Tag: نوجوان

  • 17 سالہ بھارتی لڑکا یوٹیوب کی مدد سے جرائم کرنا سیکھ گیا

    17 سالہ بھارتی لڑکا یوٹیوب کی مدد سے جرائم کرنا سیکھ گیا

    نئی دہلی: بھارت میں 17 سالہ نوجوان یوٹیوب کی مدد سے اے ٹی ایم فراڈ کرنا سیکھ گیا، نوجوان نے بزرگ افراد کو لوٹ کر ان کے اے ٹی ایم کارڈ کی مدد سے 10 لاکھ روپے سے زائد رقم کا فراڈ کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والا 17 سالہ نوجوان آسانی سے پیسہ کمانے کے لیے یوٹیوب دیکھ کر جرائم کرنا سیکھ گیا۔

    نوجوان نے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان کی مدد کرنے کے بہانے سے دھوکے سے ان کا کارڈ حاصل کیا اور ان کے اکاؤنٹس سے رقم نکالنا شروع کردی۔

    یہ نوجوان اے ٹی ایم کے باہر رک کر ضعیف افراد کو اے ٹی ایم سے رقم نکالنے میں مدد کرتے ہوئے پن نمبر معلوم کرلیتا اور بڑی چالاکی سے انہیں ڈپلیکیٹ کارڈ دے دیتا جبکہ اصل کارڈ خود رکھ لیتا۔

    اس 17 سالہ لڑکے نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے مختلف حصوں میں اے ٹی ایم کارڈ فراڈ کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے سے زائد رقم حاصل کی جس کے بعد اس نے طیاروں میں سفر کرنا اور فائیو اسٹار ہوٹلز میں قیام کرنا شروع کردیا۔

    گزشتہ ماہ چتور سے تعلق رکھنے والی ایک بزرگ خاتون نے اے ٹی ایم سے رقم نکالے جانے کی شکایت پولیس کو درج کروائی۔

    پولیس نے ضعیف خاتون کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شناخت کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا، نابالغ ہونے کی وجہ سے اسے تروپتی کے جووینائل ہوم منتقل کیا گیا ہے۔

  • بچوں اور نوجوانوں کو کووڈ 19 سے معمولی خطرہ

    بچوں اور نوجوانوں کو کووڈ 19 سے معمولی خطرہ

    حال ہی میں ایک تحقیق سے علم ہوا کہ کووڈ 19 سے بچوں اور نوجوانوں میں بہت زیادہ بیمار ہونے اور موت کا شکار ہونے کی شرح کم ہوتی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانیہ کی لیور پول یونیورسٹی اور لندن کالج یونیورسٹی کی نئی تحقیق سے پتہ چلا کہ کووڈ 19 سے بچوں اور نوجوانوں میں بہت زیادہ بیمار ہونے اور موت کا خطرہ نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔

    یہ اس حوالے سے اب تک کی سب سے جامع اور بڑی تحقیق تھی جس میں عوامی طبی ڈیٹا کا منظم انداز سے تجزیہ کرکے یہ نتیجہ نکالا گیا۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ ایسے بچوں اور نوجوانوں میں کووڈ کی سنگین شدت کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے جو پہلے سے کسی بیماری سے متاثر ہوں، تاہم مجموعی طور پر یہ خطرہ بہت کم ہوتا ہے۔

    تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کووڈ کی وبا کے ایک سال کے دوران (فروری 2021 کے آخر تک) برطانیہ میں 18 سال سے کم عمر 251 افراد اس بیماری کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔

    ماہرین نے یہ تعین کرنے کی کوشش کی کہ اس عمر کے گروپ میں خطرات بڑھانے والے عناصر کون سے ہوتے اور دریافت کیا کہ اس عمر کے گروپ میں 50 ہزار میں سے صرف ایک میں کووڈ کے باعث آئی سی یو میں داخلے کا امکان ہوتا ہے۔

