Tag: نوٹس جاری

  • بھارت : جرمن کار ساز کمپنی کو کروڑوں روپے کا نوٹس کیوں جاری کیا گیا؟

    بھارت : جرمن کار ساز کمپنی کو کروڑوں روپے کا نوٹس کیوں جاری کیا گیا؟

    نئی دہلی : بھارتی حکومت نے جرمنی کی کارساز کمپنی ووکس ویگن کو ٹیکس چوری کے الزام میں نوٹس جاری کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ووکس ویگن انڈیا کو 1.4 بلین ڈالر ہرجانے کا نوٹس درآمدات پر ٹیکس کی کم ادائیگی کے الزامات پر دیا گیا ہے جس کی بھارتی کرنسی میں مالیت تقریباً پونے 12 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

    بھارتی حکومت کے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے "جان بوجھ کر” اپنی آڈی، ووکس ویگن اور اسکوڈا کاروں کے پرزہ جات پر کم درآمدی ڈیوٹی ادا کی۔

    یہ نوٹس بھارت کے کسٹمز کمشنر آفس مہاراشٹر کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں کمپنی پر "غلط بیانی” اور "غلط درجہ بندی” کے ذریعے درآمدات کو انفرادی پرزہ جات کے طور پر ظاہر کرکے کم ڈیوٹی ادا کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    نوٹس میں درج الزامات میں کہا گیا ہے کہ ووکس ویگن نے گاڑیاں تقریباً مکمل طور پر غیر اسمبل شدہ حالت میں درآمد کیں لیکن انہیں انفرادی پرزہ جات کے طور پر ظاہر کیا۔ مختلف کھیپوں کے ذریعے ان درآمدات کو تقسیم کیا گیا تاکہ حکام کی نظر سے بچایا جاسکے۔

    نوٹس میں کمپنی کے آپریشنل ڈھانچے کو "مصنوعی انتظام” قرار دیا گیا ہے جو مبینہ طور پر ٹیکس کی ادائیگی سے بچنے کے لیے بنایا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق اگر کمپنی پر عائد کیے گئے الزامات ثابت ہوئے تو کمپنی پر چوری شدہ رقم کے برابر اضافی جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے، جس سے مجموعی رقم $2.8 بلین تک پہنچ سکتی ہے، مذکورہ نوٹس کا جواب دینے کے لیے کمپنی کو 30 دن کی مہلت دی گئی ہے۔

    دوسری جانب ووکس ویگن کمپنی کے ترجمان کا مؤقف ہے کہ یہ ایک "ذمہ دار ادارہ” ہے، کمپنی تمام تر عالمی اور مقامی قوانین کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرتی ہے اور ہماری قانونی ٹیم بھارتی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے جاری کردہ نوٹس کا جائزہ لے رہی ہے۔

  • قتل کے مقدمے میں نامزد شکیب کو واپس بنگلادیش بلانے کا مطالبہ، نوٹس جاری

    قتل کے مقدمے میں نامزد شکیب کو واپس بنگلادیش بلانے کا مطالبہ، نوٹس جاری

    ڈھاکہ: بنگلادیشی کرکٹر شکیب الحسن کی مقدمے میں نامزدگی پر وکیل نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو لیگل نوٹس بھیجا ہے، جس میں شکیب الحسن کو ٹیم سے نکالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤندر شکیب الحسن جو ان دنوں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔ ان پر بنگلہ دیش میں گزشتہ ماہ ہونے والے فسادات کے دوران ایک فیکٹری ملازم کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    تاہم اب بنگلادیشی کرکٹر شکیب الحسن سے تحقیقات کیلئے وکیل نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو لیگل نوٹس بھیج دیا جس میں قتل کے مقدمے میں نامزد شکیب کو واپس بنگلادیش بلانے کا مطالبہ کیا گیا۔

    نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ شکیب الحسن کو فوری طور پر ٹیم سے نکال کر واپس بنگلا دیش بلایا جائے، آئی سی سی رول کے مطابق مقدمے میں نامزدگی کے بعد وہ قومی ٹیم میں کھیلنے کے اہل نہیں۔

    بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن کیخلاف قتل کا مقدمہ درج

    بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ فسادات میں ڈھاکا میں گارمنٹس فیکٹری کے ملازم کو قتل کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ روز مقتول کے والدنے اس کا الزام شکیب الحسن پر عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کرایا تھا۔

    مقتول کے والد رفیق الاسلام کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے روبیل کے قتل کے ذمے دار شکیب الحسن ہیں۔ اس مقدمے میں شکیب الحسن کے علاوہ سابق وزیراعظم اور عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ واجد اور اداکار فردوس احمد سمیت 154 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 5 اگست کو روبیل نے رنگ روڈ پر احتجاجی مارچ میں شرکت کی تھی، جس پر حکومت کے حکم پر سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کی تھی اور روبیل زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔

    واضح رہے کہ شکیب الحسن نے گزشتہ سال سابق وزیراعظم حسینہ واجد کی سیاسی جماعت عوامی لیگ کو جوائن کیا تھا اور رواں سال جنوری میں ہونے والے متنازع الیکشن میں وہ حکومتی جماعت کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

    حسینہ واجد حکومت کے خاتمے اور ملک سے فرار کے بعد بنگلہ دیشی صدر نے پارلیمنٹ کو بھی تحلیل کر دیا تھا جس کے بعد وہ رکن اسمبلی نہیں رہے جب کہ وہ اس وقت پنڈی کے میدان میں پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔

  • بچوں سے زیادتی کے واقعات: وفاقی و صوبائی حکومت کو عدالت کا نوٹس جاری

    بچوں سے زیادتی کے واقعات: وفاقی و صوبائی حکومت کو عدالت کا نوٹس جاری

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ نے کمسن بچوں سے زیادتی سے متعلق ایک کیس میں وفاقی و صوبائی حکومت اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں کمسن بچوں سے زیادتی کے واقعات کے لیے قانون سازی نہ ہونے سے متعلق سماعت ہوئی۔

    عدالت میں درخواست گزار نے کہا کہ کمسن بچوں سے زیادتی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، حکومتیں اور محکمے ملزمان کا ڈیٹا مرتب کرنے میں ناکام ہیں۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سنہ 2019 میں بچوں سے زیادتی کے 3 ہزار 872 واقعات ہوئے، اس وقت روزانہ 10 بچے زیادتی کا نشانہ بن رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نادرا واقعات کے ملزمان کا ڈیٹا تک مرتب نہیں کر سکی، ایسے واقعات کے ملزمان ضمانتوں کے بعد آزاد گھومتے ہیں، عدالت ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنانے کا حکم دے۔

    درخواست گزار نے مزید کہا کہ عدالت نادرا کو ایسے ملزمان کا ڈیٹا مرتب کرنے کا حکم دے۔

    لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی و صوبائی حکومت اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا، فریقین سے 2 ہفتے میں جواب طلب کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس جاری کی گئی وفاقی محتسب کی ایک رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشاف کیا گیا تھا کہ صوبہ پنجاب میں بچوں سے زیادتی کے واقعاتی میں ہولناک اضافہ ہوا ہے۔

    وفاقی محتسب کے مطابق عام طور پر بچوں سے زیادتی کے واقعات رپورٹ نہیں ہوتے، سنہ 2018 میں بچوں سے زیادتی کے 250 سے زائد کیس درج ہوئے جبکہ 2017 میں زیادتی کے 4 ہزار 139 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

  • لاہور ہائیکورٹ: پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والے اسٹورز بند کرنے کا حکم

    لاہور ہائیکورٹ: پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والے اسٹورز بند کرنے کا حکم

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہائیکورٹ نے پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والے اسٹورز کو سیل کرنے کا حکم دے دیا، پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی کی فروخت پر کمپنیوں کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ڈیپارٹمنٹل اسٹورز پر پلاسٹک بیگز کے استعمال کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے ابوذر سلمان خان نیازی کی درخواست پر سماعت کی۔

