Tag: نوسرباز

  • جعلی افسر نے بھارتی فوجیوں کو ماموں بنا دیا

    جعلی افسر نے بھارتی فوجیوں کو ماموں بنا دیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نوسرباز نے جعلی افسر بن کر بھارتی فوجیوں کو ماموں بنا دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرن پٹیل نامی شخص نے خود کو وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دفتر کا اعلیٰ افسر ظاہر کر کے اعلیٰ میٹنگز میں شرکت کی، حقیقیت ظاہر ہونے پر کِرن پٹیل کو گرفتار کیا گیا ہے لیکن بھارتی حکام اس واقعے پر سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔

    ادھر بھارتی فوج نے پُھرتیاں دکھاتے ہوئے کِرن پٹیل کی خوب آؤ بھگت کر ڈالی تھی، نوسرباز نے بُلٹ پروف گاڑیوں میں مقبوضہ وادی کا جائزہ لینے کے بہانے خوب سیر سپاٹے بھی کیے، اور فائیو اسٹار ہوٹلز میں خوب قیام کے مزے لوٹے۔

    پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے رپورٹ کیا کہ کرن پٹیل 2 مارچ کو وادئ کشمیر کے دورے پر تھے، جب انھیں سیکیورٹی اہل کاروں نے حراست میں لے لیا، نوسرباز کو اگلے ہی دن گرفتار کیا گیا، جمعرات کو انھیں عدالت میں بھی پیش کیا گیا، جس سے یہ واقعہ عوام کے سامنے آیا۔

    پولیس نے پٹیل کے خلاف دھوکا دہی، نقالی اور جعل سازی کا الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، پولیس کمپلین میں کہا گیا کہ پٹیل ’مالی اور مادی فوائد‘ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    کرن پٹیل کے پاس تصدیق شدہ ٹویٹر اکاؤنٹ بھی ہے جس سے وہ حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک عہدے دار کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پیجز پر ایسی تصاویر بھی شیئر کیں جن میں وہ مقبوضہ کشمیر میں فوجی گارڈز کے ساتھ ’سرکاری دورے‘ پر دکھائی دے رہے تھے۔

    ایک دورے پر پٹیل نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے ان سے جنوبی کشمیر میں سیب کے باغات کے خریداروں کی نشان دہی کرنے کو کہا ہے۔

    رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پٹیل کو اعلیٰ ترین سطح کی سیکیورٹی دی گئی، بلٹ پروف کار میں سفر کیا اور اپنے دوروں کے دوران ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں سرکاری رہائش گاہ پر رہے۔ عدالتی دستاویزات سے پتا چلتا ہے کہ سیکیورٹی اہل کاروں کو ان کے قبضے سے جعلی شناختی کارڈ ملے۔

  • ویب سائٹس پر جعلی پروفائلز، شہری ایک ارب ڈالر گنوا بیٹھے

    ویب سائٹس پر جعلی پروفائلز، شہری ایک ارب ڈالر گنوا بیٹھے

    واشنگٹن: امریکی شہریوں نے ایک سال کے دوران محبت کے ہاتھوں ایک ارب ڈالرز سے ہاتھ دھو لیے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ایف بی آئی نے ویلنٹائن ڈے سے قبل ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا کہ گزشتہ برس ڈیٹنگ اور رومانس کی ویب سائٹس پر جعلی پروفائل بنا کر امریکی شہریوں کو بھرپور طریقے سے لوٹا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق 2021 میں آن لائن ڈیٹنگ ویب سائٹس پر نوسربازوں کے ہاتھوں 24 ہزار سے زائد امریکی شہری شکار بنے، اور 2021 کا سال ان لٹیروں کے لیے ایک منافع بخش سال ثابت ہوا۔

    ایف بی آئی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ یہ رجحان لاک ڈاؤن کے درمیان غیر معمولی طور پر بڑھا، اور اسی عرصے میں دوستیوں اور ڈیٹنگ کی ویب سائٹس پروان چڑھیں، اور یوں فراڈ کے نت نئے راستے کھلے۔

    رپورٹ کے مطابق کئی جعلی فنکاروں نے اپنے مداحوں سے کرپٹو کرنسی کی مد میں بھی رقم ہتھیائی، جعل سازی کے ذریعے گنوائی گئی رقم میں 25 فی صد کرپٹو کرنسی پر مشتمل تھی، جن افراد نے کرپٹو کرنسی گنوائی انھوں نے اوسطاً 10 ہزار ڈالر کھوئے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ ڈیٹنگ ویب سائٹس اور ڈیٹنگ ایپس پر جعلی افراد کے ہاتھوں تقریباً تمام عمر کے افرادمتاثر ہوئے، لٹنے والوں میں سب سے زیادہ نوجوان شامل تھے، جنھیں محبت یا جیون ساتھی کی تلاش تھی۔

