Tag: نوجوان

  • ملک کے نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے جوڑنے کا منصوبہ

    ملک کے نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے جوڑنے کا منصوبہ

    اسلام آباد: ملک کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل پاکستان اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے جوڑنے کا منصوبہ طے پا گیا، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان نوجوانوں کو ہر قسم کی تکنیکی اور ڈیجیٹل سپورٹ فراہم کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں سربراہ ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس بھی شریک تھیں۔

    ملاقات میں صدر پاکستان نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس منصوبے میں نوجوانوں کے متحرک کردار پر گفتگو کی۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنیکل اور ڈیجیٹل مہارت کے مواقع بھی فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اسکالر شپ اور اسکل ڈیولپمنٹ کے ساتھ مصنوعی ذہانت پر توجہ ضروری ہے، ملکی ترقی کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر کام تیز کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں بہت آگے نکل چکے، پاکستان نوجوانوں کو ہر قسم کی تکنیکی اور ڈیجیٹل سپورٹ فراہم کرے گا۔

    معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید اسکل سیٹ اپ فراہم کرنا ہوگا، ڈیجیٹل پاکستان منصوبے میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام سے ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنے کے مواقع دیں گے، اہم فیصلے کرلیے ہیں، نوجوانوں کو معیشت میں متحرک شراکت دار بنائیں گے۔

  • نوجوانوں کو معاشی ترقی میں حصہ ڈالنے کےقابل بنانا ہوگا،وزیراعظم

    نوجوانوں کو معاشی ترقی میں حصہ ڈالنے کےقابل بنانا ہوگا،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو معاشی ترقی میں حصہ ڈالنے کےقابل بنانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملک کے معروف بینکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔گورنر اسٹیٹ بینک،مشیر خزانہ اور معاشی ٹیم کے اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔

    وزیراعظم کو معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لیے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی، بینکاری کےشعبے میں درپیش مسائل پر قابو پانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے بینکر حضرات کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معاشی ترقی کے لیے محنت لگن اور مستقل مزاجی سے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کاروباری شعبوں میں مواقع دینے پر کام کر رہے ہیں، نوجوانوں کو معاشی ترقی میں حصہ ڈالنے کے قابل بنانا ہو گا۔

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی پوری توجہ کاروبار میں آسانیوں پر ہے، بیمار صنعتی یونٹوں کی بحالی اور ایس ایم ایز کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

    2020 لوگوں کو روزگار اور نوکریاں دینے کا سال ہوگا،وزیراعظم

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 2020 لوگوں کو روزگار اور نوکریاں دینے کا سال ہوگا۔

  • اسکالر شپ پروگرام سے ملک کا بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا،وزیراعظم

    اسکالر شپ پروگرام سے ملک کا بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسکالر شپ پروگرام سے ملک کا بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احساس انڈر گریجویٹ وظائف پروگرام کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران نے کہا کہ ثانیہ نشتر کو احساس پروگرام کی مبارکباد دیتا ہوں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرا رول ماڈل ریاست مدینہ ہے، ریاست مدینہ دنیا کاسب سے اچھا نظام تھا، ریاست مدینہ کا ماڈل دنیا کی تاریخ کا سب سے کامیاب ماڈل تھا۔

    انہوں نے کہا کہ انسانی معاشرہ اپنے کمزور طبقے کا خیال رکھتا ہے، کمزور طبقہ ریاست کی ذمہ داری ہے، ہمارا روڈ میپ ریاست مدینہ کا ہے، مدینہ کی ریاست بہت زیادہ امیر نہیں تھی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست کے پاس وسائل نہیں تھے لیکن احساس تھا، انسانوں اور حیوانوں کے معاشرے میں فرق صرف احساس کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وسائل پر ایک چھوٹے سے ایلیٹ طبقے نے قبضہ کرلیا ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان کا اصل نظریہ جو تھا ہم اس پر عمل کر رہے ہیں، نظریہ تھا جو پیچھے رہ گئے ہیں ان کو آگے لانا، ایک لاکھ 70 ہزار بچوں کو ہنر سکھا رہے ہیں،یہی بچے آئندہ آنے والے سالوں میں پاکستان کو اوپر اٹھائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 60 لاکھ خاندانوں کوصحت کارڈ دے چکے ہیں، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے7 لاکھ20 ہزار روپے تک علاج مفت ہوگا، غریب لوگوں کے پاس علاج کے لیے پیسے نہیں ہوتے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اسکالر شپ پروگرام سے ملک کا بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا، تمام اسکالر شپ مکمل طور پر میرٹ پر ہے۔

