Tag: نواز شریف سے ملاقات

  • ایم کیو ایم وفد کی آج ن لیگ کے قائد نواز شریف سے ملاقات ہوگی

    کراچی : ایم کیو ایم وفد کی آج ن لیگ کے قائد نواز شریف سے ملاقات ہوگی، ملاقات میں عام انتخابات اور نئی سیاسی صف بندی پر بات چیت متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم وفد آج ن لیگ کے قائد نواز شریف سے ملاقات کرے گا ، پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ملاقات پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہو گی، خالد مقبول ، فاروق ستار ،مصطفی کمال اوردیگر رہنما وفدمیں شامل ہوں گے۔

    نواز شریف سے ملاقات کیلئے ایم کیو ایم کا 3 رکنی وفد لاہور پہنچ گیا ہے ،ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، آئندہ عام انتخابات کے بعد بننے والی نئی حکومت کے لیے چیلنجز اور مشترکہ قومی ایجنڈے پر بات چیت متوقع ہے۔

    اس کے علاوہ ملاقات میں عام انتخابات اور نئی سیاسی صف بندی پر بات چیت متوقع ہے جبکہ سندھ میں ایم کیو ایم پاکستان، جی ڈی اے، جے یو آئی ایف سمیت مسلم لیگ ن کے انتخابی الائنس پر بات چیت ہوگی۔

    ملاقات میں مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم ورکنگ ریلشن شپ سمیت اندرون سندھ سیاسی سیٹ ایڈجسمنٹ پر بھی بات کی جائے گی۔

    ملاقات میں شہباز شریف، مریم نواز بھی نواز شریف کی معاونت کریں گے جبکہ مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما بشیر میمن بھی نواز شریف کی معاونت کیلئے موجود ہوں گے۔

    یاد رہے سابق وزیراعظم شہبازشریف نے ایم کیو ایم کنوینیرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اور ایم کیو ایم وفد کو لاہور آنے اور ملاقات کی دعوت دی تھی۔

  • مریم نواز کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات ، ن لیگی کارکنوں کی ہلڑ بازی

    مریم نواز کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات ، ن لیگی کارکنوں کی ہلڑ بازی

    لاہور : مریم نواز نے کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کی ، اس موقع پر گلو بٹ سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد جیل کے باہر موجود رہی اور ہلڑ بازی کی ، جیل حکام نے لیگی کارکنان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کرنے کی سفارش کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مریم نواز اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کیلئے کوٹ لکھپت جیل پہنچیں تو نون لیگی کارکنان نے ان کا زبردست استقبال کیا اور نعرہ بازی کی۔ کارکنوں نے مریم نواز کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا بھی ڈالا۔

    کارکن مریم نواز کے ساتھ پولیس رکاوٹیں توڑتے ہوئے جیل کی طرف چل پڑے تو جیل انتظامیہ نے مریم نواز کو کارکنوں کے ساتھ آنے پر اندر جانے سے روک دیا، جیل حکام نے مریم نواز کو کہا کہ وہ کارکنوں کو واپس بھیجیں ورنہ انہیں بھی اندر نہیں جانے دیا جائے گا۔

    جس کے بعد مریم نواز نے کارکنوں کو واپس بھیج دیا اور خود ملاقات کیلئے چلی گئیں۔

    اس دوران جیل کے باہر نون لیگی کارکنان نے ہلڑ بازی شروع کر دی، ٹریفک جام ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ مظاہرین نے جیل کے باہر کھڑی گاڑیوں کے شیشے اتار لئے۔

    مسلم لیگی کارکنان نے کراچی سے آنے والی ٹرین بھی روک لی، گلو بٹ سمیت متعدد کارکنان انجن پر چڑھ گئے، سیلفیاں بنائیں جبکہ مسافروں سے بھی چھیڑ خانی کرتے رہے، لیگی کارکنوں نے ٹرین کو پندرہ منٹ تک روکے رکھا جبکہ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔

    مریم نواز والد سے ملاقات کے بعد سیکورٹی کے ہمراہ جیل کے دوسرے گیٹ سے نکل گئیں اور کارکنان ان کی راہ دیکھتے رہ گئے۔

    دوسری جانب جیل ذرائع کے مطابق جیل حکام نے لیگی کارکنان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کرنے کی سفارش کی ہے۔

    مزید پڑھیں : مجھے نواز شریف سے ملنے نہیں دیا تو جیل کے باہرکھڑی ہوجاؤں گی، مریم نواز

