Tag: نوجوان

  • کئی دنوں تک بھوکا پیاسا پب جی کھیلنے والا نوجوان ہلاک

    کئی دنوں تک بھوکا پیاسا پب جی کھیلنے والا نوجوان ہلاک

    نئی دہلی: بھارت میں آن لائن گیم پب جی نے 16 سالہ نوجوان کی جان لے لی، نوجوان کئی روز تک لگاتار بغیر کھائے پیے پب جی کھیلتا رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست آندھرا پردیش میں 16 سالہ نوجوان پب جی کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا، پولیس کے مطابق نوجوان کئی دن سے بغیر کچھ کھائے پیے لگاتار پب جی کھیلتا رہا۔

    پانی نہ پینے کی وجہ سے نوجوان شدید ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوگیا جس کے بعد گھر والے اسے اسپتال لے گئے۔ نوجوان کو ڈائریا بھی شروع ہوگیا اور شدید ڈائریا کی وجہ سے اس کی سرجری کرنی پڑی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکی اور نوجوان چل بسا۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ پب جی ایک لت بن چکا ہے اور جرائم پیشہ عناصر اسے اپنے مقاصد کے لیے بھی استعمال کر رہے ہیں۔

    ان کے مطابق سی آئی ڈی طلبہ، نوجوانوں اور والدین کو سائبر کرائم سے آگاہ کرنے کے ایک ماہ کی آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ممبئی میں بھی پب جی کے عادی 22 سالہ نوجوان نے پھندا لگا کر خودکشی کر لی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ نکھل پونا میں ایک نجی فرم میں ملازمت کرتا تھا اور بی اے فائنل کے امتحانات دینے کے لیے واپس آبائی علاقے آیا تھا تاہم کرونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ گھنٹوں پب جی گیم کھیلتا رہتا تھا۔

  • سعودی عرب: تفریح کے لیے جانے والے 4 نوجوان المناک حادثے کا شکار

    سعودی عرب: تفریح کے لیے جانے والے 4 نوجوان المناک حادثے کا شکار

    ریاض: سعودی عرب میں تفریح کے لیے جانے والے 4 نوجوان المناک حادثے کا شکار ہوگئے، ان کی گاڑی پر چٹان گر پڑی جس سے چاروں جاں بحق ہوگئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے جازان ریجن کی العارضہ کمشنری میں سعودی شہری دفاع کے اہلکاروں نے چٹان کے نیچے سے لاپتہ 4 سعودی نوجوانوں کی لاشیں نکال لیں، حادثہ گاڑی پر چٹان گر جانے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

    جائے وقوع سے لاشیں نکالنے کا منظر دل دہلا دینے والا تھا، شہری دفاع کے اہلکاروں کے ساتھ مقامی نوجوان اور مقیم غیر ملکی بھی مدد کے لیے پہنچے ہوئے تھے۔

    چاروں نوجوان گزشتہ ہفتے کو العارضہ پہاڑی علاقے میں سیر کے لیے نکلے تھے جہاں وہ لاپتہ ہوگئے تھے، مختلف ادارے ان کی تلاش میں تھے۔

    2 نوجوانوں کے چچا ماجد جابر الجزمی نے سعودی میڈیا کو بتایا کہ وہ لوگ جائے وقوعہ سے متصل علاقے اور قریب کی وادیوں میں انہیں تلاش کرتے رہے، اسپتالوں اور ایسے تمام مقامات کو چیک کرلیا گیا تھا جہاں جہاں ان کے ملنے کی توقع کی جا سکتی تھی۔

    چچا کے مطابق ان کے بھتیجے اپنے دوستوں کے ہمراہ العبادل پہاڑی علاقے میں سیر کے لیے نکلے تھے تاہم ان کی تاخیر پر گھر والے تشویش میں مبتلا ہوگئے۔ موبائل پر رابطے کی کوشش کی گئی تو فون بند پائے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم لوگ ان کی تلاش میں اس جگہ پہنچے جہاں سے وہ لاپتہ ہوئے تھے، 4 نوجوانوں میں سے 2 کی گاڑیاں مل گئیں، اس دوران پولیس کو بھی اطلاع کردی گئی۔

