Tag: نواز شریف رہا

  • ایون فیلڈ ریفرنس: نیب کی ناکامی پر سوال اٹھ گئے

    ایون فیلڈ ریفرنس: نیب کی ناکامی پر سوال اٹھ گئے

    اسلام آباد: ہائی کورٹ سے شریف خاندان کی ضمانت پر رہائی کے بعد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں نیب کی ناکامی پر سوال اٹھ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایون فیڈ ریفرنس میں سزا کاٹنے والے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحب زادی مریم، داماد کیپٹن (ر) صفدر کی ہائی کورٹ سے رہائی کے فیصلے کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) کی ناکامی پر سوال اٹھ گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر اور ان کی ٹیم کو کیس سے کیوں الگ رکھا گیا؟ سردار مظفر کا ملزمان کو سزا دلوانے میں اہم کردار رہا۔

    ذرائع نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اکرم قریشی کو خصوصی طور پر نیب میں کیوں لایا گیا؟ اکرم قریشی پراسیکیوٹر جنرل کے دوست بتائے جاتے ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اکرم قریشی کو دوستی کی وجہ سے کیس سونپا گیا۔

    ایک اور سوال اٹھایا گیا کہ نیب پراسیکیوٹر جنرل علی اصغر حیدر نے وکیل کیوں تبدیل کیا؟ علی اصغر حیدر سے اس سلسلے میں جواب طلبی ضرور ہونی چاہیے۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایوان فیلڈ ریفرنس ، نوازشریف، مریم نواز، کپیٹن(ر)صفدر کی سزا معطل ، رہا کرنے کا حکم


    ذرائع نے کہا کہ کیس ہارنے پر نیب پراسیکیوشن کی باز پرس کا طریقۂ کار وضع کرنا ہوگا، بڑے مقدمات میں نیب پراسیکیوشن کا ناکامی پراحتساب ہونا چاہیے، پراسیکیوشن کو باضابطہ کر کے ہی ناکامی پر ذمہ داری کا تعین ہو سکے گا۔

    ذرائع کے مطابق نیب کے تربیت یافتہ وکلا ہی ملزمان کا کیس لڑنے لگتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ کام یاب ہو جاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، مریم نواز، کپیٹن (ر) صفدر کی سزائیں معطل کرتے ہوئے تینوں کو رہا کر دیا ہے۔

  • نواز شریف کی رہائی پر پنجاب بھر میں کارکنوں کا جشن

    نواز شریف کی رہائی پر پنجاب بھر میں کارکنوں کا جشن

    لاہور: سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت پر رہائی کے حکم کے بعد پنجاب میں ن لیگی کارکن جشن منانے لگ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ کے سربراہ نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد صفدر کی رہائی کی خوشی میں پنجاب کے مختلف شہروں میں لیگی کارکن جشن منا رہے ہیں۔

    لاہور سمیت کئی شہروں میں اڈیالہ جیل کے تینوں سیاسی قیدیوں کی سزا معطلی پرلیگی کارکنان پُر جوش ہو گئے، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ن لیگ کے ضلعی دفتر میں کارکنان نے مٹھائی تقسیم کی۔

    ضلع اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ خورد میں نواز شریف، مریم اور صفدر کی رہائی پر ن لیگی کارکن جشن منا رہے ہیں، لیگی کارکنوں نے شہر بھر میں جگہ جگہ مٹھائی تقسیم کی۔

    ضلع نارووال کے شہر شکر گڑھ میں بھی شریف خاندان کی رہائی پر ن لیگی کارکنوں جشن منا رہے ہیں، لیگی ایم پی اے مولانا غیاث الدین نے رہائی کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایوان فیلڈ ریفرنس ، نوازشریف، مریم نواز، کپیٹن(ر)صفدر کی سزا معطل ، رہا کرنے کا حکم


    واضح رہے کہ نواز شریف کی رہائی کے سلسلے میں بڑی تعداد میں کارکنان ایک طرف اڈیالہ جیل کے باہر جمع ہو چکے ہیں، دوسری طرف جاتی امرا میں بھی بہت بڑی تعداد اکھٹی ہوگئی ہے۔

    آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں تینوں قیدیوں کی سزائیں معطل کرتے ہوئے انھیں رہا کرنے کا حکم دیا۔

  • نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر جیل سے رہا، جاتی امرا پہنچ گئے

    نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر جیل سے رہا، جاتی امرا پہنچ گئے

    راولپنڈی: نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا، رہائی کے بعد تینوں قیدی خصوصی طیارے سے لاہور ، جاتی امرا پہنچ گئے، حج ٹرمینل پر پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کی نفری تعینات تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ اعظم اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد ایک قافلے کی صورت میں جاتی امرا پہنچ گئے، ن لیگی کارکن بڑی تعداد میں ان کے استقبال کے لیے جمع ہیں۔ جاتی امرا میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی اور دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا، بعد ازاں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو احتساب عدالت کی جانب سے سنائی جانے والی سزائیں معطل کردیں اور انھیں رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

    قبل ازیں اڈیالہ جیل کے تینوں قیدیوں کا روبکار ڈپٹی رجسٹرار ہائی کورٹ احسان خان کی جانب سے جاری کیا گیا، روبکار لانے والے اہل کاروں کے ساتھ مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری اور وکلا بھی ساتھ تھے۔

    نواز شریف سے اڈیالہ جیل میں ن لیگی رہنماؤں نے ملاقات کی، شہباز شریف، مرتضیٰ عباسی اور سردار مہتاب ملاقات میں موجود تھے، اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے نواز شریف کو رہائی کی خبر سنائی تو نواز شریف نے جیل سپرنٹنڈنٹ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

    اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے نواز شریف کو چائے اور بسکٹ بھی پیش کیے، جیل سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں نواز شریف اور شہباز شریف گلے ملے۔

    دریں اثنا نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر کو لینے سیکورٹی اسکواڈ اڈیالہ جیل پہنچا تھا، اڈیالہ جیل کے اطراف میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی تھی، سابق وزیرِ اعظم اور ان کی بیٹی کو لاہور لے جانے کے لیے خصوصی طیارہ بھی ایئر پورٹ پہنچ گیا ہے۔


    نواز شریف کی رہائی کے سلسلے میں عدالتی کارروائی کی تفصیلات یہاں  ملاحظہ کریں


    اڈیالہ جیل کے تینوں قیدیوں کی رہائی کے سلسلے میں جاتی امرا میں کارکنان جمع ہونا شروع ہو گئے، کارکنان نے رہائی کے فیصلے پر شکرانے کے نوافل بھی ادا کیے اور نعرے لگائے۔