    یاد رہے گذشتہ روز مسلم لیگ ن نے نوازشریف سے ملاقات کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا تھا ، جس کے بعد مریم نواز اور ذاتی معالج ڈاکٹر کو ملنے کی اجازت مل گئی تھیں۔

    اس سے قبل مریم نواز نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ نوازشریف کی گردوں کی بیماری اسٹیج تھری کی ہے، ڈاکٹرزکولگتاہے ان کودردگردوں کی بیماری کی وجہ سے ہے، نواز شریف کا یوریا لیول چیک ہونا چاہئے۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر مجھےاوران کےڈاکٹرکوملنے نہیں دیاتوکل جیل کےباہرکھڑی ہوجاؤں گی، جب تک ملنے کی اجازت نہیں دی جائےگی جیل کےباہرکھڑی رہوں گی۔

  • بلاول بھٹو کی نواز شریف سے ملاقات صدی کا سب سے بڑا یوٹرن ہے، فواد چوہدری

    بلاول بھٹو کی نواز شریف سے ملاقات صدی کا سب سے بڑا یوٹرن ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف سے ملاقات کرکے رواں صدی کا سب سے بڑا یوٹرن لیا ہے، آج بھٹو کے خون پر میثاق صلح ہوگیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی جیل میں نوازشریف سے ملاقات پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ آج ذوالفقارعلی بھٹو کے نواسے کی ضیاء الحق کے منہ بولے بیٹے سے ملاقات ہوئی ہے، بلاول بھٹو زرداری کی یہ ملاقات رواں صدی کا سب سے بڑا یوٹرن ہے، آج بھٹو کے خون پر میثاق صلح ہوگیا۔

    وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ سے مایوس نوازشریف کا ملاقاتی اب بلاول ہی رہ گیا ہے، دو سیاسی مایوسوں کی ملاقات سے مایوسی ہی برآمد ہوئی، بلاول بھٹو زرداری خود کو سیاسی مزار کا مجاور دکھا کر سیاسی میلہ لوٹنا چاہتے ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اپنی پارٹی سے بڑے نالاں ہیں، ان کی صحت پر سیاست خود اپوزیشن قائدین کر رہے ہیں، اپوزیشن نہیں چاہتی نوازشریف جلد صحت مند ہوں یا ان کا بروقت علاج ہو۔

    مزید پڑھیں: میاں صاحب کی عیادت کے لیے آیا ہوں، میثاقِ جمہوریت پر بھی بات ہوئی، بلاول

    اپوزیشن ان کی بیماری کو سیاسی پراجیکٹ کے طور پر استعمال کررہی ہے، وزیراعظم عمران خان کہہ چکے نواز شریف جہاں چاہیں علاج کرائیں۔

  • بلاول بھٹو زرداری آپ کا بہت شکریہ ، مریم نواز

    بلاول بھٹو زرداری آپ کا بہت شکریہ ، مریم نواز

    لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی فکر مندانہ اور مدبرانہ سوچ قابل قدر‌ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر والد سے ملاقات پر بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا اور کہا فکرمندانہ اورمدبرانہ سوچ قابل قدر‌ ہے اور میرے لیے بہت معنیٰ رکھتی ہے۔

    مریم نواز نے بلاول بھٹو کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا خدا سلامت رکھے۔

    یاد رہے  چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نےکوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کی ، ملاقات میں نوازشریف سے خیریت دریافت کی، قمر زمان کائرہ ، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور حسن مرتضیٰ بھی موجود تھے۔

    مزید پڑھیں : بلاول بھٹو کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نوازشریف سےمل کربڑا افسوس ہوا وہ بیمار لگ رہےتھے،دل کےمریض کودباؤ میں رکھ کرعلاج نہیں کیا جاسکتا، میاں صاحب سےکہا کہ صحت پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

    بلاول نے کہا تھا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق اطلاعات مل رہی تھیں، سیاسی اختلافات ہوتے ہیں لیکن ہر انسان کی اقدار ہوتی ہیں،  ہمارا دین بھی کہتا ہے کہ کوئی بیمار ہو تو اس کی عیادت کرنی چاہیئے، ایک عام قیدی کے ساتھ بھی اس قسم کی ناانصافی نہیں ہونی چاہیئے۔ کوئی بھی قیدی بیمار ہو تو حکمرانوں کی ذمہ داری ہے سہولت فراہم کرے۔

  • نواز شریف سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، بلاول بھٹو زرداری

    نواز شریف سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، بلاول بھٹو زرداری

    لاہور : پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف سے جیل میں ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملنے جا رہا ہوں۔

    ان خیالات انہوں نے لاہور میں پی پی پارلیمانی پارٹی پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بیماری پر تشویش ہے۔

