Tag: نواز شریف

  • ‘خواہش کے باوجود نواز شریف عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب نہیں جاسکتے’

    ‘خواہش کے باوجود نواز شریف عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب نہیں جاسکتے’

    لندن : لندن میں ڈاکٹرز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سفر کی اجازت نہیں دی، جس کے باعث وہ عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب نہیں جاسکتے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف خواہش کے باوجود عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب نہیں جا رہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کی اجازت نہیں دی۔

    ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف رمضان کا آخری عشرہ مدینہ میں گزارنے کے خواہشمند تھے۔

    گذشتہ روز پاکستانی حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا، جاری کردہ پاسپورٹ کی مدت 10 سال ہے، ترجیحی بنیاد پر عام کیٹیگری میں جاری کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ نواز شریف کو ڈپلو میٹک پاسپورٹ جاری نہیں کیا گیا، حکومت کی تبدیلی کے بعد پاسپورٹ کی تجدید کی ہدایت جاری کی گئی تھی، نواز شریف اب کسی بھی وقت پاکستان کیلئے روانہ ہوسکتے ہیں۔

  • بلاول بھٹو اور نواز شریف کی ملاقات میں سیاسی معاملات طے ، اعلامیہ جاری

    بلاول بھٹو اور نواز شریف کی ملاقات میں سیاسی معاملات طے ، اعلامیہ جاری

    لندن : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی ملاقات میں طے ہوا ہے کہ ملک کی تعمیرنو کے لیے مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ آئینی فتح کے بعد آگے بڑھنے کے طریقوں پر گفتگو کے لیے ملاقات ہوئی، ملاقات میں اتفاق ہوا کہ جب بھی ملکر کام کیا تو بڑی کامیابی ملی اور طے پایا کہ ملک کی تعمیرنو کے لیے مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چارٹر آف ڈیموکریسی کےنامکمل کام کو مکمل کرنے پربات چیت ہوئی، جمہوری قوتوں کے اتفاق سے وسیع روڈ میپ پر گفتگو ملاقات کا حصہ تھی۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں میں اتفاق کیا گیا نئے چارٹر کے راستے پر غور کے لیے اعلیٰ سطح اجلاس ضروری ہے، عوام تباہ کن معاشی بدانتظامی اور بے مثال نااہلی کا نقصان اٹھا چکے ہیں۔

    ملاقات میں کہا گیا کہ مشترکہ اہداف سخت معاشی سلائیڈ تبدیل کرنے پرتوجہ مرکوز کریں گے ،عمران خان ملک کو نیچے لے کر گئے، خوفناک غلطیان اور خارجہ پالیسی پر خود ساختہ تجارت کی گئی، جمہوری پارٹیوں پر حملوں کے گہرے زخموں کو ٹھیک کرنا ہے۔

  • نواز شریف سے ملاقات میں کیا بات ہوئی ؟ بلاول بھٹو نے بتا دیا

    نواز شریف سے ملاقات میں کیا بات ہوئی ؟ بلاول بھٹو نے بتا دیا

    لندن : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا نواز شریف سے ملاقات میں سیاست پرکم بات ہوئی، ہم نے سلیکٹڈ کو گھر بھیج کرتاریخ رقم کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نوازشریف سے ملاقات کے بعد روانہ ہوئے تو اس موقع پر بلاول ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ افطاری کا انتظام بہت اچھا تھا، ملاقات میں سیاست پرکم بات ہوئی۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے سلیکٹڈ کو گھر بھیج کرتاریخ رقم کی ہے، سلیکٹڈ تو چلا گیا لیکن پاکستان کی معیشت کو جو نقصان ہوا وہ وہی ہے۔

    چیئرمین پی پی نے کہا پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے ملکرکام کرنا ہوگا، ماضی میں بھی ہم نےمیثاق جمہوریت پرکام کیا تھا، میثاق جمہوریت کے باقی کام کو مکمل کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی ملک میں جنگ ہوتوجنگی کابینہ بنائی جاتی ہے ، یورپ میں جنگ کے دوران حزب اختلاف کی تمام جماعتیں اکھٹی ہوئی تھیں، ہم اس سوچ کیخلاف ہیں جو عمران خان کی سیاست کے پیچھے ہے۔

  • نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست دائر

    نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست دائر

    اسلام آباد :سابق وزیراعظم نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست دائر کردی گئی ، جس میں نواز شریف کو واپسی پر گرفتارکرنے کی استدعا کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست دائر کردی گئی ، درخواست گزار نعیم حیدر نے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ نوازشریف اشتہاری مجرم ہیں، پاسپورٹ جاری کرنےسے روکا جائے اور درخواست پر آج ہی سماعت کرکے نواز شریف کی گرفتاری کا حکم دیا جائے۔

