Tag: نماز

  • پشاور: مسجد میں نماز کے دوران دھماکا، 32 افراد شہید

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں زوردار دھماکا ہوا جس میں اب تک 32 افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کی پولیس لائن میں مسجد میں نماز ظہر کے وقت زوردار دھماکا ہوا، دھماکے کے وقت مسجد میں درجنوں نمازی موجود تھے۔

    کمشنر پشاور ریاض محسود نے دھماکے میں 32 افراد کی شہادت اور 150 زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی افراد کو لیڈی ریڈنگ اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز اتنی شدید اور زور دار تھی کہ دور دور تک سنی گئی، دھماکا مسجد کے اندر ہوا جس سے مسجد کا ایک حصہ شہید ہوگیا۔ ملبے سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا جارہا ہے جبکہ مزید افراد کے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

    دھماکے سے پولیس لائن کی دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاحال دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا، پولیس لائن کے داخلی راستے مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔

    دھماکا خودکش تھا: وزیر داخلہ کی تصدیق

    وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسجد میں خودکش حملہ ہوا ہے، اس وقت ترجیح زخمیوں اور شہدا کو سنبھالنے کی ہے، سیکیورٹی کے باوجود حملہ آور کیسے مسجد تک پہنچا اس کی انکوائری ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے خدشے کو رد نہیں کیا جا سکتا، ہمسایہ ممالک کی ایجنسیاں پاکستان کے خلاف برسر پیکار ہیں۔

    خون کے عطیات کی اپیل

    دوسری جانب ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال محمد عاصم کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد 50 سے زائد زخمی افراد لائے گئے ہیں۔ زخمیوں میں متعدد پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، کچھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے لوگوں سے خون کے عطیات کی بھی اپیل کی ہے۔

    دھماکے کے بعد تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

    ’نماز پڑھنے جارہا تھا جب دھماکا ہوا‘

    دھماکے کے عینی شاہد پولیس اہلکار نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ وہ نماز پڑھنے کے لیے مسجد کی طرف جا رہے تھے کہ دھماکا ہوگیا۔ دھماکے کے بعد ہر طرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا۔

    پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ دوران نماز ڈیوٹی پر اہلکار ہوتے ہیں مگر مسجد کی اتنی زیادہ سیکیورٹی نہیں ہوتی، اس مسجد میں ڈی ایس پی سمیت تمام پولیس اہلکار نماز ادا کرنے آتے ہیں۔

    ’نمازیوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی‘

    وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمازیوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے، اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں۔

    ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    پشاور دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی، لاہور، کراچی اور دیگر شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے، تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے اور سیف سٹی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوران سفر اپنے شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں اور چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

  • انتہا پسند ہندوؤں نے کھلی جگہ پر نماز جمعہ رکوا دی

    انتہا پسند ہندوؤں نے کھلی جگہ پر نماز جمعہ رکوا دی

    ہریانہ: بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں نے کھلی جگہوں پر مسلمانوں کو نماز جمعہ سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر گڑگاؤں میں انتہا پسند ہندوؤں نے کھلی جگہوں پر مسلمانوں کی جمعے کی نماز رکوا دی۔

    عالمی میڈیا میں چھپنے والی رپورٹس کے مطابق ہندوؤں نے گڑگاؤں کے سیکٹر 12 اے میں واقع ایک جگہ پر قبضہ کر لیا، اور وہاں گائے کے گوبر کے اُپلے ڈال دیے ہیں۔

    مذکورہ مقام کی تصاویر بھی سامنے آ گئی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگوں نے وہاں ڈیرہ جما لیا ہے۔

    گزشتہ ہفتے اس جگہ پر انتہا پسند ہندوؤں نے ’پوجا‘ کا انعقاد بھی کیا تھا، جس کے لیے انھوں نے زمین پر گوبر کے اپلوں سے مورتی بنائی تھی، جس کے بعد سے یہاں اپلے تاحال بکھرے پڑے ہیں۔

