Tag: نوٹس

  • ایف بی آر کے نوٹس نے شہریوں کی نیندیں اڑا دیں

    ایف بی آر کے نوٹس نے شہریوں کی نیندیں اڑا دیں

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس گزاروں کو ریکارڈ جمع کروانے کے متضاد نوٹسز جاری کردیے، نوٹسز میں قانونی چارہ جوئی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے جس سے شہری پریشان ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس گزاروں کو ریکارڈ جمع کروانے کے متضاد نوٹسز جاری کردیے جس کے بعد ٹیکس گزار پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔

    ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو پہلے ٹیکس ریکارڈ جمع کروانے کی تاریخ کی توسیع کی تصدیق کی، چند روز بعد توسیع کے باوجود ریکارڈ جمع نہ کروانے پر کارروائی کا نوٹس بھیج دیا۔

    ایف بی آر نے تصدیق کی تھی کہ 13 جنوری تک ریکارڈ جمع کروایا جاسکتا ہے، ٹیکس گزاروں کو 13 دسمبر کو توسیع کی تصدیق کی ای میل بھی کی گئی۔

    اس کے بعد پہلے 21 دسمبر کو 13 جنوری کی ریمائنڈر کی ای میل بھیجی گئی، چند منٹ کے بعد ریکارڈ جمع نہ کروانے کا وضاحتی نوٹس بھیج دیا گیا۔

    ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو بھیجے گئے وضاحتی نوٹس میں قانونی چارہ جوئی کا عندیہ بھی دیا ہے، ایف بی آر کی اس غیر ذمہ داری کی وجہ سے شہری ایف بی آر کے دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔

  • وزیر اعظم کا معصوم بچی مروہ  اور خاتون سے زیادتی کے واقعات کا نوٹس ، رپورٹ طلب

    وزیر اعظم کا معصوم بچی مروہ اور خاتون سے زیادتی کے واقعات کا نوٹس ، رپورٹ طلب

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے معصوم بچی مروہ اور خاتون سے زیادتی کے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی اور ملوث افراد کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے اور قرار واقعی سزا دلوانے کا حکم جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے معصوم بچی مروہ اور خاتون سے زیادتی کے مختلف واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ آئی جیز سے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، کسی مہذب معاشرے میں ایسی درندگی اور حیوانیت کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایسے واقعات ہماری سماجی اقدار کے منافی اور سوسائٹی پر بدنما داغ ہیں۔

    وزیراعظم نے واقعے میں ملوث افراد کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے اور قرار واقعی سزا دلوانے کا حکم جاری کردیا۔

    عمران خان نے معصوم بچوں اور خواتین سے زیادتی کے واقعات کے تدارک کے حوالے سے قوانین کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

    یاد رہے اس سے قبل وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ننھی مروا اور گزشتہ رات خاتون کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ اٹھایا، جس پر وزیراعظم نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہذب معاشروں میں ایسے واقعات شرمناک ہیں، انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

  • لاہور ہائی کورٹ کا نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو نوٹس جاری

    لاہور ہائی کورٹ کا نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو نوٹس جاری

    لاہور: نارووال شکرگڑھ روڈ تعمیر نہ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران لاہور ہائی کورٹ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نارووال شکرگڑھ روڈ تعمیر نہ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ڈی جی نیب سے اسفسار کیا کہ ماتحت شعبے میں ڈیزائنگ کا شعبہ ہے جو ایسے معاملہ چیک کرسکے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم ایسے معاملات میں یو ای ٹی سے مشاورت کرتے ہیں۔

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ سڑک کی تعمیر کے وقت مناسب ڈیزائن نہیں بنایا گیا،جن لوگوں نے دانستہ ایسا کیا کیا ان پر دباؤ تھا؟کیا اس طرح سڑک کی تعمیر مناسب تھی۔

    ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت میں سماعت کے دوران بتایا کہ روڈ تعمیر کرنا نیشنل ہائی وے کا کام ہے۔عدالت نے ڈی جی نیب کو جامع رپورٹ دینے کے لیے 4 ہفتےکی مہلت دے دی۔

    بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

  • کراچی: کرنٹ لگنے سے اموات، نیپرا کا نوٹس

    کراچی: کرنٹ لگنے سے اموات، نیپرا کا نوٹس

    اسلام آباد: نیپرا نے کراچی میں حالیہ بارشوں میں کرنٹ لگنے کے باعث اموات کا سخت نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے اموات کا نوٹس لے لیا۔نیپرا نے اپیل کی ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین رابطہ کر کے ثبوت جمع کروائیں۔

    کراچی میں مون سون کی حالیہ بارشوں کے دوران کم از کم 12 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان نے نیپرا کے نوٹس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیپرا ایوریج بلنگ،اووربلنگ اور لوڈشیڈنگ پر بھی ایکشن لے۔نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ کےالیکٹرک ایک ناکام ادارہ ثابت ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کے سربراہ سردار سرفراز نے 23 جولائی کو کہا تھا کہ مون سون سیزن کے تیسرے سلسلے میں‌ 26 اور 27 جولائی کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

    سردار سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بارش کا اثر سمندر کی جنوب مغربی ہوا پر بھی پڑ سکتا ہے۔

  • کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کا نوٹس

    کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کا نوٹس

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ منیجرز کو کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی ایئر لائنز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس لیتے ہوئے ایئر لائنز کو وارننگ جاری کر دی۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹ سروسز نے تمام ایئرپورٹ کے منیجرز کو مراسلہ لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بعض ایئر لائنز دوران پرواز احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کر رہیں۔

    مراسلے میں ایئرپورٹ منیجرز کو کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی ایئر لائنز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔

    کراچی میں طوفان اور بارش کا خطرہ، ایئرپورٹ پر حفاظتی انتظامات مکمل

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سول ایوی ایویشن نے تیزبارشوں کے پیش نظر اور مٹی کے طوفان سے طیاروں و مسافروں کو بچانے کے لیے ایئرپورٹ پر حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے تھے۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ بارشوں کے دوران فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے جبکہ چھوٹے طیاروں اور ہیلی کاپٹر کے ساتھ اضافی وزن بھی لگا دیے گئے۔

  • وزیراعظم کا کرونا مریضوں کی ادویات،انجکشنز کی دستیابی میں مشکلات کا نوٹس

    وزیراعظم کا کرونا مریضوں کی ادویات،انجکشنز کی دستیابی میں مشکلات کا نوٹس

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کرونا مریضوں کی ادویات،انجکشنز کی دستیابی میں مشکلات کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا کی صورت حال کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں شبلی فراز، اسد عمر، اعجاز شاہ، حماد اظہر، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر فیصل سلطان اور چئیرمین این ڈی ایم اے سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال، آئندہ چند دنوں کے تخمینوں اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سمیت ملک کے مختلف صوبوں میں کرونا مریضوں کے لیے موجود بیڈز، آکسیجن، وینٹی لیٹرز اور سہولیات کی موجودہ صورتحال اور اس میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں کرونا ٹیسٹ کرنے والی 107 لیبارٹریز کام کر رہی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر 25 ہزار ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

    اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں چار ہزار آٹھ سو وینٹی لیٹرز موجود ہیں، شروع میں ان کی کل تعداد سات سو تھی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت موجود چار ہزار آٹھ سو وینٹی لیٹرز میں مزید 1600 کا اضافہ بہت جلد ہو جائے گا۔اس کے علاوہ ملک میں این -95 ماسک اور وینٹی لیٹرز مقامی طور پر تیار کیے جا رہے ہیں۔

    بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کرونا سے متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے ملک کے بیس بڑے شہروں میں ان مقامات کی نشاندہی کردی گئی ہے جہاں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد زیادہ ہے اور جہاں صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انتظامی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیرِ اعظم نے ملک بھر میں کرونا سے متعلق حفاظتی لباس اور پرسنل پروٹیکٹیو کٹس کی تمام ضروریات با احسن طریقے سے پوری کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی اقدامات کی بدولت کرونا کے پھیلاؤ کو موثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے، اس ضمن میں عوام کا کلیدی کردار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اب تک سامنے آنے والے تخمینوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاہم اس حوالے سے عوام کا تعاون حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں اہم کردار کا حامل ہے۔