    درخواست میں نواز شریف، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خارجہ کو فریق بنایا گیا اور نواز شریف کو واپسی پر گرفتارکرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

    نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست پر رجسٹرار ہائی کورٹ آفس نے بینچ تشکیل دے دیا اور وکیل کی پیر کو سماعت کی استدعا منظور کر لی ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ پیر کے روز سماعت کریں گے۔

  • بھائی  کے وزیراعظم بنتے ہی  نواز شریف نے  وطن واپسی کی تیاریاں شروع کردیں

    بھائی کے وزیراعظم بنتے ہی نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاریاں شروع کردیں

    اسلام آباد : شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے ہی نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاریاں شروع کردیں ، نواز شریف کا عید کے بعد وطن واپسی کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حالات سازگار ہوتے ہی نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاریاں شروع کردیں ، ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ نواز شریف عید کے بعد پاکستان واپس آئیں گے اور پاکستانی عدالتوں کے فیصلوں کا سامنا کریں گے۔

    یاد رہے اس سے قبل یہ خبریں گردش کررہی تھی کہ عدم اعتماد کامیاب ہونے نواز شریف وطن واپس آجائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف عدم اعتماد کامیاب ہونے پر اپریل کے آخر میں سعودی عرب جائیں گے اور مئی کے پہلے ہفتے میں وطن واپسی کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کی غرض سے تقریباً دو سال سے لندن میں مقیم ہیں۔

    خیال رہے گذشتہ روز نواز شریف کے بھائی شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کی مختصر رخصت کے باعث چیئرمین سینیٹ اور قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے شہباز شریف سے وزارت عظمیٰ کا حلف لیا۔

  • ملک کی بدلتی سیاسی صورتحال ، علیم خان کی  لندن میں نواز شریف سے خفیہ ملاقات

    ملک کی بدلتی سیاسی صورتحال ، علیم خان کی لندن میں نواز شریف سے خفیہ ملاقات

    لندن : پی ٹی آئی کے ناراض رہنما عبدالعلیم خان کی سابق وزیراعظم نوازشریف سے خفیہ ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے اہم کردار ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ناراض رہنما عبدالعلیم خان کی لندن میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے خفیہ ملاقات ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات نواز شریف کے گھر پر مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 6 بجےہوئی، نوازشریف سے ملنے کیلئےعلیم خان عقبی دروازے سے داخل ہوئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ علیم خان نے پی ٹی آئی ایم پی ایز کو بھی ن لیگ کے ٹکٹ دینے کا کہا تھا تاہم نواز شریف سے ملاقات میں جہانگیرترین شریک نہیں تھے۔

    ذرائع کے مطابق علیم خان کی ملاقات میں ن لیگ پنجاب کےصدرراناثنااللہ کااہم کردارہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز عبدالعلیم خان اورجہانگیر ترین کی لندن میں ملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں سیاسی صورتحال پر سمیت وزیراعلی پنجاب کو تبدیل کرنے سے متعلق اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

    دونوں شخصیات نے نمبرنگ کیساتھ ساتھ تحریک عدم اعتماد وزیراعلی پنجاب کے خلاف لانے سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا۔

    جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان کا اکٹھے جمعہ کی رات یا ہفتے کو پاکستان آنے کا امکان ہے، دونوں شخصیات پاکستان واپس آکر پاور شو کریں گی اور مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی جائے گی۔

  • مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کا رابطہ، عدم اعتماد  اور نمبر گیم پر اطمینان کااظہار

    مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کا رابطہ، عدم اعتماد اور نمبر گیم پر اطمینان کااظہار

    اسلام آباد :پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف نےعدم اعتماد اور نمبر گیم پر اطمینان کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکرٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونون رہنماؤں عدم اعتماد کےحوالے سے اطمینان کااظہار کرتے ہوئے موجودہ حکومت سے قوم کو جلد نجات دلانے پر اتفاق کیا۔

    ذرائع کے مطابق فضل الرحمان نے نواز شریف کو تحریک عدم اعتماد پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور نمبر گیم پر بھی دونوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

    خیال رہے اپوزیشن نے پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلوانے کے لیے ریکوزیشن جمع کرانے پر اتفاق کرلیا ہے ، بلاول بھٹو کے اسلام آباد جلسے میں عدم اعتماد کا اعلان کیا جائے گا۔