    سماعت میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حوالے سے پنجاب حکومت کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

    درخواست گزار نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز شاپنگ بیگز استعمال کر رہے ہیں، صارفین واویلا کرتے ہیں کہ شاپنگ بیگ کے بغیر چیزیں کیسے لے کر جائیں۔

    عدالت نے پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والے اسٹورز کو سیل کرنے کا حکم دے دیا، پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی کی فروخت پر کمپنیوں کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔

    عدالت نے مشہور بیکریوں اور اسٹورز کو بھی سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بیکری مالکان اگر پلاسٹک بیگز پر بیان حلفی دیں تو انہیں 7 روز کا وقت دیا جائے۔

    جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ ماحول کا خیال نہ رکھنے والوں کو کاروبار سے نکال دیا جائے، دنیا بھر میں پلاسٹک بوتل میں پانی بیچنا ترک کیا جا چکا ہے۔ پوری دنیا میں اب پانی شیشے کی بوتلوں میں بیچا جا رہا ہے، پلاسٹک بوتلوں میں پانی بیچنے والے یونٹس بڑے مجرم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ریسٹورنٹس اور بیکریوں کو بھی قانون کے دائر میں لایا جائے گا، عدالت نے ماحول دشمن اشیا کا خاتمہ کروانا ہے، جب تک ہم خود اپنا رویہ تبدیل نہیں کریں گے تب تک کچھ نہیں ہوگا۔

    عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 مارچ تک ملتوی کر دی۔

  • چیئرمین نیب سے بلیک میلنگ کرنے والے ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر، نوٹس جاری

    چیئرمین نیب سے بلیک میلنگ کرنے والے ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر، نوٹس جاری

    اسلام آباد : چیئرمین نیب کیخلاف آڈیو ویڈیو ریلیز کرنے والے ملزمان کیخلاف ریفرنس دائر کردیا گیا ہے، نیب عدالت نے دونوں ملزمان کو سترہ مئی کی پیشی کے لیے نوٹس جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے بلیک میلنگ کرنے والے فاروق نول اور طیبہ گل کے خلاف ریفرنس دائر کردیا گیا۔

    ایڈمن جج نے سترہ مئی کے لیے نوٹس جاری کیا۔ ملزمان اور تفتیشی افسر کو طلب کیا گیا ہے۔ اس موقع پر چھتیس گواہ نیب کو بیانات قلمبند کرائیں گے۔

    ملزمان طیبہ گل اور فاروق نول کے خلاف نیب کو چھ شکایتیں موصول ہوئیں۔ ملزمان نیب اور دیگر اداروں میں کام کرانے کے نام پر لوگوں کو لوٹتے تھے۔

    مزید پڑھیں: چیئرمین نیب کے خلاف چلنے والی خبر حقائق کے منافی ہے، ترجمان

    سادہ لوح شہریوں سے دو کروڑ چوالیس لاکھ روپے کا فراڈ کیا۔ چیئرمین نیب کے خلاف جھوٹی اور بےبنیاد خبرنشر کرنے پر پیمرا نے نیوز ون کو نوٹس بھیج دیا، سات دن میں وضا حت نہ دی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: چیئرمین نیب پرالزام لگانے والی خاتون ایک ڈرائیورکی بیٹی ہے، سردار اعظم رشید

    واضح رہے کہ لاہور کے سماجی رہنما سردار اعظم رشید نے پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین نیب کیخلاف آڈیو ویڈیو ریلیز کرنے والے گینگ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین نیب پرالزام لگانے والی خاتون ایک ڈرائیور کی بیٹی ہے اور اس گروہ کاپی ٹی ایم کے ساتھ بھی رابطہ ہے ۔

