Tag: نوشہروفیروز

  • نوشہروفیروز:  خلع کی درخواست دائر کرنے پر  کلہاڑیوں کے وار سے خاتون کی ٹانگیں توڑ دی گئیں

    نوشہروفیروز: خلع کی درخواست دائر کرنے پر کلہاڑیوں کے وار سے خاتون کی ٹانگیں توڑ دی گئیں

    نوشہروفیروز: خلع کی درخواست دائر کرنے پر والد، چچا سمیت دیگررشتے داروں نے کلہاڑیوں کے وار سے خاتون کی ٹانگیں توڑ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق نوشہروفیروز میں 2 روز قبل کلہاڑیوں کے وار سے خاتون کی ٹانگیں توڑنے کا واقعہ سامنے آیا۔

    پولیس نے بتایا کہ خاتون نے طلاق کیلئےعدالت میں درخواست دائرکی تھی، درخواست دینےپرخاتون کےوالد،چچااوردیگررشتہ دارناراض تھے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ خاتون کےوالد،چچااوردیگررشتہ داروں نے تشدد کانشانہ بنایاتھا، جس کے بعد خاتون کی مدعیت میں والد، چچا سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    پولیس نے کہا کہ مقدمےمیں نامزد خاتون کےوالد غلام مصطفی شاہ اور ایک ملزم قربان شاہ کوگرفتارکرلیا ہے تاہم 4ملزمان نے عدالت سے ضمانت لے رکھی ہے۔

    خاتون نےتحفظ کیلئےعدالت میں درخواست دی تھی، جس پر عدالت نےخاتون کودارالامان سکھرمنتقل کردیا تھا، خاتوں نواب شاہ اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

  • طاقت کا غلط استعمال، مفت چائے پینے والے پولیس اہلکاروں نے ہوٹل مالک کو لاک اپ کر دیا

    طاقت کا غلط استعمال، مفت چائے پینے والے پولیس اہلکاروں نے ہوٹل مالک کو لاک اپ کر دیا

    نوشہرو فیروز: محکمہ پولیس میں طاقت کے غلط استعمال کے بڑھتے واقعات سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے، نوشہرو فیروز میں مفت چائے پینے والے پولیس اہلکاروں نے ہوٹل مالک کو لاک اپ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نوشہرو فیروز کے ایک علاقے میں مفت کی چائے پینے کے عادی پولیس اہلکاروں نے پارسل کیے جانے والی چائے کے پیسے طلب کیے جانے پر ہوٹل مالک کو گرفتار کر کے تھانے میں بند کر دیا۔

    یہ واقعہ ٹنڈیارو کے علاقے محبت ڈیرو میں پیش آیا، جہاں چائے مفت میں نہ دینا ہوٹل مالک کے لیے ایک جرم بن گیا، ہوٹل مالک نے بتایا کہ پولیس اہلکار روز ہوٹل آ کر مفت کی چائے پیتے تھے، تاہم آج سپاہی ظہور گوپانگ کی جانب سے پارسل کا مطالبہ کیا گیا، پولیس اہلکاروں نے 5 چائے پارسل کروائی، جب ان سے پیسوں کا مطالبہ کیا گیا تو وہ سیخ پا ہو گئے اور ہمیں گرفتار کر کے تھانے لے گئے۔

    ہوٹل مالک کے مطابق انھوں نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے واقعے اور پولیس اہلکاروں کے رویے کی شکایت کی تھی، تاہم ان کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

    ہوٹل مالک آفتاب گوپانگ نے اپنے ورثا کے ہمراہ پریس کلب پر احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جب انھیں گرفتار کیا گیا تو پولیس نے رشوت لے کر رہا کیا، انھوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس اہلکار کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    دوسری طرف محبت ڈیرو کے ایس ایچ او محبوب چھاچھر نے رابطے پر بتایا کہ چائے کا کوئی ایشو نہیں ہے بلکہ یہ ان کا آپس کا تنازعہ ہے، تاہم ایس ایس پی نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور پولیس اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی جا رہی ہے۔

  • ’ایک ماہ کے آذر کی جان بچائیں‘ سندھ کے سیلاب متاثرین بے یارو مددگار

    ’ایک ماہ کے آذر کی جان بچائیں‘ سندھ کے سیلاب متاثرین بے یارو مددگار

    حیدرآباد:  نوشہروفیروز سے حیدرآباد آنے والے سیلاب متاثرین کے کیمپ میں ایک ماہ کے  بیمار بچے آذر کی جان خطرے میں آگئی۔