    نواز شریف علیل ہیں،علاج کی مناسب سہولت ملنی چاہئے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملنے جارہا ہوں، ان سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات کیلئے بلاول بھٹو کے وفد میں ایک رکن کا اضافہ ہوا ہے، وفد میں پی پی پنجاب پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کو شامل کرلیا گیا، وفد میں قمرزمان کائرہ، مصطفیٰ نوازکھوکھر، جمیل سومرو بھی شامل ہوں گے۔

    دریں اثناء ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومتی رویہ کے خلاف پیپلز پارٹی نے حکمت عملی ترتیب دیتے ہوئے اپوزیشن کی دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر بھی غور شروع کردیا گیا، امکان ہے کہ بلاول بھٹو کی جیل میں نواز شریف سے ملاقات بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہو۔

    بلاول بھٹو پیر کو کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے ملاقات کریں گے

    واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی اجازت مل گئی ہے، بلاول بھٹو پیر کے روز نوازشریف سے ملاقات کریں گے، محکمہ داخلہ پنجاب نے پیپلزپارٹی کو اجازت سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔

    ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہبازگل کا کہنا ہے کہ جیل قوانین اور مینول کے مطابق ملنے دیا جاسکتا ہے، پنجاب حکومت کو اس ملاقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے، پنجاب حکومت نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کردی ہے۔

  • کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے آج اہلِ خانہ ملاقات کر سکیں گے

    کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے آج اہلِ خانہ ملاقات کر سکیں گے

    لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں قید گزارنے والے العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں سزا یافتہ نواز شریف سے آج اہلِ خانہ ملاقات کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ اعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مختص کیا گیا ہے، آج ان سے اہلِ خانہ ملاقات کر سکیں گے۔

    [bs-quote quote=”نواز شریف کی اجازت کے بغیر کسی کو ملنے نہیں دیا جائے گا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    سیکورٹی کے پیشِ نظرنواز شریف سے صرف اہلِ خانہ کی ملاقات کرائی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات کا وقت صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک مقرر کیا گیا ہے، نواز شریف نے جیل انتظامیہ سے ملاقات کے لیے آنے والوں کی فہرست بھی مانگ لی ہے۔

    نواز شریف نے درخواست کی ہے کہ اہلِ خانہ کے علاوہ ملاقات کے لیے آنے والوں کی پہلے فہرست دی جائے۔

    جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات سے قبل نواز شریف کو آنے والوں کی فہرست فراہم کی جائے گی، نواز شریف جس سے ملاقات کا کہیں گے اسی کو ملوایا جائے گا۔


    یہ بھی پڑھیں:  نوازشریف کو قیدی نمبر الاٹ، ملاقات کا دن مختص


    جیل ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف کی اجازت کے بغیر کسی کو جیل میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    یاد رہے کہ 24 دسمبر کو احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں سات سال قید اور ڈھائی کروڑ ڈالر جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں قیدی نمبر بھی الاٹ کر دیا گیا ہے، نواز شریف کا قیدی نمبر 4470 ہے۔

  • نواز شریف اور مریم نواز سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کا دن

    نواز شریف اور مریم نواز سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کا دن

    راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز سے آج اہلِ خانہ کی ملاقات کا دن ہے، لیگی رہنما بھی ملاقات کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج نواز شریف اور ان کی صاحب زادی مریم نواز سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کا وقت دے دیا گیا، اہلِ خانہ کے افراد اور دیگر لیگی رہنما آج ان سے ملاقات کریں گے۔

    مسلم لیگ کے رہنما دانیال عزیر اور مرزا جاوید اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں، ملاقات کے لیے شریف خاندان کے متعدد افراد نے درخواست دی تھی، جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    47 لیگی رہنماؤں کو بھی نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی اجازت دے دی گئی ہے، ملاقاتیوں کی فہرست میں عباس شریف فیملی، حارث بٹ اور راحیل منیر کے نام شامل ہیں۔

    دیگر ملاقاتیوں میں پرویز رشید، مصدق ملک، ظفرالحق اور مریم اورنگزیب بھی شامل ہیں، خیال رہے کہ اڈیالہ جیل میں جمعرات قیدیوں سے ملاقات کا دن مخصوص ہے اور اسی روز شریف خاندان کے افراد سمیت لیگی رہنما نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے لیے آتے ہیں۔


