کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نوجوانوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے دبئی کے 24 ٹکٹس دینے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ میگا آئی ٹی انٹری ٹیسٹ میں ہزاروں نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی، تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی شریک ہوئے اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی
گورنر سندھ تقریب کے دوران نوجوانوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے دبئی کے 24 ٹکٹس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تقریب میں شریک ایک طالبہ کو عمرے کا ٹکٹ انعام میں دیا۔
کامران ٹیسوری نوجوانوں کے درمیان جاکر ان کا حوصلہ بڑھاتے رہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پہلے ہماری افواج نے بھارت کے جہاز گرائے اور اب نوجوانوں کے ساتھ مل کر بھارت کی آئی ٹی ایکسپورٹ کو گرائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی تعلیم کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، پوری کوشش ہے کہ نوجوان اپنے پیروں پر کھڑے ہوں اور ہم انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
یاد رہے اس سے قبل انہوں نے لیاری میں عمارت گرنے کے المناک واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 80 گز کا پلاٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔
گورنر سندھ نے مطالبہ کیا تھا کہ سندھ حکومت متاثرہ خاندانوں کو 6 ماہ کا کرایہ ادا کرے اور انہیں اسی علاقے میں رہائش کے لیے گھر فراہم کیے جائیں۔