Tag: نوشکی

  • وزیر اعظم کا ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان

    وزیر اعظم کا ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان

    نوشکی: وزیر اعظم عمران خان نے نوشکی میں تعینات فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو ناکام بنانے پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے ایف سی اور رینجرز جوانوں کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے نوشکی میں تعینات فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو ناکام بنانے پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان کی فوج کے جوانوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں، پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری فوج نے مشکل حالات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، فوج نے لوگوں کو دہشت گردی سے محفوظ کیا۔ قوم کو اعتماد ہے کہ کسی قسم کی دہشت گردی پاکستان میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔

    وزیر اعظم نے ایف سی اور رینجرز جوانوں کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کا دور ہے اس کا پورا علم ہے، بدقسمتی سے پوری دنیا میں مہنگائی کا سیلاب ہے۔ امریکا، برطانیہ میں بھی مہنگائی کی 40 سالہ ریکارڈ لہر آئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پوری کوشش ہے کہ ہم اپنے لوگوں کی آمدن میں اضافہ کریں، جیسے جیسے آمدن بڑھے گی ہم تنخواہ دار طبقے کی آمدن بھی بڑھاتے جائیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان پر خاص توجہ دے رہے ہیں کیوںکہ یہ پیچھے رہ گیا، دہشت گرد حملے کی جب خبر ملی تو میں اس وقت چین میں تھا۔ اسی وقت فیصلہ کیا کہ واپس آکر نوشکی جاؤں گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ پیچھے سے بھی فنڈنگ ہوتی ہے جو چاہتے ہیں پاکستان کے ٹکڑے ہوں، سی پیک کے اگلے مرحلے میں سب سے زیادہ بلوچستان کو فائدہ ہوگا۔

  • کوئٹہ: لاپتہ باراتیوں کا سراغ مل گیا، سردی سے بچی جاں بحق

    کوئٹہ: لاپتہ باراتیوں کا سراغ مل گیا، سردی سے بچی جاں بحق

    کوئٹہ: چاغی سے نوشکی جانے والی باراتیوں کی لاپتہ 6 گاڑیوں کا سراغ مل گیا۔ گاڑیاں بارش و برف باری کے باعث زارو کے مقام پر پھنسی ہوئی ہیں۔ باراتیوں میں شامل ایک بچی سردی کے باعث جاں بحق ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چاغی سے نوشکی جانے والی بارات کی 6 گاڑیاں لاپتہ ہوگئی تھیں۔ لیویز ذرائع کا کہنا تھا کہ لاپتہ ہونے والی بارات میں دلہا دلہن سمیت 60 افراد شامل تھے اور ان کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

    بعد ازاں لاپتہ ہونے والے باراتیوں کا سراغ مل گیا اور انہیں بارش سے متاثر مقام سے نکالنے کے لیے امدادی کام جاری ہے۔

    صوبائی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لیویز اور ایف سی کی ٹیمیں باراتیوں تک پہنچ چکی ہیں۔ باراتیوں میں شامل ایک بچی سردی سے ٹھٹھر کر جاں بحق ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کے پاس کھانے پینے کا کوئی سامان موجود نہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ علاقہ کچا اور دلدلی ہونے کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں کے درمیان بلوچستان سمیت ملک بھر میں شدید بارشیں اور برفباری ہوئی ہیں جن کے باعث دور دراز علاقے آفت زدہ صورتحال میں ہیں اور ان کا رابطہ بڑے شہروں سے منقطع ہوچکا ہے۔

  • نوشکی : سیکیورٹی فورسزکی کارروائی ، داعش کا کمانڈرساتھیوں سمیت گرفتار

    نوشکی : سیکیورٹی فورسزکی کارروائی ، داعش کا کمانڈرساتھیوں سمیت گرفتار

    نوشکی : سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے القاعدہ اور داعش سے تعلق رکھنے والے کمانڈر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا، دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق داعش کا کمانڈر بلوچستان سے گرفتار کرلیا گیا، پہلت سے گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پرحساس اداروں نے بلوچستان کے سرحدی علاقے نوشکی میں کارروائی کرکے داعش اورالقاعدہ کے اہم علاقائی کمانڈر کو چھ ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

    صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔

    برآمد شدہ اسلحہ میں سات کلاشکوفیں، چالیس دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد کے علاوہ داعش کا جھنڈا اور جہادی لٹریچر ،لیب ٹاپ ،وائرلیس سیٹس شامل ہے۔

    ابتدائی تفتیش میں دہشت گرد نے اعتراف کیا کہ اس نے سال دوہزار بارہ تیرہ میں القاعدہ میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی، ٹریننگ افغانستان اور بعد میں شام میں حاصل کی۔

    سیکیورٹی فورسز کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائیاں اور اقدامات کئے جارہے ہیں۔