Tag: نواز شریف

  • نواز شریف نے دوسرے دور حکومت میں چیف جسٹس پاکستان سے کیسے محاذ آرائی کی؟ سابق اہم سرکاری شخصیت کے انکشافات

    نواز شریف نے دوسرے دور حکومت میں چیف جسٹس پاکستان سے کیسے محاذ آرائی کی؟ سابق اہم سرکاری شخصیت کے انکشافات

    اسلام آباد: نواز شریف نے اپنے دوسرے دور حکومت میں اس وقت کے چیف جسٹس پاکستان سے محاذ آرائی کی تھی، اس سلسلے میں سابق اہم سرکاری شخصیت کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک سابق اہم سرکاری شخصیت نے اے آر وائی نیوز کے ساتھ نواز شریف کے دوسرے دور حکومت سے متعلق تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سابق وزیر اعظم نے اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان سے کیسے محاذ آرائی کی، اور معمولی بات پر بڑا طوفان کیسے آیا؟

    اس اہم سابق سرکاری شخصیت کا تعلق 1997 سے 1998 تک وفاقی حکومت کی قانونی ٹیم سے تھا، انھوں نے اے آر وائی نیوز سے سابق چیف جسٹس سجاد علی شاہ کے معاملے پر گفتگو کی، اور کہا کہ جو کچھ اب عدلیہ کے ساتھ ہو رہا ہے، یہ 1997 کی نقل ہے۔

    سابق سرکاری شخصیت نے بتایا کہ جسٹس سجاد علی شاہ کے ساتھ نواز شریف کے معاملات کی خرابی محکمہ انہار کے معاملے پر ہوئی تھی، نواز شریف نے دورہ فیصل آباد پر محکمہ انہار کے 4 ملازمین کو معطل کر دیا تھا، لیکن جسٹس سجاد علی شاہ نے ازخود نوٹس لے کر کہا کہ صوبائی معاملے میں وزیر اعظم کیسے مداخلت کر سکتا ہے؟

    سابق سرکاری شخصیت کے مطابق جسٹس سجاد علی شاہ نے معطل ملازمین کو بحال کر دیا، تو نواز شریف نے اٹارنی جنرل کو کیس میں پیش ہونے سے منع کیا اور ڈپٹی اٹارنی کو بھیج دیا، پھر واپڈا نے کچھ ریکوریز کرنی تھی تو سپریم کورٹ نے اس میں حکم امتناع دے دیا، نواز شریف نے اس پر میٹنگ میں غصے میں مجھے کہا ’’دیکھو یہ کیا کر رہےہیں۔‘‘

    سابق سرکاری شخصیت نے بتایا ’’تیسری بدمزگی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے قیام پر ہوئی، نواز شریف کے والد نے دونوں کی ملاقات کرائی اور معاملہ رفع دفع کرا دیا، لیکن 2 روز بعد نواز شریف نے پھر کہا کہ ہم خصوصی عدالتیں ضرور بنائیں گے، اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خواجہ شریف سے کہا کہ ججز کے ناموں کی فہرست دیں۔‘‘

    اس معاملے پر بات پارلیمنٹ میں چیف جسٹس کے خلاف قرارداد لانے تک پہنچ گئی اور مجھے (سابق سرکاری شخصیت) کہا گیا کہ متن تیار کروں، یہ بھی طے ہو گیا کہ قرارداد چوہدری نثار ایوان میں پیش کریں گے، اس بار شہباز شریف بیچ میں پڑے اور معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی۔

    سابق سرکاری شخصیت نے کہا ’’شہباز شریف نے مجھے کہا کہ میاں صاحب گوشت کہیں تو آپ نے دال کا کہنا ہے، گوشت اور دال سے ہی بات آلو شوربے تک پہنچے گی۔‘‘