    مسلم لیگ ن ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے اپوزیشن کے پاس نمبر گیم مکمل ہیں اور تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر مکمل یقین ہے۔

  • نواز شریف کے معالج ڈیوڈ لارنس کو حکومتی خط موصول ہو گیا

    نواز شریف کے معالج ڈیوڈ لارنس کو حکومتی خط موصول ہو گیا

    اسلام آباد: حکومت نے نواز شریف کے معالج ڈیوڈ لارنس سے وقت مانگا تھا، اس سلسلے میں ڈاکٹر لارنس کو خط موصول ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے متعلقہ حکام کو بذریعہ دفتر خارجہ آگاہ کر دیا ہے کہ نواز شریف کے معالج ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس کو اٹارنی جنرل کا خط موصول ہو گیا ہے۔

    اٹارنی جنرل نے ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس سے نامزد طبی ماہرین کی ملاقات کے لیے 22 فروری سے 13 مارچ کے درمیان وقت مانگا ہے، ڈیوڈ لارنس کے جواب کے بعد حکومت آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔

    ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس کو بھیجا گیا خط

    حکومتی خط میں کہا گیا تھا کہ حکومت پاکستان کا نمائندہ نواز شریف کی رپورٹس کی تصدیق اور جائزے کے لیے آپ سے ملنا چاہتا ہے۔

    اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے کہا گیا کہ شہباز شریف نے ہائیکورٹ میں میڈیکل رپورٹ کےنام پر 8 دستاویز جمع کرائیں، تمام دستاویزات پر آپ کے دستخط ہیں، جب کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف بہ ظاہر اب صحت مند نظر آتے ہیں، وہ تاحال اسپتال میں بھی داخل نہیں ہوئے، اور سیاسی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

    خط کے متن میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت کے اسپیشل میڈیکل بورڈ کے مطابق آپ کی دستاویزات ناکافی ہیں، آپ کی دستاویزات میں بلڈ ٹیسٹ اور کلیکنکل معائنے کی تفصیلات موجود نہیں ہیں، جب کہ پنجاب کا اسپیشل میڈیکل بورڈ فی الحال کوئی حتمی رائے نہیں دے پا رہا۔

    پاکستانی عدالت میں امریکی ڈاکٹر فیاض شال کی دستخط شدہ دستاویز بھی جمع کرائی گئی، میڈیکل بورڈ کے مطابق ڈاکٹر فیاض شال نے بھی علاج کی مکمل تفصیل نہیں دی۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق نواز شریف کی رپورٹس کی تصدیق اور جائزے کے لیے حکومت پاکستان کا نمائندہ آپ سے ملنا چاہتا ہے، میڈیکل بورڈ کے مطابق نواز شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس کا جائزہ ضروری ہے، نواز شریف سفر کر سکتے ہیں یا نہیں، اس کا تفصیلی رپورٹس کے جائزے کے بعد پتا چلے گا۔

    خط میں کہا گیا کہ برطانوی معالج ملاقات کے لیے تاریخ سے 4 روز پہلے آگاہ کریں، آپ کی یاد دہانی کے لیے بتایا جا رہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے عدالت میں حلف نامہ جمع کرایا تھا، یہ کارروائی ان حلف ناموں کے بعد عدالتی حکم کی روشنی میں کی جا رہی ہے۔

  • مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کا رابطہ، حکومت مخالف تحریک کو مزید تیزکرنے پر اتفاق

    مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کا رابطہ، حکومت مخالف تحریک کو مزید تیزکرنے پر اتفاق

    اسلام آباد :پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف نے حکومت مخالف تحریک کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکرٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت فضل الرحمان اور آصف زرداری ملاقات کے بعد ہوئی ، جس میں مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کو آصف علی زرداری سے ملاقات اور عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالےسےاقدامات پراعتماد میں لیا۔

    ملاقات میں حکومت کے خلاف مشترکہ جدو جہد کے حوالے سے بات کی گئی اور فضل الرحمان نے نواز شریف کو آصف زرداری کی تجاویز سے آگاہ کیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے حکومت مخالف تحریک کو مزیدتیز کرنے اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنے پر اتفاق کیا۔