    میدان پر قبضہ جمائے لوگوں نے دعویٰ بھی کیا ہے کہ وہ یہاں والی بال کورٹ بنا رہے ہیں، آج مقامی مسلمان اس میدان میں نماز جمعہ ادا نہیں کر سکے، مسلم تنظیموں کو پچھلے کئی ہفتوں سے اس جگہ اور دیگر مقامات پر نماز جمعہ سے روکنے کے لیے احتجاج اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔

    انتہا پسند ہندوؤں کا کہنا ہے کہ یہ عوامی مقامات ہیں، یہاں ہم مسلمانوں کو نماز ادا کرنے نہیں دیں گے۔

    واضح رہے کہ گڑگاؤں کا سیکٹر 12 اے ان 29 جگہوں میں سے ایک ہے، جن کے بارے میں 2018 میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان ہوئے ایک معاہدے میں یہ طے ہوا تھا، کہ یہ مسلمانوں کی نماز کے لیے ’مختص‘ ہے۔

    گزشتہ ہفتے پولیس نے سیکٹر 12 اے میں احتجاج کرنے والے 30 افراد کو اپنی تحویل میں بھی لیا تھا۔

  • کرونا وائرس: سعودی عرب میں نمازیوں کے لیے اہم ہدایت جاری

    کرونا وائرس: سعودی عرب میں نمازیوں کے لیے اہم ہدایت جاری

    ریاض: کرونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر سعودی عرب میں نمازیوں کے لیے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے مساجد میں پانی کی بوتلیں لے جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور نے تمام مساجد میں پانی کی بوتلیں لے جانے پر پابندی لگا دی ہے۔

    سعودی عرب کی مساجد میں عام افراد نمازیوں کے لیے پانی کی بوتلیں خرید کر رکھوا دیتے ہیں، بیشتر مساجد میں پانی کی بوتلوں کے فریج بھی رکھے ہیں۔

    تاہم وزارت اسلامی امور نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر مساجد میں پانی کی بوتلوں پر وقتی طور پر پابندی لگا دی ہے۔

    وزارت اسلامی امور نے اس سے قبل اذان اور اقامت کے درمیان 10 منٹ کا وقفہ بھی مقرر کیا تھا جبکہ نماز جمعہ اور خطبے کا دورانیہ 15 منٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزارت نے پیر اور جمعرات کو روزہ داروں کے لیے دستر خوان اور افطاری پیش کرنے پر بھی پابندی لگائی ہے۔

  • ایمسٹرڈیم میں مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے پہلی بار اذان دی گئی

    ایمسٹرڈیم میں مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے پہلی بار اذان دی گئی

    ایمسٹرڈیم: ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹر ڈیم میں پہلی بار مسجد کےلاؤڈ اسپیکر سے اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایمسٹر ڈیم کی بلیو مسجد میں لاؤڈ اسپیکر سے اذان دی گئی جس پر اہل علاقہ کی جانب سے مثبت رویےکا اظہار کیا گیا۔

    مسجد کے منتظمین کا کہنا ہے کہ گزشتہ جمعہ کو مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے اذان دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم نامعلوم تخریب کاروں نے تاریں کاٹ دی تھیں تاہم آج پہلی بار ایمسٹرڈیم کی کسی مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوئی ہیں۔

    مسجد کے ترجمان نورالدین نے میڈیا کو بتایا کہ جب پہلی بار اذان کی آواز گونجی تو بعض لوگ مسجد کے قریب آکر کھڑے ہوگئے اور اذان کی آواز کو اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کرنے لگے۔

    ارسولا ین نامی ایک مکین نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار اذان سنی ہے جس پر بڑی خوشی ہوئی اور وہ بہت اچھی لگی۔

