیڑھ سالہ بیٹی اور بیوہ کو سوگوارچھوڑا۔


    مزید پڑھیں : ڈی آئی خان میں کارروائی، قوم کا ایک اور سپوت میجراسحاق شہید


    یاد رہے میجر اسحاق ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کرگئے تھے، ان کا تعلق اکیس میڈیم رجمنٹ آرٹلری سے تھا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کہتے ہیں مادروطن کی محبت میں یہ قیمت چکارہے ہیں، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اور جانوں کےان نذرانوں پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    میجراسحاق شہیدکی نمازجنازہ میں آرمی چیف قمرجاویدباجوہ اوردیگرحکام نے شرکت کی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا

    نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ روز ٹیپو سلطان روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکار رحمت کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ تدفین آبائی علاقے عمر کوٹ میں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق فیروز آباد میں گزشتہ روز ٹیپو سلطان روڈ پر دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    نماز جنازہ میں کور کمانڈر کراچی، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

    پولیس حکام کے مطابق شہید ہونے والا اہلکار رحمت ریٹائرڈ فوجی تھا اور اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس ایسٹ زون میں تعینات تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز دہشت گرد واقعات میں 3 پولیس اہلکار نشانہ بنے۔

    پہلا واقع سپر ہائی وے پر نادرن بائی پاس کے قریب پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

    دوسرا واقعہ ٹیپو سلطان روڈ پر پیش آیا جہاں فیروز آباد تھانے کی موبائل کو نشانہ بنایا گیا۔ نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیس اہلکار کے سر پر گولیاں ماریں اور کالعدم تنظیم کا پمفلٹ پھینک کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے اہلکاروں کی شہادت کے واقعے کی تحقیقات اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔


  • سابق صوبائی وزیرافتخارجھگڑا انتقال کر گئے

    سابق صوبائی وزیرافتخارجھگڑا انتقال کر گئے

    پشاور : صوبہ خیبرپختونخواہ کےسابق صوبائی وزیرتعلیم افتخار جھگڑا انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کےمطابق سابق صوبائی وزیرافتخار جھگڑا خیبرپختونخواہ کےدارالحکومت پشاور میں انتقال کرگئے۔مرحوم کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں آج شام 5 بجکر 30 منٹ پر ادا کی جائے گی۔

    سابق صوبائی وزیرافتخار جھگڑا پاکستان پیپلزپارٹی کےرہنما بھی رہ چکے تھے تاہم انہوں نے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیاتھا۔


    آصف علی زردای کی افتخار جھگڑا کےانتقال پر تعزیت


    سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق صوبائی وزیرکے انتقال پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ افتخار جھگڑا کی پیپلزپارٹی کے لیے خدمات ہمشیہ یاد رکھی جائیں گی۔

    آصف علی زرداری کا کہناہےکہ سابق صوبائی وزیرتعلیم افتخار جھگڑا کا انتقال خیبرپختونخواہ کےعوام کا بڑا نقصان ہے۔

    دوسری جانب پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےکہاکہ افتخار جھگڑا نے پارٹی کارکن کی حیثیت سےقابل ذکر خدمات انجام دیں۔

    واضح رہےکہ تین روز قبل سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں کے پی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی افتخار جھگڑا نے ملاقات کی تھی۔اس دوران سینیٹر سردار علی خان بھی موجود تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں

  • بانو قدسیہ کی نماز جنازہ، اشفاق احمد کے پہلو میں سپرد خاک

    بانو قدسیہ کی نماز جنازہ، اشفاق احمد کے پہلو میں سپرد خاک

    لاہور : اردو کی مقبول و معروف ناول نگار بانو قدسیہ اپنے آخری سفر پر روانہ ہوگئیں، بانو آپا کو نماز جنازہ کے بعد ماڈل ٹاؤن قبرستان میں سپرخاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دوسرا داستان گو بھی داستان سرائے چھوڑ گیا، اردو ادب کا ایک اور باب اپنے اختتام کو پہنچا، راجہ گدھ، امربیل سمیت دیگرشاہکار ناولوں اور 28 کتابوں کی مصنفہ بانو قدسیہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

    مرحومہ کو ماڈل ٹاؤن لاہور کے قبرستان میں ان کے شوہر اشفاق احمد کے پہلو میں آہوں اور سسکیوں میں سپر خاک کیا گیا، نماز جنازہ اور تدفین میں بانو آپا کے رشتہ داروں، فنکاروں، علمی ادبی حلقوں کی معروف شخصیات اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    مزید پڑھیں : اردو ادب کی معروف مصنفہ ’’بانو قدسیہ‘‘ انتقال کرگئیں، اہم شخصیات کا اظہار افسوس

    بانو آپا نے سوگواران میں 3 بیٹے چھوڑے ہیں۔ بانو قدسیہ گزشتہ روز طویل علالت کے بعد اٹھاسی سال کی عمر میں لاہور کے ایک مقامی اسپتال میں اس دار فانی سے کوچ کر گئیں تھیں۔