  • نااہلی کیس : پی ٹی آئی کی 3 ممبران قومی اسمبلی کو نوٹس جاری

    نااہلی کیس : پی ٹی آئی کی 3 ممبران قومی اسمبلی کو نوٹس جاری

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے نا اہلی کی درخواست پر پی ٹی آئی ارکان اسمبلی ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شوذب اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی ملائکہ بخاری ، تاشفین صفدر اور کنول شوذب کی نا اہلی کے لئے درخواست پر سماعت ہوئی ، جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔

    ملائکہ بخاری اور تاشفین صفدر نے تحریری جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔

    دوسری جانب رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز بخاری اور کنول شوزب کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے، وکیل شائستہ پرویز بخاری نے بتایا میڈیا کے ذریعے کیس کا معلوم ہوا، جس پر عدالت نے کہا آپ پھر ابھی نوٹس وصول کر لیں۔

    میاں عبدالروف ایڈووکیٹ نے کہا مخصوص سیٹ پر دونوں خواتین رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھیں، مخصوص سیٹ حاصل کرنے کے بعد دہری شہریت واپس کی گئی۔

    مزید پڑھیں : مریم نواز کی نا اہلی کی خواہشمند پی ٹی آئی خواتین ارکان اسمبلی کی اپنی اہلیت خطرے میں

    رکن قومی اسمبلی کنول شوزب کے وکیل نے نوٹس کورٹ روم میں وصول کر دیا، میاں عبدالروف ایڈووکیٹ کا کہنا تھا درخواست کے فیصلے تک اسمبلی رکنیت معطل کی جائے۔

    میاں عبدالروف ایڈووکیٹ نے کہا ملائکہ بخاری کو دوہری شہریت رکھنے، کنول شوزب کو الیکشن کمیشن کو غلط معلومات دینے پر نااہل کیا جائے، 62 ون ایف کے تحت دونوں ممبر اسمبلی کو نااہل کیا جائے۔

    جس کے بعد عدالت نے ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شوذب اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا اور دونوں کیسز کی سماعت دو ہفتوں تک کے لئے ملتوی کر دیا۔

    یاد رہے (ن )لیگ نے دو ممبران اسمبلی نے پی ٹی آئی خواتین ارکان اسمبلی کی اہلیت کو چیلنج کررکھا ہے، درخواست گزار کے مطابق دو کی دوہری شہریت ایک نے ہائی کورٹ میں غلط معلومات دیں تھیں۔

    درخواست گزار کے مطابق کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ تک ملائیکہ بخاری دوہری شہریت رکھتی تھیں۔

    درخواست گزار کے مطابق کنول شوزب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ووٹ تبدیلی پر غلط بیانی کی، استدعا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ممبران کو نااہل کیاجائے۔

  • دوران ڈرائیونگ اسلامی حجاب کی خلاف ورزی، سینکڑوں خواتین کو نوٹس جاری

    دوران ڈرائیونگ اسلامی حجاب کی خلاف ورزی، سینکڑوں خواتین کو نوٹس جاری

    تہران : ایران میں پولیس نے ڈرائیونگ کے دوران حجاب اتارنے اور اسلامی لباس کی خلاف ورزی کے الزام میں سیکڑوں خواتین کو جواب دہی کے لیے پولیس تھانوں میں پیش ہونے کے احکامات جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ ایام کے دوران سینکڑوں ایرانی خواتین کو موبائل فون پر پیغامات موصول ہوئے جن میں ان سے کہا گیا کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران اور پبلک مقامات پر حجاب اتارنے کے حوالے پولیس مراکز میں پہنچ کر جواب دہی کریں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بعض خواتین کو صرف انتباہی پیغامات موصول ہوئے جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ پولیس مراکز سے رجوع کریں۔ جب پولیس مراکز سے رجوع کیا گیا تو انہیں وہاں پر اسلامی لباس اور حجاب سے متعلق سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔

    پولیس حکام ان سے بار بار اسلامی لباس اور حجاب کے بارے میں سخت اور تلخ سوالات کرتے رہے، بہت سی خواتین سے تحریری معاہدہ کرایا گیا کہ وہ آئندہ حجاب کی خلاف ورزی نہیں کریں گی۔

