Tag: نواز شریف کا خط

  • آرمی ایکٹ ترمیمی بل، نواز شریف کا خواجہ آصف کو لکھا اہم خط سامنے آ گیا

    آرمی ایکٹ ترمیمی بل، نواز شریف کا خواجہ آصف کو لکھا اہم خط سامنے آ گیا

    لندن: آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے سلسلے میں میاں نواز شریف کا خواجہ آصف کو لکھا اہم خط سامنے آ گیا، جس میں انھوں نے خصوصی ہدایات دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے سلسلے میں نواز شریف نے خواجہ آصف کو ایک خط لکھ کر ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں استحکام کے لیے بل کو مثبت طریقے سے دیکھنا چاہتے ہیں۔

    نواز شریف نے لکھا کہ ایوان میں بل پیش ہونے سے قبل مسلم لیگ ن کا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے، لیگی ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ کو بھی ان ہدایات سے آگاہ کر دیا جائے۔

    میاں نواز شریف نے خط میں بل کی منظوری کے لیے 15 جنوری تک کا ٹائم ٹیبل بھی دیا، خط میں انھوں نے ہدایت کی کہ ٹائم ٹیبل میں پارلیمنٹ اور قائمہ کمیٹیوں میں بل پر رائے لی جائے۔ نواز شریف نے خط میں حکومت پر وضع شدہ پارلیمانی طریقۂ کار کے استعمال پر بھی زور دینے کی ہدایت کی۔

    آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع، مسلم لیگ(ن) کا آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کا فیصلہ

    انھوں نے لکھا کہ جلد بازی میں قواعد و ضوابط کی پروا نہ کرنا کسی کے مفاد میں نہیں، اس اہم بل کی منظور ی کے لیے پارلیمنٹ ربر اسٹیمپ نہیں دکھنی چاہیے، اہم بل 24 یا 48 گھنٹوں میں پاس نہیں کیے جا سکتے، پارلیمنٹ کی توقیر پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کا فیصلہ کیا تھا، حکومت نے آرمی ایکٹ میں ترمیم پر ن لیگ کی حمایت مانگی تھی۔ ن لیگ نے حمایت کا فیصلہ مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا تھا۔

  • جیل سے لکھے گئے خط کا حشر بھی قطری خط جیسا ہوگا: فردوس عاشق اعوان

    جیل سے لکھے گئے خط کا حشر بھی قطری خط جیسا ہوگا: فردوس عاشق اعوان

    لاہور: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ موروثی اور آمرانہ ذہنیت کی حامل جماعت ہے، جیل سے لکھے گئے خط کا حشر بھی قطری خط جیسا ہوگا، موجودہ قیادت پرچیوں اور چٹھیوں پر چلنے والی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں نواز شریف کے خط پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جیل سے جو چٹھی آئی ہے اس سے گانا یاد آتا ہے، اس خط کا حشر بھی سابقہ خط کی طرح ہوگا۔

    انھوں نے کہا 3 دہائیوں کے بعد یہ پہلی حکومت ہے جو مولانا کے بغیر چلے گی، فضل الرحمان کو صرف اپنی ذات سے غرض ہے، پی ٹی آئی کا دھرنا قانون کی بالا دستی اور قومی مقاصد کے لیے تھا، مدارس کے بچوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ حکومت سے باہر ہوں تو ان کو یہ نظام اور یہ حکومت نہیں چاہیے، نواز شریف اور شہباز شریف کی سمت مختلف ہے۔

    تازہ ترین:  نواز شریف کے خط کے مندرجات فضل الرحمان سے شیئر کرنے کا فیصلہ

    فردوس عاشق نے کہا پاکستان میں کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، دنیا پاکستان کے ساتھ شراکت داری کرنا چاہتی ہے، بیرونی کمپنیوں کے پاکستان آنے سے کاروبار کے مواقع بڑھیں گے۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا حکومتی معاشی پالیسیوں سے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا، ہماری انڈسٹریلائزیشن پالیسی کو دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے۔

    واضح رہے کہ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے نام جیل سے خط لکھ کر ان کے آزادی مارچ کی حمایت کی ہے، آج ن لیگ کے مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس خط کے مندرجات جے یو آئی ف کے سربراہ سے شیئر کیے جائیں گے۔