Tag: نندی پور پاور اسٹیشن

  • نندی پور پاوراسٹیشن،ریکارڈ ضائع کرنے کی تحقیقات جاری

    نندی پور پاوراسٹیشن،ریکارڈ ضائع کرنے کی تحقیقات جاری

    گوجرانوالہ: نندی پور پاور اسٹیشن کے ریکارڈ ضائع کرنے کے مقدمہ میں ملزم بلقیاس خان کوتیسری مرتبہ تین روزہ جسمانی ریمانڈپر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نندی پورپاوراسٹیشن میں ریکارڈ ضائع کرنے کے مقدمہ میں گرفتار سیکیورٹی گارڈ بلقیاس خان کو آج سول جج نزہت جبیں کی عدالت میں پیش کیا گیا عدالت نے ملزم کو تیسری بار جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    عدالت میں پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ملزم بلقیاس خان کے قبضہ سے پھٹے ہوئے تین رجسٹرڈ برآمد ہوئے ہیں جس میں کئی اپم شواہد کی موجودگی کا خدشہ ہے اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ مزید تحقیقات کے لیے ملزم کو آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر ملزم کو پولیس کے حوالے کرے۔

    جس پر فاضل جج نے ملزم بلقیاس خان کومزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا ہے،ملزم کو تیسری بار جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ملزم بلقیاس خان نندی پور کے معطل سکیورٹی آفیسر ریٹائرڈ کیپٹن مہتاب عالم کا قریبی ساتھی تھا جس نے پولیس کے روبرو اس بات کا اقرار کیا تھا کہ اس نے معطل سکیورٹی آفیسر ریٹائرڈ کیپٹن مہتاب عالم کے کہنے پر ہی آئیل کی خریداری سکیورٹی سٹا ف کی حاضری کا ریکارڈ اور دوسری اہم دستاویزات پھاڑیں تھیں۔

    دوران تفتیش ملزم بلقیاس خان نے بتایا کہ اُس نے ریکارڈ ضائع کرنے کے بعد کمرے کا بیرونی شیشہ توڑ دیا تھا تا کہ یہ تاثر دیا جاسکے کہ کوئی نامعلوم شخص شیشہ توڑ کر اندر داخل ہوا تھا۔

  • نندی پور پاور پلانٹ میں ریکارڈ پھاڑنے کے واقعہ کی تحقیقات شروع

    نندی پور پاور پلانٹ میں ریکارڈ پھاڑنے کے واقعہ کی تحقیقات شروع

    گجرانوالہ: وفاقی حکومت نے نندی پور پاور اسٹیشن میں اہم فائلوں کو پھاڑنے اور توڑ پھوڑ کے واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات شروع کر دیں۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کے سیکیورٹی انچارج کیپٹن ریٹائرڈ رانا مہتاب عالم کو کام کرنے سے روک کر ان کا چارج کیپٹن ریٹائرڈ محمد آفتاب کو دے دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نندی پور ریکارڈ کے بارے میں انکشاف کے بعد حکام حرکت میں آگئے۔ نندی پور پاور اسٹیشن میں اہم ریکارڈ کس نے اور کیوں ضائع کیا، تحقیقات شروع کردی گئیں۔

    اس ضمن میں پیپکو کے 3 افسران کی ٹیم نندی پور پاور اسٹیشن پہنچی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ ٹیم نے سیکیورٹی پر مامور ذمہ دار افراد سے پوچھ گچھ بھی کی۔ ٹیم نے پھاڑے جانے والے ریکارڈ کی الگ سے فہرستیں تیار کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

    نندی پور پاور پراجیکٹ کے سیکیورٹی انچارج کیپٹن ریٹائرڈ رانا مہتاب عالم کو بھی کام سے روک دیا گیا اور ان کی جگہ چارج کیپٹن ریٹائرڈ محمد آفتاب کو دے دیا گیا۔

    حکام نے بتایا کہ اہم فائلوں کو پھاڑنے کے الزام میں ایک سیکیورٹی گارڈ بلقیس خان زیر حراست ہے۔ پولیس کی فرانزک لیبارٹری کی طرف سے فنگرز پرنٹ کی رپورٹ جاری ہونے کا انتظار ہے جس کے بعد کیس میں اہم پیش رفت کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ میں صبح ساڑھے 3 بجے کے قریب کچھ نامعلوم افراد اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی مہتاب عالم کے دفتر میں داخل ہوئے اور اہم ریکارڈ پھاڑ دیا۔ پھاڑے جانے والے کاغذات میں ادائیگیوں اور آئل خریداری کا ریکارڈ شامل تھا۔