Tag: نوازشریف

  • ملک مخالف انٹرویو، عدالت نے نوازشریف اور شاہد خاقان کو کل طلب کرلیا

    ملک مخالف انٹرویو، عدالت نے نوازشریف اور شاہد خاقان کو کل طلب کرلیا

    لاہور: ہائی کورٹ نےنواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کو متنازع انٹرویو دینے پر  تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے دونوں سابق وزرائے اعظم کو کل عدالت میں وضاحت کے لیے طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے تین رکنی بینچ نے دو سابق وزرائے اعظم کے خلاف دائر درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کیا جو  دو صفحات پر مشتمل ہے۔

    عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ بادی النظر میں میاں نواز شریف کا ملتان میں انٹرویو ملکی آئین کی خلاف ورزی ہے، سابق نااہل وزیر اعظم اور شاہد خاقان عباسی ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر اپنے انٹرویو کی وضاحت کریں۔

    سول سوسائٹی کی رکن آمنہ ملک اور پاکستان زندہ باد پارٹی نے میاں نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق  نے دورانِ سماعت اختیار کیا تھا  کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمی کے حلف کی پاسداری نہیں کی۔

    مزید پڑھیں: ممبئی حملوں میں کالعدم تنظیمیں ملوث ہیں، نوازشریف

    اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے  ملکی سلامتی کے خلاف انِٹرویو دیا جس سے پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی لہذا عدالت بغاوت کے الزام کے تحت کارروائی کرے۔

    انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے بیان پر  قومی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں اس بیان کو بے بنیاد قرار دیا گیا جبکہ شاہد خاقان عباسی نے اپنی زیر صدارت  بند کمرے میں ہونے والے اجلاس کی کارروائی سے نوازشریف کو آگاہ کیا اور انہوں نے بھی اپنے حلف سے روح گردانی کی۔

    یہ بھی پڑھیں: قومی سلامتی کمیٹی نے نوازشریف کا بیان متفقہ طور پر مسترد کردیا

    درخواست گزارکے وکیل نے استدعا کی کہ شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کے خلاف حلف اور آئین کی پاسداری نہ کرنے پر  بغاوت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    عدالت نے دائر درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں دونوں سابق وزرائے اعظم کو  کل صبح پیش ہونے اور وضاحت دینے کا حکم دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کیپیٹل ایف زیڈ ای میں ملازمت کی دستاویزقانوناََ تصدیق شدہ نہیں‘ خواجہ حارث

    کیپیٹل ایف زیڈ ای میں ملازمت کی دستاویزقانوناََ تصدیق شدہ نہیں‘ خواجہ حارث

    اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث حتمی دلائل دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکررہے ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج بھی احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے جبکہ کیپٹن صفدر عدالت میں موجود ہیں۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کی جانب سے ساتویں روز بھی دلائل کا سلسلہ جاری ہے۔

    خواجہ حارث نے نیب کے نوازشریف کونوٹس کا متن پڑھ کرسنایا جس میں کہا گیا کہ بیان کی تصدیق کے لیے پیش ہوں اور پیش کردہ دستاویزات سے متعلق رائے دیں، جےآئی ٹی میں میرے موکل کا بیان اپنے دفاع کے لیے تھا۔

    سابق وزیراعظم کے وکیل نے کہا کہ کیپیٹل ایف زیڈ ای میں ملازمت کی دستاویزقانوناً تصدیق شدہ نہیں ہے جبکہ استغاثہ کی طرف سے پیش ملازمت کےمعاہدے میں ترمیم کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ حسین نوازسے کیپیٹل ایف زیڈ ای کی سورس دستاویزکا سوال نہیں کیا گیا اوران دستاویزکا ایون فیلڈ پراپرٹی سے تعلق نہیں ہے جبکہ کیپیٹل ایف زیڈای سےمتعلق دستاویزات قابل قبول شواہد نہیں ہیں۔

