Tag: نوجوت سنگھ سدھو

  • بابر اعظم کی ناکامی اور  اپنوں کی تنقید پر سدھو نے کونسی داستانی سنائی؟

    بابر اعظم کی ناکامی اور اپنوں کی تنقید پر سدھو نے کونسی داستانی سنائی؟

    بھارت کے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستابی بیٹر بابر اعظم کی ناکامی اور ان پر پاکستانیوں کی تنقید پر ایک لوک داستان سنائی ہے۔

    بھارتی اسپورٹس چینل پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق بھارتی بیٹر نے کہا کہ جب اپنے نشتر چلاتے ہیں تو بڑا چبھتا ہے، انھوں نے پرانی ہندی لوک داستان سناتے ہوئے کہا کہ ایک بڑا جرنیل تھا کھلی، اس کے راجہ نے کسی بات پر ناراض ہوکر اپنے ملک میں اسے پیل کے درخت کے ساتھ باندھ دیا۔

    نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ تاہم وہ جرنیل اپنے وطن سے وفادار تھا، لوگ وہاں جمع ہوئے تو انھیں کہا گیا کہ اس جرنیل کو پتھر ماریں، لوگوں نے پتھر برسائے اسے لگے مگر وہ بالکل نہیں رویا۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ پھر اس کے فوجی آئے جن کو اس نے پالا تھا، ان فوجیوں نے سوچا کہ ہم اپنے جرنیل کو پتھر کیسے ماریں گے۔

    تو انھوں نے پھول اٹھا کر جرنیل کھلی کو مارا، کھلی رونے لگ گیا، کسی نے پوچھا کہ تمیں پتھر مارے گئے تم روئےنہیں اور پھول مارنے پر رو رہے ہو۔

    سدھو نے کہانے کے بارے میں مزید بتایا کہ اس پر جرنیل کھلی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے پتھر مارے مجھے ذرا برابر بھی تکلیف نہیں ہوئی، لیکن جب دوستوں نے پھول مارے تو میری روح آسمان تک جاکر روئی۔

    بابر انسان ہے گرو اسے چھوڑ دو یار کھیلنے دو گرو، ویرات بھی فیل ہوا ہے، بابر بھی فیل ہوا ہے وہ ایک اچھا انسان ہے آپ کے لیے اس نے کافی رنز اسکور کیے ہیں، عزت کرنی سیکھو اپنے ہیرو کی کنارے پر کھڑے ہو کر پتھر ہی مارنے ہیں یار۔

  • نوجوت سنگھ سدھو کو اہلیہ کے کینسر کی ڈائٹ بتانے پر 850 کروڑ کا نوٹس

    نوجوت سنگھ سدھو کو اہلیہ کے کینسر کی ڈائٹ بتانے پر 850 کروڑ کا نوٹس

    سابق بھارتی کرکٹر و سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو کو اہلیہ کے کینسر کی ڈائٹ بتانے پر سول سوسائٹی نے 850 کروڑ نوٹس بھیج دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو اور ان کی اہلیہ نوجوت کور سدھو کو اپنے کینسر کے علاج سے متعلق دعوے پر 850 کروڑ روپے کا لیگل نوٹس موصول ہوا ہے۔

    یہ نوٹس سابق کرکٹر کے دعویٰ کے چند دن بعد سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ قدرتی علاج پر مشتمل غذا کے استعمال سے اسٹیج 4 کے کینسر سے صحت یاب ہوئی ہیں۔

    بھات کی ریاست چھتیس گڑھ سول سوسائٹٰی نے نوجوت سنگھ سدھو کے ان دعوؤں پر نوٹس جاری کیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کردیا تھا۔

    سول سوسائٹی نے نوٹس میں لکھا کہ سدھو نے کینسر کے علاج کے بارے میں غلط معلومات پھیلائیں اس لیے وہ سات دنوں کے اندر معافی مانگیں۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر سدھو اور ان کی اہلیہ نوجوت کور سدھو کینسر کے علاج کے بارے میں اپنے دعوے کو ثابت کرنے میں ناکام رہے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    سی سی ایس کے کنوینئر ڈاکٹر کلدیپ سولنکی نے کہا کہ یہ کینسر کے مریضوں کو گمراہ کرسکتے ہیں اور ان کی صحت کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

