Tag: نوجوان قتل

  • کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گھر کے اندر فائرنگ کے پراسرار واقعے میں نوجوان قتل

    کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گھر کے اندر فائرنگ کے پراسرار واقعے میں نوجوان قتل

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں گھر کے اندر فائرنگ کا پراسرار واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک 30 سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 15 میں گھر کے کمرے کے اندر فائرنگ سے سید مرتضیٰ نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا، گھر میں موجود دیگر بھائیوں نے پولیس کو بتایا کہ فائرنگ سنتے ہی انھوں نے گھر سے نامعلوم شخص کو فرار ہوتے ہوئے دیکھا۔

    پولیس حکام کے مطابق مقتول کے گھر سے کوئی چیز چوری نہیں ہوئی، تاہم مقتول کے زیر استعمال موبائل فون غائب ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ وقوعہ پر پہنچنے سے پہلے ہی گھر والے خون آلود چادریں اور تکیہ دھو چکے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق مقتول پر گولی چلائی گئی لیکن کمرے سے کوئی خول برآمد نہیں ہوا ہے۔ مقتول کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ چند ماہ سے بے روزگار تھا، پولیس نے واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، آج صبح مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں قتل کی دفعات شامل ہیں، والد نے بیان دیا کہ 4 بجکر 20 منٹ پر میں اور میری بیوی گھر سے نکلے تھے، میرا ایک بیٹا مرتضیٰ حیدر کمرے میں سو رہا تھا، بڑے بیٹے مصطفیٰ حیدر نے واقعے کی اطلاع پونے 5 بجے کے قریب دی، بیٹے کو نامعلوم ملزم نے قتل کیا ہے۔

  • کراچی میں دندناتے ڈاکوؤں نے ایک اور گھرمیں صف ماتم بچھا دیا

    کراچی میں دندناتے ڈاکوؤں نے ایک اور گھرمیں صف ماتم بچھا دیا

    کراچی : کراچی میں دندناتے ڈاکوؤں نے ایک اور گھر میں صف ماتم بچھا دیا، موٹرسائیکل نہ دینے پر نوجوان کے سر پر گولی مار دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ڈاکوؤں کی وارداتوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا، آئے دن مزاحمت پر شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنا دیا جاتا ہے۔

    کراچی میں لٹیروں نے ایک اور ماں کی گود اجاڑ دی، کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر سترہ سال کے نوجوان کو قتل کردیا گیا، مسلح لٹیروں نے حذیفہ کو موٹرسائیکل نہ دینے پر سر پر گولی ماری۔

    کورنگی میں ڈکیتی کے دوران ڈاکؤں کی فائرنگ سے جواں سال نوجوان زخمی ہوا تاہم دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔

    واقعہ کے خلاف مشتعل افراد نے کورنگی نمبر دو کی مرکزی سڑک پر احتجاج کر کے روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا، حذیفہ کی نماز جنازہ گھر سے متصل سڑک پر ادا کی گئی، جس میں اہل خانہ سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    حذیفہ کی ماں کا کہنا ہے کہ سب کچھ لوٹ کربھی میرے بچے کی جان لے لی جبکہ بھائی نے کہا کہ آج میرابھائی گیا،کل کسی اور کا جائے گا۔

  • لٹیروں کے ہاتھوں ایک اور نوجوان جان سے گزر گیا، افسوس ناک ویڈیو

    کراچی: شہر قائد میں لٹیروں کے ہاتھوں ایک اور نوجوان قیمتی جان سے محروم ہو گیا، جس کی افسوس ناک ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کے روز سچل کے علاقے بلاول شاہ نورانی گوٹھ میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے،

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 مسلح ملزمان ایک دکان میں داخل ہو رہے ہیں، ایک ملزم کیش کاؤنٹر پر چلا گیا اور وہاں موجود نوجوان کو اسلحہ دکھا کر رقم لوٹ لی۔

