Tag: نوبیل پرائز

  • طب میں نوبل پرائز 2 امریکی سائنس دانوں کے نام

    طب میں نوبل پرائز 2 امریکی سائنس دانوں کے نام

    طب میں نوبل پرائز مشترکہ طور پر 2 امریکی سائنس دانوں کو دینے کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فزیالوجی یا طب کے شعبے میں 2021 کا نوبل انعام مشترکہ طور پر 2 امریکی سائنس دانوں ڈیوڈ جولیئس اور آرڈیم پاٹاپوٹیم نے حاصل کر لیا۔

    دونوں طبی سائنس دانوں کو اس انعام کا حق دار انسانی جسم میں درجۂ حرارت سے متعلق اعصابی نظام پر تحقیقات کرنے پر قرار دیا گیا۔

    نوبل پرائز کمیٹی کے مطابق ان سائنس دانوں نے اپنی ریسرچ میں اس امر کی وضاحت کی ہے کہ گرمی، سردی اور چھونے سے ہمارے اعصابی نظام میں سگنل کیسے آ سکتے ہیں، شناخت شدہ آئن چینلز بہت سے جسمانی عمل اور بیماری کے حالات کے لیے اہم ہیں۔

    نوبل پرائز جیتنے والے ان سائنس دانوں نے دریافت کیا ہے کہ ہمارے اجسام کس طرح سورج کی روشنی کی حرارت یا ہمارے کسی پیارے کا ہمیں گلے لگانے کا احساس محسوس کرتے ہیں۔

    ان سائنس دانوں نے اس بات پر کام کیا کہ کس طرح ہمارے اجسام نروس سسٹم کے اندر جسمانی حساسیت کو برقی پیغامات میں تبدیل کرتے ہیں، سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس تحقیق کے نتائج سے درد کے علاج کے نئے طریقے دریافت کیے جا سکیں گے۔

  • عمران خان کو نوبیل پرائز دینے کا مطالبہ بھارت میں‌ بھی سامنے آگیا

    عمران خان کو نوبیل پرائز دینے کا مطالبہ بھارت میں‌ بھی سامنے آگیا

    دہلی: پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو نوبیل پرائز دینے کا مطالبہ بھارت میں‌ بھی سامنے آگیا.

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی میں عمران خان کے مثبت کردار کو جہاں ملکی و بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا، وہیں بھارت سے بھی پاکستانی وزیر اعظم کی حمایت میں  آوازیں سنائی دینے لگیں۔

    سابق بھارتی سول سرونٹ نے نہ صرف وزیر اعظم عمران خان کو امن کا نوبیل انعام دینے کا مطالبہ کیا ہے، بلکہ ڈٹ کر اس کا دفاع بھی کیا.

    سرکاری ملازمت چھوڑ کر سیاست کی سمت آنے والے کشمیری نوجوان شاہ فیصل نے اپنے موقف کا معروف بھارتی صحافی برکھادت کے پروگرام میں بھرپور انداز میں دفاع کیا.

    مزید پڑھیں: آپ دہشت گرد اکھاڑنے گئے تھے یا درخت؟ سدھو کا مودی سے چھبتا ہوا سوال

    شاہ فیصل نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے پائلٹ واپس کر کے جو کام کیا، وہ برصغیرمیں کسی نے نہیں کیا، وہ بھی ایسے حالات میں، جب  ایٹمی جنگ کا خطرہ تھا۔

    شاہ فیصل نے کہا کہ یہ انسانیت اور امن کے لیے اٹھایا جانے والا اقدام تھا، جو قابل تعریف ہے اور اس کی موجودہ حالات میں‌ توقع نہیں کی جارہی تھی.

    یاد رہے کہ پاکستان نے بھارتی در اندازی کے مطابق بھارتی پائلٹ کو گرفتار کر لیا تھا، مگر وزیر اعظم نے جذبہ خیر سگالی کے تحت اسے رہا کردیا.