    اس وقت پورا ملک سیلابی صورتحال سے دو چار ہے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش سیلاب زدگان کی کہانیاں، خبریں، تصویریں اور وائرل ویڈیوز دیکھ کر لوگوں کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

    سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کے سیلاب متاثرین کیمپ میں ایک ماہ کا بچہ آذر امداد کا منتظر ہے۔

    انتظامیہ کی امداد کے منتظر ہیں، متاثرین

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق قاسم آباد اولڈ وحدت کالونی کے اسکول میں 200 سے زائد سیلاب متاثرین پناہ لیے ہوئے ہیں اور حکومتی امداد کا انتظار کررہے ہیں۔

    کیمپ میں موجود ایک ماہ کے بیمار بچے آذر کے لیے نہ دوائیں ہیں اور نہ ہی پینے کے لیے دودھ ہے، ماں اپنے لخت جگر کے لیے پریشان ہیں جبکہ انتظامیہ اسکول میں چھوڑ کر چلی گئی کمروں میں تالے لگے ہوئے ہیں۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی امداد کے منتظر ہیں لیکن کمروں میں تالے لگا کر ہمیں بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا نمائندہ اے آر وائی نیوز سے رابطہ

    صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ آپ کے نمائندے زاہد کلہوڑو سے گفتگو ہوئی ہے ڈپٹی کمشنر کو کہا ہے کہ ننھے بچے کو غذا اور دوائیں فراہم کی جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کے اکاؤنٹ میں فنڈز بھیج دیے ہیں لوگوں کو کھانا فراہم کرنا اور ان کی دیکھ بھال ہمارا فرض ہے۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تمام صورت حال کو مانیٹر کیا جارہا ہے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

    حیدرآباد کے شہری کس طرح  گھروں میں محصور

    علاوہ ازیں حیدرآباد میں بارش کا سلسلہ تھم گیا مگر رہائشی آبادی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور نکاسی آب کے لیے انتظامیہ نہیں نظر نہیں آرہی ہے۔

    فضائی منظر میں دیکھا گیا کہ حیدرآباد کے شہری کس طرح اپنے گھروں میں محصور ہیں اور ان کا گھروں سے نکلنا محال ہے جبکہ لوگوں کو غذائی قلت کا بھی سامنا ہے۔

  • عزیز میمن کا قتل: قاتلوں کی گرفتاری کے لیے حکومت کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم

    عزیز میمن کا قتل: قاتلوں کی گرفتاری کے لیے حکومت کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم

    خیرپور: محراب پور میں سینئر صحافی عزیز میمن کے قتل کے خلاف صحافی سراپا احتجاج بن گئے ہیں، ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے صحافی کے قتل پر اظہار مذمت کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صحافی عزیز میمن کے قتل پر صحافی سراپا احتجاج بن گئے ہیں، قتل کے خلاف خیرپور پریس کلب سمیت تمام تحصیلی یونٹس میں مظاہرے کیے جائیں گے، ضلعے کے تمام پریس کلبز پر سیاہ جھنڈے بھی لگائے جائیں گے۔

    دریں اثنا، عزیز میمن کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں صحافیوں، سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید ظفرعلی شاہ، رکن صوبائی اسمبلی سرفراز شاہ سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، عزیز میمن کے قتل کا مقدمہ تاحال درج نہ ہو سکا، مقتول صحافی کے کیمرا مین کو گزشتہ رات پولیس نے حراست میں لیا تھا، مقتول صحافی نے دھمکیاں ملنے پر اسلام آباد میں احتجاج بھی کیا تھا۔

    ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے کہا ہے کہ سر عام قتل کے واقعے پر میڈیا کمیونٹی صدمے سے دوچار ہے، فرض کی ادائیگی کے دوران میڈیا نمایندوں کے قتل کا تسلسل تشویش ناک امر ہے۔

    ایمنڈر کے صدر اظہر عباس اور سیکریٹری جنرل عماد یوسف نے کہا کہ عزیز میمن کا قتل حالیہ حملوں کا تسلسل ہے، ہم وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سے سفاکانہ قتل کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں، یہ واقعہ آزادی صحافت پر حملہ ہے، قانون نافذ کرنے والے میڈیا نمایندوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہیں۔ ایمنڈ نے تشدد کے واقعات اختلاف رائے کو دبانے کی کوشش قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کی نشان دہی کر کے انھیں کٹہرے میں لایا جائے۔