  • نوجوانوں سے کہتا ہوں تنخواہ اور پنشن والی سرکاری نوکری کے پیچھے نہ بھاگیں، وزیراعظم

    نوجوانوں سے کہتا ہوں تنخواہ اور پنشن والی سرکاری نوکری کے پیچھے نہ بھاگیں، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوجوان تنخواہ اور پنشن والی سرکاری نوکری کے پیچھے نہ بھاگیں، ایسی نوکری کا مطلب اپنی صلاحیتوں کو تباہ کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹارٹ اپ کامطلب میرے پاس آئیڈیا آیا اور اس پر کام کیا، دنیامیں بڑے بڑے کام اسٹارٹ اپ کے باعث ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو بھی کام ہوا پہلے آئیڈیا لیاگیا پھر کام کیاگیا، جس شخص کے پاس آئیڈیا آتا ہے وہ کشتیاں جلا کر جاتا ہے، ایک جگہ توجہ دے کر اور ہار نہ مان کر کام کیا جائے تو وہ کامیاب ہوتا ہے۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ میرے پاس بہت لوگ آتے ہیں سرکاری نوکری دے دیں، پوچھتاہوں کیوں سرکاری نوکری چاہیے، کہتے ہیں فکس تنخواہ ملےگی اور پنشن ملےگی، تنخواہ اور پنشن والی نوکری کا مطلب اپنی صلاحیتوں کو تباہ کرنا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ دنیا کے کامیاب ترین انسان حضورﷺ تھے، کامیاب انسان ایک مشکل وقت سےگزر کر کامیاب ہوتا ہے، جس دن زندگی میں جدوجہدختم ہوتی ہے زندگی نیچے چلی جاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ کا مقصدآئیڈیاز کے پیچھے جانا ہے، آئیڈیاز کے پیچھے جائیں گے تو معاشرہ بھی آپ کی مدد کرے گا، خوف کی وجہ سے انسان اپنی صلاحیتوں کا اظہار نہیں کر پاتا، جولوگ ناکامی سے ڈرتے ہیں وہ کبھی آگے نہیں بڑھ سکتے۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس یوتھ ہے، اللہ نے بڑے اثاثوں سے نوازا ہے، ہمیں اللہ نے بہت کچھ دیا ہے، کسی چیز کی کمی نہیں رکھی، ہمارا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کی طرف جا رہی ہے، ہم نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے، یقین دلاتا ہوں حکومت نوجوانوں کی بھرپورحوصلہ افزائی کرے گی۔

  • وزیراعلیٰ کے سامنے تعلیمی اسناد کو آگ لگانے کی کوشش

    وزیراعلیٰ کے سامنے تعلیمی اسناد کو آگ لگانے کی کوشش

    پشاور: خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں وزیراعلیٰ محمود خان کے سامنے بے روزگار نوجوان نے دلبرداشتہ ہو کر تعلیمی اسناد کو آگ لگانے کی کوشش کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والا فاٹا کے علاقے باڑہ پہنچنے تو پڑھے لکھے نوجوان نے نوکری نہ ملنے پر احتجاجاً تعلیمی اسناد کو آگ لگانے کی کوشش کی جسے وہاں موجود لوگوں نے ناکام بنا دیا۔