    خیال رہے سابق صدر آصف زرداری اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات کی کہانی سامنے آئی تھی ، ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے تجویز دی کہ پہلے وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف عدم اعتماد لانی چاہیے تاہم عدم اعتماد پہلے کہاں لائی جائے ، اس معاملے پر مولانا اور آصف زرداری میں اتفاق نہ ہوسکا۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ عدم اعتماد کے معاملے پر آصف زرداری آج شہباز شریف سےمشاورت کریں گے جبکہ ن لیگ کی اتحادیوں کے بجائے ناراض ارکان کو ملانے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ لیگی رہنماؤں کےمطابق20سے22ناراض حکومتی ارکان نےحمایت کایقین دلایا، ناراض ارکان کی حمایت کے بعد اپوزیشن کو اتحادیوں کو توڑنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    مولانا اور زرداری نے رائے دی ہے کہ ناراض ارکان کی حمایت سےعدم اعتماد متنازع ہوسکتی ہے، عدم اعتماد کیلئےاتحادیوں کوساتھ ملانا چاہیے۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں مولانا اور زرداری نے حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے جاری رکھنے سمیت عدم اعتماد ،لانگ مارچ پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

  • تسلیم کرتا ہوں نواز شریف کو باہر جانے دینا ہماری غلطی تھی: وزیر اعظم

    تسلیم کرتا ہوں نواز شریف کو باہر جانے دینا ہماری غلطی تھی: وزیر اعظم

    منڈی بہاالدین: وزیر اعظم عمران خان نے سابق وزیر اعظم کے ملک سے باہر جانے کو اپنی غلطی قرار دے دیا، انھوں‌ نے کہا میں تسلیم کرتا ہوں نواز شریف کو باہر جانے دینا ہماری غلطی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے منڈی بہاالدین میں جلسے سے خطاب میں تسلیم کیا کہ نواز شریف کو ملک سے باہر جانے دینا ان کی غلطی تھی۔

    انھوں نے مولانا فضل الرحمان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں کے گل دستے میں ایک شخص ہے جس کو میں مولانا نہیں کہوں گا، 30 سال بعد اسمبلی ڈیزل کے بغیر چل رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا چور یہ ڈاکو سب ڈرے ہوئے ہیں، فضل الرحمان ان کو ڈرا رہا ہے کہ جلدی عمران کو گرا دو ورنہ 2023 کا الیکشن گیا، ایک بڑا بھگوڑا میاں ہے اور ایک چھوٹا میاں ہے، چھوٹے میاں کا دل کمزور ہے،

    ان کا کہنا تھا 15 ہزار کی تنخواہ میں مقصود چپڑاسی رمضان شوگر ملز میں ملازم تھا، ایف آئی اے کو پتا چلا 4 ارب روپے مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں آیا، پتا چلنے پر راتوں رات پہلے چھوٹے میاں نے بیٹے کو ملک سے بھگا دیا، پھر داماد کو ملک سے بھگا دیا، خاقان عباسی جب وزیر اعظم تھا اس نے اپنے جہاز میں اسحاق ڈار کو باہر بھگا دیا۔

    وزیر اعظم نے کہا اگر چوری نہیں تو ڈر کس چیز کا ہے، یہ عمران سے ڈرتے ہیں، عمران خان نے ان کو مشرف کی طرح این آر او نہیں دینا۔

    انھوں نے مزید کہا خیبر پختون خوا کبھی کسی کو دوسری باری نہیں دیتا، لیکن پی ٹی آئی کو دوسری باری دے دی، خیبر میں سب سے تیزی سے غربت پی ٹی آئی دور میں کم ہوئی، یو این ڈی پی کی رپورٹ کا سروے ہے 2013 سے 2018 کے پی میں سب سے تیزی سے غربت کم ہوئی۔

    وزیر اعظم نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی ہے، میں سارا وقت سوچتا ہوں کہ قوم سے مہنگائی کا بوجھ کیسے اٹھاؤں، صحافیوں سے درخواست ہے مہنگائی کے ساتھ اس کی وجہ بھی بتائیں، کرونا کے بعد پوری دنیا کی سپلائی چین متاثر ہوئی، چیزیں مہنگی ہو گئیں، دنیا میں 40 ڈالر فی بیرل پیٹرول آج 90 ڈالر پر پہنچ گیا ہے، ہم نے ٹیکسز اور ڈیوٹیز کم کیں تاکہ عوام پر بوجھ نہ پڑے، جس سے حکومت کو 70 ارب روپے ماہانہ نقصان ہوتا ہے۔

    انھوں نے کہا دنیا میں پیٹرول، گھی، کوئلہ، تیل گیس سب کی قیمتیں دگنی ہو گئی ہیں، میری پوری کوشش ہے کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ کسی نہ کسی طرح کم کریں، ہمارا ملک صحیح راستے پر نکل چکا ہے، ہماری ایکسپورٹ ریکارڈ پر ہے، پہلے اوورسیز پاکستانیوں نے کبھی اتنا پیسا نہیں بھیجا تھا جتنا آج بھیجتے ہیں، بیرون ملک پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