    خواجہ حارث نے کہا کہ کہیں ملزمان کوفائدہ ہوسکتا تھا تواس پوائنٹ کوٹچ نہیں کیا گیا، قطری خطوط اورٹرانزیکشن میں ربط موجود ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ واجد ضیاء کا بیان ہے لندن فلیٹس شریف خاندان کے ہیں۔ تفتیشی افسر کہتا ہے نواز شریف بے نامی دار اور اصل مالک ہیں۔

    خواجہ حارث کا کہنا تھا استغاثہ نے چارٹ پیش کرنے والے گواہ کو پیش نہیں کیا اورجن شواہد کو استعمال کرنا چاہتے ہیں ان پر جرح کا موقع ملنا چاہیئے۔ جے آئی ٹی نے نواز شریف سے مالک یا بینیفشل اونر کا نہیں پوچھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہوں، نوازشریف

    الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہوں، نوازشریف

    لندن: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے الیکشن پر دنیا کی نظریں ہیں، میں بھی واپس جاکر انتخابات میں حصہ لینا چاہتا ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں ہارلے اسٹریٹ کے باہر بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نوازشریف نے ملک کے سیاسی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دنیا کے سامنے اپنا تماشا نہیں بنانا چاہیے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجودہ صورتحال افسوسناک ہے جس کے باعث شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں، لوگوں کی پکڑ دھکڑ ٹھیک عمل نہیں الیکشن کے عمل کو شفاف بنانا چاہیے۔

    مزید پڑھیں: کلثوم نواز کی حالت تشویش ناک ہے، ایسے حالات میں مجھے ان کے پاس رہنا چاہیے، نواز شریف

    نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والے انتخابات پر دنیا کی نظریں ہیں، ماضی میں جب بھی پری پول ریگنگ ہوئی تو اس کی وجہ سے ملک و قوم کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان واپس جاکر انتخابات میں حصہ لینا اور نیب میں پیش ہونا چاہتا ہوں تاکہ میرے خلاف چلنے والے کیسز ختم ہوں مگر کلثوم نواز کی طبیعت اجازت نہیں دے رہی۔

    واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیر علاج ہیں، طبیعت تشویشناک ہونے کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے، حالت خطرے سے باہر نہ ہونے کی وجہ سے سابق وزیراعظم اور اُن کی صاحبزادی نے پاکستان واپسی کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کلثوم نوازکی طبیعت نہ سنبھل سکی، نواز شریف اور مریم نواز نے واپسی کا فیصلہ مؤخر کردیا

    خیال رہے کہ ایک طرف ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں جس کے لیے انھیں انتخابی مہم چلانی ہے مگر اہلیہ کی طبیعت کے باعث نوازشریف اور اُن کی صاحبزادی لندن میں موجود ہیں، علاوہ ازیں نوازشریف کے خلاف احتساب عدالت میں ایوان فیلڈ ریفرنس بھی زیر سماعت ہے جس کے باعث وہ بہت پریشان ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نوازشریف اورمریم نوازکو 3 دن کےلیےحاضری سےاستثنیٰ مل گیا

    نوازشریف اورمریم نوازکو 3 دن کےلیےحاضری سےاستثنیٰ مل گیا

    اسلام آباد : احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت جاری ہے جہاں پانچویں روز بھی سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث دلائل دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکررہے ہیں۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے جبکہ کیپٹن صفدرعدالت میں موجود ہیں۔

    عدالت میں سماعت کے آغاز پرخواجہ حارث نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز بیرون ملک ہیں، درخواست جمع کرانی ہے، بیگم کلثوم نوازکی 22 جون کی میڈیکل رپورٹ کے پرنٹ لینے ہیں۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ واجد ضیاء کے بیان کے دوسرے حصے پردلائل دوں گا۔

    خواجہ حارث نے کہا کہ تفتیشی افسرکی رائے قابل قبول شہادت نہیں ہے، قطری کے 2 خطوط کا نوازشریف سے کچھ لینا دینا نہیں ہے، جے آئی ٹی نے 2 خطوط میں تضادات کی بات کی ہے۔

    نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ خطوط میں تضادات کا بتانا جے آئی ٹی کا کام نہیں عدالت کا تھا، واجدضیاء یہ خط توپیش کرسکتے تھے مگرکمنٹس نہیں کرسکتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسرکا کیا کام ہے معائنہ کرے یہ عدالت کا کام ہے، ہماری رائے ہے محمد بن جاسم کی ضرورت نہیں ہے۔

    احتساب عدالت میں نوازشریف اور مریم نواز کی 7 دن کے لیے حاضری سے اسثنیٰ کی درخواست کی گئی اور عدالت میں بیگم کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی گئی جس پر عدالت نے سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی کو 3 دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔

    خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ واجد ضیاء نے نواز شریف سے متعلق کچھ نہیں بتایا، الزام ثابت کرنے کے لیے پرائمری یا سیکنڈری شواہد ہوتے ہیں جبکہ سیکنڈری شواہد میں بتانا ہوتا ہے پرائمری شواہد کیوں نہیں پیش کیے۔

    مسلم لیگ ن کے قائد کے وکیل خواجہ حارث آج بھی دلائل کا سلسلہ جاری رکھیں گے جس کے بعد مریم نواز کے وکیل امجد پرویزحتمی دلائل دیں گے۔

    نواز شریف لندن فلیٹس کے بینیفیشل اونرہیں نہ ان سے تعلق ہے‘ خواجہ حارث

    خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پرخواجہ حارث نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف لندن فلیٹس کے بینیفیشل اونرہیں نہ ان سے تعلق ہے، استغاثہ کو لندن فلیٹس کی ملکیت بھی ثابت کرنا تھی۔

    سابق وزیراعظم کے وکیل نے نوازشریف کے کیپٹل ایف زیڈای سے تنخواہ وصولی تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیپٹل ایف زیڈای سے تنخواہ 2008 کا معاملہ ہے، تنخواہ وصول بھی کی تواس سے ایون فیلڈ کا کیا تعلق ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • 70سال میں پاکستان پہلی بارفیصلہ کن تاریخ لکھنے جا رہا ہے‘ بابراعوان

    70سال میں پاکستان پہلی بارفیصلہ کن تاریخ لکھنے جا رہا ہے‘ بابراعوان

    فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابراعوان کا کہنا ہے کہ اس الیکشن میں تعلیم یافتہ ووٹر، تعلیم یافتہ امیدوار الیکشن کا فیصلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں پریس کانفرس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما بابراعوان نے کہا کہ 70سال میں پاکستان پہلی بارفیصلہ کن تاریخ لکھنے جا رہا ہے۔

    بابراعوان نے کہا کہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے چورکوووٹ دینا ہے یا چوکیدارکو، ایسا موقع پھرنہیں آئے گا اس لیے تبدیلی کے لیے ووٹ دیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اتنا پیسہ آیا لیکن لگا کہاں ہے، ہم ان کے منصوبوں سے متعلق فائلیں کھولیں گے، چور کو ہٹا کر چورلائیں گے توچوری بڑھے گی۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ کسی نے اپنے مینڈیٹ سے تجاوزکیا توآرٹیکل 6 کامقدمہ درج ہوگا، پاکستان کے آئین میں لکھا ہے کہ سب ادارے مل کرشفاف الیکشن کرائیں گے۔

    بابراعوان نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نوازکا میڈیا سیل اسلام آباد میں بند ہوا، گورنرہاؤس پنجاب میں کھل گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایسا کون حکمران ہوگا جودشمن ملک کے سربراہ کے کان میں گفتگوکرے گا، سابق حکمرانوں نے پاکستان کوعالمی طورپرتنہا کردیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ اگرشیرہوتوانگریزوں کے چرنوں سے باہرنکلو، کیسا شیر ہے جو ملک کے انصاف اورعدل سے ڈرتا ہے۔