    قبائلی نوجوان نے وزیراعلیٰ سے مخاطب ہو کر کہا کہ پڑھا لکھا ہوں لیکن مجھےنوکری نہیں مل رہی ان اسناد کاکیاکروں؟

    نوجوان کا کہنا تھا کہ ہرجگہ سفارش اورتعلق پوچھاجاتاہے، میرٹ پر مجھے نوکری نہیں مل رہی، تعلیم حاصل کرنے کے باوجود بے روز گار ہوں۔

    نوجوان کی دہائی پر وزیراعلیٰ محمود خان نے نوجوان کے تعلیمی اسناد وصول کرتے ہوئے اسے نوکری دینے کی یقین دہانی کروا دی۔

  • ’پب جی‘ گیم کھیلتے ہوئے نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا

    ’پب جی‘ گیم کھیلتے ہوئے نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا

    نئی دہلی: دنیا کا مقبول ترین گیم ’’پب جی‘‘ کھیلتے ہوئے بھارتی نوجوان موت کے منہ میں چلا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مشہور ترین آن لائن گیم پب جی کے صارفین کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس گیم نے جہاں ماضی کے کئی گیمنگ ریکارڈ توڑے وہیں گیم کی دنیا میں اپنا منفرد ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس گیم نے بچے تو کیا بڑوں کو بھی اپنا گرویدہ بنا لیا ہے، تاہم اس کے منفی اثرات بھی مرتب ہورہے ہیں، بھارتی ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والا نوجوان پب جی کھیلتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔

    بھارتی شہرراج کوٹ میں موبائل گیم ’پب جی‘ پرپابندی عائد

    گیم کے دوران مسلسل اسکرین پر نظر جمائے رکھنے اور شدت جذبات سے لبریز ہونے سے نوجوان کو ’’برین اسٹروک‘‘ دماغی فالج کا اٹیک ہوا۔ فوری طور پر اسپتال میں سرجری کے دوران ہی شہری کی موت واقع ہوگئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں نوجوان کے دماغ کی رگ پھٹنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے نوجوان کی موت کی وجہ شدت جذبات سے لبریز ہونا اور شدید تناؤ بنی۔ دماغی ٹیشوز اسی وجہ سے پھٹے۔ خیال رہے کہ پب جی سے کسی کی موت نیا واقعہ نہیں اس سے قبل بھی متعدد بار ایسے واقعات سامنے آچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھارتی ریاست کرناٹک کے بیل گاوی ضلع میں ایک اکیس سالہ لڑکے نے بپ جی نہ کھیلنے دینے پر اپنے باپ کی گردن کاٹ کر اسے قتل کردیا تھا۔

  • لڑکی کی جعلی آواز سن کر نوجوان پھنس گیا

    لڑکی کی جعلی آواز سن کر نوجوان پھنس گیا

    کراچی: ڈاکوؤں نے فون پر لڑکی بن کر نوجوان کو دھوکے سے اغوا کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کا رہائشی اغواکاروں کے ہتھے چڑھ گیا، ڈاکوؤں نےلڑکی کی آواز بناکر دھوکے سےکشمور بلایا اور اغوا کر لیا۔

    اے آئی جی سکھر کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے لڑکی بن کر نوجوان کو کال کی اور اس سے دوستی کر لی، ملاقات کے بہانے اسے کشمور بلایا اور پھر اغوا کر کے تاوان طلب کر لیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے رہائی کے بدلے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی کو بازیاب کروالیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔

    پولیس افسر کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

    دوسری جانب بازیاب کروائے گئے نوجوان کو ضابطے کی کارروائی کے بعد واپس کراچی روانہ کردیا گیا ہے۔

  • 5 سال سے فاقے کرنے پر مجبور نوجوان طالبہ موت کے گھاٹ اتر گئی

    5 سال سے فاقے کرنے پر مجبور نوجوان طالبہ موت کے گھاٹ اتر گئی

    چین سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان طالبہ 5 سال سے فاقے کرنے کی وجہ زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھی، وو شاعری کرنا اور مضامین لکھنا چاہتی تھی لیکن اس کی شدید غربت اس کی جان لے گئی۔