    تہران کے پولیس چیف بریگیڈیئر حسین رحیمی کا کہنا تھا کہ حراستی مراکز میں طلب کی گئی خواتین میں سے بیشتر کو رہا کر دیا گیا ہے، ان سے عہد لیا گیا ہے کہ وہ آئندہ اسلامی طرز لباس کی خلاف ورزی نہیں کریں گی۔

    ایرانی پولیس کا بے حجاب خواتین کی گاڑیاں ضبط کرنے کا اعلان

    یاد رہے کہ اس سے قبل ایرانی پولیس کی جانب سے حجاب ٹھیک نہ ہونے یا اسلامی لباس کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی گاڑیاں ضبط کی گئ تھیں۔

    واضح رہے کہ ایران میں1979کے اسلامی انقلاب کے بعد خواتین کے لئے حجاب پہنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

    گزشتہ کچھ سالوں سے اس قانون پر پابندی میں نرمی برتی جانے لگی تھی اور کئی خواتین تہران کی سڑکوں پر بغیر مکمل اسلامی لباس کے نظر آنے لگیں تھیں۔

  • رمضان شوگر ملز ریفرنس ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 4 مارچ کے لئے نوٹس جاری

    رمضان شوگر ملز ریفرنس ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 4 مارچ کے لئے نوٹس جاری

    لاہور : احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 4 مارچ کے لئے نوٹس جاری کر دیئے، نیب نے گذشتہ روز رمضان شوگر ملز کا باضابطہ ریفرنس دائر کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کی، نیب کی جانب سے رمضان شوگر ملز کا باضابطہ ریفرنس گذشتہ روز عدالت میں دائر کیا گیا، ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ریفرنس میں کہا گیا کہ شہبازشریف نے اپنے خاندان کی مل کو فائدہ پہنچانے کے لئے عوامی مفاد کا نام لیا، شہباز شریف کے اس فیصلے سے سرکاری خزانے کو 213 ملین کا نقصان ہوا، سرکاری خزانے کا نقصان شہباز اور حمزہ شہباز کی ملی بھگت سے ہوا۔ اتنے شواہد موجود ہیں کہ ریفرنس دائر کیا تاکہ کیس چلایا جا سکے۔

    ریفرنس میں کہا گیا کہ حمزہ شہباز کے خلاف انکوائری جاری ہے، مکمل ہونے پر ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ٹرائل جلد مکمل کر کے قانون کے مطابق سزاء دی جائے۔

    مزید پڑھیں : شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگرملز ریفرنس دائر

    نیب ریفرنس میں مزید کہا گیا کہ رمضان شوگر ملز اس وقت کے وزیراعلی اور ان کے خاندان کی ملکیت ہے، رمضان شوگر ملز کے لیے 9 سے دس کلومیٹر طویل نالہ تعمیر کیا، حکام نے دھوکہ دہی سے اس نالے کی تعمیر کو مقامی آبادیوں کے لئے ضروری قرار دیا۔ تفتیش سے یہ بات ثابت ہوئی کہ نالے کی تعمیر رمضان شوگر ملز کی نکاسی آب کے لئے کی گئی۔

    نیب کے مطابق گذشتہ برس چار جولائی کو شہبازشریف اور رمضان شوگر ملز انتطامیہ کے خلاف انکوائری شروع کی گئی، تفتیش سے ثابت ہوا کہ شہباز شریف نے رمضان شوگر ملز کو فائدہ دینے کے لیے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔

    جس پر عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو چار مارچ کے لئے نوٹس جاری کر دیئے۔

    یاد رہے 2 فروری کو لاہور میں ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی زیرصدارت ریجنل بورڈ کے اجلاس میں رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس منظوری کیلئے نیب ہیڈ کوارٹر ارسال کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا، ریفرنس میں شہباز شریف اور ڈائریکٹر رمضان شوگر ملز حمزہ شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا تھا، ملزمان پر مبینہ طور پر21کروڑ روپے کی کرپشن کی تحقیقات جاری تھیں۔

