Tag: نمبر پلیٹ جعلی

  • سی ویو: پولیس سے بدسلوکی کرنیوالے شخص کی شناخت، نمبر پلیٹ جعلی تھی

    سی ویو: پولیس سے بدسلوکی کرنیوالے شخص کی شناخت، نمبر پلیٹ جعلی تھی

    کراچی : گزشتہ روز سی ویو پر کار سوار کی پولیس اہلکاروں سے بدسلوکی کرنے والے شخص کا اے آر وائی نیوز نے پتہ لگا لیا، ملزم سندھ ہائیکورٹ کا وکیل ہے جس نے کار پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے سی ویو پر ظافر قتل کیس کے اگلے دن دس دسمبر کو درخشاں تھانے کے پولیس اہلکار ایس ایچ او کے ہمراہ معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی پر کھڑے تھے کہ اسنیپ چیکنگ کے لئے ایک اسپورٹس کار کو روکا۔

    پولیس اہلکاروں کی اس جرات پر کار میں سوار شخص آپے سے باہر ہوگیا اور اور انتہائی بد سلوکی کا مظاہرہ کیا اور ایس ایچ او کو کھری کھری سناتے ہوئے اسپورٹس کار پر فراٹے بھرتا ہوا چلتا بنا۔

    مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ تم لوگ کرپٹ سیاست دانوں کو تحفظ فراہم کرتے ہو اور مجھ پر الزام لگاتے ہوکہ میں ریس لگا رہا تھا، تم لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔

    واقعے کو ایک ماہ گزرنے کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، خبر ملنے کے بعد اے آر وائی نیوز نے پتہ لگا لیا کہ سی ویو پر پولیس سے بدسلوکی کرنے والا کون تھا؟

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس سے بدسلوکی کرنے والے کی شناخت شمس الاسلام کے نام سےہوگئی ہے، خواجہ شمس الاسلام نامی یہ شخص سندھ ہائی کورٹ کا وکیل ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شمس الاسلام کی کروڑوں روپے مالیت کی اس اسپورٹس کار کا نمبرآر8 تھا جو جعلی نمبر ہے، شہر کراچی میں چلنے والی 80 فیصد مہنگی گاڑیاں غیررجسٹرڈ ہوتی ہیں یا ان کی نمبر پلیٹس جعلی ہیں۔

  • نوازشریف کی مرسڈیزکی نمبر پلیٹ بھی جعلی نکلی

    نوازشریف کی مرسڈیزکی نمبر پلیٹ بھی جعلی نکلی

    اسلام آباد : نااہل وزیراعظم نواز شریف جعلی نمبرپلیٹ کی گاڑیوں میں سفرکرنے لگے، مریم صفدر کی بی ایم ڈبلیو کے بعد نوازشریف کی مرسڈیزکی نمبر پلیٹ بھی جعلی نکلی، مذکورہ کارکے نمبر پر بھی موٹرسائیکل رجسٹرڈ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عدالتی حکم پر نااہل ہونے والے سابق وزیراعظم نوازشریف آج چھانگلہ گلی سے اسلام آباد آئے اور انہوں نے پنجاب ہاؤس میں قیام کیا۔

    مری سے اسلام آباد آتے ہوئے انہوں نے جس سفید رنگ کی مرسڈیز میں سفرکیا اس گاڑی کا نمبر وی این 337 ہے، اس کی نمبر پلیٹ جعلی تھی۔

    جب اس گاڑی کے حوالے سے محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ سے معلومات حاصل کی گئیں تو انکشاف ہوا کہ مذکورہ نمبر ایک موٹر سائیکل کے طور پررجسٹرڈ ہے۔

    ہیرو موٹر سائیکل آر ایف70موٹر سائیکل سال2010میں رجسٹرڈ کی گئی تھی۔ یہ موٹر سائیکل مقصود عالم ولد محمد خان کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔


    مزید پڑھیں: مریم نوازکی بی ایم ڈبلیو موٹر سائیکل کے نام پر رجسٹرڈ 


    یاد رہے کہ اس سے قبل نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے زیر استعمال گاڑی کا نمبر بھی جعلی نکلا تھا، جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے موقع پر مریم صفدر جس گاڑی میں سوار ہوکر جوڈیشل کمپلیکس آئیں تھی اس کا نمبر بھی کسی موٹر سائیکل کے طورپر رجسٹرڈ تھا۔