    انھوں نے بتایا ’’قراداد لانے کا معاملہ ختم ہوا تو کچھ دنوں بعد میاں صاحب نے ناراضی ظاہر کی، سابق جج اور سینئر وکیل کو کوئٹہ بنچ کے پاس بھیجا گیا، میری اطلاع کے مطابق اس میں پیسوں کا کوئی استعمال نہیں ہوا تھا، کوئٹہ کے 3 رکنی بنچ نے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی تعیناتی معطل کر دی۔‘‘

    سابق سرکاری شخصیت کے مطابق ’’جسٹس سجاد علی شاہ نے کوئٹہ بنچ کے آرڈر کو معطل کر دیا تو جسٹس سعید الزماں صدیقی نے معطلی کا آرڈر معطل کر دیا، پھر سپریم کورٹ بار کے صدر عابد حسن منٹو درمیان میں آئے اور معاملہ ٹھنڈا ہو گیا، لیکن دوبارہ نواز شریف نے کہا کہ جسٹس اجمل میاں کو قائم مقام چیف جسٹس بنایا جائے۔‘‘

    انھوں نے بتایا ’’صدر لغاری کے پاس نئے چیف جسٹس کی سمری گئی تو انھوں نے فوری دستخط نہیں کیے، نواز شریف کو صدر لغاری سے خطرات کا اندیشہ ہوا، اس سے بچنےکے لیے نواز شریف نے جنرل جہانگیر کرامت سے 2 گھنٹے کی ملاقات کی، جس کے بعد نواز شریف نے باہر نکل کر ہاتھ اٹھا کر کہا فکر نہ کریں یہ ہمارے ساتھ ہیں، پھر مجھے صدر لغاری کے پاس اہم پیغام دے کر بھیجا گیا، میں نے صدر سے کہا کہ سمری پر دستخط کریں یا استعفیٰ دے دیں۔‘‘

    سابق سرکاری شخصیت کے مطابق ’’صدر لغاری نے کہا میں آپ سے اس طرح کی غلط زبان کی توقع نہیں رکھتا تھا، میں نے کہا سر یہ میری زبان نہیں مجھے وزیر اعظم نے ایسا کہا ہے، پھر صدر فاروق لغاری نے کہا ہاں میں جانتا ہوں کہ آپ ایسے نہیں کہہ سکتے، پھر فاروق لغاری نے صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔‘‘

  • نواز شریف 18 اپریل کو عمرہ ادا کرنے سعودی عرب روانہ ہوں گے

    نواز شریف 18 اپریل کو عمرہ ادا کرنے سعودی عرب روانہ ہوں گے

    اسلام آباد: نواز شریف 18 اپریل کو عمرہ ادا کرنے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف لندن سے اٹھارہ اپریل کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ عمرہ کا فریضہ ادا کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز بھی 10 اپریل کو سعودی عرب روانہ ہوں گی، اور شریف خاندان سعودی عرب میں عمرہ ادا کرے گا۔

    دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف کا عید کے بعد دورہ سعودی عرب کا امکان ہے، جب کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ نواز شریف عیدالفطر بھی سعودی عرب میں منائیں گے۔

    واضح رہے کہ میاں نواز شریف صحت کی خرابی کے باعث علاج کی غرض سے گزشتہ تین سال سے زائد عرصے سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں مقیم ہیں۔ گزشتہ سال ڈاکٹروں نے ان کو سعودی عرب جانے یا عمرہ نہ کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا۔

  • عوام نے آئین کا ساتھ نہ دیا تو یہ ملک رہنے کے قابل نہیں رہے گا، عمران خان

    عوام نے آئین کا ساتھ نہ دیا تو یہ ملک رہنے کے قابل نہیں رہے گا، عمران خان

    لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ اگر عوام آئین کے ساتھ نہ کھڑے ہوئے تو یہ ملک رہنے کے قابل نہیں رہےگا۔

    تفصیلات کے مطابق زمان پارک سے ویڈیو نیوز کانفرنس میں عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم کہہ رہی ہےکہ وہ سب سے بڑی عدالت کا فیصلہ نہیں مانےگی،جب یہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانیں گے تو اس کا کیا مطلب ہوگا؟

