Tag: نماز جنازہ

  • کراچی: عبدالستار ایدھی قومی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک، ہر آنکھ اشک بار

    کراچی: عبدالستار ایدھی قومی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک، ہر آنکھ اشک بار

    کراچی: پیکر انسانیت و فخرِ پاکستان عبد الستار ایدھی کو قومی اعزازت کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا،صدر مملکت، تینوں مسلح افواج کے سربراہان،چیئرمین سینیٹ،گورنر سندھ، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر شخصیات نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق انسانی خدمت کے چراغ کو روشن رکھنے والے عبد الستار ایدھی کا آخری سفر تمام ہوا،ان کے جسد خاکی کو فیصل ایدھی نے آہوں اور سسکیوں میں‌ قبر میں اُتارا اور اُن کی مغفرت کی دعا کی۔ ایدھی صاحب کی نماز جنازہ مولانا احمد خان نیازی کی امامت میں نیشنل اسٹیڈیم میں ادا کی گئی تھی۔

    صدر پاکستان ممنون حسین،تینوں مسلح افواج کے سربراہان،چیئرمین سینیٹ رضا ربانی،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، گورنر سندھ عشرت العباد سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے نیشنل اسٹیڈیم میں عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

    پیکرانسانیت و فخرِ پاکستان عبد الستار ایدھی کی نماز جنازہ میں سیاسی رہنماؤں صوبائی وزیر نثار کھو ڑو،سینیٹر سعید غنی،جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان،ایم کیوایم کے ڈاکٹر فاروق ستار،خواجہ اظہار الحسن پاک سرزمین پارٹی کے ڈا کٹر صغیر احمد،وسیم آفتاب نامزد ڈپٹی میئر ارشد وہرہ،اے این پی کے شاہی سید،پی ٹی آئی کے اسدعمر،عمران اسماعیل اور عارف علوی نے بھی شرکت کی۔

    عبدالستار ایدھی کی تدفین ایدھی ویلیج سپر ہائی وے پر ہوئی،میت کو غسل ان کے صاحبرادے فیصل ایدھی نےدیا،عبدالستار ایدھی کی آنکھیں ان کی وصیت کے مطابق عطیہ کردی گئیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق عبدالستار ایدھی کو گارڈ آف آنر اور سلامی دی گئی،پاک آرمی کے ترجمان کے مطابق عبدالستار ایدھی کو سرکاری اعزار کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

    E1

    نیشنل اسٹیڈیم کے دو دروازے وی وی آئی پیز اور چار دروازے عوام کے لیے مختص تھےجبکہ وی وی آئی پیز اور عام عوام کے لیے الگ الگ دروازوں کو استعمال کیا گیا، عوام کی بڑی تعداد نےنماز جنازہ میں شرکت کی۔

    نماز جنازہ سے قبل ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور عبدالستار ایدھی کے جنازے کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔

    اس موقع پر چار سو سے زائد رینجرز اہلکار اسٹیڈیم کے اندر اور باہر جبکہ پولیس اہلکار بھی اسٹیڈیم کے اندر تعینات کیے گئےتاہم نیشنل اسٹیڈیم میں شہریوں کے داخلے سے پہلے بم ڈسپوزل اسکواڈ سرچنگ اور سوئپنگ کی گئی۔

    E2

    عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ سے قبل حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم جانے والی سڑک بند کردی گئی تاہم پارکنگ ایکسپو سینٹر،پاکستان اسپورٹس کمپلکس،چائنا گراؤنڈ اور بحریہ یونیورسٹی میں قائم کی گئی ہے۔

    محسن انسانیت عبدالستار ایدھی کے انتقال پر سوگ میں کراچی اور حیدرآباد کے کاروبار بند رہیں گے۔

    *محسنِ انسانیت عبد الستار ایدھی اب ہم میں نہیں رہے

    ایدھی صاحب کئی روز سے کراچی میں واقع ایس آئی یو ٹی میں زیرعلاج تھے،عبدالستار ایدھی کے گردوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا،دوران ڈائلیسز انہیں سانس کی تکلیف کے سبب وینٹی لیٹر پرمنتقل کیا گیا،جہاں چھ گھنٹے کے بعد وہ خالق حقیقی سے جاملے۔

