Tag: نوواک جوکووِچ

  • ومبلڈن فائنل: 20 سالہ ہسپانوی ٹینس اسٹار نے نوواک جوکووِچ سے فتح چھین کر تاریخ رقم کر لی

    ومبلڈن فائنل: 20 سالہ ہسپانوی ٹینس اسٹار نے نوواک جوکووِچ سے فتح چھین کر تاریخ رقم کر لی

    لندن: ہسپانوی ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز نے سابق چیمپئن نوواک جوکووِچ سے ومبلڈن کا فائنل چھین لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہسپانوی ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز نے ومبلڈن مینز فائنل جیت لیا ہے، انھوں نے فائنل میں سربیائی ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو شکست سے دوچار کر کے لگاتار پانچویں ٹائٹل سے محروم کر دیا۔

    نوواک جوکووچ اپنا ریکارڈ 24 واں گرینڈ سلم جیتنے میں ناکام رہے، سنسنی خیز مقابلے کے بعد الکاراز نے پانچویں سیٹ میں انھیں شکست دے کر کامیابی سمیٹی، پانچ سیٹس پر مشتمل اس مقابلے کو آل انگلینڈ کلب کے بہترین مقابلوں میں سے ایک سمجھا جا رہا ہے۔

    الکاراز نے تقریباً پانچ گھنٹوں پر مشتمل اس دل کش کھیل میں پہلا ومبلڈن ٹائٹل اور دوسرا گرینڈ سلم ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ اس فائنل سے پہلے جوکووچ نے ومبلڈن میں لگاتار 34 میچ جیتے تھے اور 2013 سے سینٹر کورٹ پر کوئی میچ نہیں ہارا تھا، لیکن الکاراز نے اپنا دوسرا گرینڈ سلم ٹائٹل جیت کر تاریخ کو پلٹ دیا۔

    20 سالہ ہسپانوی کھلاڑی نے ٹینس کی تاریخ کے سب سے زیادہ غالب دور کا خاتمہ کر دیا۔ الکاراز 2002 سے ومبلڈن مینز سنگلز ٹائٹل جیتنے والے جوکووچ، راجر فیڈرر، رافیل نڈال اور اینڈی مرے کے کھیل کے ’بگ فور‘ سے باہر کے پہلے کھلاڑی ہیں۔

    برطانوی شہزادی (پرنسز آف ویلز) سے ٹرافی وصول کرنے کے بعد جذباتی انداز میں الکاراز نے کہا ’’یہ میرے لیے ایسا ہے جیسے خواب سچا ہو جائے، اس خوب صورت ٹورنامنٹ میں تاریخ رقم کرنا، اپنے کھیل کے ایک لیجنڈ کے خلاف فائنل کھیلنا میرے لیے یہ ناقابل یقین ہے، میرے جیسے 20 سال کے لڑکے کے لیے اس قسم کی صورت حال تک پہنچنا حیرت انگیز ہے۔‘‘‘