    انہوں نے کہا کہ جو فیصلہ حق میں آئے انہیں مانیں جو حق میں نہ آئے اس کو نہیں مانیں گے؟، پی ڈٖی ایم کو خدشہ ہے کہ الیکشن ہار جائیں گے اس لیے فیصلہ نہیں مان رہی۔

    عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا کام ہی آئین پر عمل درآمد کرانا ہے، الیکشن کرالیں، عوام کو فیصلہ کرنے دیں وہ کس کو چاہتےہیں؟۔

    اپنی ویڈیو نیوز کانفرنس میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں آئینی بحران پیدا ہوچکا ہے اگر عوام آئین کے ساتھ نہ کھڑے ہوئے تو یہ ملک رہنے کے قابل نہیں رہےگا، اس طرح کے طاقتور مفرور لوگ اوپر بیٹھ کر فیصلے کریں گے،عوام کو آئین کےلیے باہرنکلنا پڑے گا،یہ حقیقی آزادی کا جہاد ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ان کو اندازہ نہیں نوے دن میں الیکشن نہ ہوئے تو ملک کس طرف جائےگا؟ نوے روز میں الیکشن نہ ہوئے تو قانون کسی کی حفاظت نہیں کرپائےگا۔

    عمران خان نے کہا کہ میرا سوال ہےکیااکتوبرمیں ملک کےحالات ٹھیک ہوجائیں گے؟اس وقت فنڈز کی کمی ہے تو اکتوبر میں بھی فنڈز کی کمی ہوگی، یاد رکھیں انصاف نہیں ہوگا ملک میں جنگل کا قانون ہوجائےگا۔

    سابق وزیراعظم نواز شریف کی گذشتہ روز کی جانے والے نیوز کانفرنس پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لندن میں بیٹھا مفرور برملا کہ رہا ہے کہ وہ تین ججز کا فیصلہ نہیں مانیں گے، میں قوم کے سامنے سوال رکھتا ہوں کہ نواز شریف کون ہوتے ہیں فیصلہ ماننے اور نہ ماننے والے۔

    انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پوری زندگی لوگوں کوخریدا،نوازشریف مافیا کی طرح کام کرکے لوگوں کودھمکاتے ہیں، اسی نوازشریف کو عدالت نے بھی ‘سسلین مافیا’ کہا، جان لیں کہ نوازشریف کا مفاد پاکستان نہیں بلکہ ان کا پیسا ہے۔

  • نواز شریف نے عمران خان کو دہشت گرد قرار دے دیا

    نواز شریف نے عمران خان کو دہشت گرد قرار دے دیا

    لندن : مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے عمران خان کودہشت گرد قرار دے دیا اور کہا عمران خان فراڈیا تو تھا لیکن یہ دہشت گرد بھی ہوگا یہ نہیں معلوم تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عمران خان کیخلاف جےآئی ٹی بنائی ہے جو چھان بین کرے گی، سنگین واقعات ہیں جن کی انکوائری کی جائے گی۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ ہیرا پھیری اور فراڈ یا بندہ توپہلے ہی تھا ساری دنیاجانتی تھی لیکن یہ دہشت گرد بھی تھا اس کا کسی کوعلم نہیں تھا۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ ایسی ویسی دہشت گردی، اب واسطہ پڑا ہے تو یہ سامنے آیا ہے، اس سے بڑا فراڈیا اور دہشت گرد پاکستان کی سیاست میں نہیں دیکھا۔

    زمان پارک میں پیٹرول بموں کے استعمال پر ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول بم کس لیےپھینکےگئے،تاکہ پولیس والے جل کر مر جائیں، پولیس والوں پرپیٹرول بم پھینکنا کس نے سکھایا ہے، پہلی بار کسی سیاسی جماعت کی طرف سے ایسی حرکت ہوئی ہے۔

    نواز شریف نے مزید کہا کہ پیٹرول بم پھینکنا ناقابل برداشت ہے،ہم نے کیا پاکستان کو ڈبونا ہے؟ ایسے لوگوں کے خلاف بھرپور ایکشن ہونا چاہیے۔