    24 سالہ وو ہاؤن چین کے صوبے گیژو سے تعلق رکھتی تھیں، وہ گزشتہ 5 سال سے روزانہ 2 یان پر گزارا کر رہی تھیں۔ سخت غذائی قلت کے باعث وہ اسپتال میں داخل ہوئیں اور جانبر نہ ہوسکیں۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق وو کو باقاعدہ کسی بیماری کی تشخیص نہیں ہوئی تاہم ایک طویل عرصے سے فاقے کرنے کی وجہ سے ان کا جسم شدید غذائی قلت اور مختلف پیچدگیوں کا شکار ہوچکا تھا اور یہی ان کی موت کا سبب بنا۔

    موت کے وقت 24 سالہ وو کا وزن صرف ساڑھے 21 کلو گرام تھا۔

    یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل ہی چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کی حکومت نے دعویٰ کیا کہ ان کے صوبے میں 8 کروڑ کی آبادی میں سے صرف 17 افراد غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔

    وو کی والدہ اس وقت چل بسی تھیں جب وہ صرف 4 سال کی تھیں، کچھ عرصہ بعد ان کے والد بھی چل بسے۔ وو اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ اکیلی رہ گئیں جو ذہنی طور پر بیمار تھا۔ وو اپنے تمام اخراجات حتیٰ کہ اشیائے خور و نوش کی خریداری بھی چھوڑ کر صرف اپنے بھائی کے علاج پر توجہ مرکوز کیے ہوئے تھی۔

    وو کو مقامی حکومت کی جانب سے 300 یان ماہانہ دیے جاتے تھے، علاوہ ازیں کالج میں ایڈمیشن لینے کے بعد انہوں نے اسٹوڈنٹ لون لیا تھا جبکہ وہ 2 جز وقت ملازمتیں بھی کرتی تھیں۔ اس کے باوجود یہ رقم نہایت معمولی اور ان کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ناکافی تھی۔

    ان کے بھائی کے میڈیکل بل نصف حکومت کی جانب سے ادا کیے جاتے تھے اس کے باوجود ہر ماہ وو کو 5 ہزار یان بھائی کے علاج کی مد میں خرچ کرنے پڑتے تھے۔ بھائی کے علاج کے بعد وو کے پاس صرف 2 یان اضافی بچتے تھے جس سے اشیائے خور و نوش خریدنا ناممکن تھا۔ اس رقم میں وہ صرف 2 عدد بن یا ابلے چاولوں کا 1 پیالہ خرید کر ان پر پورا دن گزارنے پر مجبور تھیں۔

    وو نے جب کالج میں داخلہ لیا تو ایک دن ان کے کلاس فیلوز نے ان کی حالت دیکھ کر انہیں ڈاکٹر کے پاس جانے کا کہا، وو نے جانے سے انکار کیا تو ان کے کلاس فیلو انہیں زبردستی خود ڈاکٹر کے پاس لے گئے۔

    وہاں جا کر علم ہوا کہ وو کے دل کے والوز بھی خرابی کا شکار ہیں اور اس کی سرجری کے لیے 20 ہزار یان درکار ہیں۔ اس موقع پر وو کے دوستوں نے سماجی تنظیموں سے رابطہ کیا جنہوں نے آن لائن کراؤڈ فنڈنگ کی اپیل کی۔ صرف 2 دن میں وو کے پاس 7 لاکھ یان جمع ہوگئے۔

    وو کے دل کی سرجری کروائی گئی اور وہ جلد صحتیاب ہوتی گئیں، تاہم ان کی غربت کا ابھی کوئی مؤثر حل نہ نکل سکا تھا۔

    اس وقت وو کی غربت اخبارات اور ٹی وی کا موضوع بنی تو ایک انٹرویو میں وو نے اپنے مصائب کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں دوسرے لوگوں کی طرح پیسے ختم ہونے پر اپنے والدین سے نہیں مانگ سکتی، ’میرے تو والدین ہی نہیں ہیں‘۔