    عمران خان نے ہدایت کی کہ تمام مقامی قیادت اور لیڈرشپ اپنے اپنے علاقوں میں انتظامیہ کی مدد سے نہ صرف اسپتالوں میں کووڈ سہولیات کا جائزہ لیں بلکہ اپنے اپنے حلقوں کی عوام کا حفاظتی اقدامات کے حوالے سے تعاون یقینی بنانے میں بھی متحرک کردار ادا کریں۔

    انہوں نے کہا کہ صوبوں کو متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اس حوالے سے زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر ایسے اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ آنے والے چند مشکل ہفتوں کے دوران حفاظتی اقدامات اور معاشی سرگرمیوں میں توازن رکھا جا سکے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کووڈ مریضوں کے استعمال میں آنے والی چند ادویات اور انجیکشنز کی دستیابی میں مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ مطلوبہ ادویات اور انجیکشن باآسانی میسر ہوں۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کا ہوٹلوں میں مقیم قرنطینہ مسافروں کو غیر معیاری کھانوں کا نوٹس

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا ہوٹلوں میں مقیم قرنطینہ مسافروں کو غیر معیاری کھانوں کا نوٹس

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے ہوٹلوں میں مقیم قرنطینہ مسافروں کو غیر معیاری کھانوں کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہوٹلوں میں مقیم قرنطینہ مسافروں کو غیر معیاری کھانوں کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سے رپورٹ طلب کر لی۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ غیر معیاری اور مہنگے کھانے کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے،ذمےداروں کا تعین کر کے قانو ن کے مطابق کارروائی کی جائے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معیاری اور مناسب نرخ پر کھانے کی فراہمی یقینی بنائی جائے،قرنطینہ مسافروں کو غیر معیاری کھانا فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قرنطینہ مسافروں کے مسائل حل کرنا میری ذمے داری ہے،غیر معیاری کھانے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

    خیال رہے کہ بیرون ملک سے ہوٹلوں میں قرنطینہ مسافروں نے شکایات کی تھیں کہ انہیں غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانا دیا جا رہا ہے۔

    پاکستان میں کرونا وبا سے مزید 22 اموات، تعداد 462 ہو گئی

    واضح رہے کہ نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں اموات کی تعداد 462 ہو گئی ہے، ملک کے مختلف حصوں میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 20,186 ہو گئی۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز تیز رفتاری کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔

  • بھارتی اینکر ارنب گوسوامی کو نوٹس، پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم

    بھارتی اینکر ارنب گوسوامی کو نوٹس، پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم

    نئی دہلی: بھارت کے متنازعہ اینکر ارنب گوسوامی کے خلاف سو سے زائد ایف آئی آرز درج ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے انہیں نوٹس جاری کردیا، ارنب کو پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے ارنب گوسوامی کو تعزیرات ہند کی دفعہ 41 اے کے تحت نوٹس جاری کیا ہے۔

    ارنب گوسوامی کے خلاف ایف آئی آر ناگپور میں دائر کی گئی تھی لیکن سپریم کورٹ نے اس معاملے کو ممبئی منتقل کرنے کا حکم دیا، کل صبح 9 بجے ارنب کو ممبئی میں پولیس کے سامنے حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ارنب نے چند روز قبل کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے خلاف قابل اعتراض تبصرے کیے تھے۔ ارنب کے ان تبصروں کے بعد ان کے خلاف مختلف شہروں میں سو سے زائد ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہیں۔

    کانگریس رہنماؤں نے ری پبلک ٹی وی انتظامیہ اور اس کے مدیر ارنب گوسوامی کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ کا رخ کیا تو دوسری جانب بنگلور کے ایک آر ٹی آئی کارکن نے کرناٹک ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    درخواست میں ری پبلک ٹی وی کے براڈ کاسٹ اور ارنب گوسوامی کے ذریعے کچھ بھی براڈ کاسٹ کرنے پر پابندی لگانے کی استدعا کی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ میں مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے ممبر بھائی جگتاپ اور مہاراشٹر یوتھ کانگریس کے نائب صدر سورج ٹھاکر نے بھی درخواستیں دائر کی ہیں۔

  • بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے افسران کے لیے بری خبر

    بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے افسران کے لیے بری خبر

    کراچی: بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے افسران کو ایف آئی اے نے نوٹس جاری کرنا شروع کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے تمام افسران کو ایف آئی اے نے طلبی کے نوٹس جاری کر دیے۔ افسران کو ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل طلب کیا جا رہا ہے۔

    افسران کو ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل طلب کیا جا رہا ہے۔ تمام افسران کوبی آئی ایس پی کی سلپ،دیگر دستاویز لانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں میں اعلیٰ سرکاری افسران کے شامل ہونے کا انکشاف ہوا تھا، رپورٹ کے مطابق گریڈ 17 سے 21 کے 2 ہزار 543 سرکاری افسران میں سے متعدد نے بیویوں کے نام پر پیسے وصول کیے، بلوچستان میں سب سے زیادہ سرکاری افسران پروگرام سے مستفید ہوئے۔

    سندھ میں گریڈ 18 کے 342 افسران نے پروگرام سے فائدہ اٹھایا جبکہ سندھ سے گریڈ 21 کے 3 افسران بھی شامل تھے۔

    ینظیرانکم سپورٹ پروگرام سے رقم بٹورنے والے چار افسران برطرف

    بعدازاں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے رقم بٹورنے والے چارافسران کو برطرف کر کے افسران سے 4 لاکھ 40 ہزار روپے بھی وصول کر لیے گئے ہیں۔

  • کینجھر جھیل میں فضلے کی آمیزش اور کراچی کو زہریلے پانی کی فراہمی، سندھ حکومت کو ہوش آگیا

    کینجھر جھیل میں فضلے کی آمیزش اور کراچی کو زہریلے پانی کی فراہمی، سندھ حکومت کو ہوش آگیا

    کراچی: صوبہ سندھ کی جھیل کینجھر میں فیکٹریوں کے فضلے کی آمیزش اور زہریلا پانی کراچی کو سپلائی کیے جانے کی خبروں پر صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کینجھر جھیل میں فیکٹریوں کا زہریلا پانی پھینکے جانے کا نوٹس لے لیا۔ صوبائی وزیر نے سیکریٹری انڈسٹریز سندھ سمیت متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کی ہے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ سیکریٹری صنعت سندھ اور متعلقہ افسران کل جگہ کا دورہ کر کے رپورٹ ارسال کریں گے، اگر فیکٹریز ٹریٹمنٹ پلانٹ استعمال کیے بغیرزہریلا پانی کینجھر میں چھوڑ رہی ہیں تو فیکٹری مالکان کے خلاف قانون کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ نوری آباد اور کے بی فیڈر کوٹری میں ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب ہیں، ٹریٹمنٹ پلانٹ سے فیکٹریوں کا پانی گزر کر صاف ہو جاتا ہےجس سے خطرہ نہیں ہوتا۔

    صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کینجھر جھیل نوری آباد سے 35 کلو میٹر کے مفاصلہ پر ہے، جھیل کی حفاظت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سندھ حکومتکینجھر جھیل کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کینجھر جھیل میں فیکٹریوں کا زہریلا فضلہ پھینکے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں اور جھیل کا پانی کراچی میں فراہم کیے جانے کی وجہسے شہریوں کی صحت کے حوالے سے سنگین خطرات کا خدشہ لاحق ہوگیا تھا۔

    اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کوٹری انڈسٹریل ایریا میں 116 فیکٹریز ہیں ان تمام فیکٹریز کا فضلہ اور مقامی آبادی کا فضلہ کلری بگار فیڈر میں براہ راست ڈالا جارہا ہے، یہ وہ نہر ہے جو دریائے سندھ سے کینجھر جھیل کو آتی ہے۔

    ان کے مطابق یہاں پر 95 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا گیا تھا جو ناکارہ ہوچکا ہے۔ اس زہریلے پانی میں مرکری سمیت بے شمار زہریلے اجزا موجود ہیں جس کی وجہ سے کراچی شہر میں جگر کی خرابی، آنکھوں کی بیماریاں، ہیپاٹائٹس حتیٰ کہ کینسر جیسی بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سو رہی ہے اور کینجھر کی آلودگی سمیت کسی مسئلے کی طرف توجہ نہیں دے رہی۔