نوشہرہ: شوہر نے ناراض بیوی کے گھر والوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ساس، سسر اور بیوی کا بہنوئی جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ کے گاؤں ٹیٹارہ میں گھریلو تنازع پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، بیوی شوہر سے ناراض ہوکر اپنے والدین کے گھر آئی ہوئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عامر کی بیوی کافی عرصے سے ناراض ہو کر میکے میں بیٹھی ہوئی تھی، آج بیوی کو منانے کی کوشش کے دوران ملزم کی سسرالیوں سے تکرار ہوئی تھی۔
اس تکرار کے دوران ملزم نے فائرنگ کردی جس کے نیتجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں مشتاق خان 70 سال، زوجہ مشتاق عمر 60 سال، حیات عمر 53 سال شامل ہیں۔
نوشہرہ : موٹروے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سینئر سول جج ایڈمن مردان اور ایک وکیل موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ میں رشکئی کے قریب موٹروے پر نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں سینئر سول جج ایڈمن مردان اور ایک وکیل موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ نامعلوم موٹر کار سواروں نے فائرنگ کرکے سینئر سول جج ایڈمن محمد حیات خان اور ایک وکیل خالد خان کوفائرنگ کرکے قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے دونوں لاشیں قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس اسپتال منتقل کردیں ، دونوں جاں بحق افراد سوات اورمردان کے رہائشی ہیں۔
ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن نے سینئر سول جج اور وکیل کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت اورآئی جی ملوث کرداروں کو فوری گرفتار کریں۔
پشاورہائیکورٹ بار کا کہنا تھا کہ وکلا اور عدلیہ کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، صوبے میں پرتشددواقعات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔
خیبرپختونخوا بار کونسل نے بھی سینئرسول جج اوروکیل کے قتل کی مذمت کی، خیبرپختونخوا بارکونسل کی کال پر وکلا کے عدالتی بائیکاٹ کے باعث سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
کے پی بار کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ سینئرسول جج محمدحیات اور ایڈووکیٹ خالدخان کےقاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔
نوشہرہ : حقانیہ مدرسہ اکوڑہ خٹک میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں مولانا حامد الحق سمیت 3 افراد شہید اور 10 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ میں حقانیہ مدرسہ اکوڑہ خٹک میں دھماکا ہوا ، جس میں مولانا حامد الحق سمیت 3 افراد شہید ہوگئے جبکہ 10 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سنٹرل پولیس آفس نے بتایا کہ دھماکا نمازجمعہ کے بعد مدرسے کے اندر ہوا تاہم دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جارہا ہے۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے پہنچ گئے ہیں جبکہ 6 ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمیں بھی پہنچ گئیں ہیں ، زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
نوشہرہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ نوشہرہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ترجمان محمد عاصم نے بتایا کہ کوڑہ خٹک دھماکا کے بعد ایل آر ایچ میں ایمرجنسی کو الرٹ کر دیا گیا ہے ، ایل آر ایچ انتظامیہ اور طبی عملہ زخمیوں کے علاج کیلئے تیار ہے۔
حقانیہ مدرسہ اکوڑہ خٹک میں دھماکا خودکش تھا
ڈی پی او عبدالرشید نے بتایا کہ حقانیہ مدرسہ اکوڑہ خٹک میں دھماکا خودکش تھا، تاہم شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں۔
دھماکے میں جے یو آئی (س )کے سربراہ کو نشانہ بنایا۔
آئی جی کے پی نے بتایا کہ دھماکے میں جے یو آئی (س )کے سربراہ کو نشانہ بنایا جبکہ پولیس حکام نے کہا کہ مسجد میں نماز جمعہ کے وقت 23 پولیس اہلکار تعینات تھے، مولانا حامد الحق کی سیکیورٹی پر6پولیس اہلکار تعینات تھے تاہم علاقےمیں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
