Tag: نوئیڈا

  • کار میں دو بزرگ شہریوں کی موجودگی کے باوجود لفٹر نے کار اٹھالی!

    کار میں دو بزرگ شہریوں کی موجودگی کے باوجود لفٹر نے کار اٹھالی!

    کار میں دو بزرگ شہریوں کے بیٹھے ہونے کے باوجود پرائیویٹ پارکنگ ٹھیکیدار کے عملے نے کار کو لفٹر کے ذریعے اٹھالیا۔

    بھارتی شہر نوئیڈا میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، پرائیویٹ پارکنگ ٹھیکیدار کے عملے نے ایک کار کو لفٹر سے اٹھا لیا جب کہ اس کے اندر دو بزرگ شہری بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ عملے نے مبینہ طور پر جواز پیش کیا کہ کار نو پارکنگ زون میں کھڑی تھی۔

    نوئیڈا اتھارٹیز کی جانب سے متعلقہ واقعے کے بعد پارکنگ ٹھیکیدار کو کار کو لفٹ کرنے کے الزام میں شو کاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

    یہ واقعہ نوئیڈا کے سیکٹر 50 میں منگل کو اس وقت پیش آیا جب وشواجیت مزمدار نامی شخص اپنی بھابھی کے ساتھ نوئیڈا سیکٹر 50 کے ایک اسپتال گئے ہوئے تھے۔

    مزومدار کے مطابق ان کی بھابھی دل کی مریضہ تھیں اور اسپتال میں انھیں نقد رقم ادا کرنے اور کچھ دستاویزات کی فوٹو کاپی کروانے کو کہا گیا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ سیکٹر 50 کے نو پارکنگ زون میں گاڑی کھڑی کی تھی تاہم نو پارکنگ کا نشان نہیں دیکھا کیونکہ یہ درخت کے پتوں سے ڈھکا ہوا تھا۔ ہم کام کے بعد پانچ منٹ میں ہی واپس آگئے لیکن اس وقت تک کار کے اگلے حصے کو ٹو کیا جارہا تھا

    مزومدار نے کہا کہ ہم نے انھیں بتایا بھی کہ ہمیں اسپتال جانا ہے، ہمارے ساتھ ایک مریض ہے اسے دل کا عارضہ ہے۔ ہم 70 سال کے بزرگ شہری ہیں پر پارکنگ عملے نے ہماری بات نہیں سنی۔

    اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ایک سرخ کار کو کھینچتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹھیکیدار پراوین گپتا کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی جبکہ ٹھیکیدار پر 50 ہرزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

  • مہندی حسن کے قتل کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز نے سوشل میڈیا کو ہلا کر رکھ دیا

    مہندی حسن کے قتل کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز نے سوشل میڈیا کو ہلا کر رکھ دیا

    نوئیڈا: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں مسلمانوں‌ کے خلاف ایک اور بھیانک ’’ہیٹ کرائم‘‘ سامنے آیا ہے، دو ہندوؤں نے ایک مسلمان کو چاقو مار کر موٹرسائیکل سے باندھا اور راستے میں گھسیٹ کر لے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں، جن میں نوئیڈا کے ایک مسلمان شہری مہندی حسن کے قتل اور راستے میں موٹرسائیکل سے باندھ کر گھسیٹے جانے کے دل دہلا دینے والے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق اس وحشیانہ واقعے میں دو افراد نے مہندی حسن کو پہلے چاقو سے شدید زخمی کر دیا، پھر موٹر سائیکل سے باندھا اور برولا گاؤں میں راستوں میں بے رحمی سے گھسیٹنے لگے، جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

    نوئیڈا پولیس نے نفرت پر مبنی اس خوف ناک جرم کو پرانی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا، قاتل ہندو مہندی حسن کو بائیک سے باندھ کر گھسیٹتے ہوئے خود پولیس تھانے لے گئے تھے، پولیس کے مطابق مہندی حسن کو تھانے سے شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں وہ جاں بر نہ ہو سکا۔

    ایڈیشنل ڈی سی پی نوئیڈا منیش کمار مشرا کے مطابق دونوں قاتل بھائی ہیں جن کی شناخت انوج اور نتن کے ناموں سے ہوئی ہے، ان کی مقتول کے ساتھ پرانی دشمنی تھی، انوج نے پولیس کو بتایا کہ مہندی حسن نے 2018 میں ان کے والد کو قتل کرنے کی کوشش میں چاقو سے زخمی کر دیا تھا، جس کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔

    پولیس نے دونوں قاتل بھائیوں کو گرفتار کر لیا اور جب آلہ قتل برآمد کرنے کے لیے مطلوبہ مقام پر انھیں لے جایا گیا تو انھوں نے پولیس والوں پر حملہ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر انکاؤنٹر میں دونوں قاتل گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔ پولیس نے دونوں کے خلاف قتل اور پولیس حراست سے فرار کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