  • لیجنڈری باکسر محمد علی کے لیے سینیٹ و قومی اسمبلی میں فاتحہ خوانی

    لیجنڈری باکسر محمد علی کے لیے سینیٹ و قومی اسمبلی میں فاتحہ خوانی

    اسلام آباد: سینیٹ میں دنیا کے عظیم باکسر محمد علی کے انتقال پر تعزیتی قرارداد منظور کرتے ہوئے ان کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی ہوئی۔

    سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق کی جانب سے لیجنڈری باکسر محمد علی کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی روح کو ایصال ثواب پہنچانے کے لیے تعزیتی قرارداد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

    ایوان میں محمد علی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور انھیں بہترین اسپورٹس مین ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین انسان بھی قرار دیا گیا۔

    دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں باکسر محمد علی کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور بلند درجات اور خراج عقیدت کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔

  • لیجنڈ باکسر محمد علی کی نمازہ جنازہ جمعے کے روز اُن کے آبائی شہر میں ادا کی جائے گی

    لیجنڈ باکسر محمد علی کی نمازہ جنازہ جمعے کے روز اُن کے آبائی شہر میں ادا کی جائے گی

    نیویارک : سابق ہیوی ویٹ چیمپیئن عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی کی نماز جنازہ جمعے کے روز ان کے آبائی شہرلوئی ویلے میں ادا کی جائے گی.

    تفصیلات کے مطابق لیجنڈ باکسر محمد علی کےنماز جنازہ میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن،معروف امریکی کامیڈین بلی کرسٹل سمیت کھیلوں کے صحافی برائنٹ شرکت کریں گے.

    سابق ہیوی ویٹ چیمپیئن محمد علی سانس کی تکلیف کے باعث گذشتہ روز اسپتال میں انتقال کر گئے تھے،محمد علی پارکس سمیت متعدد بیماریوں میں مبتلا تھے.

    سابق ہیوی ویٹ چیمپیئن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ محمد علی نے درخواست کی تھی کہ ان کی نماز جنازہ اسلامی روایات کے تحت امام کی موجودگی میں ادا کی جائے.

    لیجنڈ باکسر محمد علی کی نماز جنازہ جلوس کی شکل میں ان کے آبائی شہر لوئی ویلے کی سڑکوں سے گزرے گی،اور عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی کو کیوو ہل قبرستان میں دفنایا جائے گا.

    یاد رہے لیجنڈ باکسر محمد علی کوسانس کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا وہ امریکی شہرفینکس کےاسپتال میں زیر علاج تھے.

    انہوں نے 12سال کی عمر میں باکسنگ شروع کی اور تین مرتبہ باکسنگ کے عالمی چیمپیئن رہے،پہلی مرتبہ 1964 میں باکسنگ کے عالمی چیمپیئن بنے،محمد علی 1974اور 1978میں بھی چیمپئن بنے.

    لیجنڈ باکسرنے 1960 میں روم اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتا،محمد علی کے نام کے ساتھ ’گریٹیسٹ‘ یعنی عظیم ترین لگایا جاتا ہے انھوں نے 61 مقابلوں میں 56 مقابلے جیتے تھے.

    محمد علی کو پہلی بین الاقوامی فتح 1960 میں ملی،جس کے بعد وہ امریکا کے ہیرو کہلانے لگے.

    ویت نام جنگ کے دوران محمد علی نے امریکی فوج میں شامل ہونے کے عہد نامے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد انھیں ان کے اعزاز سے محروم کرکے 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی،بعد ازاں سپریم کورٹ نے عوامی احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے محمد علی کو سزا سے مستثنیٰ قرار دیا تھا.

    یاد رہے کہ امریکہ کی ریاست کینٹکی سے تعلق رکھنے والے باکسر محمد علی پہلے کیسیئس کلے کے نام سے جانے جاتے تھے لیکن سونی لسٹن کے خلاف 25 فروری سنہ 1954 کو ہونے والے اہم مقابلے کے اگلے ہی دن انھوں نے اعلان کیا کہ وہ اسلام قبول کر رہے ہیں اور اپنا نام بدل کر محمد علی رکھ رہے ہیں.

    واضح رہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے لیجنڈ باکسر محمدعلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےکہا کہ وہ نا صرف بیسویں صدی کے عظیم اسپورٹس مین تھے بلکہ انسانی حقوق کے لیے بھی آواز بلند کرنے والے ہیرو تھے.