    نائب صدر پی ایف یو جے لالہ اسد پٹھان نے بھی مطالبہ کیا کہ عزیز میمن کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، اور قتل کے محرکات سامنے لائے جائیں، ہم سندھ حکومت اور پولیس کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں، ملوث افراد گرفتار نہ ہوئے تو سندھ بھر میں احتجاج کریں گے۔ پی ایف یو جے کے مطابق پہلے مرحلے میں ضلعی، دوسرے میں ڈویژنل سطح پر احتجاج کیا جائے گا، تیسرے مرحلے میں سی پی او اور سندھ اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ لالہ اسد پٹھان کا کہنا تھا کہ خبر کی بنیاد پر صحافیوں کا قتل اور تشدد معمول بنتا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز نوشہرو فیروز کے علاقے محراب پور میں سینئر صحافی عزیز میمن کو قتل کر دیا گیا تھا، ان کی لاش نہر سے ملی تھی، پولیس کا کہنا تھا پریس کلب محراب پور کے صدر عزیز میمن کی لاش نہر سے نکال کر تعلقہ اسپتال محراب پور پہنچائی گئی، عزیز میمن کو کیبل کے تار سے گلا دبا کر قتل کرنے کا شبہ ہے، پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا۔

  • کنڈیارو میں کھڑی کار کو بس کی ٹکر، 5 افراد جاں بحق، 10 سے زائد زخمی

    کنڈیارو میں کھڑی کار کو بس کی ٹکر، 5 افراد جاں بحق، 10 سے زائد زخمی

    نوشہروفیروز: کنڈیارو میں ٹول پلازہ پر کھڑی کار کو ایک بس نے ٹکر مار دی، جس سے 5 افراد جاں بحق جب کہ 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع نوشہروفیروز کے شہر کنڈیارو میں ایک بس نے ٹول پلازہ پر کھڑی کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے کنڈیارو کے اسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثے کا شکار ہونے والی بد قسمت کار اور بس سکھر جا رہے تھے، کار کے مسافر ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس دے رہے تھے، کہ پیچھے سے تیز رفتار بس اس پر چڑھ دوڑی۔

    پنجاب کے شہر بہاولپور کے علاقے لال سوہانرا کے قریب بھی ایک حادثے میں 16 افراد زخمی ہوئے ہیں، یہ حادثہ بس، ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالی کے آپس میں ٹکرانے سے پیش آیا، ریسکیو کا کہنا ہے کہ ٹرک میں پھنسے ڈرائیور کو باڈی کاٹ کر نکالا جا رہا ہے۔

    ادھر لاہور کے علاقے پھول نگر بائی پاس کے قریب بھی ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا ہے، پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 30 سالہ مقدس کے نام سے ہوئی ہے۔

    خیال رہے کہ پنجاب میں شاہراہوں پر دھند کے باعث حادثات معمول بن گئے ہیں، ٹریفک حکام کی جانب سے گاڑی مالکان اور ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نہایت احتیاط سے کام لیں، تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

  • مجبور ماں نے 2 جگر گوشوں کے ساتھ نہر میں چھلانگ لگا دی

    مجبور ماں نے 2 جگر گوشوں کے ساتھ نہر میں چھلانگ لگا دی

    نوشہروفیروز: صوبہ سندھ کے شہر کنڈیارو کے قریب مجبور ماں نے 2 بچوں کے ساتھ سیھڑا مائنر میں چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع نوشہروفیروز میں ایک مجبور ماں کو اپنے دو بچوں کے ساتھ خود کشی کرنی پڑی، ماں نے دو بچوں کے ساتھ سیھڑا مائنر میں چھلانگ لگا دی جس کے نتیجےمیں ماں اور بیٹی جاں بحق ہو گئے تاہم ایک بچے کو بچا لیا گیا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق نہر میں خاتون کے کودنے کے بعد مقامی افراد نے انھیں بچانے کی کوشش کی تاہم ایک بچہ ہی بچایا جا سکا، جب کہ ماں اور ایک بیٹی ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  گجرات، غربت سے تنگ باپ 4 بچوں سمیت نہر میں کود گیا

    کنڈیارو پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر نعشوں کو تحویل میں لے کر تعلقہ اسپتال کنڈیارو منتقل کر دیا، پولیس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ بچہ اپنا نام ماجد علی ولد بخش علی جتوئی بتا رہا ہے جب کہ والدہ کا نام عجیباں اور بہن کا نام پارس تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کی جا رہی ہے، ورثا کے تھانے پہنچنے پر خود کشی کی وجہ سامنے آئے گی، تب تک اس متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملنے پر شہریوں کی کثیر تعداد اسپتال پہنچ گئی۔

