Tag: نواز شریف

  • نواز شریف اے آروائی نیوز کا نام سن کر جواب دیے بغیر ہی چلے گئے

    نواز شریف اے آروائی نیوز کا نام سن کر جواب دیے بغیر ہی چلے گئے

    لندن : ن لیگ کے قائد نواز شریف لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اے آروائی نیوز کا نام سن کرجواب دیے بغیر ہی چلے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے صحافیوں سے گفتگو کی ، اس دوران اے آر وائی نیوز کے صحافی فرید قریشی نے احتساب سےمتعلق سوال کیا۔

    جس پر نوازشریف نے جواب دینے کے بجائے صحافی کا نام پوچھا اور اے آروائی نیوز کا نام سن کرجواب دیے بغیر ہی چلے گئے۔

    یاد رہے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران غیر مہذبانہ طرز عمل اختیار کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کا مائیک ہٹوا دیا تھا۔

  • انسان سچا ہو تواللہ بھی ساتھ نہیں چھوڑتا، نواز شریف کا مریم نواز کی بریت پر ردعمل

    انسان سچا ہو تواللہ بھی ساتھ نہیں چھوڑتا، نواز شریف کا مریم نواز کی بریت پر ردعمل

    لندن : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ انسان سچا ہو تواللہ بھی ساتھ نہیں چھوڑتا، حق اور سچ پوری قوم اور دنیا کے سامنے آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مریم نواز کی بریت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کئی سال پہلےاپنامعاملہ اللہ کےسپرد کیا تھا، انسان سچا ہو تواللہ بھی ساتھ نہیں چھوڑتا۔

    آج ثابت ہوگیا اللہ تعالٰی نے حق اور سچ کو پوری دنیا میں دکھا دیا ہے۔

    گذشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے نوازشریف سے فون پر گفتگو کی تھی۔

    مریم نواز نے بات کرتے ہوئے کہا تھا اللہ تعالیٰ نےآپ کوسرخروکیا، جلد اللہ تعالیٰ آپ کو عزت سے واپس لے کرآئے گا۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیصلہ سنا تو سب سے پہلے والد نواز شریف کی یادآئی،مریم نواز اللہ کا شکراداکرتی ہوں کہ نوازشریف کوسرخروکیا۔

    یاد رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز اور صفدر کی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے ایون فیلڈریفرنس میں سزاؤں کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

    اسلام آبادہائیکورٹ نے مریم نواز ، صفدرکی بریت کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے دونوں کو باعزت بری کردیا تھا۔

  • نواز شریف  سے اہم  قومی معاملات پر مشاورت: شہباز شریف کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کامطالبہ

    نواز شریف سے اہم قومی معاملات پر مشاورت: شہباز شریف کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کامطالبہ

    لاہور : تحریک انصاف نے نواز شریف سے اہم قومی معاملات پر مشاورت پر شہباز شریف کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے شہبازشریف کی نوازشریف سے مشاورت آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دے دی۔

    مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز نے نواز سے اہم قومی معاملات پر مشاورت کرکے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی۔

    عمرسرفرازچیمہ نے مطالبہ کیا کہ شہباز شریف کو گرفتار کرکے فوری قانونی کارروائی کی ضرورت ہے، 3 وفاقی وزرا اس بات کی تصدیق کرچکے کہ نواز شریف سےمشاورت کی گئی ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے لندن میں اپنے بڑے بھائی سے مشاورت پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا تھا۔

    پی ٹی آئی لیگل ٹیم نے شہباز شریف کی لندن میں اشتہاری مجرموں نواز شریف اور اسحاق ڈار سے ملاقات کو وزیر اعظم کے حلف سے رو گردانی قرار دیا تھا، لیگل ٹیم کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے مشاورت سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے،

  • نواز شریف اور اسحاق ڈار کی لائیو تقریر نشر کرنے کیخلاف درخواست دائر

    نواز شریف اور اسحاق ڈار کی لائیو تقریر نشر کرنے کیخلاف درخواست دائر

    لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی لائیو تقریر نشر کرنے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی لائیو تقریر نشر کرنے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔

    درخواست شہری منیراحمد نے ایڈوکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے دائرکی ، درخواست میں وفاقی حکومت،پیمرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیمرا نے اشتہاریوں اور مفرور ملزمان کی کوریج پر پابندی عائدکر رکھی ہے لیکن نوازشریف کی تقریر تمام ٹی وی چینلزپر براہ راست دکھائی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ پیمرا اشتہاریوں کی تقاریر نشر نہ کرنے کے حوالے سے اپنے احکامات کو برقرار رکھے، پیمرا اپنے جاری کیے گیے احکامات کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

    دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اشتہاریوں ،مفرورملزمان کی کوریج پر پابندی کےاحکامات پرعملدرآمد کرانے کا حکم دے۔

  • شہباز شریف اور نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    شہباز شریف اور نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم شہبازشریف اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی، درخواست گزار وکیل سید ظفر علی شاہ نے بطور پٹشنر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

    وکیل ظفر علی شاہ نے کہا شہباز شریف کی درخواست پر 16 نومبر 2019 کو لاہور ہائی کورٹ کا آرڈر جاری ہوا اور نواز شریف کی دو اپیلیں اس وقت اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت تھیں۔

    نواز شریف اس وقت اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت پر تھے ،اس وقت وفاقی کابینہ نے 25 ملین روپے کی شرط کے ساتھ ایک دفعہ بیرون ملک جانے کی اجازت دی۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ سینئر کونسل ہیں یہ بتائیں ایک معاملہ دوسری عدالت میں زیر التوا ہے ہم کیسے سن سکتے ہیں ، یہاں پر اپیلیں زیر التوا تھیں اس کے باوجود حکومت نے نام ای سی ایل سے نکالا تھا عدالت سے نہیں پوچھا۔

    عدالت نے استفسار کیا کسی عدالت نے آرڈر تو نہیں کیا تھا کہ ای سی ایل سے ہٹا دیں ، جس پر عدالت نےبتایا کہ کسی کورٹ نے آرڈر نہیں کیا اس وقت کی وفاقی کابینہ نے شرط رکھی تھی اور لاہور ہائیکورٹ کے سامنے شہباز شریف نے انڈر ٹیکنگ دی تھی۔

    عدالت نے مزید استفسار کیا کیا لاہور ہائی کورٹ کا وہ عبوری آرڈر تھا ؟ کیا پٹیشن زیر التوا ہے ؟ جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ 16 نومبر کے آرڈر کے بعد کا کچھ پتہ نہیں۔

    عدالت نے استفسار کیا کسی عدالت نے آرڈر تو نہیں کیا تھا کہ ای سی ایل سے ہٹا دیں ، جس پر عدالت نےبتایا کہ کسی کورٹ نے آرڈر نہیں کیا اس وقت کی وفاقی کابینہ نے شرط رکھی تھی اور لاہور ہائی کورٹ کے سامنے شہباز شریف نے انڈر ٹیکنگ دی تھی۔

    عدالت نے مزید استفسار کیا کیا لاہور ہائی کورٹ کا وہ عبوری آرڈر تھا ؟ کیا پٹیشن زیر التوا ہے ؟ جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ 16 نومبر کے آرڈر کے بعد کا کچھ پتہ نہیں۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اس وقت عدالت اس معاملے میں نہیں جائے گی تو وکیل کا کہنا تھا کہ توہین عدالت پٹیشن کی اپنی نیچر ہے ہم میرٹس کو ٹچ نہیں کر رہے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ ہم اس پٹیشن کو مثالی جرمانہ کے ساتھ خارج کرتے لیکن آپ سینئر وکیل ہیں اس لیے اس طرف نہیں جا رہے۔

    عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کیا آپ پٹیشن واپس لینا چاہتے ہیں یا اس پر آرڈر پاس کریں ؟ ہم اس پٹیشن کو itertain نہیں کریں گے آرڈر پاس کریں گے۔

    وکیل نے کہا کہ اگر آپ نے درخواست خارج کرنی ہے تو لاہور ہائی کورٹ جاؤں گا، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ یہ آپ کا اختیار ہے آپ کسی عدالت سے بھی رجوع کر سکتے ہیں۔

    چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیے آپ کہیں بھی جانے کیلئے آزاد ہوں گے، ہم آبزرویشن نہیں دیں گے ، ہم اس درخواست پر مناسب حکمنامہ جاری کریں گے۔

    سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ اگر آپ نے درخواست مسترد کرنی ہے تو میں واپس لیتا ہوں، جس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست قابل سماعت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

  • وزیراعظم  شہباز شریف اور نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی  درخواست دائر

    وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئےدرخواست دائر کردی گئی۔

    اسلام آبادہائیکورٹ میں درخواست سابق سینیٹر سید ظفر علی شاہ نے دائر کی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، نواز شریف، وزارت داخلہ ،وزارت خارجہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف مختلف عدالتوں کا اشتہاری ہے، وہ بیماری کی غرض سے لاہور ہائیکورٹ کی اجازت سے بیرون ملک گئے۔

    دائر درخواست میں کہنا تھا کہ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کیلئےشہباز شریف نے بیان حلفی جمع کرایا تھا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ وزیر اعظم شہباز شریف ،نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کارروائی شروع کی جائے اور اسلام آباد ہائی کورٹ نواز شریف کی واپسی کے لیے احکامات جاری کرے۔

  • ‘نواز شریف کی پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے  فیصلے کی سخت مخالفت’

    ‘نواز شریف کی پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے فیصلے کی سخت مخالفت’

    لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے  پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا اس فیصلے میں شامل نہیں ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا کہ
    میاں صاحب نے اس فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں مزید ایک پیسے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈال سکتا۔

    مریم نواز نے بتایا کہ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کی کوئی مجبوری ہے تو میں اس فیصلے میں شامل نہیں ہوں اور میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے۔

    ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوں۔ اس فیصلے کی تائید نہیں کر سکتی۔

    گذشتہ روز حکومت نے بین الاقوامی منڈی میں پٹرولیم قیمتوں میں مسلسل کمی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کے باوجود پٹرول کی قیمت میں چھ روپے باہتر پیسہ اضافہ کردیا تھا۔

    جس کے بعد پٹرول 233 روپے91 پیسے فی لٹر ہوگیا ، ہائی اسپیڈ ڈیزل میں صرف اکیاون پیسے فی لٹرکمی کی گئی ،جس کےبعد ڈیزل کی نئی قیمت 244 روپے44 پیسے ہوگئی۔

    اسی طرح مٹی تیل ایک روپے سڑسٹھ پیسے کمی سے 199 روپے 40 پیسے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 43 پیسے اضافے کے بعد 191 روپے 75 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے۔

  • نواز شریف نے اپنی محفوظ وطن واپسی کی شرط رکھ دی

    نواز شریف نے اپنی محفوظ وطن واپسی کی شرط رکھ دی

    لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اپنی محفوظ وطن واپسی کی شرط رکھ دی اور چندرہنماؤں سے واپسی سےمتعلق رائے لی۔

    تفصیلات کے مطابق قبل ازوقت انتخابات کے لیے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے بیک ڈور رابطے جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے انتخابات سے قبل اپنی محفوظ وطن واپسی کی شرط رکھ دی اور کہا تمام سیاسی جماعتوں اورقیادت کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ نوازشریف نے پارٹی کے چند رہنماؤں سے وطن واپسی سے متعلق رائے لی کہ کیا مجھے اسلام آباد آنا چاہیے یا لاہور۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ اسلام آباد آمد کا آپشن وفاق میں پارٹی کی حکومت ہے جبکہ کچھ رہنماؤں نے لاہور آمد کا بھی مشورہ دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق عمران خان کو چیف الیکشن کمشنر کی تبدیلی پر لچک دکھانے کا کہا جارہا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے ذرائع کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا وطن واپسی کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں، نوازشریف عام انتخابات سے قبل وطن واپس نہیں آئیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ن لیگ کا ایک گروپ نوازشریف کی فوری واپسی جبکہ دوسرا شدید مخالف ہے، ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو وطن واپسی پرجیل میں نہیں دیکھنا چاہتے، معاملات ٹھیک ہونے پر ہی وطن واپسی کا مشورہ دیں گے۔