    چچا کے مطابق بعض شہریوں نے اطلاع دی کہ انہیں العارضہ کے کوہستانی علاقے کی ایک وادی میں چٹانوں کے درمیان ایک ٹوٹی پھوٹی گاڑی نظر آرہی ہے اور خوفناک طریقے سے حادثے سے دوچار لگتی ہے۔

    بعد ازاں یہ گمشدہ نوجوانوں کی گاڑی نکلی جو تفریح گاہ سے 3 کلو میٹر کے فاصلے پر تھی، حادثے کے بعد پورا علاقہ سوگوار ہے۔

  • نوجوانوں کو با اختیار بنا کر نئے پاکستان کے مقاصد حاصل کریں گے: عثمان بزدار

    نوجوانوں کو با اختیار بنا کر نئے پاکستان کے مقاصد حاصل کریں گے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے، نوجوانوں کو با اختیار بنا کر نئے پاکستان کے مقاصد حاصل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ نئے پاکستان کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے، کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوان کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، آبادی کے اس بڑے حصے کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری حکومت کی ترجیحات میں ہے، پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں اور ذہانت سے مالا مال ہیں، نوجوانوں کو با اختیار بنا کر نئے پاکستان کے مقاصد حاصل کریں گے۔

    خیال رہے کہ موجودہ صوبائی و وفاقی حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لیے کئی اقدامات کیے جارہے ہیِں۔ وفاقی حکومت کی انہی کوششوں کی وجہ سے پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی یوتھ کونسل کا مستقل رکن بن چکا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا کامیاب جوان پروگرام اور یوتھ کونسل کا قیام درست فیصلہ تھا۔ نوجوان اب ایس سی او کی یوتھ کونسل اجلاس میں شریک ہو سکیں گے اور اسکل ڈویلپمنٹ کے پروگرامز میں نوجوانوں کی شرکت ممکن ہوسکے گی۔

  • سعودی نوجوان ہم وطنوں کی خدمت کے لیے کوشاں

    سعودی نوجوان ہم وطنوں کی خدمت کے لیے کوشاں

    ریاض: سعودی عرب میں 2 نوجوانوں نے واٹر ٹینکر سروس شروع کردی، ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی کے ہاں ملازم نہیں ہیں اور سب لوگ ان سے اچھے طریقے سے پیش آتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر تبوک اور عرعر میں 2 سعودی نوجوانوں نے واٹر ٹینکر سروس شروع کردی ہے۔

    عرعر کے رہائشی ہایل العنزی کا کہنا ہے کہ وہ تقریباً 6 برس سے واٹر ٹینکر کے ذریعے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ان کے گھروں پر پانی پہنچا رہے ہیں۔ ہم وطنوں کا رویہ بہت اچھا ہے اور کوئی انہیں کمتر نہیں سمجھ رہا ہے۔

    سعودی نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اس روزگار سے خوش ہیں، جائز کمائی کا یہ مناسب ذریعہ ہے، وہ کسی کے ہاں ملازم نہیں ہیں اور سب لوگ ان سے اچھے طریقے سے پیش آتے ہیں۔

    ہایل العنزی کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے کے دوران ڈیوٹی کے 3 اوقات منتخب کیے ہیں، صبح، سہ پہر اور رات کے وقت واٹر ٹینکر کی سہولت صارفین کو مہیا کر رہا ہوں۔ جو جب بھی واٹر ٹینکر طلب کرتا ہے اس کی سہولت کے مطابق گھر پر پانی پہنچا دیتا ہوں۔

    دوسری جانب تبوک میں بھی صقر العمرانی نامی سعودی نوجوان نے اپنی آمدنی میں اضافے کے لیے واٹر ٹینکر چلانا شروع کیا ہے۔

    العمرانی کا کہنا ہے کہ اب ان کے مستقل گاہک بن گئے ہیں۔ سعودی نوجوان نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر سپلائی کے شعبے میں بھی سعودائزیشن کی جائے تاکہ اس شعبے سے غیر ملکیوں کی اجارہ داری ختم کر کے سعودی نوجوانوں کو کام کے مواقع میسر آئیں۔