  • نوشہروفیروز: قومی شاہراہ کے قریب ٹرک الٹ گیا، 10 افراد زخمی

    نوشہروفیروز: قومی شاہراہ کے قریب ٹرک الٹ گیا، 10 افراد زخمی

    نوشہروفیروز: صوبہ سندھ کے شہر نوشہرو فیروز میں قومی شاہراہ کے قریب ٹرک الٹنے کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نوشہرو فیروز میں قومی شاہراہ کے قریب ٹائر راڈ ٹوٹنے کے باعث ٹرک الٹ گیا، حادثے میں بچوں اور خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 10 افراد زخمی ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    پولیس کے مطابق زخمیوں میں اشرف، اسمہ، کلثوم، فدا، نادر، باقر، احمد، احسان، وحید اور اسد شامل ہیں، زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، حادثے کے شکار افراد کھجوروں کی مزدوری کے لیے دولت پور سے سکھر جا رہے تھے۔

    شکارپور میں ٹریفک حادثہ، 6 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ تین روز قبل صوبہ سندھ کے شہر شکارپور میں مسافرکوچ اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    کوئٹہ قومی شاہراہ پر ہولناک ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ رواں ماہ 3 جون کو بلوچستان کے شہر ژوب میں کوئٹہ قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹرک اور وین میں آپس میں ٹکرا گئی تھی جس کے باعث تیرہ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، مسافر وین کوئٹہ سے ژوب آرہی تھی۔

  • سندھ اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کا اعلان

    سندھ اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کا اعلان

    کراچی : ضمنی انتخابات پی ایس 106 اور پی ایس 117 میں متحدہ اور پی ایس 22 سے پی پی کے امیدواران نے فتح اپنے نام کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق کراچی کے حلقہ پی ایس 106 سے ایم کیو ایم کے امیدوار محفوظ یار خان اٹھارہ ہزار ایک سو سینتیس ووٹ لے کر کامیاب جبکہ پی پی پی کے سردارعبدالصمد دوسرے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔

    پی ایس 117 کے نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار قمر عباس گیارہ ہزار سے زائد ووٹ کے لیے فاتح قرار پائے ہیں.

    دوسری جانب نوشہروفیروز پی ایس 22 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار ڈاکٹر عبدالستار راجپر اٹھائیس ہزار سے زائد ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے عارف مصطفیٰ چھ ہزار ووٹوں کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہیں۔

    ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کا تناسب انتہائی کم تقریباً 7 فیصد رہا ہے۔

     

  • کراچی ضمنی الیکشن: وزیراعلیٰ سندھ نے وفاق سےفوج اور رینجرزکی خدمات مانگ لیں

    کراچی ضمنی الیکشن: وزیراعلیٰ سندھ نے وفاق سےفوج اور رینجرزکی خدمات مانگ لیں

    کراچی: سندھ میں کراچی کے حلقہ پی ایس 106, پی ایس 107 اور نوشہروفیروز کے حلقہ پی ایس 22 میں دو جون کو ضمنی انتخابات ہوں گے ۔

    کراچی میں ضمنی الیکشن کے موقع پر دوصوبائی حلقے میں ایک دن پولنگ ہوگی حلقے کے گلی کوچوں میں میلہ سا لگا ہے، مہم کے آخری روز ایم کیو ایم کی ریلی نے کارکنوں کاجوش بڑھایا، پی ایس ایک سو چھ سے متحدہ کے محفوظ یارخان ،پیپلز پارٹی کےسردار عبدالصمداور پی ٹی آئی کی نصرت انوار سمیت چودہ امیدوارمیدان میں ہیں۔

    پی ایس ایک سو سترہ سے میجرریٹائرڈ قمرعباس رضوی کا نشان پتنگ ہے،جاویدمقبول تیراورفاقت عمر بلے کے ساتھ مدمقابل ہیں دونوں نشستیں افتخارعالم اورڈاکٹرصغیر کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

    ناخوشگوارصورتحال سےنمٹنےکے لئےوزیراعلیٰ سندھ نےوفاق سےفوج اوررینجرزکی خدمات مانگ لیں، رینجرزہیڈکواٹر میں بڑوں کی بیٹھک بھی ہوئی، ڈی جی رینجرزکی زیرصدارت اجلاس میں اے آئی جی مشتاق مہر اوررینجرزکے سیکٹر کمانڈرز نے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دو جون کو ہونیو الے تین صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے پاک فوج یا رینجرز تعینات کرنے کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھنے کے احکامات دیدیے ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کو کہا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج یا رینجرز تعینات کی جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر محکمہ داخلہ کو کہا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ کو فوج یا رینجرز تعینات کرنے کیلئے فوری طور پر خط لکھیں۔