    اسے بھی پڑھیں:  کیا نواز شریف واقعی جیل سے بھاگنے کی تیاری کررہے ہیں؟


    تاہم عید کی تعطیلات کے باعث شریف خاندان کا کوئی بھی فرد نواز شریف سے ملاقات نہ کرسکا تھا، جس کی وجہ سے شریف خاندان کے افراد کی جانب سے جمعہ کے روز ملاقات کے لیے درخواست دی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحب زادی ایون فیلڈ ریفرنس میں قید کی سزائیں بھگت رہے ہیں، انھیں 13 جولائی کو لندن سے وطن واپسی پر گرفتار کرلیا گیا تھا۔

  • سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اڈیالہ جیل کے افسر سے الجھ پڑے

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اڈیالہ جیل کے افسر سے الجھ پڑے

    راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ ن کے سابقہ دورِ حکومت میں اسپیکر قومی اسمبلی رہنے والے ن لیگی رہنما ایاز صادق اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے ساتھ الجھ پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اڈیالہ جیل میں ایون فیلڈ ریفرنس کے سزا یافتہ مجرم نواز شریف سے ملاقات کے لیے آئے تھے۔

    جیل میں داخلے سے قبل گاڑی کی تلاشی کے معاملے پر جیل حکام سے تو تو میں میں ہوگئی، ن لیگی رہنما نے جیل کے افسر کو دھمکیاں دے دیں۔

    جیل کے دروازے پر ضابطے کے مطابق جب گاڑی کی تلاشی لی جانے لگی تو ایاز صادق نے ضد میں آ کر گاڑی کی تلاشی دینے سے انکار کر دیا۔

    ن لیگی رہنما ایاز صادق نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ’تمھیں دیکھ لوں گا۔‘ تاہم سنگین نتائج کی دھمکیوں کا جیل افسر پر کوئی اثر نہیں ہوا۔

    عوام کی نمائندگی کرنے والے کو اڈیالہ جیل میں بند کردیا گیا ،پرویزرشید

    قبل ازیں ایک اور ن لیگی رہنما پرویز رشید نے بھی ایون فیلڈ ریفرنس کے مجرم نواز شریف سے ملاقات کی، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں اداروں پر سخت تنقید کی۔

    انھوں نے کہا ’عمران خان کو نیب نے سہولیات فراہم کیں، وہ اپنے خلاف فیصلہ بھی خود لکھتے ہیں، اس سے انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھتے ہیں۔‘


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پاناماکیس میں قطری خط دینے والے شہزادے کی پاکستان آمد، نواز شریف سے ملاقات

    پاناماکیس میں قطری خط دینے والے شہزادے کی پاکستان آمد، نواز شریف سے ملاقات

    اسلام آباد : پاناماکیس میں نوازشریف کوخط دے کر بچانےکی کوشش کرنےوالے قطری شہزادے کی اچانک پاکستان پہنچے اور حمادبن جاسم نے نوازشریف سے رائیونڈ جا کر ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاناماکیس میں خط سے شہرت پانے والے قطری شہزادے 13رکنی وفد کے ساتھ خصوصی طیارے پر لاہور پہنچے، قطری وفد کوصوبائی دارالحکومت پہنچنےپرسرکاری پروٹوکول دیا گیا۔

    حمادبن جاسم وفد کے ہمراہ رائیونڈ پہنچے اور نااہل وزیر اعظم نواز شریف سےملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُمور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایک گھنٹہ جاری رہنے والی نشست میں سابق چیئرمین احتساب بیوروسیف الرحمان کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے سلمان شہباز بھی موجود تھے۔

    نوازشریف سے ملاقات کے بعد قطری شہزادہ حمادبن جاسم وفد کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ملاقات کیلئے ماڈل ٹاؤن پہنچا، سابق نااہل وزیراعظم نوازشریف بھی قطری وفد کے ہمراہ تھے۔

    خیال رہے کہ قطری شہزادہ حماد بن جاسم کا نام اس وقت منظر عام پر آیا تھا، جب شریف خاندان کی جانب سے پاناما کیس میں قطری شہزادے کا ایک خط پیش کیا گیا تھا۔

    خطوط میں بتایا گیا ہے کہ میاں شریف نے انیس سو اسی میں قطری خاندان کے ریئل اسٹیٹ کاروبار میں سرمایہ کاری کی تھی اور پھر ایک کروڑ بیس لاکھ درہم کا یہ سرمایہ لندن فیلٹس کی خریداری میں استعمال ہوا۔ شہزادہ جاسم کے ذمے میاں شریف کے 80 لاکھ امریکی ڈالر واجب الادا تھے جو 2005 میں نیلسن اور نیکسول کمپنیوں میں شیئر کی صورت میں ادا کیے گئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