  • تودہ گرنے سے جاں بحق میاں بیوی اور3 بچوں کی نماز جنازہ ادا

    تودہ گرنے سے جاں بحق میاں بیوی اور3 بچوں کی نماز جنازہ ادا

    رحیم یار خان : مٹی کا تودہ گرنے سے جاں بحق آٹھ افراد کی نماز جنازہ بہاولپور میں ادا کردی گئی، جبکہ میاں بیوی اور تین بچوں کی نماز جنازہ رحیم یارخان میں ادا کی گئی۔

    تفصییلات کے مطابق کراچی گُلستان جوہر میں گزشتہ روزمٹی کا تودہ گرنے سے جنوبی پنجاب کے تیرہ افراد لقمہ اجل بنے جن میں رحیم یار خان کی تحصیل خان پور نواں کوٹ کا بھی بد نصیب خاندان شامل ہے جن کی میتیں آبائی گاؤں پہنچا دی گئی ہیں۔

    ایک ہی گاؤں میں جب آٹھ لاشےپہنچےتوکہرام مچ گیا، ہر طرف آہوں اورسسکیوں کی گونج تھی، پیاروں کی نمازہ جنازہ اداکرنےپوراگاؤں ہی موجود تھا۔

    میاں بیوی اور تین بچوں کی نماز جنازہ رحیم یارخان میں ادا کی گئیں، جس میں 25 سالہ غلام فرید ،22سالہ ریحانہ ،5سالہ مقدس، 3 سالہ صدف ، 1 سالہ احمد شامل ہیں ۔

    گزشتہ روز کراچی گلستان جوہر میں گہری نیند سوئےغریبوں پرمٹی کا تودہ موت بن کےگرا اورتیرہ افراد لقمہ اجل بنے۔

  • راولپنڈی : حمید گل کی نمازجنازہ ریس کورس گراؤنڈ میں ادا کردی گئی

    راولپنڈی : حمید گل کی نمازجنازہ ریس کورس گراؤنڈ میں ادا کردی گئی

    راولپنڈی : آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی نماز جناہ راولپنڈی ریس کورس گراؤنڈ میں ادا کردی گئی ۔

    حمید گل کی نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت اعلیٰ فوجی افسران،مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی نماز جناہ میں صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان،وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ ،جے یو آئی س کے سمیع الحق،جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید شریک ہوئے۔نماز جنازہ کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی تدفین ریس کورس گراؤنڈ راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔

  • تین پولیس اہلکاروں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے، کنور نوید جمیل

    تین پولیس اہلکاروں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے، کنور نوید جمیل

    کراچی : ایم کیوا یم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور حلقہ این اے 246سے منتخب حق پرست رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل نے کہاہے کہ کراچی میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار امن وامان کے دیر پاقیام کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں ۔

    انہو ں نے کہا کہ بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسنا ک اور قابل مذمت ہے ۔

    ان خیالات کا اظہار انہو ں نے بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے سب انسپکٹر سکندر سمیت دو کانسٹیبل اشرف اور عابد کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

    کنور نوید جمیل نے کہاکہ شہر سے انتہاء پسندوں اور مذہب کے نام پر دہشت گردی کرنیوالے عناصر کی آماجگاہوں کا خاتمہ کرکے ہی کراچی میں امن ممکن ہے، کیونکہ کراچی میں مستقل امن قائم کئے بغیر پاکستان کی معیشت کی ترقی ممکن نہیں۔

    لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام تر مصلحتوں سے بالاتر ہوکر شہر سے دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی حاجی انور رضا اور جمال احمد انکے ہمراہ تھے۔

  • پولیس فائرنگ سے جاں بحق 2 شہریوں کی نماز جنازہ ادا، 5 اہلکارمعطل

    پولیس فائرنگ سے جاں بحق 2 شہریوں کی نماز جنازہ ادا، 5 اہلکارمعطل

    کراچی : بہادر آباد میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے مارے جانے والے دونوں شہریوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، اعلیٰ پولیس حکام نے نوٹس لیتے ہوئے اپنے پیٹی بھائیوں کو صرف معطل کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    نماز جنازہ حسین آباد میں ادا کی گئی جہاں علاقہ مکینوں نے کی بڑی تعداد نے شرکت کی، پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا علی کچھ عرصہ قبل ہی ملائیشیا سے پاکستان آیا تھا اور چار بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

