Tag: نوٹس

  • وزیراعظم کا لاہور میں پی آئی سی واقعے کا نوٹس

    وزیراعظم کا لاہور میں پی آئی سی واقعے کا نوٹس

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں پی آئی سی واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اورآئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں گھس کر توڑ پھوڑ اور ڈاکٹروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اورآئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو اجلاس کے دوران واقعے سے متعلق آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے رابطہ کرکے 48 گھنٹوں میں واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    وکلا نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر دھاوا بول دیا

    واضح رہے کہ وکلاء کی جانب سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے اندر گھس کر توڑ پھوڑ کی گئی اور ڈاکٹروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان رپورٹ لینے کے لیے موقع پر پہنچے تو مشتعل وکلاء نے انہیں تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی، آج انصاف پسند وکلاء بہت رنجیدہ اور دکھی ہوں گے۔

    وکلاء کا فیاض الحسن چوہان پر شدید تشدد

    وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ بیچ بچاؤ کرنے آیا تھا لیکن وکلاء کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا کتے کے کاٹنے سے بچے کے جاں بحق ہونے کا نوٹس

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کتے کے کاٹنے سے بچے کے جاں بحق ہونے کا نوٹس

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کتے کے کاٹنے سے بچے کے فیروز والا میں جاں بحق ہونے کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیروز والا میں کتے کے کاٹنے سے بچے کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی۔

    سردار عثمان بزدار نے شاہدرہ، میو اسپتال میں لڑکے کو بروقت ویکسین نہ لگانے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کی عدم موجودگی متعلقہ حکام کی غیر ذمہ داری کا ثبوت ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے اسپتالوں، وبنیادی مراکزصحت میں ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آوارہ کتوں سے شہریوں کو بچانے کے لیے مؤثر مہم چلائی جائے، انتظامیہ اس ضمن میں ہر ممکنہ اقدام کرے۔

    سندھ حکومت کا کتوں کو اینٹی ریبیز انجکشن لگانے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت سندھ نے ریبیز سے ہونے والی اموات کے پیش نظر آوارہ کتوں کو اینٹی ریبیز کے انجکشن لگانے کی منصوبہ بندی کی، سندھ حکومت آوارہ کتوں کے مجوزہ منصوبے پر 30 کروڑ روپے خرچ کرے گی۔

    آوارہ کتوں کو پکڑنے اور انہیں انجکشن لگانے کے لیے افریقی تربیت یافتہ ماسٹر ٹرینرز سندھ کی بلدیاتی کونسلز میں عملے کو ٹریننگ دیں گے، آوارہ کتوں کے لیے ہر ضلع میں 2 سے 3 سینٹرز بنائے جائیں گے۔

  • الیکشن کمیشن نے نااہلی کی درخواست پر فریال تالپور کو نوٹس جاری کر دیا

    الیکشن کمیشن نے نااہلی کی درخواست پر فریال تالپور کو نوٹس جاری کر دیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نا اہلی کی درخواست پر فریال تالپور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 دسمبرتک جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں فریال تالپور کی نااہلی کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کے دوران ممبر کے پی ارشاد قیصر نے کہا کہ ایسی ہی ایک درخواست ہائی کورٹ میں بھی دائر ہے۔

    وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ ہائی کورٹ میں درخواست معظم عباسی کی ہے، سندھ ہائی کورٹ میں درخواست اقامہ ظاہر نہ کرنے سے متعلق ہے، ہماری درخواست کاغذات نامزدگی میں اثاثے ظاہر نہ کرنے کی ہے۔

    ارشاد قیصر نے کہا کہ سیکرٹری سندھ اسمبلی نے خط لکھا فریال تالپورکی نااہلی کا کیس نہیں بنتا، وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ سیکرٹری سندھ اسمبلی کے خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

    ممبر کے پی ارشاد قیصر نے سوال کیا کہ کیا فریال تالپور اقامہ ہولڈر ہیں؟ جس پر وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ درخواست گزار کے مطابق فریال تالپور نے اقامہ ظاہر نہیں کیا، ہماری درخواست جائیدادیں ظاہر نہ کرنے سے متعلق ہے۔

    وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ جون 2019 میں اسپیکر سندھ اسمبلی کو نااہلی کی درخواست دی تھی، قانونی طور پر اسپیکر نے ایک ماہ میں فیصلہ دینا تھا جو نہیں دیا، اسپیکر ایک ماہ میں فیصلہ نہ کرے تو کیس ازخود الیکشن کمیشن کو منتقل ہوجاتا ہے۔

    بعدازاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نا اہلی کی درخواست پر فریال تالپور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 دسمبرتک جواب طلب کرلیا۔

  • سیکرٹری داخلہ پارلیمان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے، چیئرمین سینیٹ

    سیکرٹری داخلہ پارلیمان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے، چیئرمین سینیٹ

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ سیکرٹری داخلہ پارلیمان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے، ایک سرکاری ملازم کی وجہ سے بداعتمادی پیدا ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ کی غیرحاضری کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کی غیرحاضری ایوان کی بےتوقیری کے مترادف ہے۔

    صادق سنجرانی نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ ایوان میں آتے ہیں نہ ہی کمیٹیوں کے اجلاس میں، سیکرٹری داخلہ پارلیمان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے، ایک سرکاری ملازم کی وجہ سے بداعتمادی پیدا ہو رہی ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزیر پارلیمانی امور وزیراعظم کو خط لکھ کر آگاہ کریں، وزیراعظم تک پیغام پہنچائیں سیکرٹری داخلہ کے خلاف ایکشن لیں۔ انہوں نے حکومت سے سیکرٹری داخلہ کے خلاف کارروائی پر رپورٹ طلب کرلی۔

    یاد رہے کہ 4 روز قبل چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا کے اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک پر بحث کے دوران وزارت داخلہ کے افسران کی عدم موجودگی پر سیکرٹری داخلہ سے تین روز میں وضاحت طلب کی تھی۔

    سیکرٹری سینیٹ محمد انور نے سیکرٹری داخلہ کو چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ قواعد کے مطابق تحریک التوا پر بحث کے دوران سیکرٹری داخلہ کا موجود ہونا ضروری تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ ارکان نے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ کی عدم موجودگی کی نشاندہی کی تھی۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا شیخوپورہ میں بچوں پرتشدد کے واقعے کا نوٹس

    وزیراعلیٰ پنجاب کا شیخوپورہ میں بچوں پرتشدد کے واقعے کا نوٹس

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شیخوپورہ میں بچوں پر تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے شیخوپورہ کے علاقے نارنگ منڈی میں بچوں پر تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او کو انکوائری کا حکم دے دیا۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بچوں پر تشدد کے ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تشدد کا نشانہ بننے والے بچوں کو ہرصورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شیخوپورہ کے علاقے نارنگ منڈی میں ریل بازار کے بااثر دکانداروں نے 4 معصوم بچوں کو دکان سے ٹافیاں اور پیسے چوری کرنے کے شبہ میں پکڑا اور ہاتھ باندھ کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

    دکانداروں نے بچوں کے سر مونڈ ڈالے اور منہ کالے کرکے بازار کا چکر لگوایا، بچوں کی حالت غیر ہونے پر بھرے بازار میں انہیں پھینک دیا۔

    راہگیروں نے بچوں کو نجی اسپتال پہنچایا جہاں طبی امداد دینے کے بعد بچوں کو والدین کے حوالے کردیا گیا۔

  • اربوں کے فنڈز کے باوجود لاڑکانہ میں مسائل کا انبار، بلاول نے نوٹس لے لیا

    اربوں کے فنڈز کے باوجود لاڑکانہ میں مسائل کا انبار، بلاول نے نوٹس لے لیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں جگہ جگہ مسائل کے انبار کے باعث پیپلز پارٹی کے امیدوار کو جگہ جگہ کارکنان کے رد عمل کا سامنا کرنا پڑگیا، بلاول بھٹو نے لاڑکانہ کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے آبائی حلقے لاڑکانہ کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے لیا۔ لاڑکانہ میں اربوں کے ترقیاتی فنڈز اور پیپلز پارٹی کے 11 سالہ اقتدار کے بعد مسائل کے انبار دکھائی دے رہے ہیں۔