    بابراعوان نے کہا کہ خاص منصوبوں میں پاکستان کا پیسہ لگا کرلوٹنے کا دورچلا گیا، عوام کس کوواپس لانا چاہتے ہیں، کرپشن میں ڈوبے شخص کویا تبدیلی کو۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • نوازشریف کوعوامی مسلم لیگ نے گھربھیجا‘ شیخ رشید

    نوازشریف کوعوامی مسلم لیگ نے گھربھیجا‘ شیخ رشید

    راولپنڈی : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شخص پنڈی والوں کوپیسوں سے نہیں خرید سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 60 اور 62 کا دورہ الیکشن مہم کا حصہ ہے۔

    سیخ رشید نے کہا کہ قلم دوات اوربلا الیکشن میں کامیاب ہوگا، حالات جیسے بھی ہوں الیکشن کی طرف بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف قبضہ اورڈرگس ڈیلرگروپ ہے، عدالت سے صادق وامین قرارپائے، ایفیڈرین کا فیصلہ ابھی باقی ہے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کوئی بھی شخص پنڈی والوں کوپیسوں سے نہیں خرید سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آمروں کے خلاف سب سے پہلے ہم نکلے اور نوازشریف کوعوامی مسلم لیگ نے گھربھیجا۔

    سابق وزیرداخلہ کے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان تمام آزاد امیدواروں کا لیڈر ہوگا۔

    سپریم کورٹ نےشیخ رشید کواہل قرار دے دیا

    خیال رہے کہ رواں ماہ 13 جون کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی نا اہلی سے متعلق دائر درخواست پرفیصلہ سناتے ہوئے انہیں اہل قرار دیا تھا۔

    ووٹ ذلیل ہی نوازشریف کے ہاتھوں ہوا ہے‘ شیخ رشید

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 20 اپریل کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف ووٹ کوعزت دو کی بات کررہا ہے، ووٹ ذلیل ہی نوازشریف کے ہاتھوں ہوا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • راولپنڈی: چوہدری نثار کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست مسترد

    راولپنڈی: چوہدری نثار کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست مسترد

    راولپنڈی : ایپلٹ ٹریبونل نے این اے 63 ٹیکسلا واہ سے سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ایپلٹ ٹربیونل میں آج سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے این اے 63 سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔

    درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ چوہدری نثارسپریم کورٹ حملہ کیس میں ملزم ہیں لہذا ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

    ایپلٹ ٹربیونل نے یہ کہہ کراپیل مسترد کردی کہ درخواست گزار این اے 63 کے ووٹر نہیں ہیں۔

    خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 63 ٹیکسلا، واہ، موجودہ حلقہ بندیوں سے قبل این اے 53 تھا جس میں ٹیکسلا، واہ اور اڈیالہ کے علاقے شامل کیے گئے ہیں۔

    ضمیرپربوجھ کے ساتھ نوازشریف کی صدارت کے بل پردستخط کیا‘ چوہدری نثار

    یاد رہے کہ گزشتہ روزاسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا تھا کہ گزشتہ ایک سال سے میرا نواز شریف سے اختلاف چل رہا ہے۔

    سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اختلاف کی بنیاد پرہی میں نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا، اس وقت چار نشستوں پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑرہا ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • لاہور: شریف خاندان کا عمران خان کو ووٹ دینے کا اعلان

    لاہور: شریف خاندان کا عمران خان کو ووٹ دینے کا اعلان

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے شہری میاں محمد نوازشریف نے اہل خانہ سمیت آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کے پروگرام سرعام کے اینکر اور سینئر صحافی اقرار الحسن  نے الیکشن سے متعلق عوامی رائے جاننے کے لیے لاہور  اور پنجاب کے علاقوں کا دورہ کیا۔

