Tag: نواز شریف کی پیرول پر رہائی

  • اڈیالہ جیل کے تینوں قیدیوں کا پیرول کل ختم ہوگا

    اڈیالہ جیل کے تینوں قیدیوں کا پیرول کل ختم ہوگا

    لاہور: بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے اڈیالہ جیل کے تینوں قیدیوں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا پیرول کل ختم ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید کاٹنے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی بیٹی اور داماد کے ہم راہ پیرول پر رہا ہیں، تینوں قیدیوں کو کل دوپہر دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا جائے گا۔

    پیرول ختم ہونے پر تینوں قیدیوں کو لاہور سے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچایا جائے گا، ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور دیگر پارٹی رہنما بھی اڈیالہ جیل تک ساتھ جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی والدہ اور چھوٹی بیٹی اسما جاتی امرا میں قیام کریں گی، جب کہ حسن، حسین نواز کی اہلیہ اور بچے بھی جاتی امرا میں قیام کریں گے۔

    واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم اڈیالہ جیل سے اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے اپنی بیٹی اور داماد کے ساتھ 17 دسمبر تک پیرول پر رہا کیے گئے تھے۔


    یہ بھی پڑھیں:  بیگم کلثوم نوازکی رسم قل آج جاتی امرا میں ہوگی


    یاد رہے کہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال 11 ستمبر کو لندن میں گلے کے سرطان کے باعث طویل علالت کے بعد ہوا تھا، ان کی نمازِ جنازہ دو بار ادا کی گئی، ایک بار لندن میں اور دوسری بار جاتی امرا میں، انھیں 14 ستمبر کو میاں شریف کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔

    آج جاتی امرا میں مرحومہ بیگم کلثوم نواز کی رسمِ قل بھی ادا کردی گئی، کل نواز شریف اپنی بیٹی اور داماد کے ساتھ قید کی مدت پوری کرنے کے لیے پھر اڈیالہ جیل منتقل کر دیا جائے گا۔

  • نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں 17 ستمبر تک توسیع کر دی گئی

    نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں 17 ستمبر تک توسیع کر دی گئی

    لاہور: اڈیالہ جیل میں قید کاٹنے والے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی، اہلیہ کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے پیرول پر رہائی میں 17 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں مزید توسیع کر دی ہے، محکمۂ داخلہ پنجاب نے توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

    اس سے قبل دو بار سابق وزیرِ اعظم کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی جا چکی ہے، دو دن قبل پنجاب کے محکمۂ داخلہ نے نواز شریف اور ان کی صاحب زادی کی پانچ دن پیرول پر رہائی کے لیے جاری کی جانے والی سمری پر دستخط کیے تھے۔

    چالیسیوں تک جاتی امرا کو سب جیل قرار دینے کی قرارداد

    دوسری طرف سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو کلثوم نواز کے چالیسویں تک اڈیالہ جیل منتقل نہ کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  شہبازشریف کلثوم نوازکی میت لے کر لندن سے پاکستان روانہ، آج صبح لاہور پہنچیں گے


    قرارداد مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی میاں نصیر احمد کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس میں نواز شریف کی اہلیہ کی وفات پر دلی افسوس کا اظہار اور کلثوم نواز کی جمہوریت کے لیے خدمات پر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کے لیے کسی المیے سے کم نہیں، شریف خاندان کی ملک کے لیے خدمات کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ انسانی ہم دردی کی بنا پر نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں توسیع کی جائے اور انھیں واپس اڈیالہ جیل منتقل نہ کیا جائے۔

    قرارداد میں حکومتِ پنجاب سے اپیل کی گئی کہ جاتی امرا کو چالیسویں تک سب جیل قرار دیا جائے اور تعزیت کے لیے آنے والے ملکی اور غیر ملکی مہمانوں سے نواز شریف کو ملنے کی اجازت دی جائے۔

  • ترک صدر کا نواز شریف سے فون پر اظہار تعزیت

    ترک صدر کا نواز شریف سے فون پر اظہار تعزیت

    لاہور: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے اڈیالہ کے قیدی سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو فون کر کے ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق بیگم کلثوم نواز کے انتقال پُر ملال پر میاں نواز شریف کو ترکی کے صدر نے فون کیا، فون پر رجب طیب اردوان نے کلثوم نواز کے انتقال پر اپنی اور اہلِ خانہ کی طرف سے اظہار تعزیت کیا۔

    ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ’بیگم کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کے لیے بڑا صدمہ ہے، اللہ تعالی انھیں کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔‘

    خیال رہے کہ آج سعودی عرب کے سفیر نے بھی میاں نواز شریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی ہے، سفیر نواف بن سعيد المالکی نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

    واضح رہے کہ پیرول پر رہائی کے بعد آج پہلی بار نواز شریف تعزیت کرنے والوں سے ملے، لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان سے مل کر اظہارِ تعزیت کیا۔


    سعودی سفیر کی نوازشریف سے ملاقات، بیگم کلثوم نوازکے انتقال پراظہار تعزیت


    آج سابق خاتونِ اول بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں شریف خاندان اور مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

