Tag: نواز شریف

  • نواز شریف کی عبدالمالک بلوچ سے بلوچستان سے متعلق کیا بات ہوئی؟ ملاقات کا اندرونی احوال

    نواز شریف کی عبدالمالک بلوچ سے بلوچستان سے متعلق کیا بات ہوئی؟ ملاقات کا اندرونی احوال

    مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے ملاقات کی جس کا احوال سامنے آ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیشنل پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کیا کچھ ہوا، اس کا اندرونی احوال سامنے آ گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں عبدالمالک بلوچ نے نواز شریف کو بلوچستان دورے کی استدعا کی تاہم انہوں نے فوری طور پر بلوچستان کے دورے کا وعدہ نہیں کیا اور کہا کہ اگر سیاسی پیش رفت ہوئی تو وہ (نواز شریف) ضرور بلوچستان کا دورہ کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد میں لے کر اختر مینگل اور بلوچستان کے دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بات کریں گے اور صوبے کے لیے کوئی قدم اٹھائیں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں نواز شریف نے عبدالمالک بلوچ کے اس موقف سے اتفاق کیا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل سیاسی ہے۔

    نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلیے ان سے جو کچھ ہو سکے گا وہ ضرور کریں گے۔

  • عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے: نواز شریف

    عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے: نواز شریف

    سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے ملاقات کی، اس موقعے پر نواز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی پر وفاقی وزیر توانائی کو مبارک دی۔

    سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہوتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی آسان کام نہیں تھا لیکن اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے ہو رہے ہیں۔

    نواز شریف نے کہا کہ شہبازشریف اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتاہوں، عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے، ن لیگ نے عوام کے ریلیف، ملک کی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے اور ریلیف دینا ملکی خدمت ہی ہماری روایت ہے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے کہا کہ آپ کی رہنمائی میں وزیراعظم اور انکی ٹیم کامیاب ہوئی ہے، ساتھ ہی اویس لغاری نے نوازشریف کو توانائی شعبے میں اصلاحات سے آگاہ کیا۔

    اویس لغاری نے اوپن مارکیٹ کے قیام سے بجلی مزید سستی کرنے سے متعلق آگاہی دی اور بجلی چوری،گردشی قرض سے مستقل نجات پر اقدامات سے آگاہ کیا۔

  • نواز شریف اور مریم کہاں عید منائیں گے؟

    نواز شریف اور مریم کہاں عید منائیں گے؟

    پاکستان میں ممکنہ طور پر پیر کو عیدالفطر منائی جائے گی کون سا سیاستدان کہاں عید منائے گا جانیے اس رپورٹ میں۔

    سپارکو اور محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق پاکستان میں آج شوال کا چاند نظر آنے کا قومی امکان ہے اور عیدالفطر پیر 31 مارچ کو ہو سکتی ہے۔

    کون سا سیاستدان کہاں عید منائے گا اس حوالے سے کچھ تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

    مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور میں عید منائیں گے۔ نواز شریف جاتی امرا میں نماز عید ادا کریں گے۔

    سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن لاہور میں عید منائیں گے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان عید منانے اپنے آبائی علاقے قصور جائیں گے۔

    گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر عید کا پہلا روز لاہور میں گزاریں گے۔ وہ تاریخی بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کریں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/central-ruet-e-hilal-committee-meeting-to-be-held-today/

  • نواز شریف وزیر اعظم اور مریم نواز کے ہمراہ سعودی عرب نہ جا سکے

    نواز شریف وزیر اعظم اور مریم نواز کے ہمراہ سعودی عرب نہ جا سکے

    لاہور: میاں محمعد نواز شریف وزیر اعظم اور مریم نواز کے ہمراہ سعودی عرب نہ جا سکے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی طبیعت ناساز ہو گئی ہے، اور ڈاکٹروں نے انھیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم طبیعت خراب ہونے کے باعث عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب نہ جا سکے، نواز شریف کا ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان روزانہ کی بنیاد پر چیک اپ کر رہے ہیں۔

    نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ہمراہ سعودی عرب جانا تھا، مریم اورنگزیب نے بھی پریس کانفرنس میں گزشتہ روز ان کی طبیعت ناسازی کا ذکر کیا تھا۔


    ‘قومی سلامتی کا اجلاس بلانے والے بتائیں نواز نے بائیکاٹ کیوں کیا؟ ‘


    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نے پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی، جس پر اپوزیشن کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی گئی ہیں۔

    بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلانے والے بتائیں، نواز شریف کیوں نہیں آئے؟ کیا قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ان کی غیر موجودگی دہشت گردوں کی حمایت ہے؟ انھوں نے کہا کہ اجلاس بلانے والے بتائیں انھوں نے اجلاس کا بائیکاٹ کیوں کیا، کیا ان کے پلیٹ لیٹس پھر گر گئے ہیں کہ اجلاس میں نہیں آئے۔

    وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی حکومت کی نمائندگی موجود تھی، نواز شریف کی پارٹی کی بھرپور نمائندگی بھی موجود تھی، اس لیے نواز شریف اجلاس میں آتے تب بھی ٹھیک تھا نہ آتے تب بھی ٹھیک تھا۔

  • وقت نے ثابت کیا کہ مخالفین کو بدتمیزی، بدتہذیبی کے سوا کچھ نہیں آتا ، نواز شریف

    وقت نے ثابت کیا کہ مخالفین کو بدتمیزی، بدتہذیبی کے سوا کچھ نہیں آتا ، نواز شریف

    لاہور : مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ وقت نے ثابت کیا کہ مخالفین کو بدتمیزی، بدتہذیبی کے سوا کچھ نہیں آتا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے پنجاب اسمبلی کے ارکان کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی نے کاروباری برادری کااعتماد بڑھایا ہے، سخت معاشی حالات کے بعد مہنگائی میں کمی ہوئی، مزید کمی سے عوام کو مزید ریلیف ملنے کی امید ہے۔

    ن لیگی صدر کا کہنا تھا کہ الحمدللہ تعمیراتی کام پھر سے شروع ہوگئے ہیں، شہبازشریف کی محنت کا عالمی مالیاتی ادارے بھی اعتراف کررہے ہیں، وقت نے ثابت کیا کہ مخالفین کو بدتمیزی، بدتہذیبی کے سوا کچھ نہیں آتا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ملک اور قوم کی خدمت کاشاندار ریکارڈ رکھتے ہیں ، ترقی کا تسلسل نہ ٹوٹتا تو ملک خطے اور دنیا میں کہیں آگے ہوتا۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ قیادت، جماعت اور پنجاب کے عوام کا اعتماد بڑی ذمہ داری ہے، نوازشریف، شہبازشریف کی عوامی خدمت کے معیار پر پورا اترنا آسان نہیں۔

  • ہم نے پاکستان کی خاطر ہنستے ہوئے قربانیاں دیں، آگے بھی دریغ نہیں کریں گے، نواز شریف

    ہم نے پاکستان کی خاطر ہنستے ہوئے قربانیاں دیں، آگے بھی دریغ نہیں کریں گے، نواز شریف

    لاہور : مسلم لیگ ن نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان کی خاطر ہنستے ہوئے قربانیاں دیں، آگے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نواز شریف اور مریم نواز سے مختلف اضلاع کے ارکان پنجاب اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زوال کا رخ ترقی کی طرف موڑ دیا ہے، معاشی اشاروں کی بہتری پاکستان کی بہتری ہے، الحمدللہ۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ معیشت میں بہتری لاکرایک بار پھر پاکستان سنوار رہے ہیں، پالیسی ریٹ میں 22 سے 12 فیصد کی کمی سے معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت کو فائدہ ہو رہا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ روپیہ مستحکم ہوا اور گروتھ بڑھ رہی ہے، اسٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پرہے، مہنگائی کم ہو رہی ہے۔