    ایمسٹر ڈیم کے مسلمانوں کا کہنا ہے کہ ہالینڈ میں واقع مساجد میں سے صرف 7 فیصد مساجد کے لاؤڈ اسپیکر پر اذان دی جاتی ہے اور آج پہلی بار دارالحکومت میں کسی مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوئی ہیں۔

  • نماز ادا کرنے کی پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    نماز ادا کرنے کی پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : پاکستان نے عید پرکشمیریوں کی مذہبی آزادی پر بھارتی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے انسانی حقوق،عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔

    تفصیلات کے مطابق جنت نظیر مقبوضہ وادی کشمیر پر قابض ظالم بھارتی افواج نے کشمیری عوام پر مذہبی اجتماع منعقد کرنے کی پابندی عائد کرکے ایک اور ستم ڈھا دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیری مسلمانوں کے لاک ڈاؤن کی سخت مذمت کرتا ہے، بھارت فوج نے مسلمانوں کو مذہبی تہوار منانے سے روکا ہے، دنیا بھر میں مسلمان بڑے اجتماعات میں نماز عید ادا کرتے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نماز ادا کرنے کی پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارتی حکومت نےانسانی حقوق،عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وادی کو جیل میں تبدیل کرکے مسلمانوں کو نماز کی ادائیگی سے روکا گیا، مواصلات کے ذرائع بند کرکے کشمیریوں کو رشتہ داروں سے ملاقات سے بھی روکا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے اجتماعی سزا انسانی حقوق کے تمام قواعد کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ اور عالمی کمیونٹی جبر کے خلاف بھارت سے سوال کرے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف مذہبی جبر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان نے نماز عید بنی گالہ میں ادا کی

    وزیراعظم عمران خان نے نماز عید بنی گالہ میں ادا کی

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عید الاضحیٰ کی نماز اسلام آباد میں بنی گالہ میں قائم مسجد میں ادا کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عید الاضحیٰ کی نماز اسلام آباد میں بنی گالہ میں قائم مسجد میں ادا کی۔ سیکیورٹی اسٹاف اور دیگر ملازمین نے بھی وزیراعظم کے ساتھ نماز ادا کی۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی کے جذبے کے بغیر دنیا کی کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، قربانی کا جذبہ ہر قسم کی مشکلات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کا نام ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان معاشی اور معاشرتی مشکلات کے دور سے گزر رہا ہے، قوم کو اقتصادی بحالی کی حکومتی کوششوں میں تعان کرنا ہوگا۔

    ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترم کے ساتھ منائی جا رہی ہے

    واضح رہے کہ پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، جہاں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کررہے ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں علمائے کرام نے سنت ابراہیمی کے فلسفے کو بیان کیا اورایثاروقربانی کے حقیقی جذبے کو اجاگر کیا۔

  • مصر میں نماز تراویح کیلئے لاوڈ اسپیکر پر پابندی عائد کرنے کا حکم

    مصر میں نماز تراویح کیلئے لاوڈ اسپیکر پر پابندی عائد کرنے کا حکم

    قاہرہ : مصری وزارت اوقاف نے تراویح سے متعلق مساجد کو حکم نامہ جاری کیا ہے کہ عوام رات کی عبادات کو مختصر کریں۔

    تفصیلات کے مطابق مصر میں رمضان المبارک کے موقع پر وزارت اوقاف نے مساجد کو حکم دیا ہے کہ رات کی عبادات کو مختصر کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت مذہبی امور کے سربراہ جابر طیاح کا کہنا تھا کہ رمضان کی تراویح میں مسجد امام کو 10 منٹ سے لمبی رکعت نہیں پڑھانا چاہیے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ ہدایت بھی جاری کی گئی ہیں کہ تراویح کی نماز کیلئے لاؤڈ اسپیکر پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پیش امام اپنی تقریر کے دوران حکومت اور حکام کے خلاف گفتگو سے پرہیز کریں۔