    بعدازاں نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی علاج کے علاوہ اہلیہ کے علاج میں سرجری، کیموتھراپی اور ہارمونل تھراپی بھی شامل ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ جن علاج کا حوالہ دیا تھا وہ ڈاکٹر کے مشورے سے لیا گیا ایک ضمنی اقدام تھا۔

  • نوجوت سنگھ سدھو نے بابر اعظم کی بڑی غلطی کی نشاندہی کردی

    نوجوت سنگھ سدھو نے بابر اعظم کی بڑی غلطی کی نشاندہی کردی

    سابق بھارتی اوپنر نوجوت سنگھ سدھو نے قومی کپتان کی غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹک ٹک بیٹر بابر اعظم پاکستان کے لیے اوپننگ کر رہے ہیں۔

    موجودہ بھارتی سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو اپنے دل کی بات زبان پر لانے کے لیے جانے جاتے ہیں، انھوں نے پاک بھارت میچ سے قبل قومی کپتان کو سست بیٹر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹک ٹک بیٹر بابر اعظم پاکستان کے لیے اوپننگ کر رہے ہیں اور ٹیم کا کمبینشین بھی ٹیک نہیں ہے۔

    سدھو کا بھارتی اسپورٹس چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اوپننگ کے لیے بہترین آپشن فخر زمان مڈل آرڈر میں بیٹنگ کر رہے ہیں، بابر پاکستان کے کپتان ہیں اور انھیں بہتر فیصلہ کرتے ہوئے فرنٹ سے قیادت کرنی چاہیے۔

    سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ پاکستان کو اوپننگ جوڑی کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ٹیم میں کوئی مناسب آل راؤنڈر ہے ہی نہیں۔ اس سے قبل پاکستان کے پاس شاہد آفریدی اور عبدالرزاق جیسے آل راؤنڈر موجود تھے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کو صرف اپنے تیز رفتار بولرز پر بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔ پاکستان ایک میچ ہار چکا ہے۔

    نوجود سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ اگر گرین شرٹس کو بھارت کے خلاف اچھا کھیلنا ہے تو پھر انھیں صحیح کھلاڑیوں کو صحیح جگہ پر کھلانا ہوگا۔

  • کیا نوجوت سنگھ سدھو نے ہاردک کا موازنہ کتے سے کرڈالا؟

    کیا نوجوت سنگھ سدھو نے ہاردک کا موازنہ کتے سے کرڈالا؟

    سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو اپنے جاندار تبصروں کے لیے جانے جاتے ہیں، انھوں نے ہاردک پانڈیا کے بارے میں ایک معنی خیز پوسٹ کی ہے۔

    موجودہ کمنٹیٹر اور اپنی انوکھی شاعری کے لیے معروف بھارت کے سابق کرکٹر نوجوت سدھو نے ممبئی انڈینز کی پے درپے شکست، روہت شرما کو کپتانی سے ہٹانے اور ہاردک پانڈیا کو نیا کپتان بنانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔

    ہفتے کے روز سدھو نے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں روہت کی ممبئی کے ساتھ اس سیزن میں اب تک کے سفر کو دکھایا گیا ہے

    تاہم، سدھو کی ٹریڈ مارک شاعری کے ساتھ اس ویڈیو کے کیپشن نے توجہ حاصل کرلی ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پر لکھا کہ ’اگرچہ ہاتھی دھول میں بھی اٹ جائے تب بھی اس کی عزت کی جائے گی، کتے کو سونے کی زنجیر سے بھی باندھ دیا جائے تو اسکی کوئی عزت نہیں ہوتی۔

    یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سدھو نے ممبئی انڈینز ٹیم میں ہاردک اور روہت کی صورتحال پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ احمد آباد میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف میچ سے قبل بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ آل راؤنڈر ہاردک کی کپتانی میں کھیلتے ہوئے روہت کی عزت کو فرق نہیں پڑے گا۔

    واضح رہے کہ نئے کپتان ہارد پانڈیا کی سربراہی میں ممبئی انڈینز کی ٹیم آئی پی ایل میں اپنے دو ابتدائی میچ ہار چکی ہے جس کی وجہ سے آل راؤنڈر کو تنقید کا سامنا ہے۔