    بے وقوف بننے والوں میں 18 سے 29 برس کے افراد کے ساتھ ساتھ 70 برس کے لوگ بھی شامل تھے۔

  • نوسر باز خاتون نقلی سونا بیچتے ہوئے پکڑی گئی

    نوسر باز خاتون نقلی سونا بیچتے ہوئے پکڑی گئی

    سیالکوٹ: شہر کے پوش علاقے کینٹ میں متعدد سناروں کو دھوکا دے کر نقلی سونا فروخت کرنے والی نوسرباز خاتون آخر کار پکڑی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے کینٹ میں 2 ماہ سے مختلف سناروں کو چونا لگانے والی نوسرباز خاتون حمیرا کو کینٹ پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

    سیالکوٹ سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے عامر جاوید بٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نوسرباز خاتون حمیرا دو ماہ سے جیولرز کو چونا لگا کر 5 قیراط کا سونا 24 قیراط کی قیمت پر فروخت کر رہی تھی۔

    معلوم ہوا کہ دھوکا دینے والی خاتون لاہور کے علاقے دھرم پورہ کی رہائشی ہے، آج بھی وہ نقلی سونا بیچنے آئی تھی لیکن کینٹ پولیس نے اسے صرافہ بازار میں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزمہ حمیرا کا کہنا تھا کہ وہ لاہور کی رہائشی خاتون نصرت کے جھانسے میں آکر جعلی سونا فروخت کر رہی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نوسرباز خاتون صرافہ بازار ہی میں جیولرز کو چکر دے کر سونا چوری کر کے فرار ہو جاتی تھی، ایس ایچ او کینٹ نعمان بٹر نے بتایا کہ ملزمہ سے 1 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کر لیے گئے ہیں جب کہ گروہ میں شامل مزید ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے۔

    پولیس کے مطابق نوسرباز خاتون اب تک متعدد جیولرز کو چونا لگا کر جعلی سونا بیچ کر لاکھوں روپے بٹور چکی ہے، حمیرا شہر کے پوش علاقہ کینٹ میں نقلی زیورات سنار کو دکھا کر اصلی زیورات چوری کر کے رفو چکر ہو جاتی تھی، نوسر باز خاتون نے 4 دکان داروں کو نقلی سونا دکھا کر اصلی سونا چوری کیا تھا، چوری ہونے والے سونے کا وزن 5.5 تولے بتایا جا رہا ہے اور مالییت ساڑھے تین سے پانچ لاکھ بتائی جا رہی ہے۔

    ملزمہ کے خلاف صرافہ ایسوسی ایشن کی درخواست پر تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • خود کو سعودی شہری ظاہر کرنے والی نوسرباز خاتون کی گرفتاری کے لیے پولیس متحرک

    خود کو سعودی شہری ظاہر کرنے والی نوسرباز خاتون کی گرفتاری کے لیے پولیس متحرک

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خود کو سعودی شہری ظاہر کرنے والی نوسرباز خاتون نے پولیس کی ناک میں دم کر دیا، خاتون کی گرفتاری کے لیے پولیس متحرک ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک نوسرباز خاتون نے خود کو سعودی شہری ظاہر کر کے متعدد وارداتیں کر ڈالیں، لیکن تاحال پولیس اس تک نہیں پہنچ سکی ہے۔

    ملزمہ ہاتھ کی صفائی سے متعدد دکان داروں کو لوٹ چکی ہے، خود کو سعودی ظاہر کر کے بھی متعدد دکان داروں کو چونا لگا چکی ہے، شہر کے مختلف تھانوں میں اس نوسرباز خاتون کی شکایتوں کے اندراج کے بعد پولیس ملزمہ کی گرفتاری کے لیے متحرک ہو گئی ہے۔

    گزشتہ شام لاہور شہر گھر لوٹنے والوں کے نرغے میں رہا

    خیال رہے کہ لاہور شہر میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں کا سلسلہ دراز ہو گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب پولیس کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ مجرموں کا تعاقب کیا جائے تاکہ صوبے سے جرائم کا گراف نیچے آئے۔ جس کے بعد پنجاب پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کی ابتدائی رپورٹس وزیر اعظم آفس بھجوانے لگی ہے۔