  • پیرعلاؤالدین صدیقی کی نمازجنازہ و تدفین، ہزاروں افراد شریک

    پیرعلاؤالدین صدیقی کی نمازجنازہ و تدفین، ہزاروں افراد شریک

    اسلام آباد: روحانی بزرگ اورعالم دین پیر علاؤالدین صدیقی نقشبندی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ اور تدفین میں وفاقی وزرا، آزاد کشمیر کے وزراء، علماء اورہزاروں شہریوں نےشرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف بزرگ عالم دین اورمشہور روحانی سلسلہ خانقاہ نیریاں شریف آزاد کشمیر کے سجادہ نشین علامہ پیرعلاؤالدین صدیقی نقشبندی کی نماز جنازہ راولا کوٹ میں ادا کر دی گئی۔ بعد ازاں ان کو دربارعالیہ نیریاں  شریف قبرستانمیں سپر خاک کردیا گیا۔

    اس سے قبل سردارعتیق احمد،پیرعلاؤالدین صدیقی نقشبندی کاجسدخاکی برمنگھم سےپاکستان پہنچایاگیا تھا۔

    پیرعلاؤالدین صدیقی یکم جنوری 1936 میں پیدا ہوئے، آپ عربی، فارسی، انگریزی اور اردو زبان پر دسترس رکھتے تھے،کئی ملکوں کے تبلیغی دورے کیے مساجد تعمیر کیں اور وعظ ونصیحت سے لوگوں کونیکی اور دین داری کی طرف راغب کیا۔

    اے آر وائی کیو ٹی پر مثنوی روم آپ کا مقبول ترین سلسلہ تھا،علامہ پیرعلاؤالدین صدیقی نے تعلیمی میدان میں بھی گرانقدر خدمات سرانجام دیں اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں کئی تعلیمی ادارے قائم کیے جہاں دینی وعصری تعلیم کا خصوصی طور پر جدید انتظام کیا۔ برطانیہ میں بھی انہوں نے کئی اسلامک ادارے بنائے۔

    محی الدین اسلامک یونیورسٹی اور میر پورآزاد کشمیر میں محی الدین میڈیکل کالج آپ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

    واضح رہےکہ جمعےکے روز معروف بزرگ عالم دین اور مشہور روحانی سلسلہ خانقاہ نیریاں شریف آزاد کشمیر کے سجادہ نشین علامہ پیر علاؤالدین صدیقی لندن میں انتقال کر گئےتھے، وہ گذشتہ کچھ عرصہ سے لندن کےاسپتال میں زیر علاج تھے۔

  • گورنر سندھ سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    گورنر سندھ سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    کراچی: گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ گورنر ہاؤس میں ادا کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کی نماز جنازہ گورنر ہاؤس میں ادا کی گئی۔ ان کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ گورنر ہاؤس لایا گیا۔

    نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، قائم مقام گورنر آغا سراج درانی، میئر کراچی وسیم اختر سمیت اعلیٰ سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور وکلا بردری بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئی۔

    گورنر سندھ کی نماز جنازہ مولانا تقی عثمانی نے پڑھائی۔

    بعد ازاں ان کی میت کو کراچی کے گزری قبرستان میں تدفین کے لیے لایا گیا جہاں بحریہ کے دستوں نے انہیں سلامی پیش کی۔ گورنر کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ دو ماہ قبل گورنر سندھ کے عہدے پر فائز کیے جانے والے جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی 11 جنوری کو عارضہ قلب کے سبب انتقال کر گئے تھے۔ وہ گورنر کا منصب سنبھالنے کے بعد علیل ہی رہے اور سرکاری امور انجام نہ دے سکے۔

    جسٹس سعید الزماں صدیقی نے 11 نومبر 2016 کو صوبہ کے اکتیسویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

    وہ سنہ 1990 سے 1992 تک سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے۔

  • کراچی : سینئرسیاستدان معراج محمدخان انتقال کر گئے

    کراچی : سینئرسیاستدان معراج محمدخان انتقال کر گئے

    کراچی : سینئر سیاستدان معراج محمد خان گزشتہ رات طویل علالت کےبعد 77سال کی عمر میں رضائے الہیٰ سےانتقال کرگئے، ان کی نماز جنازہ آج کراچی میں ادا کی جائےگی.

    تفصیلات کے مطابق سینئر سیاستدان معران محمد خان 77سال کی عمر میں انتقال کرگئے،ان کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ سلطان مسجد ڈیفنس میں ادا کی جائے گی اور تدفین ڈیفنس قبرستان میں ہوگی.

    مرحوم معراج محمد خان ملکی سیاست میں معتبر مقام رکھتے تھے،وہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی تھے،انہوں نے نےجنرل ایوب خان کےمارشل لاءکےزمانےمیں طلبا سیاست میں اہم کرداراداکیا،انہوں نےجنرل ایوب کےدور میں مارشل لاءکے خلاف تحریک شروع کی،جس کے نتیجے میں 12طالبعلم رہنماﺅں کے ساتھ انہیں شہر بدرکیا گیا.