  • پاکستان میں ہمیں پلکوں پر بٹھایا جاتا ہے، مہمان نوازی لفظوں میں بیان نہیں ہوسکتی، نوجوت سنگھ سدھو

    پاکستان میں ہمیں پلکوں پر بٹھایا جاتا ہے، مہمان نوازی لفظوں میں بیان نہیں ہوسکتی، نوجوت سنگھ سدھو

    شکرگڑھ : سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہمیں پلکوں پر بٹھایا جاتا ہے مہمان نوازی لفظوں میں بیان نہیں ہوسکتی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو نے گورودوارہ دربار صاحب کرتارپور پر حاضری دی۔

    سابق کرکٹر و سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے کرتارپور بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی مسئلےکاحل نہیں ،مذاکرات کی میز پر معاملات حل کرنے چاہئیں،تنازعات کے خاتمے اور عالمی امن کیلئےمضبوط اقوام متحدہ ضروری ہے۔

    فلسطین کی صورتحال پر نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ فلسطین میں ننھےبچوں اورمظلوم عورتوں کونشانہ بنایاجارہاہے۔

    سابق کرکٹر نے کہا کہ کرتارپورراہداری کےمقاصد ابھی ادھورے ہیں، پاکستان میں ہمیں پلکوں پربٹھایاجاتاہےمہمان نوازی لفظوں میں بیان نہیں ہو سکتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرتارپور کے باعث ماضی میں امرتسر ایشیا کی سب سےبڑی منڈی رہا، کرتارپورراہداری سےجتنافائدہ اٹھاسکتے ہیں اٹھاناچاہیے، سرحدوں کی دیواروں میں راہداریاں بھی ہونی چاہئیں، راہداریوں سے محبت،پیار،امن اورتجارت بھی ہونی چاہئے۔

    نوجوت سنگھ سدھو نے مزید کہا کہ ہماری زبان،غذا،لباس اورگالیاں بھی ایک جیسی ہیں، ہماری ثقافت اورذات پات بھی ایک ہیں ، سلک روٹ سے تجارت کا حجم 37 بلین ڈالر ہوسکتا ہے مگر 2 بلین تک محدود ہے۔

  • نوجوت سنگھ سدھو کا کانگریس رہنماؤں کو اہم مشورہ

    نوجوت سنگھ سدھو کا کانگریس رہنماؤں کو اہم مشورہ

    پنجاب کانگریس کے سابق ریاستی صدر نوجوت سنگھ سدھو نے کانگریس رہنماؤں کو مشوری دیا کہ رہنماؤں کے رویہ میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

    پنجاب کانگریس کے سابق ریاستی صدر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ کانگریس پارٹی دوبارہ اہمیت حاصل کر سکتی ہے اگر اس کے رہنما سیاست کو تجارتی بنانے سے گریز کریں اور لوگوں کا اعتماد جیتنے کے لیے کام کریں۔

    نوجوت سنگھ سدھو نے ہوشیار پور میں’ پنجاب-جیتے گی کانگریس‘ ریلی میں کانگریس لیڈروں کے رویہ میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا،  انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے تحفظات کو سمجھے بغیر جیتنا کانگریس کے لیے چیلنجنگ ہوگا۔

    پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سدھو نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں امن و امان خراب ہو گیا ہے، عام آدمی خوف کا شکار ہے اور غنڈے سڑکوں پر آزاد گھوم رہے ہیں۔

    سدھو نے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) پر جھوٹے وعدوں کے ذریعے پنجاب میں اقتدار میں آنے کا الزام لگایا اور کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں تبدیلی کے حق میں ووٹ دینے کے باوجود کچھ بھی نہیں بدلا ہے۔

    انہوں نے دہلی کے وزیر اعلٰی اور پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے نظام کے بجائے اپنا طرز زندگی بدل لیا۔

  • نوجوت سنگھ سدھو کی کرتارپور آمد، ‘دعا ہے امن بھائی چارہ قائم رہے،ماؤں کی گودیں آباد رہیں’

    نوجوت سنگھ سدھو کی کرتارپور آمد، ‘دعا ہے امن بھائی چارہ قائم رہے،ماؤں کی گودیں آباد رہیں’