  • نواز شریف، مریم نواز کی جاتی امرا کے باہر تعزیت کرنے والوں سے ملاقات

    نواز شریف، مریم نواز کی جاتی امرا کے باہر تعزیت کرنے والوں سے ملاقات

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کے لیے جاتی امرا پہنچ گئی ہے، نواز شریف اور ان کی صاحب زادی مریم تعزیت کرنے والوں سے ملنے کے لیے باہر آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مرحومہ کلثوم نواز کی تعزیت کے لیے بڑی تعداد میں لیگی رہنما اور کارکن جاتی امرا پہنچ چکے ہیں، ان سے ملنے کے لیے سابق وزیرِ اعظم اور مریم نواز کو باہر آنا پڑا۔

    نواز شریف اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہائی کے بعد پہلی بار تعزیت کرنے والوں سے ملے، لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان سے مل کر اظہارِ تعزیت کیا۔

    دوسری طرف مریم نواز بھی پیرول پر رہائی کے بعد تعزیت کے لیے آنے والی خواتین سے باہر آ کر ملیں، لیگی کارکن خواتین نے ان سے والدہ کی وفات پر تعزیت کی۔

    تعزیت کے لیے جاتی امرا  پہنچنے والوں میں متحدہ مجلس عمل کا وفد بھی شامل ہے، ایم ایم اے کے وفد میں فضل الرحمان، لیاقت بلوچ، پیر اعجاز ہاشمی اور فرید پراچہ و دیگرشامل ہیں۔


    لندن: بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی


    مسعود خان، خورشید قصوری، سائرہ افضل تارڑ اور حریت رہنما یاسین ملک بھی جاتی امرا پہنچ گئے ہیں، انھوں نے نواز شریف سے مل کر اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

  • نواز شریف کو 12 گھنٹے کے لیے عارضی رہائی مل سکتی ہے، فواد چوہدری

    نواز شریف کو 12 گھنٹے کے لیے عارضی رہائی مل سکتی ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو اہلیہ کی تدفین کے سلسلے میں قانون کے مطابق 12 گھنٹے کے لیے عارضی رہائی مل سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد نواز شریف کی پیرول پر رہائی کے معاملے پر بحث چھڑنے پر وزیرِ اطلاعات نے بیان جاری کیا ہے کہ قانون کے مطابق نواز شریف کو جو سہولت دی جاسکتی ہے وہ ضرور دی جائے گی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ جب کلثوم نواز کے انتقال کی خبر آئی تو وزیرِ اعظم لوکل گورنمنٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اجلاس میں وزیرِ اعظم اور شرکا نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، بیگم کلثوم بہادر خاتون تھیں۔

    [bs-quote quote=”چینی حکام سے سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت پر گفتگو ہوئی: وفاقی وزیر اطلاعات” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    وفاقی وزیرِ اطلاعات نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون میں رہ کر جو بھی سہولت ہوگی وہ نواز شریف کو دی جائے گی، وہ پیرول پر رہا ہوتے ہیں تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

    فواد چوہدری نے واضح کیا کہ نواز شریف کی طرف سے درخواست پر قانونی کارروائی ہوگی، اگر انھیں پیرول پر رہائی ملی تو قانونی طریقۂ کار پر عمل در آمد کیا جائے گا، تاہم پیرول پر رہائی کے مطابق جیل کا عملہ ساتھ ہوتا ہے۔

    دریں اثنا وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت لوکل گورنمنٹ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں صوبوں کے نمائندگان شریک ہوئے، اجلاس میں لوکل گورنمنٹ سسٹم کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، وزیرِ اعظم نے لوکل باڈیز کمیٹی کو سفارشات کو 48 گھنٹے میں حتمی شکل دینے کی ہدایت دی۔


    بیگم کلثوم نوازکا جسد خاکی پاکستان لایا جائے گا، تدفین جاتی امرامیں ہوگی: خاندانی ذرائع


    وزیرِ اطلاعات نے اجلاس کے سلسلے میں کہا کہ عمران خان کو اگر ملک کی بہتری کے لیے بڑے فیصلے کرنے پڑے تو وہ کریں گے، پی ٹی آئی حکومت کو جتنی حمایت ملک کے اندر حاصل ہے اتنی باہر بھی حاصل ہے۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ اعظم نے لوکل باڈیز کمیٹی کو سفارشات کو 48 گھنٹے میں حتمی شکل دینے کی ہدایت دی ہے: فواد چوہدری” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    انھوں نے کہا چینی حکام سے سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت پر گفتگو ہوئی، مغربی میڈیا سی پیک کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کر رہا ہے، رزاق داؤد کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ پاکستان اپنے مفاد کے لیے تمام ممالک سے تعلقات میں توازن برقرار رکھے گا، معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت کو واضح کر دیا ہے کہ وہ ایک قدم آگے آئے گا تو ہم دو قدم بڑھائیں گے، بھارت میں ہندو انتہا پسندی پر ہمیں تشویش ہے، کشمیری عوام کی پاکستان کے ساتھ جذباتی وابستگی ہے۔