Tag: نوجوان

  • صوبائی حکومتیں تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں: عثمان بزدار

    صوبائی حکومتیں تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتیں تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، وفاق سے مل کر نوجوانوں کو کامیابی کے مزید مواقع دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں کامیاب جوان یوتھ پروگرام سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نوجوانوں کو با اختیار بنانے میں صوبائی سطح پر کوششوں میں تیزی پر مشاورت بھی ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، وفاق سے مل کر نوجوانوں کو کامیابی کے مزید مواقع دیں گے۔ کامیاب جوان پروگرام حکومت کا نوجوانوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی سرپرستی میں نوجوانوں کے لیے بڑے فیصلے کیے ہیں۔

    معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ منصوبے کی کامیابی کے لیے صوبائی حکومتوں سے مل کر کام کریں گے، آئندہ ماہ سے نوجوانوں میں قرض کی تقسیم شروع کردی جائے گی۔

    عثمان ڈار نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں نوجوان کاروبار کے میدان میں کامیاب ہوں، کامیاب جوان پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز 2 ماہ میں کیا جائے گا۔

  • لاہور: گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان جاں بحق، پولیس حدود کا تنازع

    لاہور: گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان جاں بحق، پولیس حدود کا تنازع

    لاہور: پتنگ بازی کے دوران ساندہ کے علاقے میں گلے پر ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر لاہور میں قاتل ڈور نے ایک اور شہری کی جان لے لی، نوجوان موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے وہ جاں بحق ہو گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹاؤن سے رپورٹ طلب کی، جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لیا اور واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کر کے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا واقعہ نا قابل برداشت ہے، پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق نوجوان کے خاندان سے دلی ہم دردی کا بھی اظہار کیا۔

    ادھر گردن پر ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعے پر پولیس حدود کا تنازع بھی کھڑا ہوا، پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوان کی گردن پر رومال سے ثابت ہوتا ہے کہ ڈور کہیں اور پھری، زخمی حالت میں آنے والا موٹر سائیکل سوار ساندہ میں گر کر جاں بحق ہوا۔

    بعد ازاں دونوں علاقوں کے ایس پیز کے درمیان حدود کے تعین پر جھگڑا ختم ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رواں سال پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 2189 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

  • پروگرام اتنا شفاف ہے کہ میں بھی کسی کو قرض نہیں دلا سکوں گا: عثمان ڈار

    پروگرام اتنا شفاف ہے کہ میں بھی کسی کو قرض نہیں دلا سکوں گا: عثمان ڈار

    اسلام آباد: مشیر برائے نوجوان امور عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو خود مختار بنانے کی جانب پہلا قدم ہے، نوجوان ووٹ نہ دیتے تو ہم حکومت میں نہ ہوتے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد کنونشن سینٹر میں کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا، عثمان ڈار نے کہا اس پروگرام میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، بینک بھی نہیں جانا پڑے گا، آن لائن فارم بھریں، پروگرام اتنا شفاف ہے کہ عثمان ڈار بھی کسی کو لون نہیں دلا سکے گا۔

    انھوں نے کہا پاکستان میں پہلی یوتھ کونسل بن چکی ہے، جو عالمی سطح پر پاکستان کی نمایندگی کر رہی ہے، ماضی کی حکومتوں نے نوجوان طبقے کو نظر انداز کیا، پی ٹی آئی حکومت کے قیام میں نوجوان طبقے کا کلیدی کردار ہے۔

    تازہ ترین:  اپنے کاروبار کے لیے 10 لاکھ نوجوانوں کو قرضے دیں گے: وزیر اعظم عمران خان

    عثمان ڈار کا کہنا تھا پاکستان کے مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود نوجوانوں کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے کامیاب جوان پروگرام شروع کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے معاملات کامیابی کے ساتھ دیکھنے پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی اپنے مشیر عثمان ڈار کا شکریہ ادا کیا۔

    آج اسلام آباد کنونشن سینٹر میں اس پروگرام کا افتتاح وزیر اعظم نے خود کیا، تقریب سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ پروگرام میں میرٹ کو مد نظر رکھا جائے گا اور وہ خود وزیر اعظم ہاؤس سے اس پروگرام کو مانیٹر کریں گے۔