    معراج محمد خان نے ہمیشہ ظلم کاشکار طبقے کےحقوق کے لیے جدوجہد کی،وہ ایک عرصے تک پاکستان پیپلزپارٹی سےمنسلک رہےتاہم بعدازاں انہوں نےاپنی تنظیم قومی محاذِآزادی بنائی.

    اس کے بعد انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اورپارٹی کےجنرل سیکرٹری کے عہدے پر فائض رہے لیکن عمران خان سےاختلافات کے بعد انہوں نے نہ صرف تحریک انصاف بلکہ عملی سیاست سے بھی کنارہ کشی اختیار کرلی تھی.

    یا درہے مرحوم پی ایف یو جے کے سابق صدراورصحافیوں کے رہنمامہناج برنا اورمعروف شاعر وہاج محمد خان کے چھوٹے بھائی تھے.

  • حکومت ایدھی صاحب کونوبیل انعام دلانے کےلیے کوشش کرے، سراج الحق

    حکومت ایدھی صاحب کونوبیل انعام دلانے کےلیے کوشش کرے، سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی ایک شخصیت کا نہیں تحریک کا نام ہے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے رہنما برہان وانی کو انڈین آرمی نے شہید کیا۔

    لاہور منصورہ میں حریت لیڈر برہان وانی اور عبدالستار ایدھی کی مشترکہ غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ شدید بیماری میں بھی عبدالستار ایدھی نے پاکستان کو چھوڑنا گوارا نہیں کیا بلکہ اپنے اداروں پر اعتبار کیا، یہ موجودہ حکمرانوں کےلیے ایک سبق ہے۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کو عبدالستار ایدھی سے محبت ہے تو وہ غریب بچوں کی کفالت اور مستحق لوگوں کے علاج کی ذمہ داری لے، عبدالستار ایدھی کو خدمات پر نوبیل پرائز ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے رہنما برہان وانی کو بھارتی فوج نے شہید کیا، انڈین آرمی کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی لڑائی ہورہی ہے اور احتجاج کیے جارہے ہیں، ہم انڈین آرمی کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، پاکستان کی مرکزی سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انڈیا کے ساتھ دوستی چھوڑ دے، انہوں نے کہا کہ انڈیا کے ساتھ دوستی پاکستان کی کسی بھی حکومت کےلیے زوال کا سبب ہے۔

  • ملک بھرمیں عبدالستارایدھی کی غائبانہ نمازہ جنازہ ادا

    ملک بھرمیں عبدالستارایدھی کی غائبانہ نمازہ جنازہ ادا

    کراچی : سڑکوں پر بیٹھ کر عوام کے لیے عوام سے بھیک مانگنے والے،انسانیت کے مسیحا اور لاوارثوں کے وارث عبدالستارایدھی کی ملک بھرمیں غائبانہ نمازہ جنازہ ادا کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں غائبانہ نمازجنازہ پڑھائی، امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی ایک شخصیت کا نہیں تحریک کا نام ہے۔

    فیصل آباد کے شہریوں نے چوک گھنٹہ گھر میں عبدالستار ایدھی کی غائبانہ نمازجنازہ پڑھی، نمازہ جنازہ کے بعد فیصل آباد کے تاجروں نے لنگر تقسیم کیا۔

    ملک بھر کی طرح نواب شاہ میں بھی شہری تاجر اتحاد کی جانب سے معروف سماجی شخصیت فخر پاکستان مرحوم عبدالستار ایدھی کی غائبانہ نماز جنازہ گھنٹہ گھر گول چکرہ بازار میں ادا کی گئی۔

    لاہور میں‌ وکلا تنظیموں نے پیر کو یوم سوگ کا اعلان کیا ہے، لاہور بار ایسوسی ایشن غائبانہ نماز جنازہ ادا کرے گی جبکہ راولپنڈی میں خادم انسانیت کی غائبانہ نمازہ جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    ملتان، پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی غائبانہ نماز جنازہ کے اجتماعات ہوئے جہاں عبدالستار ایدھی کے ایصال ثواب کے لیے ایدھی ہاؤس میں قرآن خوانی کی گئی تو شہریوں نے مرحوم انسانی خدمت گار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے شمعیں روشن کیں۔

    رنگ و نسل مذہب و فرقے سے بالاتر ہوکر خالصتاً انسانیت کی بھلائی او ر خیرخواہی کےلیے کام کرنے والے عبدالستار ایدھی اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے، عبدالستار ایدھی دنیا کی ان عظیم سماجی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنھوں نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا حصہ سفر میں گزارا،ان کی سماجی خدمات کا سفر ایک لمحے کے لیے بھی نہیں رکا۔