    لاڑکانہ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی امیدوار کو جگہ جگہ کارکنان کے رد عمل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ لاڑکانہ کے عمائدین اور سینئر کارکنان نے پارٹی رہنماؤں کی شکایات کیں تھیں جس کے بعد بلاول بھٹو نے 11 سال میں لاڑکانہ کے لیے جاری فنڈز کی تحقیقات کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے لاڑکانہ کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ خرد برد پر بھی شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اینٹی کرپشن سہیل سیال کو بے ضابطگیوں کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔

    بالول بھٹو کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ کو مسائل کا شکار کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا، لاڑکانہ کے مسائل کے حل کی براہ راست نگرانی کروں گا۔

    پارٹی چیئرمین پی ایس 11 ضمنی الیکشن کے لیے بذات خود 12 اکتوبر کو لاڑکانہ پہنچیں گے اور عمائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔

  • عوام پر واضح کیا جائے کہ 208 ارب کا ٹیکس کیوں معاف کیا گیا: وزیر اعظم

    عوام پر واضح کیا جائے کہ 208 ارب کا ٹیکس کیوں معاف کیا گیا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بڑے صنعت کاروں کو ٹیکس معاف کرنے کا نوٹس لے لیا.

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں بڑے صنعت کاروں کو ٹیکس معاف کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا.

    وزیراعظم نے جی آئی ڈی سی کی مد میں ٹیکس معاف کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے عمرایوب اور ندیم بابرسے تفصیلات طلب کیں.

    وزیراعظم نے اس ضمن میں میڈیا پر چلنے والی خبروں پر وضاحت مانگ لی اور کہا کہ ٹیکس معافی سےمتعلق ابہام کودورکیا جائے، عوام کو واضح اندازمیں بتایا جائے کہ ٹیکس کیوں معاف کیا گیا.

    کابینہ کے اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، بھارت کے لئے فضائی حدود کے استعمال کا معاملہ زیر بحث آیا. ارکان نے کمپنیز کو 208 ارب روپے معاف کرنے پرسوالات اٹھائے، گیس انفراسٹرکچر سرچارج کی مد میں 208 ارب روپے معاف کرنے پربحث ہوئی، حکومتی معاشی ٹیم نے کابینہ ارکان کو معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے رابطہ ، کشمیرکی تازہ صورتحال سے آگاہ کردیا

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گیس انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سرچارج کے حقائق بتانا ضروری ہیں، قومی خزانے کی حفاظت کی ذمہ داری ہے، کسی کو نوازا نہیں جائے گا.

    وفاقی کابینہ نے اسلامی کیلنڈر کا معاملہ وزارت مذہبی امور کو بھجوا دیا، وزارت مذہبی اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد رپورٹ پیش کرے گی، کابینہ نے تعلیمی اداروں کے ملازمین کی مستقلی پر کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے.

    کمیٹی دیگر اداروں میں ڈیلی ویجز ملازمین سے متعلق بھی فیصلہ کرے گی، کابینہ نے کمیٹی برائے سی پیک کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی.

  • کشمیریوں کی آواز بننے پر اے آر وائی نیوز آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو نوٹس موصول

    کشمیریوں کی آواز بننے پر اے آر وائی نیوز آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو نوٹس موصول

    اسلام آباد: مظلوم کشمیریوں کی آواز بننے پر اے آر وائی نیوز آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو نوٹس ارسال کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر انتظامیہ مودی کی آلہ کاربن گئی، آر وائی نیوز آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو نوٹس موصول ہوا ہے۔

    ٹوئٹر نے بھارت کی درخواست پر  اے آر  وائی نیوز آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو نوٹس بھیجا ہے، اے  آر  وائی نیو ز ٹوئٹر اکاؤنٹ کو  کشمیریوں کے لئے  15 اگست کے ٹوئٹ پرنوٹس بھیجا گیا.

    خیال رہے کہ پاکستان نے 15 اگست کو  مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور  اظہار یک جہتی کیا تھا. اس پلیٹ فورم سے آرٹیکل 370 کے خاتمہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عوام تک پہنچایا گیا۔

    یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز مظلوم کشمیروں کی آواز بنا ہوا ہے، 5 اگست سے بھارت کے مظالم اور زیادتی کی خبریں دنیا تک پہنچا رہا ہے.