    وہ نے بتایا کہ ان کے بال بہت خوبصورت تھے، لیکن کم خوراکی کی وجہ سے وہ بے تحاشہ مقدار میں جھڑنا شروع ہوگئے، کچھ عرصے بعد ان کی بھوؤں کے بال بھی جھڑ گئے۔ ’مجھے روز رات میں سونے میں بھی دشواری کا سامنا ہوتا تھا جبکہ اکثر میرے پیر بھی سوج جایا کرتے تھے‘۔

    وو منتظر تھی کہ وہ جلد صحتیاب ہو کر ایک نارمل زندگی شروع کرے تاکہ وہ اپنا مضامین اور شاعری کرنے کا شوق پورا کرسکے۔ ’میں ایسی ہی زندگی چاہتی ہوں‘۔ تاہم حالات نے اسے مہلت نہ دی اور وہ زندگی کی بے رحمی کا شکار ہو کر دنیا چھوڑ گئی۔

  • ٹینک میں ڈوبنے والے 18 سالہ لڑکوں کی لاشیں 24 گھنٹے بعد نکال لی گئیں

    ٹینک میں ڈوبنے والے 18 سالہ لڑکوں کی لاشیں 24 گھنٹے بعد نکال لی گئیں

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں دو 18 سالہ لڑکے ٹینک میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے، ریسکیو اہلکاروں نے اگلی صبح ٹینک کی تہہ میں کیچڑ میں دھنسی لاشیں باہر نکالیں۔

    افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کی تحصیل جلنا کے ایک گاؤں میں پیش آیا، نارائن راٹھور اور ناونتھ یادیو اپنے 3 اور دوستوں کے ساتھ ٹینک میں تیراکی کے لیے اترے جہاں موت ان کی منتظر تھی۔

    دونوں لڑکے جن کی عمریں 18 سال تھی، تیراکی نہیں جانتے تھے اس کے باوجود ٹینک میں کود پڑے۔

    دیگر دوستوں کے شور مچانے کے بعد مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو اہلکاروں کو مدد کے لیے طلب کرلیا تاہم اندھیرا ہونے کی وجہ سے لاشیں ٹینک سے باہر نہ نکالی جاسکیں اور ریسکیو ٹیم نے آپریشن اگلی صبح تک ملتوی کردیا۔

    اگلی صبح تک لاشیں ٹینک کی تہہ میں کیچڑ میں دھنس گئیں جنہیں کچھ دقت کے بعد نکال لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثاتی اموات ہیں اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

  • خبردار! ٹک ٹاک کے شوق نے فرسٹ ایئر کے طالبعلم کی جان لے لی

    خبردار! ٹک ٹاک کے شوق نے فرسٹ ایئر کے طالبعلم کی جان لے لی

    سیالکوٹ: ٹک ٹاک اسٹار بننے کی خواہش نے پنجاب کے نوجوان طالب علم کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں ٹک ٹاک بناتے ہوئے نوجوان جان کی بازی ہار گیا، سیلفی کے بعد اب ٹاک ٹاک کے شوقین افراد اپنی زندگی داؤ پر لگانے لگے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 3کمسن دوست ٹک ٹاک بنارہے تھے کہ اچانک گولی چل گئی، گولی لگنے سے کھروٹا سیداں کا رہائشی عمار حیدر جاں بحق ہوگیا، عمارحیدر کو گولی لگنے سے پہلے کی ویڈیو اےآر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    فرسٹ ایئر کا طالب علم عمار اور دوست پستول کے ساتھ ویڈیو بنا رہے تھے۔

    خیال رہے کہ یہ کوئی نیا واقعہ نہیں اس سے قبل بھی متعدد بار منچلے نوجوان ایڈونچر کرنے کے چکر میں جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ قبل ازیں درجنوں سیلفی کے شوقین افراد کی ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