  • سیلفی کا جنون: ریلوے لائن پر دو دوست ٹرین کی زد میں آ گئے

    سیلفی کا جنون: ریلوے لائن پر دو دوست ٹرین کی زد میں آ گئے

    گجرات: سیلفی کا جنون ایک اور نوجوان کی جان لے بیٹھا، گجرات میں ریلوے ٹریک پر دو دوست اس وقت ٹرین کی زد میں آئے جب وہ چلتی ریل کے بیک گراؤنڈ میں سیلفی لینے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات میں ریلوے لائن پر سیلفیاں بناتے ہوئے دو دوست ٹرین کی زد میں آ گئے، جس کے نتیجے میں ایک موقع پر جاں بحق ہو گیا جب کہ دوسرے دوست کی حالت تشویش ناک ہے۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ زعیم شاہ کی لاش اور زخمی مبین کو عزیز بھٹی شہید اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، زخمی مبین کو طبی امداد دی جا رہی ہے لیکن اس کی حالت تشویش ناک ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زعیم شاہ نے اپنے دوست کے ہم راہ چلتی ٹرین کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش میں جان گنوائی۔

    یہ بھی پڑھیں:  صلاح الدین کو انصاف دو! شہریوں کی اے ٹی ایم کو زبان چڑاتی سیلفیاں

    یاد رہے کہ ماضی میں بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں متعدد نوجوان ریلوے ٹریک پر چلتی ٹرین کے ساتھ سیلفی لینے کے شوق میں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

    21 دسمبر 2018 کو فیصل آباد میں ایک نوجوان نے پستول تھامے سیلفی لینے کی کوشش کی لیکن غلطی سے ٹریگر دبنے کے باعث وہ موت کے منہ میں چلا گیا۔ دو سال قبل گجرات ہی کے کولیاں شاہ حسین کے قریب واقع اتوال نہر میں سیلفی لینے کی کوشش کے دوران دو بھائی نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ سیلفیاں لینا جب ذہنی مرض بن جائے تو جان کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے تاہم اس رجحان کو سماجی احتجاج کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے جیسا کہ پولیس حراست میں حال ہی میں ذہنی مریض صلاح الدین کی موت پر لوگوں نے اے ٹی ایم بوتھس میں طنزیہ سیلفیاں لے کر احتجاج کیا۔

  • ٹوٹے ہوئے اسمارٹ فون سے سائنس فکشن فلم تیار

    ٹوٹے ہوئے اسمارٹ فون سے سائنس فکشن فلم تیار

    سائنس فکشن فلم کا سنتے ہی ذہن میں بڑے بڑے سیٹ، فلم سازی کے جدید آلات اور بہت سارے لوگوں کی ٹیم آجاتی ہے، یہ تصور کرنا محال ہے کہ عام سے ساز و سامان کے ساتھ کوئی سائنس فکشن اور اسپیشل افیکٹس والی فلم تیار ہوسکتی ہے۔

    تاہم افریقی ملک نائیجیریا میں کچھ نوجوان لڑکے ایک ٹوٹے ہوئے موبائل فون اور نہایت محدود وسائل کے ذریعے سائنس فکشن فلمیں بنا رہے ہیں۔

    نائیجیریا کے ایک چھوٹے سے شہر کے رہائشی یہ 8 نوجوان شارٹ فلم بنانے کے لیے ٹوٹا پھوٹا سا اسمارٹ فون اور ایک خستہ حال اسٹینڈ استعمال کرتے ہیں۔ ان لڑکوں نے خود کو ’کرٹکس کمپنی‘ کا نام دیا ہے۔

    کرٹکس کمپنی کے کریو نے انٹرنیٹ پر موجود ٹیوٹوریل ویڈیوز سے اسپیشل افیکٹس کا استعمال سیکھا ہے جسے وہ اپنی فلموں میں استعمال کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ویڈیوز کو وائرل نہیں کرنا چاہتے، بس یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ایک چھوٹے سے شہر میں موجود لڑکے کچھ نیا کر رہے ہیں۔

    ان لڑکوں کے پاس نہایت پرانا سامان اور عام سی اسپیڈ کا انٹرنیٹ ہے اور وہ بھی اکثر بجلی جانے کی وجہ سے ٹھپ ہوجاتا ہے۔ ایک 5 منٹ کی شارٹ فلم کو رینڈر کرنے میں انہیں 2 دن لگ گئے۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ 10 منٹ کی فلم تیار کرسکتے ہیں کیونکہ اس فلم کو اپ لوڈ ہونے میں بھی خاصا وقت لگ جاتا ہے۔ کچھ دن قبل کی جانے والی فنڈ ریزنگ میں انہیں 6 ہزار ڈالر حاصل ہوئے جس سے انہوں نے کچھ نیا سامان خریدا ہے۔