    ن لیگی صدر کا کہنا تھا کہ بے ایمانی کے ساتھ آئے ہوئے شخص نے ملک کی بنیادیں ہلادی تھیں، ہم نے پاکستان کی خاطر ہنستے ہوئے قربانیاں دیں، آگے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ شہبازشریف کی محنت رنگ لارہی ہے، آئی ایم ایف نے بھی معاشی بحالی اور پاکستان کے ترقی کی طرف بڑھنے کا اعتراف کیا، پنجاب کی رونقیں اور خوشیاں بحال ہورہی ہیں، اللہ نظر بد سے بچائے۔

    ن لیگی صدر کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں پاکستان اندھیروں سے باہر آرہا ہے، ن لیگ نے پھر ثابت کیا کہ ہم ہی ملک کی خدمت اورعوام کوریلیف دیتے ہیں۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ عوام کی زندگی میں بہتری کاآناہی ہماری محنت کاصلہ ہے، الحمدللہ، نواز شریف پاکستان کی ترقی کا برانڈ ہے، ہماری پہچان اور شناخت ہیں۔

  • اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں،  نواز شریف

    اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں، نواز شریف

    لاہور : مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ ڈی ریل نہ کیا جاتا تو آج پاکستان کہیں آگے ہوتا، اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پنجاب اسمبلی ارکان کی ملاقات ہوئی۔

    نواز شریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں، شہباز شریف بہت محنت کر رہے ہیں، لاہور اور پنجاب میں بہت عرصے بعد عوام میں اطمینان نظر آ رہا ہے، اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے محنت سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھنا ہے۔

    ن لیگی صدر کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے برکت ڈالی ہے اور بھی ڈالے گا، انشااللہ، اللہ تعالیٰ نے تیزی سے گڑھے میں گرتے ملک اور قوم کو بچا لیا۔

    انھوں نے کہا کہ زندگی میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، مسلم لیگ (ن) آتی ہے تو ملک میں ترقی آتی ہے، ڈی ریل نہ کیا جاتا تو آج پاکستان کہیں آگے ہوتا۔

    مسلم لیگ ن کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ 1990کا سفر جاری رہتا تو پاکستان ترقی میں آج کہیں آگے کھڑا ہوتا، مہنگائی میں کمی سے عوام کو سکھ کا کچھ سانس آیا ہے، پالیسی ریٹ 22سے کم ہو کر 12 فیصد پرآنامعاشی بہتری کی علامت ہے۔

    جس پر ارکان اسمبلی نے کہا کہ شہباز شریف اور مریم نواز نے ترقی ،عوام کی خدمت کی نئی روشن مثال قائم کی، ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی ثقافت کو ترقی ملتی ہے،آپ جب جب آتے ہیں ن لیگ آتی ہے،ملک کوترقی، روشی، خوشیاں ملتی ہیں۔

    ارکان کا کہنا تھا کہ نظام کی اصلاح جو مریم نواز نے کی اس کی اور مثال نہیں ملتی،ای ٹینڈرنگ کاشفاف نظام شروع کیاگیا،میرٹ پر معیاری ترقی کاسفرآگے بڑھ رہا ہے، واہگہ ٹورازم کوریڈورکی تعمیر بےمثال ہے، پنجاب کی خوشیاں واپس آ رہی ہیں۔

    اس موقع پر شرکا نے پنجاب میں ترقیاتی کاموں ،عوامی منصوبوں پر بھی مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں پنجاب کا ہر شعبہ ترقی پرگامزن ہے۔

    مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا نام آئے تو عوام کی خدمت کی مثال بنناہی پڑتا ہے، نواز شریف پاکستان کی ترقی کا نام ہے، اور ہم سب اِن کے سپاہی ہیں۔

  • اللہ کا شکر ہے  پاکستان کا تنزلی کی طرف جاری سفر رک گیا، نواز شریف

    اللہ کا شکر ہے پاکستان کا تنزلی کی طرف جاری سفر رک گیا، نواز شریف

    لاہور : مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے پاکستان کا تنزلی کی طرف جاری سفر رک گیا، عوام کی خدمت کا صلہ اورانعام اللہ تعالیٰ دیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پنجاب اسمبلی کے ارکان کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی عمل اورعوام کی خدمت کے منصوبوں پر غور کیا گیا اور عوامی فلاح کے منصوبوں سمیت مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔

    فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی ، سینیٹر پرویز رشید، راناثنااللہ اور دیگر رہنما بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    نواز شریف نے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیت ٹھیک ہوگی تواللہ تعالیٰ کی مدد آئے گی، مخلوق خداکی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے، عوام کی خدمت کا صلہ اورانعام اللہ تعالیٰ دیتا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ معاشی بہتری اورمہنگائی میں کمی ملک وقوم کی بہتری کےاشارےہیں، 30 ہزار پر آنے والی اسٹاک ایکسچینج آج ایک لاکھ 20 ہزارپوائنٹس کوچھو چکی، معاشی ترقی کے تسلسل سےہی عوام کے حالات بدل سکتےہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہےکہ پاکستان کا تنزلی کی طرف جاری سفر رک گیا، وزیراعظم شہباز شریف بڑی محنت کر رہے ہیں، اداروں اور نظام کی اصلاح پر ٹھوس پیش رفت جاری ہے۔

    ن لیگی صدر کا کہنا تھا کہ مریم نواز  نے وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر میرا اور پارٹی کا سر فخر سے بلند کیا، نیک نیتی اور محنت سے کام کریں تو اللہ تعالیٰ بھی مدد فرماتا ہے۔

    اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت نواز شریف، شہباز شریف اور ن لیگ کی پہچان ہے، معیار اور روایت ہی ہمارا اصل امتحان ہے، قیادت کی رہنمائی اورارکان کی تائید و حمایت ہماری قوت اور کامیابی کی ضمانت ہے، پاکستان کو ترقی مسلم لیگ (ن) ہی دیتی ہے۔

  • عوام کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے، نواز شریف

    عوام کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے، نواز شریف

    پاکستان مسلم ن کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے عوام کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ وسابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے حافظ آباد، منڈی بہاؤ الدین سے منتخب ارکان صوبائی اسمبلی نے لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل اور حلقوں میں ترقیاتی کام زیر غور آئے۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عوام کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے اور مریم کی محنت سے پنجاب میں بہتری نظر آ رہی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی 12 سے 14 روپے میں مل رہی ہے۔ ہماری کارکردگی کا سب سے بڑا چیک عوام اور نواز شریف ہیں۔

    اس موقع پر مریم نواز نے راولپنڈی رنگ روڈ رواں برس کے اختتام دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ پنڈی اور گوجرانوالہ ڈویژن کے ترقیاتی منصوبے بھی بروقت پایہ تکمیل تک پہنچانے کے احکامات دیے۔

  • ’نواز شریف اور مریم مذاکرات کی ناکامی کے مشن میں کامیاب ہوگئے‘

    ’نواز شریف اور مریم مذاکرات کی ناکامی کے مشن میں کامیاب ہوگئے‘

    خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز مذاکرات کی ناکامی کے مشن میں کامیاب ہوگئے۔

    خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر محمد سیف نے پی ٹی آئی اور حکومت کے مذاکرات میں ناکامی پر جاری بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم اپنے مشن میں کامیاب ہو گئے اور ان کا گروپ مذاکرات کی ناکامی پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہا۔

    بیرسٹر سیف نے کہا کہ نواز شریف نے عرفان صدیقی کو مذاکرات کی ناکامی کا ہدف دیا تھا۔ عرفان صدیقی اور رانا ثنا اللہ کے بیانات سے حکومت کی غیر سنجیدگی واضح تھی۔

    انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن نہ بنانے سے واضح ہو گیا کہ چور کی داڑھی میں تنکا ہے، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن سے جعلی حکومت کی حقیقت سامنے آ جائے گی۔

    صوبائی مشیر نے کہا کہ نواز شریف کو سیاسی عدم استحکام میں ہی اپنی بقا نظر آ رہی ہے کیونکہ حقیقت کھل جانے کے بعد جعلی حکومت کو کہیں بھی منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

    واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے دیے گئے سات دن کے ٹائم فریم میں حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہ دینے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