    کووڈ سے بچوں میں ورم کے ایک سینڈروم پی آئی ایم ایس ٹی ایس کا الگ سے جائزہ لینے پر محققین نے دریافت کیا کہ 309 بچوں کو اس عارضے کے باعث آئی سی یو میں داخل کیا گیا اور یہ خطرہ ہر 38 ہزار 911 میں سے ایک کو ہوتا ہے۔

    ماہرین نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ بچوں اور نوجوانوں میں کووڈ کی سنگین شدت اور موت کا خطرہ بہت کم ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس عمر کے گروپ میں وہ افراد زیادہ خطرے کی زد میں ہوتے ہیں جن کو موسم سرما کے کسی وائرس یا دیگر بیماریوں کے بہت زیادہ خطرے کا بھی سامنا ہوتا ہے، مختلف بیماریوں اور معذوریوں کے شکار بچوں اور نوجوانوں میں یہ مرض خطرناک ہوسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نتائج بہت اہم ہیں اور اس سے بچوں اور نوجوانوں میں ویکسنیشن کے حوالے سے فیصلے کرنے میں نہ صرف برطانیہ بلکہ بین الاقوامی سطح پر رہنمائی مل سکے گی۔

  • لندن میں چاقو بردار کا حملہ، نوجوان نے خاندان کو بچانے کے لیے جان قربان کردی

    لندن میں چاقو بردار کا حملہ، نوجوان نے خاندان کو بچانے کے لیے جان قربان کردی

    لندن: برطانیہ میں 18 سالہ نوجوان چاقو بردار کو اپنے خاندان پر حملہ آور دیکھ کر ان کی ڈھال بن گیا اور اپنی جان گنوا دی، افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں دکھ کی لہر دوڑ گئی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن میں گھر کے سامنے تیز دھار آلے سے قتل ہونے والا 18 سالہ مسلمان نوجوان اپنی فیملی کا تحفظ کرتے ہوئے حملہ آوروں کا نشانہ بنا۔

    قانون کے پہلے سال کا طالب علم حسین چوہدری بدھ کے روز اس وقت حملے کا نشانہ بنا جب 2 چاقو برداروں نے گھر کے سامنے ان کی والدہ سے سامان چھیننے کی کوشش کی۔

    حسین آگے بڑھے تو ان کی گردن پر وار کیا گیا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی والدہ اور بھائی بھی زخمی ہوئے تھے۔

    حسین چوہدری کی بہن عافیہ احمد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میرا چھوٹا بھائی اسی طرح سے دنیا چھوڑ گیا جیسے دنیا میں آیا تھا، وہ میری ماں کی بانہوں کے جھولے میں تھا، وہ اپنے خاندان کو بچاتے ہوئے دنیا سے گیا۔

    پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ حسین کو 2 افراد نے قتل کیا، ایک عینی شاہد نے لندن کے ایک اخبار کو بتایا کہ ان میں سے ایک نے اس کی گردن پر وار کیا، جس پر ان کی والدہ چلانے لگیں۔

    حسین چوہدری کے نام پر کئی فنڈریزنگ مہمات بھی شروع ہو چکی ہیں جن میں اسلامک سوسائٹی اور لندن اسکول آف اورینٹل اینڈ افریقین اسٹڈیز بھی شامل ہیں جہاں وہ تعلیم حاصل کر رہے تھے۔

    اسلامک سوسائٹی کے صدر محمد عارف نے ایک اخبار کو بتایا کہ اب تک 32 ہزار پاؤنڈز جمع ہو چکے ہیں جو توقع سے بڑھ کر ہیں، اسی طرح ایک اور فنڈریزنگ مہم میں فیملی کے لیے ابھی تک 11 ہزار پاؤنڈز جمع ہو چکے ہیں جنہیں مسجد کی تعمیر کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

    لندن میٹرو پولیٹن پولیس کے ڈیٹیکٹو چیف انسپکٹر پیری بنٹن نے علاقے کے مکینوں اور حملے کے وقت وہاں سے گزرنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈیش بورڈ اور دروازوں کے کیمروں کی ویڈیوز چیک کریں۔