    ان لڑکوں کا کہنا ہے کہ وہ ایسا کچھ کرنا چاہتے ہیں جو آج سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔

    نائیجیریا کی فلم انڈسٹری نولی ووڈ فلموں کی تعداد کے حوالے سے دنیا کی دوسری بڑی فلم انڈسٹری سمجھی جاتی ہے۔ کرٹکس کپمنی کو امید ہے کہ ان کا مستقبل روشن ہے اور وہ بہت جلد اپنی منزل حاصل کرلیں گے۔

  • نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضہ فراہم کیا جائے گا: عثمان ڈار

    نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضہ فراہم کیا جائے گا: عثمان ڈار

    اسلام آباد: مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سے ملاقات کے دوران کہا کہ ینگ انٹر پرنیور شپ اسکیم کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضہ فراہم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سے مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ینگ انٹر پرنیور شپ اسکیم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ اسکیم کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضہ فراہم کیا جائے گا، صنعتوں کے لیے وزارت صنعت پیداوار کے ادارے سمیڈا کا تعاون اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سمیڈا ملک میں ینگ انٹر پرنیورز کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔

    مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ینگ انٹر پرنیورشپ اسکیم ایک احسن اقدام ہے، ملک کی معاشی ترقی کے لیے نوجوانوں کا کردار اہم ہے۔

    اس سے قبل ورلڈ یوتھ منسٹرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ملکی تقدیر نوجوانوں کے ہاتھوں بدلے گی۔ صحت، روزگار اور اصلاحاتی پروگرام سمیت اکنامک خود مختاری پر کام جاری ہے۔ پاکستان نوجوانوں کے لیے تیزی سے اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ موجودہ حکومت نے پہلی بار نوجوانوں کے لیے اسٹریٹیجک روڈ میپ تشکیل دیا، ’کامیاب نوجوان پروگرام‘ موجودہ حکومت کا لینڈ مارک منصوبہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر پوری توجہ ہے۔

  • نئے پاکستان کو بنانے کے لیے جامعات کوبھی ساتھ دینا ہوگا، گورنر پنجاب

    نئے پاکستان کو بنانے کے لیے جامعات کوبھی ساتھ دینا ہوگا، گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر پاکستان کو خوشحال ملک بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ نوجوانوں کو بزنس کی طرف لانا ہے، بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر پاکستان کوخوشحال ملک بنانا ہے۔

    چوہدری محمد سرور نے کہا کہ جامعات میں وائس چانسلر سیاسی نہیں میرٹ پر لگانے ہیں، میرٹ کو ترجیح دی جائے گی، سفارشوں کونہیں مانیں گے۔

    گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ نئے پاکستان کو بنانے کے لیے جامعات کوبھی ساتھ دینا ہوگا۔

    یاد رہے کہ 3 جولائی کو گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ دولت اور جائیدادیں رکھنے والوں کو تاریخ نے کبھی یاد نہیں رکھا ہے، انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے، ملک کی خاطر اپنے بچوں کو چھوڑ کر وطن آیا۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ فیلو شپ پروگرام سے نوکریاں ملنا احسن اقدام ہے، نوجوانوں کا جوش و جذبہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، ہزاروں بچے ڈگریاں لے کر بھی بے روزگار رہتے ہیں، فیلو شپ اور تربیت کے ماڈل کو درسگاہوں کو اپنانا چاہیے۔

  • وہ وقت ضرور آئے گا، جب ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی: چیئرمین نیب

    وہ وقت ضرور آئے گا، جب ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی: چیئرمین نیب

    اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ وہ وقت ضرور آئے گا، جب ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے یتیم بچوں کی کفالت کے ادارے پاکستان سویٹ ہوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم کے بچے ملک کا نام روشن کریں گے، بچے اگرنیب کا دورہ کرنا چاہیں، تو ہمارےدروازے کھلے ہے.

    چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ یہاں بچوں کو دیکھ کر خوشی ہے، وہ محفوظ ہاتھوں میں‌ ہیں، قوم کی امیدیں بچوں اور نوجوان نسل سے وابستہ ہیں.

