Tag: نومئی واقعات

  • سابق رکن اسمبلی  کیپٹن (ر)جمیل احمد خان  کا پارٹی چھوڑنے کااعلان

    سابق رکن اسمبلی کیپٹن (ر)جمیل احمد خان کا پارٹی چھوڑنے کااعلان

    کراچی: کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک اور سابق رکن قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ویڈیو بیان میں سابق ایم این اے پی ٹی آئی کراچی کیپٹن (ر)جمیل احمد خان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ تیرہ برس تک پاک فوج میں اپنی خدمات انجام دیتا رہا، پاک فوج کےساتھ عقیدت اورمحبت کارشتہ ہے، فخرسے کہتا ہوں کہ میرابیٹا بطورلیفٹیننٹ ملکی دفاع میں مصروف ہے۔

    کیپٹن (ر)جمیل احمدخان نے کہا کہ سیاست اورپی ٹی آئی میں اس لیےشامل ہوا تھا کہ ملک کی بہترخدمت کرسکوں، نو مئی کے روز پاک فوج کی تنصیبات پرجلاؤ گھیراؤ امن وامان کامسئلہ پیدا کیا گیا،حکومت اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا گیا،میں ایسے تمام واقعات کی مذمت کرتاہوں اور ان واقعات سے دلبرداشتہ ہوکرپی ٹی آئی سےمستعفی ہونےکااعلان کرتاہوں۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما چھوڑ کر چلے گئے

    سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ واقعات کےذمہ داران کوقانون کےدائرےمیں لایاجائے،میرے لیےمیرا وطن اورافواج پاکستان بہت مقدم ہیں،یہ ملک عظیم ہے،دنیا کی کوئی طاقت کوئی ہستی اسےمٹا نہیں سکتی۔

    واضح رہے کہ نومئی واقعات کے بعد سے پی ٹی آئی میں ٹوٹ پھوٹ کا سلسلہ جاری ہے، کئی اہم اور سرکردہ رہنما پارٹی کو خیرباد کہہ چکے، جن میں اسد عمر، شیریں مزاری، فواد چوہدری، مولوی محمود، سیف اللہ نیازی، فیاض الحسن چوہان شامل ہیں۔

  • افتخار درانی نے رہنماؤں کو دوبارہ گرفتار کرنے کی وجہ بتادی

    افتخار درانی نے رہنماؤں کو دوبارہ گرفتار کرنے کی وجہ بتادی

    پی ٹی آئی رہنما افتخار درانی کا کہنا ہے کہ ایک بات عیاں ہوگئی پارٹی چھوڑنے والا رہا اور ثابت قدم رہنے والا دوبارہ گرفتار ہورہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر میں گفتگو کرتے ہوئے افتخار درانی نے شیریں مزاری کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کے اعلان پر کہا کہ زندگی میں پہلی بار دیکھا کہ شیری مزاری کاغذ پڑھ کر بات کررہی تھی، شیری مزاری نے خود کہا کہ ان کی بیٹی کی ویڈیو جیل میں دکھائی گئی۔

    افتخار درانی نے کہا کہ جب بچوں پر بات آجائےتو کون دباؤ برداشت کرسکتا ہے؟ ۔

    پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج ایک بات عیاں ہوگئی کہ جو پارٹی چھوڑ رہا ہے وہ رہا ہورہا ہے، جو ہمارے ساتھ ثابت قدم ہے وہ رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار ہورہا ہے۔

    افتخار درانی نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے والے فیاض الحسن چوہان سے متعلق کہا کہ انہوں نے ذاتی عناد پر مبنی گفتگو کی، چوہان کاشکوہ تھا کہ پہلےٹکٹ نہیں دیاگیاپھرکورکمیٹی سےنکال دیاگیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے کا پارٹی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان

    انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج تک تشدد پراکسانےوالی بات نہیں کی، دوسری پارٹی میں جانے کیلئےبے بنیاد الزامات نہیں لگانےچاہئیں۔

    واضح رہے کہ آج پی ٹی آئی کو زبردست سیاسی دھچکے لگے جہاں تحریک انصاف کی تھنک ٹینک شیریں مزاری نے پارٹی اور سیاست سے علیحدگی کا اعلان کیا وہی راولپنڈی سے سابق رکن قومی اسمبلی فیاض الحسن نے بھی پی ٹی آئی کو خیرباد کہا۔

    ادھر اوچ شریف سے سابق ایم پی اے مخدوم افتخار الحسن گیلانی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے جبکہ کراچی سے بلال غفار نے بھی پی ٹی آئی سے اعلان لاتعلقی کیا۔