پشاور،مردان ،نوشہرہ سمیت دیگرشہروں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
مشیرصحت احتشام علی نے بتایا کہ پشاور،مردان ،نوشہرہ سمیت دیگرشہروں کےاسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور ڈی جی ہیلتھ اورسیکرٹری آفس سمیت تمام مراکز صحت کو الرٹ کردیا ہے ، زخمیوں کو ہر طرح کی طبی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔
اکوڑہ خٹک دھماکے پر گورنر خیبرپختونخوا کا اعلیٰ حکام سے رابطہ، رپورٹ طلب
اکوڑہ خٹک دھماکے پر گورنر خیبرپختونخوا نے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
گورنر فیصل کنڈی نے مولانا حامد الحق حقانی اور دیگر افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک دھماکہ اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کی سازش ہے، صوبائی حکومت کی نااہلی اورملی بھگت کاخمیازہ نہ جانےکب تک صوبہ بھگتے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی دارالعلوم حقانیہ میں دھماکے کی شدید مذمت
وزیراعظم شہبازشریف نے دارالعلوم حقانیہ میں دھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اور مولانا حامد الحق سمیت دیگر زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔
شہباز شریف نے زخمیوں کوہرممکن طبی امداد فراہم کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ اور مذموم کارروائیاں دہشت گردی کیخلاف عزم کوپست نہیں کر سکتیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُر عزم ہیں۔
صدرآصف زرداری کی دارالعلوم حقانیہ میں خود کش حملے کی مذمت
صدرآصف زرداری نے بھی دارالعلوم حقانیہ میں خود کش حملے میں نمازیوں کونشانہ بنانے کے مکروہ فعل کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ نمازیوں کونشانہ بنانا مذموم اور گھناؤنا عمل ہے، دہشت گرد ملک وقوم اورانسانیت کے دشمن ہیں۔
نوشہرہ : 50 ہزار سے کم آمدنی والے افراد بھی کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم سے اب اپنا گھر بنا سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کردیا گیا، 150 کنال رقبے پر محیط ہاؤسنگ اسکیم پر لاگت کا 3300 ملین روپے تخمینہ لگایا گیا ہے۔
اسکیم کے پہلے مرحلے میں 120 فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے، اسکیم میں کل1320 کم لاگت اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے، 50 ہزار سے کم آمدنی والے افراد اسکیم سے مستفید ہونے کے اہل ہیں۔
کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم کے بعد وزیر اعلیٰ کے پی نے اسپورٹس کمپلیکس منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔
یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا افتتاح کیا تھا ، جس کے تحت تحت شہری 15 لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پانچ سال میں 5 لاکھ گھر بنانے کاہدف حاصل کریں گے، 15 لاکھ روپے کا قرض 7 سال میں 14 ہزار ماہانہ قسط پر ادا کرنا ہوگا۔
نوشہرہ : ایک اور صحافی کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا گیا، نوشہرہ میں سینئر صحافی حسن زیب کو گولیاں مار دی گئیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نوشہرہ میں اکبر پورہ کے علاقے میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آور صحافی حسن زیب کو قتل کرنے کے بعد آسانی سے فرار ہوگئے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے صحافی کے قتل کا نوٹس لے لیا اور پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی، علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے، جلد پکڑے جائیں گے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے حسن زیب کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتارکرنے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ پیپلزپارٹی حسن زیب کے اہلخانہ کے دکھ میں برابرکی شریک ہے، لواحقین کو انصاف دلانے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔
حسن زیب کے بہیمانہ قتل کےخلاف خیبر یونین آف جرنلسٹس نے آج احتجاج کی کال دے دی ہے، اعلامیے میں کہا گیا ہے دوپہر ڈیڑھ بجے پشاور پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا جائے گا، قاتلوں کو فوری گرفتارکرنے،صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