    ایک ہفتے قبل محض ایک ہی شام میں ڈکیتیوں کی متعدد وارداتیں ہوئیں، ڈاکوؤں نے مختلف علاقوں میں 7 گھروں میں لوٹ مار کی اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔ پنجاب حکومت اب تک 5 آئی جی تبدیل کر چکی ہے، پولیس کے افسران میں بھی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھا ڑ کی گئی ہے، تاہم صوبائی دارالحکومت لاہور میں جرائم بڑھتے ہی جا رہے ہیں، نمایندے کے مطابق لاہور میں ڈکیتی اور راہزنی کی 30 سے 40 وراداتیں روز کا معمول بن گئی ہیں۔

  • جیتو پاکستان کے نام پرخاتون رکن اسمبلی کونوسربازوں کا جھوٹا میسج

    جیتو پاکستان کے نام پرخاتون رکن اسمبلی کونوسربازوں کا جھوٹا میسج

    پشاور : اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین گیم شو جیتو پاکستان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے نو سربازوں نے عوام کو موبائل فون پر جھوٹے پیغامات بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے، جس میں انعامات اور پروگرام میں شرکت کی نوید سنائی جاتی ہے۔

    اے آروائی نیوز کے نمائندے ظفر اقبال کے مطابق نو سر بازوں نے خیبرپختونخوا کی خاتون رکن اسمبلی نگہت اورکزئی کو بھی ایک ٹیکسٹ میسج بھیج دیا، جس میں ان کو گیم شو جیتو پاکستان کی طرف سے ایک نئی ہنڈا کار اور دس تولے سونا نکلنے پر مبارکباد دی گئی تھی اور نیچے لکھے گئے نمبر پر رابطہ کرنے کا کہا گیا تھا۔

    جعل سازوں کی طرف سے ملنے والے اس برقی پیغام کے بعد خیبرپختونخوا کی خاتون رکن اسمبلی نگہت اورکزئی نے کیا کیا خواب دیکھے وہ ان کی زبانی سنیے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نگہت اورکزئی کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی کارکن اور رکن اسمبلی ہونے کی وجہ سے موبائل فون پر آنے والے ٹیکسٹ میسجز اکثر ناگوار ہی گزرتے ہیں۔

    مگر اس دن جب موبائل فون پر میسج کی ٹون بجی اور نہ چاہتے ہوئے بھی میسج پڑھنا شروع کیا تو پہلی لائن پڑھتے ہی دل کی دھڑکن تیز ہونا شروع ہوگئی کیونکہ میسج ہی ایسا تھا کہ تجسس اور خوشی کے ملے جلے تاثرات میں دل تیزی کے ساتھ دھڑک رہا تھا۔

    وہ پیغام سے زیادہ ایک خوشخبری تھی جس میں پاکستان کے مقبول ترین گیم شو جیتو پاکستان کی طرف سے ایک نئی ہنڈا کار اور دس تولے سونا نکلنے پر مجھے مبارک باد دی گئی تھی اور نیچے لکھے گئے نمبر پر رابطہ کرنے کا کہا گیا تھا۔

    میسج دیکھ کر بہت خوش تھی کہ دس تولہ سونا ملے گا تو کڑے بنا کر بیٹی کیلئے رکھ لوں گی اور کار اپنے استعمال میں آجائے گی لیکن حقیقت جان کر بہت افسوس ہوا کہ یہ لوگ تیس ہزار لے کر لوگوں کو لوٹتے ہیں، لہٰذا اے آر وائی اس کا بھی نوٹس لے کر کارروائی کرے۔

    انتباہ

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیٹ ورک کے مقبول ترین گیم شو جیتو پاکستان کے نام پر جعل ساز گروپس کس طرح سرگرم ہیں اس کا اندازہ پڑھنے اور دیکھنے والے تمام قارئین اور ناظرین کو اچھی طرح معلوم ہوگیا ہوگا۔

    کیونکہ اے آر وائی نیٹ ورک کے فیملی ممبرز سمیت ملک بھر میں شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جس کے پاس موبائل فون ہو اور اسے جعل سازوں کی طرف سے یہ پیغام نہ آیا ہو۔

    اے آر وائی نیٹ ورک اور جیتو پاکستان کے نام کو استعمال کرتے ہوئے یہ جعل ساز گروہ کئی سادہ لوح پاکستانیوں کو ہزاروں روپے کا نقصان پہنچا چکے ہیں، کیونکہ اے آر وائی اور جیتو پاکستان تو ملک بھر میں نام ہی اعتماد کا ہے۔

    لیکن اس تحریر کے ذریعے ایک بار پھر عوام الناس کو باخبر کیا جا رہا ہے کہ نہ تو ان میسجز میں کوئی حقیقت ہے اور نہ ہی ان میسجز کا اے آر وائی نیٹ ورک یا جیتو پاکستان سے کوئی تعلق ہے۔