  • نواز شریف کے بیانات میڈیا پر نشر کرنے سے روکنے کی درخواست، پیمرا سے  جواب طلب

    نواز شریف کے بیانات میڈیا پر نشر کرنے سے روکنے کی درخواست، پیمرا سے جواب طلب

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیانات میڈیاپرنشرکرنے سے روکنےکی درخواست پر پیمرا سے جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیانات میڈیاپرنشرکرنے سے روکنےکی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    جسٹس شاہد کریم نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ، وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف سزا یافتہ اور عدالتی اشتہاری ہیں، پیمرا 2020میں نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کر چکا ہے۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ پابندی کے باوجودمیڈیا پر نواز شریف کے بیانات نشر ہو رہے ہیں، پیمرا اس معاملے پر کوئی ایکشن نہیں لےرہا۔

    درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت نواز شریف کی تقاریرپرپابندی کے فیصلے پر عمل درآمد کا حکم دے اور نواز شریف کی تقاریرنشر ہونے سے روکنے کا حکم دے۔

    عدالت نے درخواست پر پیمرا سے جواب طلب کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ کو ہدایات لے کر پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

  • الیکشن جب بھی ہوں تیاری جاری رکھی جائے، نواز شریف کی ہدایت

    الیکشن جب بھی ہوں تیاری جاری رکھی جائے، نواز شریف کی ہدایت

    لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن جب بھی ہوں تیاری جاری رکھی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں نواز شریف نے انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن جب بھی ہوں تیاری جاری رکھی جائے۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے یوتھ ونگ اورسوشل میڈیاونگ کے عہدیداروں سےملاقات کی۔

    مریم نواز نے اجلاس میں آئندہ الیکشن کے حوالے سے تیاریوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف جلدپاکستان آئیں گے اور ان کا تاریخی استقبال ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے سلسلے میں خاتون ورکرز کو مزید متحرک کیا جائے۔

  • نواز شریف کے بیانات میڈیا پر نشر کرنے سے روکنے کیلئے درخواست دائر

    نواز شریف کے بیانات میڈیا پر نشر کرنے سے روکنے کیلئے درخواست دائر

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے بیانات میڈیا پر نشر کرنے سے روکنے کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے بیانات میڈیا پر نشر کرنے سے روکنے کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔

    لاہور ہائی کورٹ میں درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا کہ نواز شریف سزا یافتہ اور عدالتی اشتہاری ہیں۔

    درخواست گزار نے کہا کہ پیمرا 2020میں نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائدکر چکا ہے اور پابندی کے باوجود میڈیا پر نواز شریف کے بیانات نشر ہو رہے ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا پیمرا اس معاملے پر کوئی ایکشن نہیں لے رہا، استدعا ہے عدالت نواز شریف کی تقاریر پر پابندی کے فیصلے پر عمل درآمد اور نواز شریف کی تقاریر نشر ہونے سے روکنے کا حکم دے۔

  • آنے والے چند ہفتوں میں نواز شریف پاکستان آ جائیں گے: مریم نواز

    آنے والے چند ہفتوں میں نواز شریف پاکستان آ جائیں گے: مریم نواز

    بہاولپور: پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ آنے والے چند ہفتوں میں نواز شریف پاکستان آ جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی، مریم نواز نے کہا کہ ہم نے عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے، نواز شریف بھی بہت جلد آ جائیں گے۔

    مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف پاکستان واپس آنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

    مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے پشاور سانحے پر کہا کہ صوبہ خیبر پختون خوا میں 10 سالوں میں کاؤنٹر ٹیررزم کا ڈیپارٹمنٹ کرائے کی بلڈنگ میں ہے، یہ اس عرصے میں اپنی لا اینڈ انفورسمنٹ ایجنسی کے لیے کچھ نہیں کر سکے، کے پی کو فرانزک لیب بھی پنجاب کی استعمال کرنا پڑتی ہے۔