  • 17 سالہ نوجوان نے پب جی گیم پر 16 لاکھ روپے خرچ کر ڈالے

    17 سالہ نوجوان نے پب جی گیم پر 16 لاکھ روپے خرچ کر ڈالے

    چندی گڑھ: بھارت میں ایک 17 سالہ نوجوان نے مشہور آن لائن گیم پب جی میں اپنے والدین کے 16 لاکھ روپے خرچ کر ڈالے، والدین اپنی عمر بھر کی جمع پونجی یوں ضائع ہونے پر سخت دلگرفتہ ہیں۔

    مذکورہ واقعہ بھارتی ریاست پنجاب میں پیش آیا جہاں 17 سالہ نوجوان اپنی والدہ کا موبائل یہ کہہ کر استعمال کرتا رہا کہ اس کی پڑھائی نہایت مشکل اور وقت طلب ہے۔ وہ گھنٹوں موبائل فون استعمال کرتا اور اس دوران پب جی گیم کھیلتا رہتا۔

    اس دوران اس نے اپنے والدین کے 3 بینک اکاؤنٹس تک بھی رسائی حاصل کرلی اور گیم میں مختلف خریداریاں اور اپ گریڈیشن حاصل کرنے کے لیے 16 لاکھ بھارتی روپے خرچ کر ڈالے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان گیم میں نہ صرف اپنے لیے بلکہ اپنے دوستوں کے لیے بھی اپ گریڈیشنز حاصل کرتا رہا۔

    کئی دن بعد جب والدین نے اپنے بینک اکاؤنٹس چیک کیے تو انہیں علم ہوا کہ وہ اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    بیٹا اس دوران والدین کے اکاؤنٹس سے ٹرانزکشنز کرتا رہا اور اس حوالے سے موبائل پر آنے والے تمام میسجز بھی ڈیلیٹ کرتا رہا جس کی وجہ سے والدین کو کانوں کان خبر نہ ہوئی۔

    وہ رقم کو ایک سے دوسرے اکاؤنٹ میں بھی منتقل کرتا رہا تاکہ پکڑا نہ جاسکے۔

    لڑکے کے والد سرکاری ملازم ہیں جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ رقم اپنے بیٹے کے مستقبل کے لیے جوڑی تھی۔ چونکہ یہ کسی دھوکہ دہی کا معاملہ نہیں لہٰذا پولیس اس معاملے میں ان کی مدد کرنے سے قاصر ہے۔

  • صنعتی شعبے کو ہرممکن مراعات اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینا ہوں گے،وزیراعظم

    صنعتی شعبے کو ہرممکن مراعات اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینا ہوں گے،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صنعتی شعبے کو ہرممکن مراعات اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینا ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں مالی سال2020-21 کے آئندہ وفاقی بجٹ سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے اجلاس کے شرکا کو آئندہ بجٹ کے خدوخال پر بریفنگ دی۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کروناوبا نے معیشت کی رفتار کو شدیدمتاثر کیا ہے،حکومت نے مالی رکاوٹوں کے باوجود کاروبار،صنعتوں کو غیرمعمولی پیکج دیا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ صنعت کو ہر ممکن مراعات اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینا ہوں گے،معیشت کا پہیہ رواں رکھنے کے لیے ہرممکن کوشش کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سب سے متاثرہ شعبوں کی نشاندہی کر کے بجٹ میں زیادہ مدد فراہم کی جائے۔

    وزیراعظم نے اجلاس کے دوران غیر ضروری سرکاری اخراجات کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی اخراجات میں کمی لائیں۔

    عمران خان کا سبسڈی کی فراہمی کے موجودہ نظام پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال اہم شعبوں میں اصلاحات تیز کرنے کا مطالبہ کرتی ہے،اصلاحات کا عمل تیز ہوتاکہ خزانے پر بوجھ کم ہو اور عوام کو ریلیف ملے۔

    =

  • پب جی کھیلتے ہوئے نوجوان موت کے منہ میں چلا گیا

    پب جی کھیلتے ہوئے نوجوان موت کے منہ میں چلا گیا

    نئی دہلی: بھارت میں مشہور آن لائن گیم پب جی کھیلنے کے دوران 16 برس کا نوجوان دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا، موت سے قبل نوجوان 6 گھنٹے تک پب جی کھیلتا رہا تھا۔

    افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست تامل ناڈو میں پیش آیا جہاں پب جی کھیلنے کے دوران 16 سالہ نوجوان ستیش کمار کی موت ہوگئی، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ستیش گیم کھیلنے کے دوران مشتعل ہوگیا اور دوسرے کھلاڑیوں کا نام لے کر چیخنے لگا۔

    16 سالہ ستیش کمار

    اہلخانہ کے مطابق اس کے بعد وہ اچانک زمین پر گر گیا۔ وہ گزشتہ 6 گھنٹے سے موبائل میں پب جی کھیلنے میں مصروف تھا۔ اس نے دوپہر کے بعد گیم کھیلنا شروع کیا تو شام تک کھیلتا رہا۔

    ان کا کہنا ہے کہ زمین پر گرنے کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی، ڈاکٹرز کے مطابق اسے دل کا دورہ پڑا تھا۔

    ستیش کے اہلخانہ کے مطابق وہ گیارہویں جماعت کا طالبعلم تھا۔ پولیس معاملے کی مزید تحقیق کر رہی ہے۔

    مزید پڑھیں: کیا پب جی پر پابندی لگ سکتی ہے؟

    افسوسناک واقعے کے بعد ڈاکٹرز نے اپیل کی ہے کہ نوجوان اس طرح کے کھیلوں سے دور رہیں کیونکہ اس طرح کے کھیلوں سے جوش و خروش، غصے اور تناؤ کی کیفیت میں اچانک اضافہ ہوتا ہے اور اس کا اثر دل کی دھڑکن اور خون کی گردش پر پڑتا ہے۔

    انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں پر نظر رکھیں اور ان کا اسکرین ٹائم محدود کریں۔

  • سعودی ڈاکٹر نے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کردی

    سعودی ڈاکٹر نے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کردی

    ریاض: سعودی عرب میں ایک ڈاکٹر نے انسانیت کی مثال قائم کرتے ہوئے طویل سفر اختیار کر کے اپنے مریض کو دوا اس کے گھر پر پہنچائی، مریض ان کے حسن سلوک سے نہایت احسان مند ہوگیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ کے کنگ فہد اسپتال میں کام کرنے والے ایک سعودی ڈاکٹر نے مثال قائم کرتے ہوئے اپنے مریض کو دوا دینے کے لیے 240 کلو میٹر کا سفر کیا۔

    مذکورہ نوجوان جدہ سے 240 کلو میٹر دور اللیث کمشنری کے دیہی علاقے غمیقہ میں ایک حادثے کا شکار ہو کر معذور ہوگیا تھا۔

    علاج معالجے کے لیے اسے متعدد مرتبہ کنگ فہد اسپتال میں کئی کئی دن تک زیر علاج بھی رہنا پڑا، اس دوران اس کے اپنے معالج کے ساتھ دوستی ہوگئی تھی۔

    چند دن پہلے نوجوان نے اپنے معالج سے فون پر رابطہ کر کے بتایا کہ اس کی ادویات ختم ہونے والی ہیں اور وہ کرفیو کی وجہ سے اسپتال آ کر دوا نہیں لے سکتا، اگر آن لائن سسٹم کے تحت یا کوریئر کمپنیوں کے ذریعے اسے دوا ارسال کردی جائے تو بہت اچھا ہوجائے گا۔

    ڈاکٹر نے آن لائن سسٹم کے ذریعہ دوا لکھنے کی کوشش کی مگر معلوم ہوا کہ نوجوان کا آن لائن سسٹم ابشر میں اکاؤنٹ نہیں ہے، ڈاکٹر نے دوسرا طریقہ اختیار کرتے ہوئے کوریئر کمپنیوں سے رجوع کیا تو معلوم ہوا کہ دوا پہنچانے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔

    اب ڈاکٹر کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کہ وہ خود 240 کلو میٹر کا سفر کر کے خود غمیقہ جائے اور وہاں پہنچ کر دوا مریض کو فراہم کر دے چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا۔

    مریض کا کہنا ہے کہ ایک دن اچانک مجھے میرے ڈاکٹر کا فون آگیا اور انہوں نے مجھ سے کہا کہ میں غمیقہ میں ہوں، مجھے اپنے گھر کا لوکیشن بھیج دیں۔

