کراچی : عدالت نے نوجوان پرتشدد کیس میں ملزمان سلمان فاروقی اوراویس ہاشمی کیخلاف مقدمہ ختم کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی سٹی کورٹ میں ڈیفنس فیز 6 میں نوجوان پرتشدد کیس کی سماعت ہوئی، عدالتی حکم پر تفتیشی افسر نے مقدمے کا چالان اور سی کلاس رپورٹ پیش کی۔
جس میں بتایا گیا مدعی نوجوان دھیرج عرف دھن راج نے بیان دیا کہ وہ ملزمان سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کے خلاف کارروائی نہیں چاہتا۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ نوجوان نے مقدمے کو غلط فہمی کی بنیاد پر درج قرار دیا اور تحریری طور پر لکھ کر دیا کہ سلمان فاروقی نے بدتمیزی نہیں کی۔ مدعی نے حلف نامہ بھی جمع کرایا کہ وہ مقدمہ چلانا نہیں چاہتا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مدعی کے بیان کے بعد جان سے مارنے کی دھمکی اوردیگرالزامات ختم کردیے ہیں۔
عدالت نے پولیس رپورٹ پر ملزمان سلمان فاروقی اوراویس ہاشمی کیخلاف مقدمہ ختم کردیا۔
مزید پڑھیں : ڈیفنس تشدد کیس : متاثرہ نوجوان نے سلمان فاروقی کو معاف کر دیا
یاد رہے واقعے کا مقدمہ تھانہ گذری میں درج کیا گیا تھا، سوشل میڈیا پر موٹر سائیکل سوار سدھیر پر کار سوار کی جانب سے ہمشیرہ کی موجودگی میں تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
جس میں ملزم نے گالیاں اوردھمکیاں دیں اور نوجوان کی بہن ہاتھ جوڑتی رہی لیکن ملزم کے کان پرجوں تک نہ رینگی، خواتین کو بھی دھکے دیے ساتھ ہی جان سے مارنےکی دھمکیاں دیں، تشدد اور ہجوم میں بےعزت کیا۔
بعد ازاں ڈیفنس تشدد کیس میں متاثرہ نوجوان نے سلمان فاروقی کو عدالت میں معاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت جو بھی فیصلہ کرے مجھے کوئی اعتراض نہیں۔
عدالت نے پوچھا تھا کہ تمہیں کسی قسم کا دباوٴ کا سامنا تو نہیں تو متاثر نوجوان نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں کوئی کیس نہیں کرنا چاہتا، ملزم کو معاف کردیا ہے۔