    اسی دوران اُن کو ایک شہری ملا جس کا نام صرف سابق وزیر اعظم سے نہیں ملتا بلکہ اُن کے گھر کے دیگر افراد نوازشریف کی صاحبزادی ، چھوٹے میاں صاحب اور بھتیجے کے ہم نام نکلے۔

    اقرار الحسن سے گفتگو کرتے ہوئے شہری کا کہنا تھا کہ جس دن نوازشریف وزیر اعظم بنے میری پیدائش بھی اُسی روز کی ہے اس لیے گھر والوں نے یہی نام رکھا، میں مسلم لیگ ن کا بہت پرانا ووٹر تھا مگر اب  ہماری پوری فیملی اگلے انتخابات میں عمران خان کو ووٹ دے گی۔

    حیران کن طور پر شہری نوازشریف کی بیٹی کا نام مریم نواز جبکہ ماموں شہباز اور بھانجے کا نام حمزہ شہباز ہے۔ اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمدنوازشریف  نے تبدیلی کانعرہ لگایا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کی درخواست مسترد کردی

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کی درخواست مسترد کردی

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے نوازشریف کی ریفرنسز یکجا کرنے سے متعلق درخواست کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کی جانب سے  ریفرنسز کو یکجا کرنےسےمتعلق دائر درخواست پرفیصلہ سناتے ہوئے انہیں غیر مؤثر قرار دے دیا۔

    نوازشریف نے عدالت میں تینوں ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواست دی تھی جس میں انہوں نے اپنے ہی بچوں کو فریق بنایا تھا۔

    مزید پڑھیں: چیف جسٹس نے ایک بار پھر نوازشریف کی نیب ریفرنس یکجا کرنے کی اپیل خارج کردی

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سابق وزیراعظم نے سپریم کورٹ میں نیب کے ریفرنسز کو یکجا کرنے سے متعلق درخواست دائر کی تھی جس پر چیف جسٹس نے سماعت کی اور انہیں خارج کردیا۔

    نواز شریف نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جسے فروری میں چیف جسٹس کے چیمبر  میں ہونے والی سماعت کے جسٹس ثاقب نثار  نےاعتراضات برقرار رکھتے ہوئے اپیل خارج کردی تھی۔

    خیال رہے کہ احتساب عدالت نے نواز شریف کی تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کے حوالے سے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے اُن پر باضابطہ فرد جرم عائد کردی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کی نیب ریفرنسزکویکجا کرنےکی درخواستیں مسترد

    واضح رہے کہ کہ لندن فلیٹس سے متعلق ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف ان کے دونوں بیٹے حسن اور حسین نواز، مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کوملزم نامزد کیا گیا جبکہ دیگر دو ریفرنسز العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز میں نوازشریف سمیت ان کے دونوں صاحبزادوں کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • شہبازشریف لندن سے وطن واپس پہنچ گئے

    شہبازشریف لندن سے وطن واپس پہنچ گئے

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے بعد لندن سے وطن واپس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لندن سے لاہور پہنچ گئے۔

    شہبازشریف نے عید الفطر لندن میں ہی منائی تھی۔ روانگی سے قبل انہوں نے قوم سے بیگم کلثوم نوازکی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی تھی۔

    دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کلثوم نواز کی طبعیت اب قدرے بہتر ہے تاہم اب بھی وہ مکمل طور پر خطرے سے باہر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اہلیہ کے لیے دعا کی جائے۔

    خیال رہے کہ بیگم کلثوم نواز کے دونوں بیٹے حسن اور حسین نواز لندن میں ان کے ساتھ ہیں جبکہ نوازشریف اور مریم نوازاحتساب عدالت سے اجازت ملنے کے بعد جمعرات کو لندن پہنچے تھے۔

    مریم نواز نے بیگم کلثوم نواز کو دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق کردی

    واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے لندن میں زیرعلاج ہیں۔ نوازشریف کی اہلیہ کی گزشتہ ہفتے طبعیت خراب ہونے پرانہیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تھا اور اب بھی وہ وینٹی لیٹرپرہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