    سنگین جرائم میں ملوث ڈاکو عبدالرسول بھٹو مارا گیا، سر کی قیمت ایک کروڑ

    واردات کے بعد جب ملزمان دکان سے باہر نکلے تو ان کے ہاتھوں میں اسلحہ بدستور موجود تھا، اس دوران دکان دار کا بھائی رزاق وہاں آ گیا، اس نے جب مسلح لٹیروں کو دیکھا، تو ایک مسلح شخص پر اچانک جھپٹ پڑا، تاہم ڈاکو نے اسے گولی ماری اور فرار ہو گئے۔

    واردات کرنے والے ایک ملزم کے چہرے پر لگا ماسک بھی ہاتھا پائی کے دوران گر گیا جس سے ملزم کا چہرہ واضح ہو گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے والے نوجوان رزاق کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن جاں بر نہ ہو سکا اور دوران علاج دم توڑ گیا۔

  • کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور گھر اجاڑ دیا

    کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور گھر اجاڑ دیا

    کراچی : ڈاکوؤں نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے امان نامی شہری جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکو معصوم شہریوں کی زندگیاں چھیننے لگے، رات نیو کراچی اللہ والا اسٹاپ پر ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس نے بتایا کہ مقتول امان چپل کا کاروبار کرتا تھا، اس کے 4 بچے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ امان کے والد اور چچا شادی میں شرکت کیلیے حیدرآباد گئے تھے، شادی سے واپس نیوکراچی میں 2 منٹ چورنگی میں واقع آبائی گھر پہنچے تو والد اور چچا نے امان کو فون کیا کے ہمیں آکر لے جاؤ۔

    امان اپنے والد اور چچا کو موٹر سائیکل پر گھر لے جارہا تھا کہ اللہ والا اسٹاپ پر ڈاکووں نے امان کو روکنے کی کوشش کی۔

    مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے امان پر فائر کردیا، جس کے نتیجے میں امان سینے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا، مقتول امان 6 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔

    جان بحق امان کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے۔

  • کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ : نوجوان کا چلتی موٹرسائیکل پر قتل

    کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ : نوجوان کا چلتی موٹرسائیکل پر قتل

    کراچی : کورنگی میں فائرنگ کرکے موٹرسائیکل سوار نوجوان کو قتل کر دیا گیا، 2 ملزمان نے چلتی موٹر سائیکل پر فائرنگ کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں فائرنگ، موٹرسائیکل سوار نوجوان کو قتل کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہرٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتاہے، مقتول نوجوان کو چلتی ہوئی موٹرسائیکل پر سوار افراد نے نشانہ بنایا۔

    فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل سواردو ملزمان نے چلتی موٹرسائیکل پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 30سال کے معراج کے نام سے ہوئی ہے، معراج کو چہرے پر گولی ماری گئی، مقتول معراج کمپنی کا ملازم تھا، اسے تعاقب کے بعد قتل کیا گیا۔

    دوسری جانب کراچی میں بن قاسم تھانے میں رکشہ ڈرائیور کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، مقدمہ والدہ کی مدعیت میں سالے سجن اور ساتھی محر عرف گلزار کے خلاف ہوا۔

    مدعی کے مطابق بیٹے غلام حیدر کی نذیرہ نامی عورت سے شادی اور تین بچے تھے، نذیرہ 6 ماہ پہلے میکے گئی پھر کورٹ سے خلع لی، 7 مئی کو سالے سمیت دو ملزمان نے گھر پر آکر بیٹے کو قتل کیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کرلیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

  • کراچی  :  منگل بازار لگانے پر چھری سے وار سے نوجوان قتل

    کراچی : منگل بازار لگانے پر چھری سے وار سے نوجوان قتل

    کراچی : شہر قائد میں منگل بازارلگانے پر چھری کے وار سے نوجوان کو قتل کردیا گیا، پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقہ شاہ لطیف ٹاؤن میں منگل بازار لگانے پر چھری کے وار سے نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ واقعہ گزشتہ روزپیش آیا تھا اور واقعہ کا مقدمہ قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، معمولی تلخ کلامی پر نوجوان کوقتل کیا گیا اور جھگڑے کے بعد مشتعل افراد نے منگل بازار کو آگ لگا دی۔

    گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے شارع فیصل تھانے کی حدود میں نجی سوسائٹی میں نوجوانوں ‏میں جھگڑا ہوا تھا ، جس کے نتیجے میں چھری کے وار سے دو بھائیوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • آن لائن ٹیکسی چلانے والے دو سالہ بچی کے باپ کا قتل

    آن لائن ٹیکسی چلانے والے دو سالہ بچی کے باپ کا قتل

    لاہور: نامعلوم افراد نے لاہور میں نوجوان آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں آن لائن ٹیکسی چلانے والے 26 سالہ علی کو نامعلوم افراد نے جان سے مار دیا، علی دو سالہ بچی کا باپ تھا۔

    رپورٹ کے مطابق علی کی تین سال قبل شادی ہوئی تھی، اس کی دو سال کی بچی بھی ہے، بھوگیوال کا رہائشی علی آن لائن ٹیکسی چلانے کے لیے گھر سے نکلا تھا، لیکن واپس نہ آیا۔

    مقتول کے پریشان حال والد نے تھانہ شالیمار میں اغوا کا پرچا درج کرایا تھا، لیکن آج لاہور کے علاقے ساندہ سے اس کی لاش مل گئی، مقتول کے غم سے نڈھال سسر کا کہنا ہے کہ علی کی تین سال قبل میری بیٹی سے شادی ہوئی، ملزموں نے ہماری زندگی کا آسرا چھین لیا۔

    پولیس کے مطابق لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے، قتل کے حوالے سے تفتیش جاری ہے، حکام کا کہنا تھا کہ جلد ملزم کو گرفتار کر لیں گے-

    شیخ رشید کا وعدہ پورا نہیں ہوا، اسامہ ستی کے والد نے نا امیدی کا اظہار کر دیا

    واضح رہے کہ آن لائن ٹیکسی سروس چلانے والے ایک اور نوجوان ڈرائیور کی اسلام آباد میں پولیس اہل کاروں کے ہاتھوں افسوس ناک قتل کا معاملہ بھی ان دنوں شہ سرخیوں میں ہے۔

    21 سالہ اسامہ ستی کو 2 جنوری کو اسلام آباد جی ٹین میں اے ٹی ایس اہل کاروں نے فائرنگ کر کے جان سے مار دیا تھا، پولیس نے دعویٰ کیا کہ کار سوار کو روکا گیا تھا لیکن وہ کار بھگا کر لے گیا جس کے بعد گاڑی پر فائرنگ کی گئی لیکن ڈرائیور کو بھی گولیاں لگ گئیں۔ تاہم مقتول کے والد نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کو گاڑی سے اتار کر سامنے سے گولیاں ماری گئیں۔

  • موبائل چھیننے کے بعد نوجوان کے قتل کے واقعے کی اصل حقیقت سامنے آ گئی

    موبائل چھیننے کے بعد نوجوان کے قتل کے واقعے کی اصل حقیقت سامنے آ گئی

    کراچی: گزشتہ روز شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ایک نوجوان سے موبائل فون چھین کر اسے گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا، پولیس نے اصل واقعہ بے نقاب کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے کورنگی میں نوجوان کا قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دے دیا، پولیس نے قتل میں ملوث دونوں ملزمان کا سراغ بھی لگا لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قتل کی واردات کے بعد پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے ڈکیتی کا ڈراما رچایا تھا۔

    پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کورنگی کی فیکٹری میں ملازمت کرتے ہیں، ملزمان نے منیب کو فون کر کے بلایا اور قتل کر دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ جب منیب آیا تو ایک ملزم نے اس سے فون لیا اور پھر یکے بعد دیگرے اسے گولیاں مار دیں۔