    ان کا کہنا ہے کہ ایک نوجوان نے افسوسناک واقعے میں اپنی جان کھو دی ہے اور میں اس مشکل وقت میں ان کی فیملی کے غم میں شریک ہوں۔

  • کم عمری میں جلد کا خیال رکھنے کے لیے قدرتی اشیا سے بنا ماسک

    کم عمری میں جلد کا خیال رکھنے کے لیے قدرتی اشیا سے بنا ماسک

    کم عمری میں بھاری بھرکم کاسمیٹکس اشیا استعمال کرنے سے پرہیز کرنا چاہیئے لیکن جلد کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے تاہم اس کے لیے قدرتی اشیا نہایت مؤثر ثابت ہوسکتی ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بتول نے کم عمر نوجوانوں کی جلد کی حفاظت کے لیے فروٹ ماسک بنانے کا طریقہ بتایا۔

    ڈاکٹر بتول نے بتایا کہ کم عمر لڑکیاں اور لڑکے اپنی جلد کا خیال نہیں رکھ پاتے اور کھیلنے کودنے اور اسکول وغیرہ جانے کے لیے باہر نکلنے سے ان کی جلد اور اس کی رنگت بھی بے حد خراب ہوجاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر جلد کی حفاظت اسی عمر سے شروع کردی جائے تو وہ تادیر صحت مند رہتی ہے۔

    ڈاکٹر بتول نے مصنوعی اشیا کے بجائے پھلوں کا ماسک لگانے کا مشورہ دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اسٹرابری میں الفاہائیڈروکسی ایسڈ ہوتا ہے جو جلد کی رنگت کو یکساں کرتا ہے، مسام بند کرتا ہے جبکہ چہرے کے داغ دھبوں میں بھی کمی کرتا ہے۔

    ڈاکٹر بتول کے مطابق 2 اسٹرابریز کاٹ کر اس پر ایک چٹکی میٹھا سوڈا چھڑکیں، اچھی طرح ملانے کے بعد 5 منٹ تک اس سے مساج کریں اور 20 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اس ماسک سے نہ صرف جلد کی رنگت نکھر جاتی ہے بلکہ جلد نرم و ملائم بھی ہوجاتی ہے۔

  • زیر تعمیر عمارت پر خوفناک حادثہ، سریے نوجوان کے جسم کے آر پار ہوگئے

    زیر تعمیر عمارت پر خوفناک حادثہ، سریے نوجوان کے جسم کے آر پار ہوگئے

    ریاض: سعودی عرب میں ایک زیر تعمیر عمارت پر کام کرنے والے نوجوان کے ساتھ خوفناک حادثہ پیش آیا، اونچائی سے گرنے کے بعد اس کے جسم میں سریے آر پار ہوگئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ میں زیر تعمیر عمارت کے عارضی اسٹرکچر سے گرنے والے سعودی نوجوان کے جسم سے سریے آر پار ہو گئے۔ نوجوان کو فوری طور پر آپریشن کے لیے اسپتال میں داخل کردیا گیا۔

    سعودی نوجوان کو پہلے کنگ فیصل اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا ابتدائی طبی معائنہ کیا گیا، سریے نوجوان کے سینے میں گھس کر جسم کے پار ہوگئے تھے۔ فوری طور پر اسے مکہ کنگ عبد اللہ میڈیکل سٹی ایمرجنسی وارڈ پہنچا دیا گیا۔

    وہاں اسپیشلسٹ سرجنز کی ٹیم نے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا اور کئی ایکسرے کیے گئے۔

    سعودی ڈاکٹر، ڈاکٹر عمرو کی قیادت میں سرجنز کی ٹیم نے دل کے اطراف میں خون صاف کیا، پھر سرجنوں کی دوسری ٹیم نے ڈاکٹر ایہاب الحسینی کی قیادت میں نوجوان کا آپریشن کیا۔