    مریم نواز نے واقعے کو بڑا سیکیورٹی لیپس قرار دیا اور کہا کہ واقعہ بہت بڑی کمزوری کے طور پر سامنے آیا ہے، انھوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دہشت گردوں کے لیے دروازے اور سرحدیں کھولیں، اور انھیں دوست قرار دیا۔

    مریم نواز نے مہنگائی کے حوالے سے کہا ’’آئی ایم ایف کا معاہدہ عمران خان نے کیا تھا، ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، اگر ہم عوام کو ریلیف دینا بھی چاہیں تو نہیں دے سکتے، آئی ایم ایف کہتا ہے کہ پہلے قیمتیں بڑھائیں پھر معاہدہ کریں گے۔‘‘

    انھوں نے مزید کہا ’’جو معاہدہ عمران نے کیا اس کی پاسداری کریں گے تو عوام پر مشکلات آئیں گی، اور اگر اس معاہدے کی پاس داری نہیں کریں گے تو ملک پر مشکلات آئیں گی، ہم معاہدے کی وجہ سے عوام کو ریلیف نہیں دے پا رہے ہیں۔

  • نواز شریف کی مریم نواز کو شاہد خاقان کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت

    لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے فوری طور پارٹی کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کردی، مریم نواز آئندہ چند روز میں شاہد خاقان عباسی سے ملیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی پارٹی سے ناراضگی طول پکڑتی جا رہی ہے۔

    مسلم لیگ ن نے اہم سیاسی فیصلوں میں شاہدخاقان عباسی کو نظر انداز کیا ہے اور انہیں پارٹی کے اہم اجلاسوں میں مدعو نہیں کیا گیا جس کے پیش نظر ن لیگ اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان فاصلے بڑھتے جا رہے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو سینئر نائب صدر بنانے اور چیف آرگنائزر کا عہدے دینے سے بھی شاہد خاقان کو شدید اختلاف ہے۔

    ذرائع کے مطابق شاہد خاقان کی ناراضی کی بڑی وجہ سینئرنائب صدر کے عہدے سے عملی طورپر ہٹانا ہے۔

    نواز شریف نے مریم نواز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری پر شاہد خاقان عباسی کے پاس جائیں اور انکے تحفظات دور کریں ۔

    مریم نواز شریف اگلے چند روز میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ شاہد خاقان عباسی کے تحفظات کرنے کے لیے ان سے ملاقات کریں گی۔

  • پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات : نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے 32 رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا، پارلیمانی بورڈ پنجاب اور کے پی میں الیکشن لڑنے والے امیدواروں کا انٹرویو کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے معاملے پر قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے پارلیمانی بورڈتشکیل دے دیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کا پارلیمانی بورڈ بتیس ممبران پر مشتمل ہے، پارلیمانی بورڈ کی قیادت قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پارلیمانی بورڈ میں وزیر اعظم شہباز شریف اور سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز ، شاہدخاقان عباسی شامل ہیں جبکہ احسن اقبال، خواجہ آصف، رانا ثنا اللہ، میاں جاوید لطیف بھی بورڈ کا حصہ ہیں۔

    ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق ، خیبرپختونخوا سے امیر مقام، مرتضیٰ جاوید عباسی پارلیمانی بورڈ میں شامل ہیں۔

    ذرائع نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ پنجاب اور کے پی کے انتخابات میں امیدواروں کا انتخاب اور پارٹی ٹکٹ تقسیم کرے گا، امیدواروں سے انٹرویو کے بعد حتمی رپورٹ شہباز شریف کودی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور نواز شریف سے مشاورت کے بعد ٹکٹ جاری کریں گے، مریم نواز اگلے ہفتے وطن واپس آ کر پارلیمانی بورڈ کا حصہ بنیں گی۔

    نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ کو پارٹی میں فعال ممبران کو ٹکٹ دینے کی ہدایت کردی ہے۔