    ادھرایس ایس پی پیر محمد شاہ کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بہادرآباد کے علاقے ٹیپو سلطان روڈ پر پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر وہ نہ رکے تو پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو شہری دانش اور علی جاں بحق ہوگئے۔

    اعلیٰ پولیس افسران نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فائرنگ کے واقعہ میں ملوث پولیس پارٹی کے انچارج سمیت پانچ پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے جن کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے اورمقدمہ بھی درج کیا جارہا ہے۔

  • آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہےگا، جنرل راحیل شریف

    آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہےگا، جنرل راحیل شریف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہےکہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پاک فوج کا آپریشن جاری رہےگا۔

    یہ بات انہوں نے وادی تیراہ میں شہید ہونےوالے کیپٹن قاسم کی تدفین کے موقع پر کہی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےشہید کیپٹن کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید کیپٹن کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    انہوں نے شہید کیپٹن کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی، اس موقع پر مسلح افوا ج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کیپٹن کو سلامی پیش کی۔

    نماز جنازہ میں، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ سمیت اعلی فوجی حکام اور شہید کے عزیزواقارب نے شرکت کی۔

  • جاوید ناگوری کے بھائی کی نماز جنازہ، پی پی رہنماؤں کی شرکت

    جاوید ناگوری کے بھائی کی نماز جنازہ، پی پی رہنماؤں کی شرکت

    کراچی : گذشتہ روزکراچی کے علاقے لیاری میں صوبائی وزیر جاوید ناگوری کے ڈیرے پر دہشت گردوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے جاوید ناگوری کے بھائی اکبر ناگوری کو سپرد خاک کردیا گیا۔

    اکبر ناگوری کی نماز جنازہ عید گاہ مسجد شاہ ولی اللہ روڈ میں ادا کی گئی، جس میں مقتول کے بھائی پیپلزپارٹی کے رہنما جاوید ناگوری، نجمی عالم،وقار مہدی سمیت دیگر رہنماؤں سمیت کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعدا د نے شرکت کی۔

    مقتول اکبر ناگوری کو میراپیر قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کردیا گیا، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے جاوید ناگوری پر حملے اور اکبر ناگوری کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے۔

    دوسری جانب تفتیشی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جاوید ناگوری کے ڈیرے پر حملے میں ملوث ملزمان کے حوالے سے کافی شواہد مل چکے ہیں جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ لیاری میں صوبائی وزیرجاوید ناگوری کے دفتر پر دستی بم حملے کے بعد اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں صوبائی وزیر کے بھائی اکبر ناگوری ،سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیاگیا جہاں اکبر ناگوری دم توڑ گئے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • مقتول اسسٹنٹ پروفیسر وحیدالرحمٰن کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعظم کا اظہارافسوس

    مقتول اسسٹنٹ پروفیسر وحیدالرحمٰن کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعظم کا اظہارافسوس

    کراچی: جامعہ کراچی کےاستاد وحید الرحمٰن المعروف یاسر رضوی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمان کی نماز جنازہ  فیڈرل بی ایریا میں ادا کرنے کے بعد یاسین آباد قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

    نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، جامعہ کراچی کے علاوہ دیگر جامعات کے اساتذہ اور طلبہ ،صحافیوں اور سیاسی سماجی تنظیموں کے کارکنوں سمیت شہریوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔ پروفیسر وحید الرحمان صحافت کے پیشے سے بھی وابستہ رہے ۔

    علاوہ ازیں وزیر اعظم نواز شریف نے جامعہ کراچی کےاستاد وحید الرحمٰن کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتار ی کا حکم دے دیا۔ وزیر اعظم نے کراچی میں پروفیسروحیدالرحمان کےقتل  پر اظہار افسوس کیا اور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

    انہوں نے قاتلوں کی گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کراچی سےجرائم پیشہ عناصرکےخاتمےکی کوشش کررہی ہے،کراچی میں امن وامان کی صورتحال جلدبہترہوجائےگی۔

    صدر ممنون حسین نے بھی پروفیسر وحید کے قتل کی مذمت کی ہے صدرممنون حسین نے جامعہ کراچی کے استاد اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمٰن عرف یاسر رضوی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علم بانٹنے والوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے انسان نہیں ہو سکتے ، انہوں نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا۔