    واضح رہے کہ اذان و نماز پر پابندیاں کوئی نئی بات نہیں گزشتہ برس جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ کے نواحی قصبے اوہر ایرکنشویک میں واقع مسجد میں لاؤڈ اسپیکر پراذان دینے پرپابندی عائد کردی گئی تھی۔

    مسجد میں لاؤڈ اسپیکر پراذان دینے کے خلاف 69 سالہ ہانس یوآخم لیمہان نے اپنی بیوی کے ہمراہ مقامی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

    مزید پڑھیں : جرمنی میں لاؤڈ اسپیکرپراذان دینےپرپابندی

    درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اذان میں الفاظ کے ذریعے عقائد کا اظہار کیا جاتا ہے اور اذان سننے والے کو نماز میں شرکت کے لیے مجبورکیا جاتا ہے اور یہ ان کے مسیحی عقائد اور مذہبی آزادی کے منافی ہے۔

    عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے لاؤڈ اسپیکر پراذان دینے پرپابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے قواعد وضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسجد میں لاؤڈ اسپیکرپراذان دینے کی اجازت دی۔

  • انگیٹھی یا آگ کے گرد نماز پڑھی جاسکتی ہے یا نہیں؟ سعودی علماء نے بتادیا

    انگیٹھی یا آگ کے گرد نماز پڑھی جاسکتی ہے یا نہیں؟ سعودی علماء نے بتادیا

    ریاض: سعودی علماء نے نماز سے متعلق مسلمانوں کا ایک بڑا مسئلہ حل کرتے ہوئے فتویٰ جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی علماء کی جانب سے مسلمانوں کا ایک بڑا مسئلہ حل کردیا گیا ہے اور فتویٰ جاری کیا گیا ہے کہ انگیٹھی کے سامنے نماز ادا کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق ان دنوں سعودی عرب میں موسم سرما کے پیش نظر جگہ جگہ انگیٹھیوں اور آگ کے الاؤ کا اہتمام کیا جارہا ہے، اس حوالے سے مملکت بھر میں یہ بات پھیلادی گئی تھی کہ انگیٹھی یا آگ کے سامنے نماز پڑھنا درست نہیں کیونکہ اس سے آتش پرستی کا شبہ پیدا ہوجاتا ہے۔

    سعودی علماء بورڈ کے رکن اور مشیر ایوان شاہی شیخ ڈاکٹر سعد الششری نے بتایا کہ انگیٹھی یا آگ کے اطراف نماز پڑھنے کی ممانعت نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں: انڈونیشیا میں خطرناک زلزلے کے دوران بھی نماز جاری رہی، ویڈیو دیکھیں

    انہوں نے کہا کہ انگیٹھی یا آگ کے الاؤ کے سامنے نماز پڑھنے کی ممانعت کسی بھی آیت یا حدیث سے ثابت نہیں ہوئی، اگر کوئی شخص انگیٹھی یا الاؤ کے سامنے نماز ادا کرتا ہے تو اس میں کوئی قباحت نہیں ہے۔

    انہوں نے یہ وضاحت ایک عرب چینل کے پروگرام میں سوال و جواب کے سیشن میں بات کرتے ہوئے دی، ان کا کہنا تھا کہ چند علماء آگ کے اطراف نماز پڑھنے کی اجازت نہیں دیتے جبکہ دیگر اس میں کوئی قباحت نہیں سمجھتے۔

    سعودی عالم کا کہنا تھا کہ ایک امام کی تقلید کرنے والے یہ سمجھتے ہیں کہ ایسا کرنے سے آتش پرستی کا شبہ پیدا ہوتا ہے جو لوگ اس میں کوئی قباحت نہیں سمجھتے ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سےے کوئی دلیل قرآن و سنت میں نہیں ملتی اور یہی رائے سب سے زیادہ درست ہے۔