    آپریشن کے بعد نوجوان کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کردیا گیا، اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    خیال رہے کہ کنگ عبد اللہ سٹی مکہ میں اسپیشلسٹ سرجن سینٹر اس طرح کے پیچیدہ اور نادر آپریشنز میں کمال رکھتا ہے۔

    میڈیکل سٹی عالمی معیار کا ہے جہاں جدید ترین مشینیں اور اعلیٰ استعداد و تجربے کے مالک ڈاکٹرز تعینات ہیں، کنگ عبد اللہ میڈیکل سٹی مقامی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور زائرین کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: سیلاب میں ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش جاری

    سعودی عرب: سیلاب میں ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش جاری

    ریاض: سعودی عرب میں تیز بارشوں کے بعد سیلاب میں بہہ جانے والے نوجوان کی تلاش جاری ہے، نوجوان کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    سعودی میڈیا کے مطابق سلطنت کے مختلف شہروں میں تیز بارشیں اور طوفان آیا جس کے باعث بعض علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی۔

    ایسے میں حائل میں ایک سعودی نوجوان کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد تیزی سے وائرل ہوئی جس کے بعد اس کی تلاش کا کام شروع کردیا گیا۔

    سعودی سول ڈیفنس کی ٹیمیں اور درجنوں رضا کار سیلاب میں ڈوبی وادی میں نوجوان کو ڈھونڈ رہے ہیں۔

    وادی حائل میں بھی ان دنوں سیلابی صورتحال ہے جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • بھارت: انتہا پسندوں نے دلت نوجوان کو کھانا چھونے پر قتل کردیا

    بھارت: انتہا پسندوں نے دلت نوجوان کو کھانا چھونے پر قتل کردیا

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں غنڈوں نے ایک دلت نوجوان کو تشدد کر کے قتل کردیا، نوجوان کا جرم صرف اتنا تھا کہ اس نے اعلیٰ ذات کے افراد کے لیے بنائے گئے کھانے کو چھو لیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ مدھیہ پردیش کے ضلع چھتر پور میں پیش آیا، جہاں ایک دلت نوجوان اعلیٰ ذات کے افراد کی تقریب میں شریک تھا، مذکورہ نوجوان کو وہاں صفائی کے لیے بلایا گیا تھا۔

    تقریب کے دوران نوجوان نے وہاں رکھے کھانے سے اپنا کھانا نکالنا چاہا تو یہ بات اعلیٰ ذات کے لوگوں کو نہایت ناگوار گزری۔ چند انتہا پسند نوجوانوں نے لاٹھی اور ڈنڈے سے اس کی پٹائی شروع کردی۔

    اعلیٰ ذات کے نوجوانوں نے دلت نوجوان کو اس قدر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا کہ اس کی موت واقع ہوگئی۔

    واقعے کے بعد 2 نوجوان موقع سے فرار ہوگئے۔

    مقامی پولیس نے قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ 2 ملزمان کے خلاف قتل اور ایس سی / ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس سپرنٹنڈنٹ سچن شرما کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے، جلد ہی دونوں پولیس کی گرفت میں آجائیں گے۔

  • گاڑی کے ڈرائیور سے بحث و تکرار نے نوجوان کو موت کے دہانے پر پہنچا دیا

    گاڑی کے ڈرائیور سے بحث و تکرار نے نوجوان کو موت کے دہانے پر پہنچا دیا

    آسٹریلیا میں ایک نوجوان، کار ڈرائیور سے بحث کے بعد اس کے غصے اور انتقام کا نشانہ بن کر اسپتال پہنچ گیا جہاں وہ زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔

    یہ واقعہ آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں پیش آیا جو سڑک پر لگے لگے سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان ایک گاڑی سے باہر نکلا، گاڑی میں موجود شخص اور اس کے درمیان بحث و تکرار ہوئی تھی۔

    نوجوان کے گاڑی سے اترنے کے دوران ہی ڈرائیور نے گاڑی چلا دی اور نوجوان گاڑی کے دروازے سے لٹک گیا، چند میٹر تک اسی طرح گھسٹنے کے بعد وہ زمین پر گر گیا۔