    نارووال:باباگرونانک کےجنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے نوجوت سنگھ سدھوکرتارپور پہنچ گئے اور کہا دعا ہے امن بھائی چارہ قائم رہے، ماؤں کی گودیں آباد رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بابا گرو نانک کے552ویں یوم پیدائش کی تقریبات جاری ہے ، سابق بھارتی کرکٹراور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کرتارپور پہنچ گئے۔

    اس موقع پر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ بابادیوجی کےدرپرپہنچنےپرخوش ہوں، بابا گرونانک کےدرپرامن کی بھیک مانگنے آیا ہوں۔

    سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ دعا ہے باباگرونانک کی تعلیمات کے مطابق امن بھائی چارہ قائم رہے اور ماوں کی گودیں آباد رہیں۔

    خیال رہے بابا گرو نانک کی جنم دن تقریبات کیلئے خاطر خواہ تعداد میں یاتریوں کی دربارصاحب آمد ہوئی ، تقریبات میں شریک سکھ یاتریوں کی کرتارپور راہداری کے انتظامات کی تعریف کی۔

    یاد رہے پاکستان سکھ یاتریوں کی مذہبی رسومات کی ادائیگی آسان بنانے کیلئے کوشاں ہے اور سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے 30نومبرتک 10دن کی پیشگی اطلاع کی شرط میں نرمی کردی ہے۔

    واضح رہے بھارت نےانتہائی مختصرنوٹس پر کرتارپورراہداری کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

  • نوجوت سنگھ سدھو نے سونیا گاندھی کو استعفیٰ بھجوا دیا

    نوجوت سنگھ سدھو نے سونیا گاندھی کو استعفیٰ بھجوا دیا

    نئی دہلی: سابق انٹرنیشنل کرکٹر اور کانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے سونیا گاندھی کو استعفیٰ بھجوا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی وی کی معروف شخصیت نوجوت سنگھ سدھو پنجاب کانگریس کے سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ لینے سے پہلے نوجوت سدھو کی پارٹی رہنماؤں سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

    سدھو نے اپنا استعفیٰ پارٹی سربراہ سونیا گاندھی کو بھجوایا، جس میں انھوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ پنجاب کے مستقبل اور پنجاب کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر کبھی سمجھوتا نہیں کر سکتے۔

    سدھو کا کہنا تھا کہ وہ کانگریس کی خدمت مزید جاری نہیں رکھ سکیں گے، اس لیے اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔

    انھوں نے اپنا استعفیٰ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کر دیا ہے، جس میں انھوں نے کہا کہ وہ کانگریس کی خدمت جاری رکھیں گے، ان کا کہنا تھا کہ جس جگہ آدمی سمجھوتا کرتا ہے وہیں سے اس کی شخصیت کی انہدام عمل میں آتا ہے۔

    واضح رہے کہ محض ایک ہی دن قبل پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چَننی، جن کا تعلق نچلی ذات دلت سے ہے، نے پہلی بار اپنی کابینہ میں اتوار کے روز اضافہ کیا ہے جن میں 15 کابینہ وزرا شامل ہیں۔

    عام آدمی پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو نے اپنا عہدہ اس لیے چھوڑا ہے کیوں کہ وہ یہ برداشت نہیں کر سکتے کہ ایک دلت ریاست کا وزیر اعلیٰ بن گیا ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان بَبر شیر ہیں، جو محبت میں نفع نقصان نہیں دیکھتے، سدھو

    وزیراعظم عمران خان بَبر شیر ہیں، جو محبت میں نفع نقصان نہیں دیکھتے، سدھو

    کرتارپور : سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بَبر شیر ہیں، جو محبت میں نفع نقصان نہیں دیکھتے، سکندر نے ڈرا کر دنیا جیتی،عمران خان نے دل دے کر دنیا جیتی، ایک جھپی سے راہداری کھل سکتی ہے تو جھپیاں ڈالنے سے باقی مسائل بھی حل ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کرتارپورراہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ عمران خان جیسے ہوتے ہیں جو اتہاس بنایا کرتے ہیں، سکھ قوم دیکھنے میں ایک فیصد ہے لیکن دبدبہ زیادہ ہے۔

    نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ ڈنکےکی چوٹ پرکہتاہوں سکھ قوم عمران خان کو جہاں لے جائے گی آپ کوپتہ نہیں لگےگا ، سکھ قوم کی آواز بن کر بول رہا ہوں، عمران خان کی خاطر دل کا نذرانہ لے کر آیا ہوں۔

    سابق بھارتی کرکٹر نے کہا یہاں کہاں کا انصاف ہے کہ کوئی اپنےوالد کےگھرتک نہ جاسکے، سکھوں کی چار نسلیں اپنے والد کے گھر آنے کے لئے ترستی رہیں، سکندر نے ڈرا کر دنیا جیتی،عمران خان نے دل دے کر دنیا جیتی، عمران خان دلوں پر راج کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 14کروڑ سکھوں کےدلوں کی آواز بن کر بول رہا ہوں، پاک بھارت تقسیم کےوقت لوگ خون میں لت پت ہوئے، پاکستان کے نیک وزیراعظم نے کرتارپور راہداری کھولی، سب نفع نقصان دیکھتے رہے یہ پہلا ببر شیر وزیراعظم ہے، جس نے دل کی بات سنی۔

    سدھو نے مزید کہا بہت سے سیاسی رہنما دیکھے جن کے دل چڑیا کی طرح ہوتےہیں، وزیراعظم عمران خان کادل بہت بڑا ہے، سکھوں کی4نسلوں نے جوسپنا دیکھا تھا وہ عمران خان نے پورا کردیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان شیر ہیں جو محبت میں نفع نقصان نہیں دیکھتے، انھوں نے دنیا کو دکھا دیا یاری کیسے نبھائی جاتی ہے۔

    نوجوت سنگھ نے کہا کہ بارڈرکھول دیں تو ازبکستان،تاجکستان،امرتسرتک لوگ آجاسکیں، خواہش ہے امرتسر سے لوگ صبح ناشتہ کرکے نکلیں، لاہورمیں آکر بریانی کھائیں، ایک جھپی سےراہداری کھل سکتی ہےتوجھپیاں ڈالنےسےباقی مسائل بھی حل ہوسکتے ہیں۔

  • نوجوت سنگھ سدھو کرتارپور پہنچ گئے

    نوجوت سنگھ سدھو کرتارپور پہنچ گئے

    نئی دہلی  : سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کرتارپور پہنچ گئے، بھارتی حکومت نے نوجوت سنگھ سدھوکو بذریعہ واہگہ بارڈر پاکستان آنے سے روک دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو راہداری کے ذریعے کرتارپور پہنچ گئے، بھارتی حکومت نے سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کو واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان آنے سے روک دیا تھا ، اب نوجوت سنگھ سدھو کرتارپورراہداری سے پاکستان آنے کی کوشش کریں گے۔

    گذشتہ روز  نوجوت سنگھ سدھو کا سینیٹر فیصل جاوید سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا ، فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ نوجوت سنگھ تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے، وہ افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے پرجوش ہیں۔

    یاد رہے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کرتارپور راہداری افتتاح کی تقریب میں شرکت کی اجازت کے لیے بھارتی حکومت کو 3 خط لکھے تھے، جس کے بعد انہیں بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے کرتارپور افتتاحی تقریب میں شرکت کی اجازت مل گئی تھی۔

    مزید پڑھیں :  نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان آنے کی اجازت مل گئی

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے نوجوت سنگھ سدھو کو افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی ، جس پر نوجوت سنگھ سدھو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی تھی۔

    نوجوت سدھو کا کہنا تھا کہ 9 نومبرکی تقریب میں شرکت کی سعادت حاصل کروں گا، حلف برداری پر محبت اور مہمان نوازی کا لطف کبھی بھلا نہ پاؤں گا۔

    واضح رہے کہ حکومت پاکستان بابا گرونانک کے 550ویں یوم پیدائش کے موقع پر کرتارپور راہداری کھولنے کے لیے پُرعزم ہے، وزیراعظم عمران خان آج کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے، افتتاح کے بعد یہ پاکستان کا سب سے بڑا گردوارہ بن جائے گا۔