    مزید پڑھیں: نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے ، چیئرمین نیب

    ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ لوگ محنت کریں گے، تو وہ وقت ضرور آئے گا، جب ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی.

    جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ میری دعاہے، ریاست مدینہ کا تصور اپنانے کاعمل کامیاب ہو، حکمرانی میں ریاست مدینہ کا تصورخوش آئند ہے، دعاہے  کہ یہ نظام آئے، کامیاب ہو، ملک ترقی کرے.

    خیال رہے کہ  26 جولائی 2019 کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا تھا کہ کرپشن فری پاکستان بنانے کے لیے میگا وائٹ کالر کرائمز کو انجام تک پہنچائیں گے.

  • لاہورمیں نوجوان بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا

    لاہورمیں نوجوان بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں گھریلو پریشانی اور بے روزگاری سے تنگ نوجوان بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورکے علاقے بابو صابو چوک پر گھریلو پریشانی اور بے روزگاری سے تنگ نوجوان بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد جائےوقوع پرپہنچ گئی اور مذاکرات کے بعد شہری کواسنارکل کی مدد سے نیچے اتارکراسپتال منتقل کردیا۔

    پولیس حکام کے مطابق متا ثرہ شہری کی جیب سے خط برآمد ہوا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان اور چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ سے مہنگائی کے حوالے سے نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔

    خط کے متن کے مطابق ملک کو امیروں نے لُوٹا لیکن اس کا خمیازہ غریب عوام بھگت رہی ہے۔

    اس سے قبل 17 جون کو صوبہ پنجاب کے شہر خانیوال میں گھریلو جھگڑے سے تنگ شہری بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا تھا۔ ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد متاثرہ شخص کو بجلی کے کھمبے سے اتار لیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں کراچی کے علاقے کورنگی میں سنگر چورنگی کے قریب ایک شخص کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن پرچڑھ گیا تھا، شہری کا کہنا تھا کہ میری شادی کراؤ ورنہ اوپر سے کود کر جان دے دوں گا۔

  • نوجوانوں کے لیے یورپ کی سیر اور اسٹارٹ اپ کا موقع

    نوجوانوں کے لیے یورپ کی سیر اور اسٹارٹ اپ کا موقع

    کیا آپ ذہین نوجوان ہیں اور یورپ کے خوبصورت ترین شہروں میں سے ایک ایمسٹرڈیم کی سیر کرنا چاہتے ہیں؟ تو پھر یہ شاندار موقع آپ ہی کے لیے ہے۔

    یوتھ ٹائم انٹرنیشنل موومنٹ نے اپنے سالانہ یوتھ گلوبل فورم کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے جس کے لیے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ یوتھ فورم رواں برس 2 سے 6 دسمبر کو نیدر لینڈز کے دارالحکومت ایمسٹر ڈیم میں ہوگا۔

    فورم میں سائنس و ٹینکالوجی سمیت مختلف شعبوں کے طلبا اور انٹر پرینیورز کو دعوت دی گئی ہے جو اپنے پروجیکٹ کے آئیڈیاز یہاں بھیج سکتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس کسی بھی شعبے سے متعلق کوئی پروجیکٹ آئیڈیا یا اسٹارٹ اپ آئیڈیا ہے تو آپ اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ درخواستیں آن لائن جمع کرائی جاسکتی ہیں۔

    یہاں آپ کو چوٹی کے ماہرین سے گفتگو کرنے، سیکھنے، تجربہ حاصل کرنے اور اپنے پروجیکٹ کے لیے معاونت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

    ایمسٹرڈیم میں منعقد کیے جانے والے اس فورم میں تمام پروجیکٹ پیش کرنے والوں کے درمیان ایک مقابلہ بھی منعقد ہوگا جس کے فاتح کو 10 ہزار یورو یعنی 16 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے دیے جائیں گے۔

    علاوہ ازیں مقابلے کے فاتحین کو یورپ کے بزنس اسکولز میں اسکالر شپس اور مختلف اداروں میں انٹرن شپ کا موقع بھی دیا جائے گا. فورم میں شرکت کرنے والے ایک ہفتہ ایمسٹرڈیم میں گزار سکیں گے اور یہاں کے تاریخی و سیاحتی مقامات کا دورہ بھی کرسکیں گے۔

    اس فورم میں دنیا بھر سے 100 سے زائد شرکا، ماہرین اور ٹرینرز کو شریک ہونے کا موقع دیا جائے گا۔