پشاور: مقامی انتظامیہ نے نوشہرہ میں ریلیف کیمپ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا، اور متاثرین کو گھروں کو جانے کی ہدایت کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق فلڈ سیل نے کہا ہے کہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اور ملک کے تمام دریاؤں میں اس وقت پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
فلڈ سیل کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر اس وقت پانی کا بہاؤ 79 ہزار 600 کیوسک ہے، جب کہ ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ پانی کا بہاؤ اب نارمل ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے آج سے ریلیف کیمپس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، متاثرہ علاقوں کے لوگ اپنے گھروں کو جا سکتے ہیں، انتظامیہ آج سے متاثرہ علاقوں کا ڈیٹا جمع کرے گی۔
ڈی سی نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کے لوگ اپنے گھروں کو جائیں تاکہ صفائی کا کام شروع کیا جائے اور ان نقصانات کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا سکے۔
دوسری طرف فلڈ سیل کے مطابق دریائے کابل میں ورسک کے مقام پر پانی کا بہاؤ 32 ہزار کیوسک ہے، ادینزئی پل کے مقام پر پانی کا بہاؤ 23 ہزار 182 کیوسک ہے، جب کہ دریائے سندھ میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
دریائے سندھ میں اٹک کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 46 ہزار 800 کیوسک ہے، چشمہ کے مقام پر درمیانی درجے کا سیلاب ہے، اور 2 لاکھ 30 ہزار 454 کوسک ریلا گزر رہا ہے، تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 79 ہزار کیوسک ہے۔
فلڈ سیل کے مطابق دریائے سوات میں منڈا کے مقام پانی کا بہاؤ نارمل ہے، منڈا ہیڈ ورسک کے مقام پر پانی کا بہاؤ 18 ہزار 800 کیوسک ہے، جب کہ چارسدہ خیالی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 19 ہزار 81 کیوسک ہے۔
پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر نوشہرہ میں سیلابی پانی سے 9 یونین کاؤنسلز شدید متاثر ہوئی ہیںِ، نوشہرہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ میں سیلاب کی شدت میں کمی کے لیے صوبائی حکومت اور انتظامیہ نے واپڈا سے رابطہ کیا ہے، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کا کہنا ہے کہ واپڈا حکام نے تربیلا اور وارسک ڈیموں سے پانی کے اخراج میں کمی کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ اخراج میں کمی سے دریائے کابل میں سیلابی ریلے کی شدت میں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے پیش نظر سرکاری اسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، چارسدہ اور نوشہرہ کے سیلاب متاثرین کے لیے کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق چارسدہ میں منڈا ہیڈ ورکس کا آدھا حصہ سیلابی ریلے میں تباہ ہوچکا ہے، 2 عدد ڈسچارج کنٹرول سیکشن پانی میں بہہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں 100 سے زائد ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، ریلیف کیمپس میں کھانے پینے اور رہائش کا مناسب بندوبست ہے۔
کراچی: تاجکستان سے پاکستان 1300 میگا واٹ پن بجلی منتقل کرنے کے منصوبے کاسا-1000 پراجیکٹ کے تحت نوشہرہ میں ایچ وی ڈی سی کنورٹر اسٹیشن پر تعمیراتی کام کا آغاز ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق کرغزستان، تاجکستان سے تیرہ سو میگا واٹ بجلی افغانستان سے پاکستان پہنچانے کے لیے خیبر پختون خوا کے علاقے ازاخیل بالا نوشہرہ میں کاسا-1000 پاور پروجیکٹ کے لیے ایچ وی ڈی سی کنورٹر اسٹیشن پر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ نے تعمیراتی کام شروع کر دیا ہے۔
منصوبے کے تحت کرغزستان، تاجکستان، افغانستان، پاکستان تک 1270 کلو میٹر طویل ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر بھی جاری ہے، جو 2023 تک مکمل ہو جائے گی، جب کہ کنورٹر اسٹیشن کی تعمیر 2024 تک مکمل ہوگی۔
