Tag: نوسرباز خاتون

  • نوسر باز خاتون نقلی سونا بیچتے ہوئے پکڑی گئی

    نوسر باز خاتون نقلی سونا بیچتے ہوئے پکڑی گئی

    سیالکوٹ: شہر کے پوش علاقے کینٹ میں متعدد سناروں کو دھوکا دے کر نقلی سونا فروخت کرنے والی نوسرباز خاتون آخر کار پکڑی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے کینٹ میں 2 ماہ سے مختلف سناروں کو چونا لگانے والی نوسرباز خاتون حمیرا کو کینٹ پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

    سیالکوٹ سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے عامر جاوید بٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نوسرباز خاتون حمیرا دو ماہ سے جیولرز کو چونا لگا کر 5 قیراط کا سونا 24 قیراط کی قیمت پر فروخت کر رہی تھی۔

    معلوم ہوا کہ دھوکا دینے والی خاتون لاہور کے علاقے دھرم پورہ کی رہائشی ہے، آج بھی وہ نقلی سونا بیچنے آئی تھی لیکن کینٹ پولیس نے اسے صرافہ بازار میں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزمہ حمیرا کا کہنا تھا کہ وہ لاہور کی رہائشی خاتون نصرت کے جھانسے میں آکر جعلی سونا فروخت کر رہی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نوسرباز خاتون صرافہ بازار ہی میں جیولرز کو چکر دے کر سونا چوری کر کے فرار ہو جاتی تھی، ایس ایچ او کینٹ نعمان بٹر نے بتایا کہ ملزمہ سے 1 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کر لیے گئے ہیں جب کہ گروہ میں شامل مزید ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے۔

    پولیس کے مطابق نوسرباز خاتون اب تک متعدد جیولرز کو چونا لگا کر جعلی سونا بیچ کر لاکھوں روپے بٹور چکی ہے، حمیرا شہر کے پوش علاقہ کینٹ میں نقلی زیورات سنار کو دکھا کر اصلی زیورات چوری کر کے رفو چکر ہو جاتی تھی، نوسر باز خاتون نے 4 دکان داروں کو نقلی سونا دکھا کر اصلی سونا چوری کیا تھا، چوری ہونے والے سونے کا وزن 5.5 تولے بتایا جا رہا ہے اور مالییت ساڑھے تین سے پانچ لاکھ بتائی جا رہی ہے۔

    ملزمہ کے خلاف صرافہ ایسوسی ایشن کی درخواست پر تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • خود کو سعودی شہری ظاہر کرنے والی نوسرباز خاتون کی گرفتاری کے لیے پولیس متحرک

    خود کو سعودی شہری ظاہر کرنے والی نوسرباز خاتون کی گرفتاری کے لیے پولیس متحرک

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خود کو سعودی شہری ظاہر کرنے والی نوسرباز خاتون نے پولیس کی ناک میں دم کر دیا، خاتون کی گرفتاری کے لیے پولیس متحرک ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک نوسرباز خاتون نے خود کو سعودی شہری ظاہر کر کے متعدد وارداتیں کر ڈالیں، لیکن تاحال پولیس اس تک نہیں پہنچ سکی ہے۔

    ملزمہ ہاتھ کی صفائی سے متعدد دکان داروں کو لوٹ چکی ہے، خود کو سعودی ظاہر کر کے بھی متعدد دکان داروں کو چونا لگا چکی ہے، شہر کے مختلف تھانوں میں اس نوسرباز خاتون کی شکایتوں کے اندراج کے بعد پولیس ملزمہ کی گرفتاری کے لیے متحرک ہو گئی ہے۔

    گزشتہ شام لاہور شہر گھر لوٹنے والوں کے نرغے میں رہا

    خیال رہے کہ لاہور شہر میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں کا سلسلہ دراز ہو گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب پولیس کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ مجرموں کا تعاقب کیا جائے تاکہ صوبے سے جرائم کا گراف نیچے آئے۔ جس کے بعد پنجاب پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کی ابتدائی رپورٹس وزیر اعظم آفس بھجوانے لگی ہے۔

    ایک ہفتے قبل محض ایک ہی شام میں ڈکیتیوں کی متعدد وارداتیں ہوئیں، ڈاکوؤں نے مختلف علاقوں میں 7 گھروں میں لوٹ مار کی اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔ پنجاب حکومت اب تک 5 آئی جی تبدیل کر چکی ہے، پولیس کے افسران میں بھی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھا ڑ کی گئی ہے، تاہم صوبائی دارالحکومت لاہور میں جرائم بڑھتے ہی جا رہے ہیں، نمایندے کے مطابق لاہور میں ڈکیتی اور راہزنی کی 30 سے 40 وراداتیں روز کا معمول بن گئی ہیں۔