  • قبل از وقت انتخابات: عمران خان اور نواز شریف میں بیک ڈور رابطے

    قبل از وقت انتخابات: عمران خان اور نواز شریف میں بیک ڈور رابطے

    اسلام آباد: ملک میں قبل از وقت انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں سے بیک ڈور رابطوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک کے دو بڑے سیاسی رہنماؤں عمران خان اور نواز شریف نے بیک ڈور رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیاسی پوزیشن اس وقت مستحکم ہے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ فوری الیکشن ہوں، اور وہ نومبر سے زیادہ تاخیر نہیں چاہتے۔

    دوسری جانب نواز شریف یہ دیکھ رہے ہیں کہ سیاسی ماحول ان کے لیے اس وقت سازگار نہیں ہے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ اگلے برس مارچ، اپریل میں الیکشن ہوں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں نواز شریف سے اسحاق ڈار کے ذریعے پیغام رسانی ہو رہی ہے، ان کو یہ پیغام دو تین مرتبہ دیا جا چکا ہے کہ میاں صاحب سے کہیں کہ وہ مان جائیں کہ اس وقت ملک کے جو معاشی حالات ہیں، ان میں انتخابات کی تاخیر مناسب نہیں، چاہیں تو وہ اس کی جگہ کوئی اور شرط منوالیں۔

    عمران خان کی جانب سے الیکشن اکتوبر نومبر میں کروانے کے پیغام کا نواز شریف کی جانب سے اب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں جواب کے لیے پندرہ بیس روز انتظار کیا جائے گا، دوسری صورت میں حکومت کے اتحادیوں کو توڑنے کی کوشش کی جائے گی، جیسا کہ فواد چوہدری نے بھی کہا ہے کہ ٹیلی فون پر اس حوالے سے رابطے ہو چکے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں میں دوسرا ڈیڈ لاک الیکشن کمیشن پر ہے، عمران خان کہتے ہیں کہ وہ اس الیکشن کمیشن کے تحت انتخابات نہیں چاہتے، وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر تبدیل ہو۔

    ادھر پنجاب میں پرویز الہٰی کی بھی خواہش ہے کہ کچھ عرصہ حکومت ابھی چلے اور کچھ منصوبے مکمل کیے جائیں لیکن وہ اس کے لیے پابند ہیں کہ عمران خان جب کہیں گے انھیں اسمبلی توڑنا ہوگی۔

    تاہم دوسری طرف ن لیگ اور پی ٹی آئی میں اس بات پر اتفاق ہے کہ مرکز اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرائے جائیں، اس سلسلے میں آصف علی زرداری کو منانا ہوگا، تاکہ سندھ میں بھی اسمبلی توڑی جا سکے۔

  • سینئر لیگی قیادت کا نواز شریف کوجلد وطن واپس آکر پارٹی کمان سنبھالنے کا مشورہ

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت نے نواز شریف کو جلد وطن واپس آکر پارٹی کمان سنبھالنے کا مشورہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے قائد نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی سینئرقیادت کے درمیان رابطہ ہوا ، ذرائع نے کہا کہ رابطے میں پنجاب میں حکومت ختم ہونے کے بعد مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا اور سینئر قیادت نے نواز شریف کو جلد وطن واپس آکر پارٹی کمان سنبھالنے کا مشورہ دیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ رابطے کے دوران مسلم لیگ ن کے وفاقی وزراکی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا،بدترین معاشی حالات اورمہنگائی کی وجہ سے مسلم لیگ ن کاووٹ متاثر ہوا۔

    ذرائع نے کہا کہ نوازشریف نے سینئر قیادت کو عہدیداران اور کارکنوں سے رابطے کی ہدایت کردی۔

    یاد رہے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی کارکردگی پرپھٹ پڑے تھے اور شہباز شریف کو تمام اتحادیوں کا اجلاس بلانے کی ہدایت کردی تھی۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا تھا کہ اب حکومت کرنی ہے تو ڈٹ جائیں اوربزدلی نہیں دکھانی ہے۔