Tag: نوری آباد

  • ویڈیو: سپر ہائی وے پر پولیس ٹیم شہریوں سے لوٹ مار کی واردات کیسے کرتی ہے؟

    ویڈیو: سپر ہائی وے پر پولیس ٹیم شہریوں سے لوٹ مار کی واردات کیسے کرتی ہے؟

    کراچی: سپر ہائی وے نوری آباد کے قریب پولیس ٹیم کی جانب سے شہریوں سے مبینہ لوٹ مار کے واقعات سامنے آنے کے بعد اے آر وائی نیوز کو ایک ویڈیو موصول ہوئی ہے، جس کی تصدیق کے لیے ٹیم نے ویڈیو پولیس کو فراہم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب پولس ٹیم واردات کیسے کرتی ہے، اس کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، رپورٹس کے مطابق کراچی سے حیدرآباد اور حیدرآباد سے کراچی آنے والے مسافروں کو نوری آباد کے قریب تسلسل کے ساتھ لوٹا جا رہا ہے۔

    مسافروں کو لوٹنے کے لیے ایک پولیس موبائل اور ایک پرائیویٹ گاڑی کے ساتھ کسی مقام پر ناکہ لگا کر پولیس اہل کار ایک عرصے سے گاڑیوں کو روک کر لوٹ مار کی وارداتیں کر رہے ہیں۔

    شناخت چھپانے کے لئے پولیس موبائل کی نمبر پلیٹ پر اسٹیکر چسپاں کر دیا جاتا ہے، ویڈیو میں دو الگ مقامات پر پولیس کی چیکنگ یکھی جا سکتی ہے، افسران اور اہل کاروں کے چہرے بھی واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔

    شہریوں کو چیکنگ کے بہانے مختلف حیلوں بہانوں سے لوٹا جاتا ہے، ویڈیو میں نمبر پلیٹ پر سے اسٹیکرز اور سیاہ پٹی ہٹاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اے آر وائے نیوز ٹیم نے ویڈیو کی تصدیق کے لیے اسے پولیس کو فراہم کر دیا تھا، جس پر پولیس حکام نے سخت نوٹس لے لیا ہے، اور ویڈیو میں نظر آنے والے اہل کاروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    موبائل انچارج اے ایس آئی اور ڈرائیور کو معطل کر دیا گیا، معطل ہونے والے افسران و اہل کار کو پولیس لائن رپورٹ کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے، جب کہ ایس ایچ او نوری آباد کو صرف شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔

    واضح رہے کہ حکام کی جانب سے یہ ایکشن پولیس موبائل کی نمبر پلیٹ چھپا کر اسنیپ چیکنگ پر لیا گیا ہے، اور معاملے کی انکوائری ڈی ایس پی جامشورو کے حوالے کر دی گئی ہے۔

  • کراچی: سپر ہائی وے پر آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، 1 شخص جاں بحق

    کراچی: سپر ہائی وے پر آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، 1 شخص جاں بحق

    کراچی: کراچی سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب سیمنٹ فیکٹری کے قریب آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ حادثے میں 1 شخص جاں بحق، 12 زخمی جبکہ پولیس موبائل اور آئل ٹینکر مکمل طور پر جل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پر آئل ٹینکر اور پولیس موبائل میں آگ لگ گئی۔ آگ نوری آباد میں واقع سیمنٹ فیکٹری کے قریب لگی۔ حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور اے ایس آئی سمیت 12 افراد زخمی ہوئے۔

    ایس ایس پی ملیر کے مطابق سپر ہائی وے پر آئل ٹینکر الٹ گیا تھا جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ اس موقعے پر پولیس موبائل جائے حادثہ پر ٹریفک کنٹرول کر رہی تھی۔ آگ بھڑکتے ہی پیچھے سے آنے والی گاڑی پولیس موبائل سے ٹکرا گئی۔

    تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور مقامی افراد پیٹرول چوری کر رہے تھے جس کے دوران اچانک شعلہ بھڑکا اور آگ بھڑک اٹھی۔

    حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمز نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کام اور آگ بجھانے کا کام عمل شروع کردیا۔ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • نوری آباد پرڈاکٹرفاروق ستار کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، شدید چوٹیں آئیں

    نوری آباد پرڈاکٹرفاروق ستار کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، شدید چوٹیں آئیں

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی گاڑی کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے حادثے میں فاروق ستار کی کمر اور کندھے میں شدید چوٹیں آئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حیدرآباد کے تنظیمی دورے کے بعد سے کراچی واپس آرہے تھے کہ راستے میں نوری آباد کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث ان کی گاڑی الٹ گئی۔

    sattar-post

    ڈاکٹرفاروق ستار کی گاڑی نے چار سے پانچ  قلابازیاں کھائیں جس کے نتیجے میں ان کی بلٹ پروف گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، اور ان کے ساتھ موجود چار گارڈ بھی شدید زخمی ہیں۔

    متحدہ رہنماؤں نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی حالت خطرے سے باہر ہے البتہ ان کے گارڈز اور ان کے پرسنل سیکیریٹری سبطین کو شدید چوٹیں آئیں ہیں۔


    حادثے کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار اور ان کے گارڈز کو نوری آباد کے مقامی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار اور ان کے زخمی گارڈز کو خواجہ اظہار الحسن کی گاڑی میں کراچی کے اسپتال اے او کلینک منتقل کر دیا گیا ہے۔

    متحدہ کے رہنما عامر خان نے بتایا ہے کہ میری گاڑی ڈاکٹر فاروق ستار کی گاڑی کے پیچھے تھی، عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کو اندرونی چوٹیں آئی ہیں۔

    حادثے کی خبر سنتے ہی متحدہ کے دیگر رہنما اور کارکنان بڑی تعداد میں اے او کلینک پہنچنا شروع ہوگئے، ڈاکٹر فاروق ستار کی اہلیہ بھی اسپتال پہنچ گئیں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے گارڈز کو عباسی شہید اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی کے نمائندے رافع حسین نے بتایا ہے کہ ان کی ڈاکٹر فاروق ستار سے فون پر مختصر بات ہوئی ہے، جس میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے اندرونی چوٹیں آئی ہیں، کندھے میں شدید درد محسوس کر رہا ہوں اور یہ کہ میں مزید بات کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔

    بعد ازاں ڈاکٹر فاروق ستار کو اے او کلینک منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ڈاکٹر فاروق ستار کو معمولی چوٹیں آئیں ہیں۔

     

  • سپرہائی وے پرآئل ٹینکراورمال بردارگاڑی میں تصادم، دو افراد جاں بحق

    سپرہائی وے پرآئل ٹینکراورمال بردارگاڑی میں تصادم، دو افراد جاں بحق

    نوری آباد : سپر ہائی وے پر خوفناک ٹریفک حادثے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی اور حیدرآباد کے درمیان سپرہائی وے پرآئل ٹینکر اورمال بردار گاڑی میں تصادم کے دوران دو افراد بری طرح جھلس کر جاں بحقاور دو زخمی ہوگئے۔

    حادثے کے بعد د ونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کرفائر بریگیڈ کو طلب کیا  فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا،

    بعد ازاں گاڑیوں سے دونوں جاں بحق افراد کی جھلسی ہوئی لاشوں کو نکال کر ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    واقعے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک جام ہوگیا، پولیس حکام کے مطابق نوری آباد کے قریب سپرہائی وے پرآئل ٹینکر اور مال بردار گاڑیوں میں مبینہ تیز رفتاری کے باعث تصادم ہوگیا ہے جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

    واقعے میں زخمی ہونے والے دو افراد میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