    پولیس ذرایع کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت ملزمان نے کچھ فاصلے پر جا کر مقتول منیب کا موبائل فوں بھی توڑ دیا تھا۔

    پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ قتل کی یہ ٹارگٹڈ کارروائی مبینہ طور پر ایک لڑکی کی وجہ سے کی گئی ہے، جس لڑکی کی وجہ سے قتل کیا گیا وہ بھی فیکٹری ورکر تھی۔

    پولیس کے مطابق مقتول منیب کورنگی کا رہائشی تھا اور ایک ماہ قبل ہی اس کی شادی ہوئی تھی، گزشتہ روز واقعے کے بعد پولیس نے کہا تھا کہ یہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا واقعہ ہے، پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول بھی ملے۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان اپنی بائیک پر بیٹھے شخص سے اسلحے کے زور پر موبائل فون چھینتے ہیں اور موبائل فون دینے کے باوجود اس پر گولیاں داغ دیتے ہیں۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کے چہرے بھی واضح طور پر دیکھے گئے ہیں۔

  • لاہور میں نشہ کی خاطر حافظ قرآن دوست قتل

    لاہور میں نشہ کی خاطر حافظ قرآن دوست قتل

    لاہور میں آئس نشہ کی لت نے دوست کی جان لے لی، نشہ خریدنے کی خاطر دوستوں نے امام مسجد کے بیٹے کو قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کو گلشن راوی کے علاقے میں صندوق سے ایک نوجوان کی لاش ملی جسے بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔

    لاش کی شناخت ہونے پر اسے ضابطے کی کارروائی کے بعد اہل خانہ کے حوالے کیا گیا، مقتول کی شناخت حافظ ہمدان کے نام سے ہوئی۔

    پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کی تو شک کی بنیاد پر مقتول کے دوستوں عبداللہ اور اویس کو حراست میں لیا گیا جنہوں نے اعتراف جرم کر لیا۔

    ملزمان نے بتایا کہ وہ چند روز قبل ہی آئس نشہ کرنے شروع ہوئے تھے، پیسہ نہ ہونے کے باعث دوست حافظ ہمدان کا قیمتی موبائل فون چھیننے کی منصوبہ بندی کی اور واردادت کے دوران دوست قتل ہوگیا جس کی لاش کو نالے کے پاس پھینک دیا۔

    مقتول کے والد امام مسجد کا کہنا ہے کہ بیٹے کو مہنگے کپڑے پہننے اور قیمتی موبائل رکھنے کا شوق تھا، بیٹا حافظ قرآن تھا اور والدین کا فرماں بردار تھا۔

  • لاہور: سیشن کورٹ کے احاطے میں فائرنگ‘ نوجوان قتل

    لاہور: سیشن کورٹ کے احاطے میں فائرنگ‘ نوجوان قتل

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سیشن کورٹ کے احاطے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ میں تین موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا، ملزمان جائے وقوعہ سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت بلال عظیم کے نام سے ہوئی ہے جو مغل پورہ کا رہائشی تھا۔

    مقتول بلال ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پسند کی شادی کے کیس کے سلسلے میں پیشی پرآیا تھا۔

    سیشن جج شاہد بیگ نے فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے کہا کہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    لاہور: سیشن کورٹ کے احاطے میں فائرنگ‘ 2 وکیل جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 20 فروری کو سیشن کورٹ میں وکلا کے دو گروپوں میں تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں 2 وکیل جاں بحق ہوگئے تھے۔

    پولیس نے فائرنگ کرنے کے الزام میں کاشف راجپوت نامی وکیل کو حراست میں لے لیا تھا۔

    لاہور: احاطہ عدالت میں فائرنگ، قتل کا ملزم اورپولیس اہلکار ہلاک

    اس سے قبل یکم فروری 2018 کو لاہور کی سیشن عدالت میں دن دھاڑے وکیل کے روپ میں عدالت آنے والے قاتلوں نے فائرنگ کرکے ملزم اور ایک پولیس اہلکار کو قتل کردیا تھا۔