    واضح رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دونوں بیٹوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال کا الزام ہے۔

    خیال رہے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر برا جمان شہباز شریف اس وقت مختلف کیسز کا سامنا ہے، لاہور ہائی کورٹ نے آشیانہ اوررمضان شوگرملزکیس میں شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظور کرکے 1 ،1 کروڑ روپے مچلکے جمع کرانے اور رہائی کا حکم دیا تھا جبکہ حمزہ شہباز بیٹی کی خراب طبیعت کے باعث لندن میں ہیں۔

  • پی آئی اے سے200گھوسٹ ملازمین کو فارغ کردیا گیا، دیگر کو نوٹس جاری

    پی آئی اے سے200گھوسٹ ملازمین کو فارغ کردیا گیا، دیگر کو نوٹس جاری

    کراچی : پی آئی اے سے200گھوسٹ ملازمین کو فارغ کردیا گیا، غیر حاضر ڈیلی ویجز ملازمین کو نوٹسز بھی جاری کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، اس سلسلے میں انتظامیہ نے سخت ایکشن لیتے ہوئےادارے سے200گھوسٹ ملازمین کو فارغ کردیا، ان میں سے زیادہ تر ملازمین ڈیلی ویجز پر تھے جو عرصہ دراز سے ڈیوٹیوں سے غیر حاضر تھے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر حاضر ڈیلی ویجز ملازمین کو نوٹسز بھی دیئے گئے اس کے باوجود بھی غیر حاضر رہے، تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ملازمین کو ادارے سے فارغ کیا گیا ہے، اس طرح سے پی آئی اے کو 30لاکھ روپے ماہانہ کی بچت ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق گھوسٹ ملازمین کی حاضریاں لگوانے اور ان کی تنخواہیں جاری کرنے والوں کے خلاف بھی تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں، اس بدعنوانی میں جو بھی افراد ملوث پائے گئے تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے کے بگڑے ملازمین کو سدھارنے کیلئے ایئرمارشل ارشد ملک کا اہم اقدام

    واضح رہے کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے کے بگڑے ملازمین کی عادتیں سدھارنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، پی آئی اے ملازمین کے لیے اب ڈیوٹی کیلئے وقت کی پابندی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

    پی آئی اے کے سربراہ ایئرمارشل ارشد ملک نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں جنرل ڈیوٹی کرنے والے ملازمین کی حاضری ٹی ایم ایس پر لگانے کا حکم دیا گیا ہے۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن، ذمہ دارکون؟ سپریم کورٹ میں‌آج سماعت ہوگی

    سانحہ ماڈل ٹاؤن، ذمہ دارکون؟ سپریم کورٹ میں‌آج سماعت ہوگی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان کا  پانچ رکنی لارجر  بینچ آج سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کرےگا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت آج بروز بدھ سپریم کورٹ میں ہوگی،  بینچ چیف جسٹس ثاقب نثار،  جسٹس آصف سعیدکھوسہ، جسٹس عظمت سعید، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل ہے۔ْ

     اس ضمن میں گذشتہ روز نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، رانا ثنا، چوہدری نثار اور خواجہ آصف سمیت 146 افراد کو نوٹس جاری کیے گئے۔

     اس کے علاوہ عابد شیرعلی اور  رانا ثناءاللہ، اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی سپریم کورٹ کی جانب سے نوٹس بھیجے گئے۔


    مزید پڑھیں: سانحہ ماڈل ٹاؤن میں چیف جسٹس کےفیصلے سے مطمئن ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری


    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ نومبر میں عوامی تحریک کی درخواست پر چیف جسٹس کی سربراہی میں لارجر بینک تشکیل دیا تھا۔ عدالت عظمیٰ کے انسانی حقوق سیل میں درخواست مقتول خاتون کی بیٹی بسمہ نے دائر کی تھی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے نئے جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم بنانے کی عوامی تحریک کی درخواست پر پنجاب حکومت پراسیکیوشن اور ملزمان کو نوٹس کر دئیے تھے۔