Tag: نماز کی ادائیگی

  • ویڈیو: جائیداد کے تنازعہ پر مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے آئے بزرگ پر تشدد

    ویڈیو: جائیداد کے تنازعہ پر مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے آئے بزرگ پر تشدد

    لاہور: جائیداد کے تنازعہ پر مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے آئے بزرگ کو  تشدد کو نشانہ بنایا گیا جس کی ویڈیو سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے  تھانہ گلشن اقبال کے حدود میں جائیداد کے تنازعہ پر مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے آئے بزرگ کو  تشدد کو نشانہ بنایا گیا جس کی سی سی ٹی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مسجد میں تشدد کا واقعہ جائیداد کے تنازعہ پر پیش آیا، فوٹیج میں چوہدری گوہر اور فیصل نامی شخص کو بزرگ شہری پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قریب موجود بیٹا ابرار والد کو بچانے آتا ہے تو حملہ آور کے 2 ساتھی مسجد میں آجاتے ہیں، تینوں ساتھی مل کر بزرگ شہری اعجاز اور اسکے بیٹے ابرار کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ درخواست کے بعدکارروائی کا آغاز کردیا ہے، تشدد کرنے والے تینوں افرادکو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

  • تاریخی مسجد آیا صوفیا میں 86سال بعد نماز کی ادائیگی،  روح پرور مناظر

    تاریخی مسجد آیا صوفیا میں 86سال بعد نماز کی ادائیگی، روح پرور مناظر

    استنبول : تاریخی مسجد آیا صوفیا میں 86 سال بعد ترک صدر سمیت ہزاروں افراد نے نمازجمعہ ادا کی ، اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔

    تفصیلات کے مطابق استنبول کی تاریخی مسجد آیا صوفیا 86سال بعد نمازیوں کے لئے کھول دی گئی ، ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز جمعہ ادا کی، صدر رجب طیب ایردوان خاص طور پر نماز جمعہ میں شریک ہوئے۔

    اس موقع پر مسجد میں روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے اور لوگوں نے نوافل بھی ادا کئے، ترکی کی اہم سیاسی شخصیات سمیت ترکی کی پوری کابینہ بھی ترک صدر کے ہمراہ آیا صوفیہ مسجد میں موجود تھی۔

    آیا صوفیہ مسجد میں ترک صدررجب طیب اردوان نے تلاوت قرآن بھی کی۔

    نماز کی ادائیگی کیلیے استنبول کےچپے چپے سے مسلمانوں آئے جبکہ اگلی صفوں میں جگہ کیلئے نمازی فجر سے پہنچ گئے تھے، اس موقع پر مسجد سمیت پورے شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

    ترک حکومت نے پانچ وقت کی نمازوں کے لیے آئمہ اور مؤذن حضرات کا تقرر کردیا ہے۔

    خیال رہے آیا صوفیہ کے سامنے ایک خوبصورت چمن ہے، اس کے بعد اس کا مرکزی دروازہ ہے، دورازے کے دونوں اطراف وہ پتھر نصب ہیں جہاں پہرے دار کھڑے ہوتے تھے۔ اندر وسیع ہال ہے جو مربع کی شکل کا ہے۔

    بیچ کے گنبد کا قطر ایک سو سات فٹ اور چھت کی اونچائی ایک سو پچاسی فٹ ہے، پوری عمارت میں ایک سو ستر ستون ہیں، چاروں کونوں پر چھ ڈھالوں پر اللہ، محمد، ابو بکر، عمر، عثمان اور علی نہایت خوشخط لکھ کر لگایا ہوا ہے جبکہ اوپر چھت کی طرف بڑے بڑے خوبصورت روشندان بنے ہوئے ہیں۔

    عمارت میں سنگ مرمر استعمال کیا گیا ہے، بیشمار تختیاں لگی ہوئی ہیں جن پر عربی خط میں لکھا اور نقش ونگار کیا گیا ہے۔

    آیا صوفیہ کی عمارت فتح قسطنطنیہ کے بعد سےچار سو اکیاسی سال تک مسجد اور مسلمانوں کی عبادت گاہ رہی لیکن خلافت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد مصطفٰی کمال اتاترک نے مسجد بند کر کے اسے عجائب گھربنا دیا تھا۔

    تاہم آٹھ دہائیوں بعد ترک عدالت نے دو ہزار بیس میں آیا صوفیا کی دوبارہ انیس سو پینتیس سے قبل والی حیثیت بحال کی۔

  • وزیراعظم عمران خان کی خانہ کعبہ کے اندر نماز کی ادائیگی کی تصویر وائرل

    وزیراعظم عمران خان کی خانہ کعبہ کے اندر نماز کی ادائیگی کی تصویر وائرل

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب میں خانہ کعبہ کے اندر نماز کی ادائیگی اور بیت اللہ میں عمرہ ادائیگی کی تصاویر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی دورہ سعودی عرب کی تصاویر منٖظر عام پر آگئی، وزیر اعظم کے خصوصی مشیرو سابق انفارمیشن سیکرٹری نعیم الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصویر شیئر کی، جس میں وزیر اعظم عمران خان خانہ کعبہ کے اندر نماز ادا کر رہے ہیں ۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کی ، جس میں وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کررہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا  میں خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے ہمیں روضہ رسول اور خانہ کعبہ کے اندر داخل ہونے کا موقع فراہم کیا اور ہم نے باب توبہ کے نوافل ادا کیے۔

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تو وفد کے ہمراہ روضہ رسولﷺ کی زیارت کی ، وزیراعظم کی آمد پر روضہ رسولﷺکے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا

    بعد ازاں وزیراعظم نے مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا، بیت اللہ پہنچنے پر وزیراعظم کے لئے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، جہاں وہ وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، نوافل ادا کیےاور پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی کے لئے دعائیں کیں۔