    نوجوان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے محض دوا پہنچانے کے لیے اتنا بڑا سفر کر کے خود کو تکلیف میں ڈالا حالانکہ یہ ان کے فرائض میں نہیں تھا، میرے پاس ڈاکٹر کے شکریہ کے لیے الفاظ نہیں، میں کس طرح ان کے احسان کا بدلہ چکاؤں گا۔

    اس نے کہا کہ یہ ڈاکٹر کی انسانیت نوازی ہے کہ انہوں نے محض ایک مریض کے لیے اتنی زحمت اٹھائی۔

  • وزیر اعظم نے نوجوانوں کو دی جانے والی رقم میں بڑا اضافہ کر دیا

    وزیر اعظم نے نوجوانوں کو دی جانے والی رقم میں بڑا اضافہ کر دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت دی جانے والی رقم میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر کے نوجوانوں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت دی جانے والی رقم بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔

    پروگرام کے تحت اب نوجوانوں کو 50 لاکھ کی بجائے ڈھائی کروڑ روپے تک کی رقم ملے گی، اس سلسلے میں وزیر اعظم سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور معاون خصوصی عثمان ڈار نے آج ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کو بڑے کاروباری مواقع دینے کے لیے مزید سہولت فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔

    میٹنگ میں رقم کی فراہمی کی زیادہ حد 50 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ تک کر دی گئی، یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دی جانے والی رقم پر انٹرسٹ ریٹ 8 فی صد سے کم کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ حالات بہتر ہوتے ہی رقم کی تقسیم کا عمل تیز کیا جائے۔

    کامیاب نوجوان پروگرام سے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ پورا ہوگا، عثمان ڈار

    دریں اثنا، تمام بینکوں کو کامیاب جوان پروگرام میں شامل کرنے کی بھی منظوری دی گئی، وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مزید سہولت دیں تاکہ وہ بڑے کاروبار کر سکیں۔

    وزیر اعظم نے کہا لاک ڈاؤن میں نرمی آتے ہی نوجوانوں کو کاروباری میدان میں آگے لایا جائے، نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں، ہم ان پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں گے، ملکی معیشت کو سنبھالنے میں نوجوانوں کا کردار بھی اہم ہوگا۔

    خیال رہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، پروگرام کے تحت 1 سے 50 لاکھ تک کے چیک نوجوانوں کو دیے جانے تھے جس میں اب اضافہ کر دیا گیا ہے، پروگرام کے تحت فاٹا اور قبائلی اضلاع سمیت ملک بھر سے نوجوانوں کو رقوم کی ادائیگی ہوگی۔

  • حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پورا موقع دے گی: عثمان ڈار

    حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پورا موقع دے گی: عثمان ڈار

    سوات: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ اسکی گالا میں مقامی نوجوانوں کو اسکیئنگ کی مفت تربیت فراہم کی گئی، حکومت ایسے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پورا موقع دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سوات کی برفیلی وادی مالم جبہ میں اسکی اسپورٹس گالہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے شرکت کی۔

    معاون خصوصی نے قومی پرچم تھام کر زپ لائن کے مزے لیے اور اسکیئنگ بھی کی۔ انہوں نے تقریب میں حصہ لینے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کیے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ جنت نظیر وادی مالم جبہ میں پہلی بار آنے کا اتفاق ہوا، ایسے حسین اور دلفریب نظارے لندن، پیرس اور سوئٹزر لینڈ میں نہیں دیکھے۔ پختونخواہ حکومت نے کھیل و سیاحت کے فروغ کا زبردست انتظام کیا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے سیاحتی وژن کو بڑھانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اسکی گالا میں مقامی نوجوانوں کو اسکیئنگ کی مفت تربیت بھی فراہم کی گئی۔ امید ہے یہ نوجوان ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کریں گے۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پورا موقع دے گی، سیاحت کے شوقین افراد سے گزارش ہے مالم جبہ ضرور آئیں، سیاحت کے شوقین افراد کو ایسے خوبصورت مناظر کہیں نہیں ملیں گے۔