  • کراچی کی بڑی مسجدوں اور عید گاہوں میں عید الفطر کی نماز کے اوقات

    کراچی کی بڑی مسجدوں اور عید گاہوں میں عید الفطر کی نماز کے اوقات

    کراچی: شہر قائد کی نامور مسجدوں اور بڑی عید گاہوں میں عید الفطر کی نماز کب ادا کی جائے گی آئیے اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں قائم مسجد خانقاہ قادریہ علیمہ میں عید الفطر کی نماز دس بجے ادا کی جائے گی، امامت کے فرائض جمعیت قادریہ کے سربراہ خطیب وسجادہ نشین ڈاکٹر صاحبزادہ فریدالدین قادری انجام دیں گے۔

    نیو کراچی، سیکٹر F.5 بلاک 20 میں قائم جامع مسجد محمدی حنفیہ، دار العلوم معین الاسلام میں عید کی نماز ٹھیک 8:20 منٹ پر ادا کی جائے گی جبکہ امامت وخطابت کے فرائض مولانا محمد معروف اشرفی انجام دیں گے۔

    علاوہ ازیں زمان ٹاؤن، کورنگی 4 سکٹر A-35 میں قائم جامع مسجد المصطفیٰ وعید گاہ میں عید کی نماز ٹھیک 8 بج کر 30 منٹ پر ادا کی جائے گی، امامت وخطابت کے فرائض مفتی سید زاہد سراج قادری انجام دیں گے۔

    کراچی کے علاقے گلزار ہجری، A/13 میمن نگر میں قائم میمن مسجد میں عید الفطر کی نماز ٹھیک 8:00 بجے ادا کی جائے گی جبکہ خطیب وامام علامہ ڈاکٹر سید محمد وقاص ہوں گے۔

    نیو کراچی، قبرستان روڈ میں واقع جامع مسجد گلزار حبیب میں عید کی نماز آٹھ بجے ادا کی جائے گی جہاں خصرت علامہ مولانا محمد زمان نورانی خطیب ہوں گے جبکہ جامع مسجد غوث پاک کینٹ اسٹیشن میں نماز عیدالفطر 7:45 پر ادا ہوگی، امام وخطیب مولانا سلیمان قاضی ہوں گے۔

    گوٹھ ملیر میں مرکزی تاریخی عیدگاہ دارالعلوم مجددیہ نعیمیہ صاحبداد میں عید کی نماز 8 بجے ادا کی جائے گی، امامت وخطابت کے فرائض مفتئ اعظم سندھ مفتی محمد جان نعیمی ادا کریں گے جبکہ اصغر علی شاہ اسٹیڈیم نارتھ ناظم آباد میں عید کی نماز صبح آٹھ بجے ادا کی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • مسجد نبویﷺ میں نمازادا کرنے والوں کیلئے اہم ہدایات جاری

    مسجد نبویﷺ میں نمازادا کرنے والوں کیلئے اہم ہدایات جاری

    ریاض : سعودی حکومت نے مسجد نبویﷺ میں نماز ادا کرنے والے تمام افراد کیلئے ہدایات جاری کی ہیں کہ مسجد نبویﷺ میں جماعت، نماز جمعہ، عیدین اور تراویح کی نمازوں کی امامت پرانی محراب میں ہوگی۔

    سعودی عرب سے موصولہ اطلاع کے مطابق سعودی حکومت نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مسجد نبوی ﷺمیں سلام پیش کرنے والوں کو رش سے بچانے اور نمازیوں کی آسانی اور سہولت کے لئے جماعت، نماز جمعہ، عیدین اور تراویح کی تمام نمازوں کی امامت ریاض الجنہ میں واقع پرانی محراب میں ہوگی۔


    مزید پڑھیں: خانہ کعبہ اورمسجد نبویﷺ میں تصاویر اورویڈیو بنانے پرپابندی


    اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے سلام پیش کرنے والا حصہ اس وقت نمازیوں سے خالی ہوگا تاکہ نمازوں کے بعد سلام پیش کرنے والوں کو کسی قسم کی پریشانئی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