205 ملین امریکی ڈالر کے منصوبے کے معاہدے پر دستخط ہو گئے، ترجمان کا کہنا ہے کہ این ٹی ڈی سی نے بجلی کی ترسیل کے نظام میں ایک اور سنگ میل حاصل کر لیا۔
واضح رہے کہ کاسا 1000 پاور پروجیکٹ کے تحت گرمیوں کے موسم میں 1300 میگا واٹ پن بجلی تاجکستان سے پاکستان منتقل کی جائے گی اور ملک کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
اس سلسلے میں 1270 کلو میٹر طویل ٹرانسمیشن لائن بھی زیر تعمیر ہے، جب کہ پاکستان میں این ٹی ڈی سی طور خم بارڈر سے نوشہرہ کنورٹر اسٹیشن تک 113 کلو میٹر طویل ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن تعمیر کر رہی ہے، کنورٹر اسٹیشن کی سائٹ کی چار دیواری کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
یہ ٹرانسمیشن لائن 2023 تک مکمل ہو جائے گی، ترجمان نے کہا ہے کہ معاہدے کی تکمیل کی مدت کے مطابق، ایچ وی ڈی سی کنورٹر اسٹیشن پروجیکٹ 2024 تک مکمل ہو جائے گا۔
کنورٹر اسٹیشن اور طور خم بارڈ ر سے لے کر نوشہر ہ تک ٹرانسمیشن لائن کی کل لاگت 205 ملین امریکی ڈالر ہے، منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن نے مذکورہ منصوبے کی تعمیر شروع کرنے پر این ٹی ڈی سی کاسا-1000 ٹیم کی کاوشو ں کو سراہا۔
نوشہرہ: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے احتساب کے ادارے کے لیے مستقبل میں اپنے ارادوں کا اظہار کر دیا، انھوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب نیب کو ہم انتقام کا نشانہ بنائیں گے۔
خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ میں پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آج مریم نواز نے کہا ن لیگ کو حکومتی جبر اور انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس پر افسوس ہے، لیکن وہ وقت دور نہیں جب نیب کو ہم انتقام کا نشانہ بنائیں گے۔
خاتون لیگی رہنما نے کہا اچھا بھلا چلتا ہوا پاکستان تھا، موٹر ویز بن رہی تھیں، نواز شریف کی حکومت میں غریب کی زندگی اچھی چل رہی تھی، ملک ترقی کر رہا تھا اور پھر اچانک زہریلی سونامی آ گئی۔
مریم نواز نے کہا پنجاب کی جتنی بیٹی ہوں، اس سے زیادہ خیبر پختون خوا کی بیٹی ہوں، یہ نہیں ہو سکتا مریم نواز ڈسکہ اور وزیر آباد جائے اور نوشہرہ نہ جائے، مجھے پشتو زبان سے بہت پیار ہے، سندھ، بلوچستان اور پنجاب سے زیادہ ہم دردی کے پی سے ہے، کیوں کہ جو نا اہلی اور ڈکیتی پاکستان 3 سال سے سہ رہا ہے کے پی وہ 8 سال سے سہہ رہا ہے۔
انھوں نے کہا کوئی پوچھے عوام کا خادم کیسا ہونا چاہیے، کہوں گی اختیار ولی جیسا ہونا چاہیے، اختیار ولی نہ صرف جماعت کا وفادار ہے بلکہ نوشہرہ اور عوام کا بھی وفادار ہے، اختیار ولی عوام اور نوشہرہ کی خدمت کا جذبہ لے کر میدان میں اترا ہے، نوشہرہ والو اختیار ولی کو ووٹ دوگے تو وہ دن رات آپ کی خدمت کرے گا۔
مریم نواز کا خطاب میں کہنا تھا کہ مہنگائی کی یہ حالت ہے کہ غریب کی کیا، متوسط طبقے اور امیر کی حالت دیکھ کر دل روتا ہے، آج کھانے پینے کی اشیا سب سے زیادہ مہنگی ہوگئی ہیں، اور عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔
نوشہرہ:اکبرپورہ میں اسکریپ کے سامان میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا اسکریپ میں موجود بارودی مواد پھٹنے سے ہوا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے اکبرپورہ میں دریا کنارے سے ملنے والے مارٹر گولے کے پھٹنے سے دھماکے میں5 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ مقامی لوگوں کو دریا کنارے سے ملنے والے مارٹر گولے کو کباڑ میں بیچنے کے دوران پیش آیا، وقوعہ کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور متاثرہ جگہ کو شواہد اکھٹا کرنے کیلئے محفوظ کر لیا گیا ہے۔
دھماکے میں جاں بحق افراد کو میاں راشد میموریل اسپتال پبی منتقل کردیا گیا ہے، جاں بحق پانچ افراد کی شناخت ہدایت اللہ، مکرم ، فرید اللہ، حضرت اللہ اور شفقت سے ہوئی جبکہ وقوعہ میں قیصرنامی شخص زخمی ہوا۔
ڈسٹرکٹ پولیس افیسر کیپٹن(ر) نجم الحسنین پولیس افسران کے ساتھ موقع پر پہنچے، پولیس کا کہنا ہے کہ حالات واقعات کا جائزہ لینے کے بعد واضح ہوگا کہ مارٹر گولہ پھٹنے کے اصل محرکات کیا تھے۔