    اے آر وائی نیوز نے ہندوستانی مظالم کو بے نقاب کیا اور  ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بنا، قبل ازیں اے آر وائی نیوز کے سینئر اینکر ارشد شریف کو اس ضمن میں نوٹس موصول ہوا تھا۔

  • کشمیریوں کے  حق میں  آواز،  ٹوئٹر انتظامیہ کا صدر پاکستان کو بھی نوٹس

    کشمیریوں کے حق میں آواز، ٹوئٹر انتظامیہ کا صدر پاکستان کو بھی نوٹس

    اسلام آباد : مسئلہ کشمیر اور بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم کیخلاف آواز اٹھانے پر ٹوئٹرانتظامیہ نے صدر پاکستان عارف کوبھی نوٹس بھیج دیا ، شیریں مزاری کا کہنا ہے ٹوئٹر بدمعاش مودی کا ترجمان بننے کے چکر میں حدیں عبورکرگیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے سماجی رابطے کی وہب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ٹوئٹربدمعاش مودی کاترجمان بننےکےچکرمیں حدیں عبورکرگیا، ٹوئٹرانتظامیہ کا صدرپاکستان عارف علوی کو نوٹس بھیجناعجیب مذاق ہے۔

    صدرپاکستان مسئلہ کشمیر اور بھارتی مظالم پر ٹوئٹر پر مسلسل آواز اٹھا رہے تھے۔

    اس سے قبل بھارتی حکومت نے ٹوئٹر انتظامیہ سے وفاقی وزیر مرادسعید کا اکاونٹ بند کرنےکی درخواست کی تھی ، بھارتی وزارت داخلہ سے شکایت ملنے پر ٹوئٹر انتظامیہ نے مراد سعید سے رابطہ کیا اور شکایت سے باقاعدہ آگاہ کیا۔

    مزید پڑھیں : بھارتی حکومت کی ٹوئٹر انتظامیہ سے مرادسعید کا اکاونٹ بند کرنےکی درخواست

    بعد ازاں انتظامیہ نے بھارت کی جانب سے مراد سعید کا ٹوئٹراکاؤنٹ بندکرنےکی درخواست مسترد کردی تھی۔

    یاد رہے بھارتی وزارتِ داخلہ کی جانب سے ٹویٹر انتظامیہ سے درخواست کی گئی تھی کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے آٹھ ٹویٹر اکاؤنٹ بند کردیے جائیں۔ یاد رہے کہ سینئر اینکر پرسن ارشد شریف سمیت یہ آٹھ افراد مسلسل بھارتی مظالم کو آشکار کررہے تھے۔

    جس کے بعد سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیریوں کےلیےآواز اٹھانے والےایک سواٹھہتر پاکستانیوں کے اکاؤنٹس معطل کر دیے تھے جبکہ اے آروائی نیوزکے سینئیر اینکر ارشد شریف کو بھی ٹوئٹس ڈیلیٹ کرنے کا نوٹس بھیج دیاتھا ۔

  • وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی صورت حال کا نوٹس لے لیا

    وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی صورت حال کا نوٹس لے لیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی سے منتخب تمام ارکان اسمبلی کو عید پر اپنے حلقوں میں رہنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کراچی کی صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کراچی سے منتخب ارکان اسمبلی عوام کو ہرممکن مدد فراہم کریں۔

    وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے لیے خصوصی پیکج جلد لانے کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ شہرقائد میں سہولتوں کی فراہمی پر جامع پیکج کا ڈرافٹ تیار کر رہے ہیں۔

    انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کو عید پر اپنے حلقوں میں رہنے کی ہدایت کی۔

    عمران خان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ دہائیوں سے نظرانداز کراچی میں عوام کو درپیش مسائل کا حل نکالا جائے گا۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں ہلکی بارش اور بونداباندی کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں سب سے زیادہ 192 ملی میٹر بارش فیصل بیس پر ریکارڈ کی گئی اور سرجانی ٹاؤن میں 187ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ دو روز کے دوران شدید بارش کے باعث اکثر علاقوں کی سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں جبکہ شہر میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 14 افراد جاں بحق ہوئے۔