    اس کے بعد ڈرائیور نے گاڑی ریورس کی اور زمین پر گرے لڑکے پر چڑھا دی جس کے خون بہہ رہا تھا، بعد ازاں ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

    مقامی افراد نے پیرا میڈیکس کو کال کی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر نوجوان کو اسپتال پہنچایا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان اور ڈرائیور ایک دوسرے کے شناسا تھے اور ان کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کر کے لوگوں سے ڈرائیور کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔

  • یوتھ کونسل: وزیر اعظم کی جانب سے نوجوانوں کے لیے ایک اور بڑی خبر

    یوتھ کونسل: وزیر اعظم کی جانب سے نوجوانوں کے لیے ایک اور بڑی خبر

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل یوتھ کونسل میں نوجوانوں کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نوجوانوں کو عالمی سطح پر ملکی نمائندگی کا موقع دینے کے لیے حکومت نے نوجوانوں سے یوتھ کونسل میں شمولیت کے لیے کوائف طلب کر لیے ہیں۔

    اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے نوجوانوں کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

    ویڈیو پیغام میں عثمان ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم نے یوتھ کونسل میں نوجوانوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، ملکی نوجوان اب عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں گے، نوجوانوں کو عالمی پلیٹ فارمز پر مسائل کے حق میں وکالت کا موقع دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا نوجوان نیشنل یوتھ کونسل کے پلیٹ فارم سے آگے بڑھیں، پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت ہے، کونسل کو نوجوانوں کی ترقی کے لیے پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت نے آن لائن نوجوانوں سے کوائف مانگے ہیں، نوجوان اپنے کوائف کا اندراج کر کے نیشنل یوتھ کونسل کا حصہ بنیں۔

    انھوں نے کہا یوتھ کونسل ممبران کا انتخاب میرٹ، شفافیت کے مطابق کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اسد عمر کی زیر صدارت وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا تھا جس میں معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے نیشنل یوتھ کونسل، اسکلز فار آل، یوتھ انٹرپرنیور شپ (کاروباروں قرضوں کا پروگرام) اور ٹائیگر فورس کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔

    معاونِ خصوصی نے بتایا کہ ملک بھر کے نوجوانوں کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت کاروبار کے لیے 100 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جس کے تحت ملک بھر سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار کے لیے قرضہ جات کی ادائیگی کامیابی سے جاری ہے، جب کہ 50 ہزار نوجوانوں کو روزگار کے ساتھ ساتھ تکنیکی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

  • ایبٹ آباد: نوجوان کو چلتی ٹرین کے ساتھ ٹک ٹاک بنانا مہنگا پڑ گیا

    ایبٹ آباد: نوجوان کو چلتی ٹرین کے ساتھ ٹک ٹاک بنانا مہنگا پڑ گیا

    ایبٹ آباد: صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں نوجوان کو چلتی ٹرین کے ساتھ ٹک ٹاک بنانا مہنگا پڑگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں ٹک ٹاک بنانے کے شوق میں نوجوان عمیر حیات ٹرین کے انجن سے ٹکرا گیا تاہم وہ معجزانہ طور پر بچ گیا

    واقعے کے بعد ریلوے پولیس نے نوجوان کو گرفتار کر کے ریلوے ایکٹ کی دفعہ 325PPC کے تحت 122A1 کا مقدمہ درج کر لیا۔

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں کراچی کے علاقے لانڈھی، بھینس کالونی میں پیرانوگوٹھ کے قریب ریل کی پٹری پر ٹک ٹاک بنانے کے دوران ٹرین کی ٹکر سے نوجوان ہلاک ہوگیا تھا

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے میں مصروف کاشف نامی نوجوان کو ٹرین نے کئی بار ہارن دیا لیکن نوجوان آواز نہ سن سکا اور ٹرین کی زد میں آگیا۔